Tag: London

  • کترینہ کیف کا مومی مجسمہ لندن کے مادام تساؤ میوزیم کی زینت

    کترینہ کیف کا مومی مجسمہ لندن کے مادام تساؤ میوزیم کی زینت

    کراچی: (ویب ڈیسک) کترینہ کیف کا مومی مجسمہ لندن کے مادام تساؤ میوزیم کی زینت بن گیا۔

    امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، ریتک روشن، ایشوریہ رائے، کرینہ کپور اور مادھوری ڈکشٹ کے بعد اب بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کا مجسمہ بھی لندن میں مادام تساؤ کے مومی عجائب گھر کی زینت بن گیا ہے۔

    ڈانسنگ پوز میں سجی بنی کترینا کیف لگ رہی ہیں اس مومی مجسمے میں قیامت، رونمائی ہوئی تو بالی وڈ کی باربی ڈول خود بھی آئیں۔

    اس موقع پر قاصائوں نے اپنے فن کا مظاہر کر کے انھیں خوش آمدید کیا۔

    مجسمے کو بیس ہنر مندوں نے چار ماہ کی محنت سے تیار کیا ہے، اس مجسمے کی تیاری میں ایک لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ خرچ ہوئے۔

  • گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے اور اسے آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم، ملک کی واحد لبرل ، جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔

    ایم کیوایم ،ملک میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتی ہے جہاں ہرشہری کو بلاامتیاز رنگ ونسل ، زبان ،قومیت، مسلک ، فقہ اور مذہب یکساں حقوق میسر ہوں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ آج تک گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو بحال نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث وہاں کے عوام سیاسی ، معاشی اور حقوق سے محروم ہیں ۔

    حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے ، وہاں آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔

    گلگت بلتستان کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وہاں کے تمام تاریخی راستوں کو کھولاجائے اورعوام کو آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے تاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد گلگتی اور بلتستانی عوام گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔

    الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

  • محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے، الطاف حسین، آصف زرداری

    محصور پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے، الطاف حسین، آصف زرداری

    لندن /کراچی : ایم کیو ایم قائد الطاف حسین اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے حکومت پاکستان سے یمن میں محصور پاکستانیوں کی فوری وبحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی زندگیاں اورعزتیں خطرے میں ہیں،اس وقت تمام معاملات چھوڑ کر ان کی واپسی کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں ۔

    بلاول ہاؤس کراچی میں مولانافضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق سابق صدر کاکہنا تھا کہ وہ یمن کی صورتحال پر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ۔انکا کہنا تھا کہ محصورین کی جلد واپسی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • الطاف حسین اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    الطاف حسین اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کیا ہے، دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو میں یمن اور سعودی عرب کے درمیان تنازع پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

     ذرائع کاکہنا ہے دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو میں موجودہ بین الاقوامی صورتحال، ایم کیوایم کی سندھ حکومت میں شمولیت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

     تفصیلی گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یمن اور سعودی عرب کے تنازع کو دانشمندی سے دیکھا جائے اور صرف وہ فیصلہ کیا جائے جو پاکستان کے مفاد میں ہو ۔

    ذرائع کا کہنا ہے الطاف حسین نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو کراچی آپریشن اور ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔

  • زرداری کی تحریری یقین دہانی تک معاہدہ نہیں ہوگا، الطاف حسین

    زرداری کی تحریری یقین دہانی تک معاہدہ نہیں ہوگا، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی تحریری یقین دہانی تک سندھ حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے لندن سے جاری اپنے بیان میں کہی، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ  ماضی میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے معاہدہ کرکے ایم کیو ایم نے سبق حاصل کرلیاہے،

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے مذاکرات صرف خانہ پری کے لئے ہونگے ، اصل مذاکرات تو سابق صدر زرداری کی تحریری یقین دہانی کے بعد انہی سے ہونگے۔

    الطاف حسین نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا تاہم ان سے بات نہیں ہوسکی۔

  • ایم کیو ایم کو ختم نہیں کیا جا سکتا،الطاف حسین

    ایم کیو ایم کو ختم نہیں کیا جا سکتا،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کودیوارسے لگایاجارہاہے اوراس کے خلاف زہر اگلا جارہاہے۔ایم کیوایم کروڑوں عوام کی نمائندگی کرنے والی ایک سچی عوامی جماعت ہے ،اسے اوچھے ہتھکنڈوں اورزہریلے پروپیگنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔

    انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی،حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اورتنظیمی شعبہ جات کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔الطاف حسین نے اجلاس میں موجودہ حالات کے مختلف پہلوؤں پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

