Tag: London

  • ملکہ برطانیہ کی 94ویں سالگرہ آج سادگی سے منائی جارہی ہے

    ملکہ برطانیہ کی 94ویں سالگرہ آج سادگی سے منائی جارہی ہے

    لندن : برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ آج اپنی 94ویں سالگرہ منارہی ہیں، تاہم کوروناوائرس کے پیش نظرانہیں سالگرہ پر توپوں کی سلامی نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ان کے شایان شان کسی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہریوں کے دلوں کی دھڑکن اور طویل ترین حکمرانی کرنے والی ملکہ ایلزبتھ آج اپنی 94ویں سالگرہ سادگی سے منارہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر شاہی خاندان اور برطانوی عوام کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔

    کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ بھرمیں لاک ڈاون ہے اور اب تک سترہ ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں اس لیے اس بار ملکہ کی سالگرہ سادگی سے بغیر کسی مرکزی تقریب کے منائی جارہی ہے تاہم شاہی محل کی جانب سے تاحال تقریب کی منسوخی کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کو پہلی بار ان کی سالگرہ پرتوپوں کی سلامی نہیں دی جائے گی، تاہم شاہی خاندان کے افراد انہیں ایک ویڈیو کال کرکے ان کی سالگرہ منائیں گے۔

    دوجون 1953 کو برطانیہ کی ملکہ کی حیثیت سے تخت نشین ہونے والی الزبتھ الیگزینڈرا میری21 اپریل 1926 کو برطانوی بادشاہ جارج چہارم کے گھر پیدا ہوئیں، ملکہ الزبتھ نے دوسری جنگِ عظیم کے درمیان شاہی ذمہ داریاں اٹھانا شروع کیں اور کئی عہدوں پر فائز  رہیں۔

    اپنے والد کی وفات کے بعد ملکہِ برطانیہ بننے والی الزبتھ دوئم نہ صرف آئین کی رو سے 16 آزاد ممالک کی شاہی حکمراں اور سربراہِ مملکت ہیں بلکہ دولتِ مشترکہ میں شامل 54 ممالک کی سربراہ بھی ہیں۔ ملکہ کو ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے بھی سوشل میڈیا پر سالگرہ کی مبارکباد دی۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ کے چار بچے ، آٹھ پوتے پوتیاں اور 5 پڑ پوتے اور پڑ پوتیاں ہیں، ملکہ برطانیہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ کی شادی 72 برس قبل 20 نومبر 1947 کو ہوئی تھی، ان کی جوڑی کو دنیا کی کامیاب جوڑی کے طور پر بھی مانا جاتا ہے۔

  • کورونا وائرس : برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا عندیہ دے دیا

    کورونا وائرس : برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا عندیہ دے دیا

    لندن : کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا امکان ہے، ذرائع کا کہنبا ہے کہ لاک ڈاؤن کی مدت سات مئی تک بڑھائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس چین کے بعد سب سے زیادہ نقصان یورپی ممالک کو پہنچا رہا ہے جبکہ برطانیہ میں بھی حالات انتہائی تشویش ناک ہیں جس پر قابو پانے کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے 23مارچ کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

    تاہم اب اس عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے برطانیہ میں جاری لاک ڈاؤن کی مدت سات مئی تک بڑھائی جائے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ اور موجودہ وقت میں نگراں وزیراعظم ڈومینک راب اس کا اعلان جمعرات کو کریں گے۔

    ڈومینک راب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بیمار ہونے کی وجہ سے نگراں وزیراعظم کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ بورس جانسن جو پچھلے دنوں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اورحال ہی میں انہیں صحت مند قرار دے کر اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

    جانسن نے ملک میں تیزی سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے 23 مارچ کوسوشل ڈسٹنسنگ سمیت کئی احتیاطی قدم اٹھائے جانے کا اعلان کیا تھا۔

    اس وقت برطانیہ میں ضروری سامان کی خریداری، ڈاکٹرز کے اپوائنمنٹ اورایکسرسائز وغیرہ کرنے کے لئے ایک شخص ایک دن میں ایک بار ہی گھر سے باہر نکل سکتا ہے۔

    برطانیہ کے سوشل کیئر محکمہ نے پیر کو بتایا کہ اس وبا سے 717 نئی اموات کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11329ہو گئی ہے۔ وہیں صحت حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں كووڈ -19 کے4342نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین 19 لاکھ 20 ہزار اور ہلاکتیں ایک لاکھ 19ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ بھارت نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں تین مئی جبکہ فرانس میں 11 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ صرف ایک مؤثر ویکسین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روک سکتی ہے۔

