Tag: London

  • لندن منی لانڈرنگ کا گڑھ بن گیا، میئر لندن اور اپوزیشن لیڈر کا اظہار تشویش

    لندن منی لانڈرنگ کا گڑھ بن گیا، میئر لندن اور اپوزیشن لیڈر کا اظہار تشویش

    لندن: برطانوی دارالحکومت منی لانڈرنگ کا گڑھ بن گیا ہے، جس پر میئر لندن اور اپوزیشن لیڈر نے اظہار تشویش کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانوی اپوزیشن لیڈر کیئر اسٹارمر اور میئر آف لندن صادق خان نے ترقی پذیر ممالک سے کرپشن کا پیسہ برطانیہ منتقل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے غیر قانونی پیسوں سے لندن میں جائیدادیں خریدی جاتی ہیں اور دنیا بھر سے کالا دھن لندن لا کر سفید کیا جاتا ہے، کافی سالوں سے لندن منی لانڈرنگ کا کیپٹل بنا ہوا ہے۔

    میئر لندن صادق خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں فکر ہے کہ کافی سالوں سے لندن منی لانڈرنگ کا کیپٹل ہے، غیر قانونی طریقے سے کمائے پیسے لندن منتقل کیے جاتے ہیں، میں لابنگ کر رہا ہوں کہ حکومت لندن کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

    میئر لندن صادق خان اور اپویشن لیڈر کیئر روڈنی اسٹارمر

    میئر کا کہنا تھا دنیا بھر سے کالا دھن لندن لا کر سفید کیا جا رہا ہے، لندن کے بینک، کاروبار، پراپرٹیز میں غیر قانونی پیسہ لگایا جاتا ہے، پولیس محنتی ہے مگر قانون میں بہت سارے سقم ہیں، حکومت پر زور دوں گا کہ قانون میں موجود سقم دور کریں۔

    صادق خان نے کہا کئی ملٹی ملینرز غیر قانونی پیسہ لندن میں انویسٹ کر رہے ہیں، میں نہیں چاہتا کہ لندن غیر قانونی کاموں کے لیے استعمال ہوتا رہے، اگر آپ نے جائز طریقے سے پیسہ کمایا ہے تو ضرور لندن میں لگائیں۔

    برطانوی اپوزیشن لیڈر کیئر روڈنی اسٹارمر نے کہا کہ منی لانڈرنگ روکنے کی لیے پولیسنگ میں بہتری ضروری ہے، کرپشن کو روکنا انتہائی ضروری ہے، ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ روکنے میں کردار ادا کریں گے۔

  • دنیا کا سب سے بڑا خرگوش چوری، ویڈیو وائرل

    دنیا کا سب سے بڑا خرگوش چوری، ویڈیو وائرل

    لندن : گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے والا دنیا کا سب سے بڑ اخرگوش مالکن کے گھر سے چوری ہوگیا۔ چار فٹ لمبا خرگوش ہفتہ کی رات سے لاپتہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایوارڈ یافتہ (ڈیریئس ) خرگوش اپنی مالکن کے گھر سے دو دن قبل لاپتہ ہوا جس کی تلاش میں پولیس بھی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خرگوش کی مالکن اینیٹے ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ اس کے لیے یہ نہایت افسوس کا دن ہے۔خرگوش کی گمشدگی سے علاقہ پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ڈیریئس نام کے خرگوش کی مالکن اینیٹے ایڈورڈز نے اعلان کیا ہے کہ ان کے چوری یا لاپتہ ہونے والے خرگوش کو واپس لانے والے شخص کو ایک ہزار برطانوی پاؤنڈز انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ سال2010میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے چار فٹ دو انچ لمبا ہونے پر اسے دنیا کا سب سے طویل خرگوش قرار دیا تھا۔

    مقامی پولیس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ خرگوش کو باغ کی چار دیواری سے چوری کیا گیا ہے جو مالکن کے گھر میں ہے۔

    مزید دلچسپ بات ہے کہ اپریل2017 میں اس خرگوش کی شادی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ایسٹر کے موقع پر ڈیریئس کی شادی ہنی نامی خرگوشنی سے کی گئی تھی جو تین فٹ گیارہ انچ لمبی تھی۔ ہنی نامی خرگوشنی کو دنیا کی سب سے طویل خرگوشنی قرار دیا گیا تھا۔