    الطاف حسین نے کہاکہ جب جب ایم کیوایم کی مقبولیت اوراس کا تنظیمی کام ملک میں پھیلاہے اس کوروکنے کیلئے سازشی ہتھکنڈے اختیارکئے گئے ہیں۔ اب بھی جبکہ ایم کیوایم کاپیغام کراچی سے نکل کرسندھ کے دیہی علاقوں،پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، شمالی وقبائلی علاقہ جات میں پھیل رہاہے تواس کے خلاف سازشوں کاسلسلہ تیز ہوگیاہے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان صرف مراعات یافتہ طبقہ کانہیں بلکہ غریب ومتوسط طبقہ کابھی ہے اور ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو جاگیرداروں اوروڈیروں کے شکنجے سے پاکستان کوآزادکرکے غریب ومتوسط طبقہ کوان کاپاکستان لوٹاناچاہتی ہے اسی لئے ایم کیوایم کومختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراسے کمزورکرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک میں رائج فرسودہ نظام”اسٹیٹس کو“توڑنا چاہتی ہے اسی لئے وہ تمام قوتیں جوملک میں” اسٹیٹس کو“برقراررکھناچاہتی ہیں وہ ایم کیوایم کوختم کرنے کے درپے ہیں۔ جولوگ یہ سوچتے ہیں کہ ظلم وجبر اور سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کوختم کیا جاسکتاہے تووہ یہ سمجھ لیں کہ ایم کیوایم کواللہ نے بنایاہے اوروہی اسے ختم کرسکتاہے ۔

    الطا ف حسین نے کہاکہ میں نے بارہاکہاہے اورآج پھرکہتاہوں کہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کے لئے زیروٹولیرنس ہے، میں دہشت گردی کے خلاف ہوں اورعدم تشددپریقین رکھتا ہوں۔ ہم نے ماضی میں بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراکوتحریک سے خارج کیااورآج بھی جرائم پیشہ عناصرکیلئے ایم کیوایم میں کوئی گنجائش نہیں ہے

    محض الزامات کی بنیادپرپوری ایم کیوایم کونشانہ بنانا سراسرزیادتی ہے ۔ انہوں نے سوال کیاکہ ایم کیوایم کے خلاف توکارروائی کی جارہی ہے لیکن دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل وفسادات میں ملوث کالعدم تنظیموں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

    انہوں نے عمران خان کی جانب سے کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف الیکشن لڑنے اوراسے شکست دینے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کوفراخدلانہ پیشکش کرتاہوں کہ وہ آئیں اور جمہوری اندازمیں ایم کیوایم کامقابلہ کریں۔

    الطا ف حسین نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص شاہ کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کی اوروزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ وقاص شا ہ شہید اورایم کیوایم کے دیگرشہیدکارکنوں کے ماورائے عدالت کی تحقیقات کرائی جائے اورقتل کے ذمہ دارافراد کوگرفتار کیا جائے۔

    الطا ف حسین نے اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں سندھی نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بلوچ نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی تھیں اوراب سندھی نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ سندھیوں اورمہاجروں کو ان حالات سے سبق سیکھناچاہیئے اورماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ظلم کے خلاف آپس میں متحد ہوجانا چاہیے۔

    انہوں نے رابطہ کمیٹی، ارکان اسمبلی اور تمام تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داروں کواس کڑے اورآزمائش کے دورمیں ثابت قدمی اورجرات وہمت کامظاہرہ کرنے اورعزم حوصلے کے ساتھ تحریکی جدوجہدجاری رکھنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

  • رینجرز کی جانب سے بیریئرز نہ ہٹانے پر ایم کیو ایم کا اظہار حیرت

    رینجرز کی جانب سے بیریئرز نہ ہٹانے پر ایم کیو ایم کا اظہار حیرت

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی لندن کے اراکین نے اپنے ایک بیان میں قوم کے ایک ایک فرد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس انداز صوبہ سندھ میں رینجرز کے افسران اور جوانوں نے غریبوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور ڈیڑھ سو کے لگ بھگ محلے والوں اور نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا ۔

    اس کے بعد رینجرز نے اعلان کیا تھا کہ تمام جگہوں سے نہ صرف رکاوٹیں ہٹائی جائیں گی بلکہ چھاپے مارنے کا یہ عمل بلاامتیاز سیاسی جماعت جاری رہے گا۔

    اراکین رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر بھر کے مختلف محلوں کے مکینوں کو تمام رکاوٹیں ختم کرنے خصوصاً سیاسی جماعتوں کے مرکزی دفاتر پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں اور بیریئرزکو ہٹانے کیلئے دیئے جانے والے الٹی میٹم کی مدت گزشتہ روزکل شام سات بجے یعنی 23، مارچ کی شام ختم ہوگئی تھی ۔