  • محمد یوسف کے فلسفے نے زندگی بدل دی، برطانوی کرکٹر کا اعتراف

    محمد یوسف کے فلسفے نے زندگی بدل دی، برطانوی کرکٹر کا اعتراف

    لندن : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اینڈریو اسٹراس نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ محمد یوسف کے فلسفے پر عمل کرکے ان کی کارکردگی میں بہتری آئی اور وہ کامیابی کی جانب چل پڑے۔

     میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اینڈریو اسٹراس کا کہنا تھا کہ اچھا پرفارم نہ کرنے پر مجھے ٹیم سے نکالے جانے کا خوف تھا اور یہی خوف میری کارکردگی کو بری طرح متاثر کررہا تھا لیکن محمد یوسف کی وجہ سے مجھے اس خوف پر قابو پانے میں بہت مدد ملی۔

    محمد یوسف نے مجھ سے کہا کہ سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہوتا ہے آپ کے اپنے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوتا ان کی یہ بات میں نے دل میں بٹھالی۔

    ایک انٹرویو میں 42 سالہ اینڈریو اسٹراس کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب میں اپنے کیریئر سے مایوس ہو گیا تھا اور سوچتا تھا کہ میں بہت جلد ٹیم کا حصہ نہیں رہوں گا، مجھے لگتا تھا کہ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہا اور میں خود سے ایک جنگ میں مصروف تھا مگر پھر محمد یوسف کا فلسفہ میرے کام آیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ میں میں نے سوچا کہ اگر یہ میرا آخری میچ ہے تو میں اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا، اگر اللہ کی طرف سے مجھے ٹیم سے باہر نکالنے کا فیصلہ ہوچکا ہے تو میں اس کو بدل نہیں سکتا تو مجھے پریشان ہونے کے بجائے اس میچ کو اپنے پہلے میچ کی طرح مزے لیتے ہوئے کھیلنا چاہیے تاکہ میں اس کو یادگار میچ بنا سکوں۔

    اس کے بعد ٹیم سے نکال بھی دیا گیا تو یہ اللہ کا فیصلہ ہوگا تو جو ہوتا ہے اللّه کی طرف سے ہوتا ہے اور سب کچھ اس کے قابو میں ہے، چنانچہ میں اپنا خوف ختم کرکے میدان میں اترا اور میری توقع کے برعکس میں177 رنز کی اننگز کھیل گیا، اس کے بعد میں ایک کامیابی کے سفر پر چل پڑا، اس لیے میری کامیابی کا راز محمد یوسف کا فلسفہ ہے۔

  • کرونا وائرس، ماں نے بیٹی سے فون پر گفتگو کے دوران دم توڑ دیا

    کرونا وائرس، ماں نے بیٹی سے فون پر گفتگو کے دوران دم توڑ دیا

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس میں مبتلا 51 سالہ خاتون بیٹی سے فون پر گفتگو کے دوران چل بسیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 51 سالہ برطانوی خاتون کے ایلمر نے اسپتال کے ویٹنگ روم میں بیٹھی 30 سالہ بیٹی صوفیا سے دوران گفتگو دم توڑ دیا، بیٹی فون پر ماں کی آخری سانسیں سنتی رہی۔

    رپورٹ کے مطابق کے ایلمر کی بیٹی صوفیا ڈی جے ہیں اور انہوں نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران سوشل ڈسٹسنگ پر عمل نہ کرنے والے برطانوی شہریوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

    صوفیا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مجھے اور میرے اہلخانہ کو لوگوں کے گھر کے اندر نہ رہنے کی غلطیوں کی قیمت ادا کرنا پڑی رہی ہے اور اس سے قطع نظر کے قانون کیا کہہ رہا ہے، لوگوں کو اپنی عقل کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: ہم سب نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے، ملکہ برطانیہ

    صوفیا کے مطابق والدہ والد کے ساتھ کیپ وردے میں ایک ماہ کی چھٹیاں گزارنے کے بعد چند ہفتوں قبل ہی لندن پہنچیں تھیں اور وہ یہاں ہی اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق 51 سالہ خاتون کو کھانسی، بختار میں مبتلا تھیں اور کچھ کھانے پینے سے قاصر تھیں انہیں جلد ہی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا اور وہ 95 فیصد آکسیجن پر تھیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے باعث اموات 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں، کرونا کے مریضوں کی تعداد 51 ہزار 608 ہے اور 1 ہزار 559 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • جیمز بانڈ کے زیر استعمال انتہائی پانچ قیمتی گنیں چوری ہوگئیں