  • کسان نے مہنگی ترین کار کے ڈرائیور کو انوکھا سبق سکھا دیا، تصویر وائرل

    کسان نے مہنگی ترین کار کے ڈرائیور کو انوکھا سبق سکھا دیا، تصویر وائرل

    لندن : برطانیہ میں ایک مشتعل کسان نے کھیت کے دروازے کے عین سامنے گاڑی کھڑی کرنے والے ڈرائیور کو انوکھا سبق سکھا دیا۔

    اطلاعات کے مطابق لِنگورس مڈ ویلز کے علاقے میں واقع ایک کھیت کے مرکزی دروازے پر بی ایم ڈبلیو کے ڈرائیور نے کار پارک کردی تھی۔

    ڈرائیور کی اس حرکت کے باعث کھیت میں داخلے کا راستہ بند ہو گیا، کھیت کا کسان یہ دیکھ کر مشتعل ہوگیا اور بی ایم ڈبلیو کے ڈرائیور سے انوکھا انتقام لیتے ہوئے گاڑی کے گرد دھات کی باڑ بنا دی۔

    اس حوالے سے گرین پارٹی کی کونسلر ایملی ڈورانٹ جو لِنگورس مڈ ویلز کی نمائندگی کرتی ہیں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم سیاحوں کو اپنے علاقے میں خوش آمدید کہتے ہیں تاہم انہیں بھی ہماری "کام کرنے والے مقامات” کا بھی خیال کرنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں آںے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ وہ نہ صرف ہماری معیشت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ان کی آمد ہمارے لیے کئی راستے بھی کھولتی ہے۔

  • کورونا پابندیاں : برطانوی وزیراعظم نے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    کورونا پابندیاں : برطانوی وزیراعظم نے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    لندن : برطانیہ میں کورونا کی خطرناک صورتحال کے باوجود برطانوی حکومت نے عوام پر کھلے مقامات میں جانے کی پابندی ختم کردی، تاہم شہریوں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں گھروں پر رہنے کے احکامات ختم اور کھلے مقامات پر کھیلوں کی اجازت دے دی گئی۔

    یورپ میں کورونا کیسز بڑھنے پر وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے عوام کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    چند روز قبل وزیراعظم نے پابندیوں میں نرمی کا اشارہ دیا تھا اور ساتھ ہی شہریوں سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے ختم ہونے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جاسکتی۔

    علاوہ ازیں برطانیہ کے شاہی خاندان کی بڑی بہو اور ڈچس آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران  لی گئی تصاویر پر مبنی ایک کتاب متعارف کرادی ہے۔

  • آکسفورڈ یونیورسٹی : سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالب علم کی بڑی کامیابی

    آکسفورڈ یونیورسٹی : سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالب علم کی بڑی کامیابی

    لندن : آکسفورڈ یونیورسٹی لندن میں ہونے والے اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اے پی ایس کے طالب علم احمد نواز کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (لندن ) کے انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، نتائج کے مطابق پاکستانی نژاد طالب علم احمد نواز بھی انتخاب جیت گئے۔

    تازہ ترین انتخابی نتائج کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول کے زخمی طالب علم احمد نواز گورننگ باڈی اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبر منتخب قرار پائے۔

    یاد رہے کہ آکسفورڈ اسٹوڈنٹس یونین دنیا کی سب سے بڑی طلباء یونین ہے، اس یونین میں دنیا کی اہم شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔

    ماضی میں سابق وزیر اعظم محترمہ شہید بینظیر بھٹو یونین کی پہلی ایشیائی صدر منتخب ہوئی تھیں۔

    مزید پڑھیں : سانحہ اے پی ایس کے طالب علم احمد نواز کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

    یاد رہے کہ احمد نواز کو گزشتہ سال اگست میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ انہوں نے لکھا کہ آج مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونی ورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے جہاں اب میں مزید تعلیم کا سلسلہ جاری رکھوں‌ گا۔