    پوری قوم کا بچہ بچہ ہرذی شعور آج حیرت کناں ہے کہ مدت ختم ہوجانے کے باوجود رینجرز نے کہیں اور کسی مقام پر کھڑی ہوئی رکاوٹوں اوربیریئرز کو نہ تو ختم کیا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مارا۔

    اراکین نے رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عوام ،رینجرز کے دہرے معیار پر محلہ محلہ ، گلی گلی آپس میں مل کر گفتگو کرکے افسردہ اور غم زدہ ہوگئے ہیں اور ایک دوسرے سے سب یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ رینجرز کا وہ دعویٰ کہ” آپریشن بلاتفریق ہوگا “ کیا وہ صر ف ایک نعرہ ہی تھا ؟

  • آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ

    لندن : سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے بات چیت کی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آصف علی زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ، سندھ کے عوام کی منتخب نمائندہ جماعتیں ہیں اور دونوں جماعتیں مل کر ملک و صوبے کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کرتی رہیں گی ۔

    انہوں نے الطا ف حسین کو پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کی حکومت میں شمولیت کے حوالہ سے ہونے والے فیصلوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا، جسے الطاف حسین نے خوش آئندہ قراردیا۔

    دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمت اوربہتر ورکنگ ریلیشن شپ ملک خصوصاً صوبہ سندھ کیلئے خوش آئند ہے۔

    الطاف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ،عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی ۔ دونوں رہنماؤں نے سانحہ یوحنا آباد لاہور پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور اس المناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے مسیحی پاکستانیوں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور مستقبل میں باہمی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

  • مقدمے کے اندراج کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    مقدمے کے اندراج کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    لندن / کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں رینجرز کے ایک افسر کی جانب سے قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف مقدمے کے اندراج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم کے آئینی وقانونی ماہرین اس معاملے کاتفصیلی جائزہ لے رہے ہیں اوراس مقدمہ کے تمام پہلوؤں کاتفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس کے بارے میں قانونی حکمت عملی اختیارکی جائے گی۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بادی النظر میں ظاہرہوتاہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف درج کئے جانے والے مقدمے میں لگائے جانے والے الزامات حقائق کی نفی کرتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے ماضی میں بھی اس طرح کے بے شمار مقدمات کاسامناکیاہے اوراب بھی ہم آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا قانونی دفاع کریں گے ۔

    رابطہ کمیٹی نے تمام کارکنان وحق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن اورثابت قدم رہیں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم ایک امن پسند، لبرل اورجمہوریت پسندجماعت ہے او روہ قائدتحریک الطاف حسین کی پرعزم قیادت میں اپنی آئینی ،قانونی اورجمہوری جدوجہدجاری رکھے گی۔

    علاوہ ازیں ایم کیو ایم کےرہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مقدموں سے پہلے کبھی گھبرائے اورنہ اب گھبرائیں گے، انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پرستم توڑنےکی تیاری ہورہی ہے، نہ پہلے عزم کمزور ہوا تھا اور نہ اب کم ہوگا۔۔

  • شاہینوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، الطاف حسین

    شاہینوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کرکٹ ورلڈکپ میں آئر لینڈ کیخلاف میچ میں پاکستان کی شاندارکامیابی پر پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں ،آفیشلزاورپوری قوم کوزبردست مبارکبادپیش کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ آج کے اس اہم میچ میں پاکستان ٹیم کے باؤلرز، بیٹسمینوں اورتمام کھلاڑیوں نے شاندارکھیل کامظاہرہ کیا،جس پر وہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے آج جس طرح ٹیم ورک کامظاہرہ کیاہے اگرآئندہ مقابلوں میں بھی اسی طرح ٹیم ورک کامظاہرہ کیاتوانشاء اللہ پاکستان ٹیم مستقبل میں ہونے والے تمام مقابلوں میں بھی کامیابی سے ہمکنارہوگی۔

    انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ورلڈکپ میں فتح وکامرانی سے ہمکنارفرمائے۔ الطاف حسین نے پاکستانی عوام سے کہاکہ وہ قومی ٹیم کی فتح کا جشن مناتے وقت یہ ذہن میں ضرور رکھیں کہ آج صبح ہی دہشت گردوں نے مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد بے گناہ مسیحی افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم ان بے گناہ مسیحی برادری کے دکھ کو سامنے رکھیں اور اپنی دعاؤں میں انہیں بھی شریک رکھیں۔