    جیمز بانڈ کے زیر استعمال انتہائی پانچ قیمتی گنیں چوری ہوگئیں

    لندن : ہالی ووڈ کی نامور ایکشن ہیرو جیمز بانڈ کی فلموں میں استعمال ہونے والی لاکھوں مالیت کی پانچ ڈی ایکٹیویٹڈ گنیں چوری ہوگئیں، چوری کی یہ واردات گزشتہ رات نارتھ لندن کی پراپرٹی میں ہوئی۔

    ان پانچ گنوں کی مجموعی مالیت ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد بتائی جارہی ہے، غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ شام نارتھ لندن کی پراپرٹی میں ہونے والی اس واردات میں چوروں نے پراپرٹی کے پچھلے حصے کو توڑا اور پولیس کے وہاں پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گئے۔

    ان میں والتھر پی پی کے گن بھی شامل ہے، جس کو راجر مور نے اے ویو ٹو اے کل میں بھی استعمال کیا تھا جو کہ پرائیویٹ کلیکشن سے لی گئی تھی۔

    میٹ نے ان گنزز کی چوری کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ مسروقہ سامان میں ایک بیریٹا ٹوم کیٹ پستول، ایک بیریٹا چیتا پستول، ڈائی انادر ڈے کی ایک لاما 22 کلیبر ہینڈ گن اور ریوالور سمتھ اور ویسن 44 میگنم شامل ہیں، جو لیو اینڈ لٹ ڈائی میں استعمال ہوئے تھے۔

    جائے واردات پر عینی شاھدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشتبہ افراد کو مشرقی یورپی لہجے والے سفید فام قرار دیا جو کہ سلور وہیکل میں فرار ہوئے۔

    میٹ ڈیٹکٹیو انسپکٹر پال رڈلی نے کہا کہ مسروقہ آتشیں اسلحہ بہت مخصوص ہے اور خاص طور پر جیمز بانڈ کی فلموں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ عوام اس اسلحے کو پہچان لیں گے، اگر ان میں سے کوئی اسلحہ عوام میں سے کسی کو فروخت کرنے کی آفر کی جائے گی۔

    ان میں سے بہت سی چیزیں ناقابل تلافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میگنم کی ساڑھے چھ انچ کی بیرل اور لکڑی کی گرپ ہے۔ والتھر پی پی کے وہ آخری گن ہے جو راجر مور نے اے ویو ٹو اے کل میں استعمال کی تھی۔

  • مانچسٹر: این ایچ ایس اسٹاف پر کھانسنے کا معاملہ، پولیس کا سخت کارروائی کا فیصلہ

    مانچسٹر: این ایچ ایس اسٹاف پر کھانسنے کا معاملہ، پولیس کا سخت کارروائی کا فیصلہ

    لندن: مانچسٹر میں این ایچ ایس اسٹاف پر کھانسنے کے معاملے پر برطانوی پولیس نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر میں اوباش نوجوان نے وارینگٹن اسپتال کے عملے پر کھانسا اور کرونا وائرس کا شکار ہونے کا دعویٰ کیا پھر موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ملزمان اور والدین کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، ایسا رویہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، این ایچ ایس عملہ مشکل ترین وقت میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کورونا؛ معمر جوڑے پر کھانسنے والے 3 نوجوان گرفتار

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو گھر میں محدود نہ رکھنے والے والدین کے خلاف بھی ایکشن ہوگا، واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے 766 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 14579 تک جاپہنچی ہے۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل برطانیہ میں معمر جوڑے کے منہ پر کھانسنے والے تین اوباش نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا، معمر خاتون نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ 3 نوجوانوں نے منہ کے پاس آ کر کھانسی کی جس سے ان کی حالت غیر ہوگئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور وزیر صحت میٹ ہینکاک کے بعد چیف میڈیکل افسر کرس ویٹی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔

  • 21 سال سے بند گھر میں کس کا بسیرا؟

    21 سال سے بند گھر میں کس کا بسیرا؟

    لندن: برطانیہ میں 21 سال سے بند گھر میں چوہوں نے ڈیرے ڈال لیے جس کے باعث پڑوسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے علاقے ’’نورماکوٹ‘‘ میں ایک مکان تقریباً اکیس سال سے خالی رہنے کے باعث چوہوں سمیت کیڑے مکوڑوں کا گھر بن چکا ہے جس پر شہریوں کو شدید تشویش ہے۔