  • دل کو بیگ میں رکھ کر گھومنے والی خاتون کی حیرت انگیز کہانی

    دل کو بیگ میں رکھ کر گھومنے والی خاتون کی حیرت انگیز کہانی

    لندن : برطانوی مسلمان خاتون اپنا دل بیگ لے کر گھومتی ہیں،39سالہ سیلوا حسین کو تقریبا تین سال قبل ایک آپریشن کے ذریعے اس کے ناکارہ دل کو اس بیگ میں موجود مصنوعی دل سے بدل دیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق دو بچوں کی ماں 39 سالہ سلویٰ حسین کو سال 2017ء میں ہارٹ اٹیک ہوا تھا وہ گھر میں اکیلی تھیں لیکن ہمت کرکے خود ہی ڈرائیو کرکے200 میٹر دور اپنے فیملی ڈاکٹر کے پاس پہنچیں جہاں سے انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسپتال میں انکشاف ہوا کہ مریضہ کا دل ناکارہ ہوچکا ہے اور انہیں مصنوعی دل لگانا پڑے گا۔ بعد ازاں ڈاکٹرز نے ان کا6 گھنٹے طویل آپریشن کیا اس آپریشن کے ذریعے ان کا دل نکال کر پمپنگ کا مصنوعی نظام لگادیا گیااور یہ پمپ ایک بیگ میں رکھا گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سلویٰ حسین کے اس بیگ میں دو بیٹریاں ہیں جو ان کے جسم کو خون پمپ کرنے والی موٹر کو پاور مہیا کرتی ہیں، بیگ سے نکلنے والی پلاسٹک کی دو بڑی ٹیوبیں ان کی ناف کے اندر سے ہوتی چھاتی تک پہنچتی ہیں۔

    اس کے علاوہ سیلوا کے پاس دوسرے بیگ میں ایک ایسا اسٹینڈ بائی یونٹ اور بھی ہے کہ پہلے والا اگر اچانک کسی خرابی کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دے تو فوراً دوسرے یونٹ سے اسے بدلا جاسکے۔

    بیگ کے اندر جن آلات کو رکھا گیا ہے ان کا وزن لگ بھگ 7 کلوگرام ہے۔ سلویٰ حسین کے سینے میں امریکی کمپنی کا تیار کردہ مصنوعی دل لگایا گیا ہے جس کی قیمت اس وقت86 ہزار پاؤنڈز تھی۔

  • لندن میں 300 افراد کی پارٹی، پولیس کا چھاپا

    لندن میں 300 افراد کی پارٹی، پولیس کا چھاپا

    لندن: برطانیہ جہاں ایک طرف کرونا وائرس کے نئے اسٹرین کے تیز رفتار پھیلاؤ سے نبرد آزما ہے وہاں دوسری طرف غیر ذمہ داری کے ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں جو پوری دنیا میں خبروں کی زینت بن رہے ہیں۔

    ایئرپورٹ واقعے کے بعد اب پولیس نے ایک پارٹی پر چھاپا مارا جس میں 300 افراد اکھٹے ہو گئے تھے، پولیس کے چھاپے پر شائقین پارٹی سے بھاگ نکلے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے غیر قانونی پارٹی پر 15 ہزار پاؤنڈز کا جرمانہ کر دیا ہے، پولیس نے رات ڈیڑھ بجے پارٹی پر چھاپا مارا تھا، جس پر منتظمین نے اندر سے تالے لگا دیے تھے۔

    پولیس نے چھاپے کے دوران 78جرمانے کیے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اس چھاپے کے دوران ڈاگ یونٹ اور ہیلی کاپٹر بھی چھاپا ٹیم میں شامل تھے۔

    چیف سپرنٹنڈنٹ رائے سمتھ نے پارٹی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی صحت عامہ قوانین کی خلاف ورزی ہے، غیر قانونی پارٹی سے افسران کو اپنی صحت خطرے میں ڈالنا پڑی۔

    واضح رہے کہ ہیتھرو ایئر پورٹ پر بھی مسافروں کا بے پناہ رش دکھائی دے رہا ہے اور سوشل ڈسٹینسنگ کی خلاف ورزی جاری ہے، افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایئر پورٹ اور ہوم آفس اس کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ہیتھرو ایئر پورٹ پر رش کی تصاویر بھی وائرل ہو چکی ہیں۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ بارڈر فورس کی ذمہ داری ہے کہ سماجی فاصلہ یقینی بنائے، اگر ہم ایک جہاز کے مسافروں کی فاصلے کے ساتھ قطار لگائیں تو یہ ایک کلو میٹر لمبی ہوگی۔

    اس صورت حال پر اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ حکومت کے پاس کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے، ایئر پورٹ کے مناظر تشویش ناک ہے، صورت حال کو کنٹرول کیا جائے۔

  • برطانوی حکومت نے موبائل فون کمپنیوں پر نئی پابندی عائد کردی

    برطانوی حکومت نے موبائل فون کمپنیوں پر نئی پابندی عائد کردی

    لندن : برطانیہ کی حکومت نے موبائل نیٹ ورکس کی سروسز پر لاک موبائل فون فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی  ہے، اس حوالے سے ریگولیٹر آف کام کا کہنا ہے کہ آئندہ سال دسمبر سے ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ٹیلی کام سیکٹر کی بڑی کمپنیاں جیسے بی ٹی، ای ای ، ووڈا فون اور ٹیسکو موبائل سبھی ایسے موبائل فون ہینڈسیٹ فروخت کرتی ہیں جو دوسرے نیٹ ورکس پر استعمال نہیں کیے جاسکتے جب تک کہ وہ ان لاک نہ ہوں۔

    اس حوالے سے ریگولیٹر آف کام نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ موبائل فون کمپنیوں پر دسمبر 2021 سے لاک ہینڈ سیٹس فروخت کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

    ریگولیٹر آف کام نے کہا ہے کہ ان لاک ہینڈ سیٹس میں عموماً پیچیدہ پراسس ہو سکتے ہیں اور یہ ان کے کانٹریکٹس ختم ہونے کے بعد پرووائیڈز سے سوئچنگ کرنے میں اونرز کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، اسمارٹ فون کو ان لاک کروانے پر عموماً 10 پونڈ کی لاگت آتی ہے تاکہ وہ کسی بھی نیٹ ورک پر کام کرسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس نئی پابندی سے جو کمپنیز متاثر ہوں گی ان میں بی ٹی اور اس کا ای ای موبائل ڈویژن، ووڈا فون اور ٹیکسو موبائل شامل ہیں جبکہ اوٹی سکائی، تھری اور ورجن پہلے ہی صرف ان لاکڈ ہینڈ سیٹس فروخت کر رہی ہیں۔

    نیٹ ورکس نے پہلے تجویز دی تھی کہ لاک کی جانے والی ڈیوائسز چوری اور فراڈ کا پتہ لگانے میں مدد دیتی ہیں لیکن واچ ڈاگ نے نوٹ کیا کہ کچھ کمپنیز نے پہلے ہی اس پریکٹس کو چھوڑ دیا ہے۔

    آف کام نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جون 2022 سے ٹیلی کام صارفین سے اپنے معاہدے کی اہم شرائط کا تحریری طور پر معاہدہ کیا جائے گا۔

    واچ ڈاگ آف کام کنکٹیوٹی ڈائریکٹر سلینا چڈھا نے بتایا کہ اس سے لوگوں کا پیسہ، وقت اور کوشش کی بچت ہوگی اور انہیں بہتر ان لاک ڈیلز کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • لندن :  لاکھوں پاؤنڈ کی اسمگلنگ کرنے والی بھارتی خاتون ایئر پورٹ سے گرفتار

    لندن : لاکھوں پاؤنڈ کی اسمگلنگ کرنے والی بھارتی خاتون ایئر پورٹ سے گرفتار

    لندن : برطانوی پولیس نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر ایک بھارتی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے نقد رقم سے بھرے ہوئے پانچ سوٹ کیس برآمد ہوئے، ملزمہ یہ رقم دبئی لے کر جارہی تھی۔

    لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پولیس نے ایک عورت کو اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق30سالہ بھارتی خاتون کا نام تارا ہینلن ہے، اور وہ ہیتھرو سے ایک کمرشل فلائٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں دبئی جانا چاہتی تھی۔

    مذکورہ خاتون کے پاس پانچ سوٹ کیس تھے جو برطانوی کرنسی سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے۔ شمالی انگلینڈ میں لیڈز کی رہنے والی یہ خاتون گزشتہ ہفتے دبئی جانے والی تھی کہ ایئر پورٹ حکام نے شک کی بنیاد پر اسے روک لیا۔