    پڑوسیوں نے متعلقہ ادارے کو شکایتی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالوں سے بند رہنے والے گھر سے چوہے اور دیگر زہریلے کیڑے ہمارے گھر بھی منتقل ہوسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیا جائے۔

    شہریوں کی درخواست پر سٹی کونسل فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے گھر کو فروخت کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ کوئی بھی خاندان اسے دوبارہ سے آباد کرسکے۔

    کمبرلی نامی پڑوسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر 1999 سے خالی ہے، اس کو استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔ خیال رہے کہ خالی مکان کے مالک کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

  • اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    لندن : کرونا وائرس کی ویکسین تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی، سائنسدان چوہوں پر ویکسین کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین تیاری کے آخری مراحلے میں ہے،جون تک ویکسین عوام کے لئے تیار
    ہوجائے گی۔

    امپیرئل کالج  لندن کے سائنسدان ویکسین کی تیاری میں مصروف عمل ہیں۔ اس حوالے سے ہیڈ آف ریسرچ ڈاکٹر رابن شاٹوک نے بتایا ہے کہ جون تک ویکسین انسانوں کیلئے تیار ہو جائے گی۔

    مزید پڑھیں : سائنس دان مرنے کے بعد میراث میں کروناوائرس کی ویکسین چھوڑ گیا

    ان کا کہنا ہے کہ چوہوں پر تجربات مکمل کرلیے گئے ہیں اگلے مرحلے میں بندروں پر ویکسین کا تجربہ کیا جائے گا،  ڈاکٹر رابن کے مطابق فرانس کے سائنسدان بھی ویکسین تیاری میں شریک ہیں۔

  • دعا ہے کہ مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، شہبازشریف

    دعا ہے کہ مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، شہبازشریف

    لندن : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ مریم نواز کو بھی اپنے والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، والدہ بیماری کے باوجود یہاں آئی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ میں مریم نواز کا کیس لگا ہوا ہے، دعا ہے مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت ملے، ہماری والدہ بیماری کے باوجود بھائی کی عیادت کیلئے یہاں آئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی مشاورت سے بینکوں کا ایک ایک روپیہ ادا کیا ہے، ماڈل ٹاؤن میں غیرقانونی چھاپے مارے جارہے ہیں، حکمران مشرف کا دور دہرا رہے ہیں، یہ لوگ اربوں روپے عوام کی جیب سے نکال چکے، ان کا اپنا منصوبہ بی آر ٹی کرپشن کی آماجگاہ بن چکاہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے حلال کی روزی سے گھر خریدا ،انہوں نے اس پر یلغار کی، ہمارے حوصلے پاکستان کے ساتھ ہیں، بےروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے شریف فیملی کھڑی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان پر بغاوت کے مقدمے کی باتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے خلاف بغاوت کامقدمہ کس بات پر بنایا جارہا ہے؟

    مولانا نے نہیں بلکہ موجودہ حکمرانوں نے کہا تھا کہ ایوان میں سب چور ہیں، مولانا نے سول نافرمانی یا ٹیکس نہ دینے کی بات نہیں کی، مولانا نے کبھی پارلیمنٹ پر حملے کی دھمکی نہیں دی، بغاوت کا مقدمہ کس پر ہونا چاہئے، عام آدمی اچھی طرح سمجھتا ہے۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ نوازشریف سے مشاورت کے ساتھ بینکوں کو پونے 6 ارب روپے ادا کئے، دوبارہ اقتدار ملا تو کبھی قرضہ معاف نہیں کروایا، مشرف دور میں بھی گھر، دفتر اور فیکٹریاں بند کی گئیں، موقع ملا تو ملک میں خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے، نواز شریف نے5 ہزار میگا واٹ گیس سے چلنے والے پلانٹ لگائے یہ لوگ آج وہی گیس کے پلانٹ بیچنا چاہتے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    لندن: اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں، وادی کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے لندن میں یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ سیمینار میں کیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

    رکن برطانوی پارلیمنٹ لارڈ قربان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو من مانی کی کھلی اجازت ملی ہوئی ہے۔ ڈیبی ابراہیم ایم پی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، سعیدہ وارثی نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلے کو اب حل ہونا چاہیے۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    برطانوی پارلیمنٹ کی رکن یاسمین قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر دو ممالک کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ رکن افضل خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ ناز شاہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں۔

    رکن محمد یاسین نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا چھوڑا ہوا ادھورا ایجنڈا ہے۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ بین ایمرسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پانچ فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا، اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا گیا۔