    شک پڑنے پر جب یوکے بارڈر فورس کے اہلکاورں نے اس خاتون کے سوٹ کیسوں کی تلاشی لی تو ان میں سے 1.9 ملین پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے۔ یہ رقم 2.44 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

    حکام نے بتایا ہے کہ برطانیہ کے کسی بھی بارڈر پر بارڈر فورس کی طرف سے سال رواں کےدوران قبضے میں لی گئی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔ اس خاتون کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزم میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    پیر پانچ اکتوبر کو اسے ایک مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش بھی کر دیا گیا۔ عدالت نے اسے پانچ نومبر تک پولیس کی تفتیشی تحویل میں دے دیا ہے۔

    برطانوی حکومت کے مطابق وہ منی لانڈرنگ اور اس سے متعلق جرائم کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے تاکہ برطانیہ سے غیر اعلانیہ یا غیر قانونی طور پر باہر لے جائی جانے والی رقوم کو منظم جرائم کے لیے استعمال نہ کیا جاسکے۔

  • معروف میوزک شو : بصارت سے محروم پاکستانی لڑکی نے برطانیہ میں دھوم مچادی

    معروف میوزک شو : بصارت سے محروم پاکستانی لڑکی نے برطانیہ میں دھوم مچادی

    لندن : برطانیہ میں سالانہ منعقد ہونے والے مشہور میوزک شو میں بصارت سے محروم پاکستانی نژاد لڑکی سیرین جہانگیر نے شاندار پرفارمنس سے ججز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔

    معروف ٹیلنٹڈ میوزک شو ‘بریٹن گاٹ ٹیلنٹ’ میں پہلی بار کسی پاکستانی نژاد لڑکی سیرین جہانگیر کے پہنچنے کے امکانات کافی حد تک روشن ہوگئے ہیں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستانی نژاد 14سالہ سیرین جہانگیر ممکنہ طور پر مذکورہ شو کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ایشیائی سنگر بھی بن جائیں گی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ‘بریٹن گاٹ ٹیلنٹ’ کے گرینڈ فنالے میں 10 پرفارمنسر پہنچیں گے، جن میں سے جیتنے والے کو ڈھائی لاکھ یورو کی رقم دی جائے گی۔

    بریٹن گاٹ ٹیلنٹ کا فائنل رواں ماہ 10 اکتوبر کو ہوگا اور اس میں پہنچنے والے10 امیدواروں یا ٹیموں میں سے5 کو شو کے ججز فائنل کے لیے منتخب کریں گے جب کہ5 عوامی ووٹوں کے ذریعے فائنل میں جگہ بنائیں گے۔

    بریٹن گاٹ ٹیلنٹ’ کے فائنل کے ججز نے 5 امیدواروں یا ٹیموں کا انتخاب کرلیا ہے، جن کے درمیان گرینڈ فنالے کے دوران سخت مقابلے کا امکان ہے۔

    بی بی سی کے مطابق اب تک ‘بریٹن گاٹ ٹیلنٹ’ کے ہونے والے شوز کی پرفارمنس اور عوامی ووٹوں سمیت ججز کی رائے کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پاکستانی نژاد بصارت سے محروم 14 سالہ گلوکارہ سیرین جہانگیر بھی فائنل میں پہنچیں گی۔

    ابتدائی سیشن کے بعد بصارت سے محروم سیرین جہانگیر ایک کے بعد ایک سیشن میں حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو ‘بریٹن گاٹ ٹیلنٹ’ کے سیمی فائنل میں اپنی پرفارمنس سے سب کو ششدر کردیا تھا۔

    مذکورہ گانے کی پرفارمنس کے دوران سیرین جہانگیر جذباتی ہوگئیں اور وہ گانے کے اختتام سے قبل ہی آبدیدہ ہوگئیں، جس کے بعد پروگرام کے تمام ججز اور مداحوں نے کھڑے ہوکر ان کے لیے تالیاں بجائیں۔

    واضح رہے کہ سیرین جہانگیر کی پیدائش لندن میں ہوئی تھی اور ان کے والدین کئی دہائیوں سے برطانیہ میں مقیم ہیں، سیرین جہانگیر کے دادا صاحبزادہ جہانگیر پاکستانی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایتی ہیں اور وہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان کے یورپ میں تجارت سے متعلق مشیر بھی ہیں۔