Tag: Long March

  • ”ہر قوم کو مرضی کا لیڈر چننے کا حق ہے“

    ”ہر قوم کو مرضی کا لیڈر چننے کا حق ہے“

    پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ پر تشدد کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر شگفتہ اعجاز نے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ بھی اس ملک میں ہوا ہے، عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کو ہراساں کیا گیا، ان پر تشدد کیا گیا وہ قابلِ تشویش اور قابل مذمت ہے۔

    شگفتہ اعجاز نے کہا کہ ہم کہاں رہ رہے ہیں، کیا ہم مقبوضہ کشمیر یا فلسطین میں رہ رہے ہیں، پوری دنیا دیکھ رہی ہے، کیا ملک کی سکیورٹی کے ذمہ دار یہ سب نہیں دیکھ رہے، خدا کے لیے اس چیز کو روکیں۔

    ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ عوام اپنا حق استعمال کر رہے ہیں، انہیں یہ حق استعمال کرنے سے نہ روکیں، یہ ہر قوم کا حق ہے کہ وہ صاف و شفاف الیکشن کے ذریعے اپنی مرضی کا لیڈر چنیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھی اپنے اسی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں تو کیا ہمارے ساتھ یہ سلوک ہوگا، اس کا مطالبہ ہے کہ کل کوئی بھی مجرم دندناتا پھرے گا اور عوام کے لیے وہ خطرہ ہوگا، کیا اسے انہیں پکڑا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shagufta Ejaz (@shaguftaejazofficial)

  • ”6 دن کا الٹی میٹم مت دیں، آپ 6 صدی تک اسلام آباد واپس نہیں آسکتے“

    ”6 دن کا الٹی میٹم مت دیں، آپ 6 صدی تک اسلام آباد واپس نہیں آسکتے“

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت کو چھ دن کا الٹی میٹم مت دیں، وہ اب چھ صدی تک اسلام آباد نہیں آ سکتے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج رات 8 بجے قوم سے اہم خطاب کریں گے، عمران خان نے پریس ٹاک میں حیران کن انکشافات کیے ہیں، عمران خان نے آج خود تسلیم کیا کہ وہ ہار کر واپس گئے ہیں، جب غنڈہ گردی کی نیت ہو تو ایسے ہی نتائج نکلتے ہیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 189 روپے پر عمران خان نے پہنچائی، یہ نالائقی اور نااہلی کا بوجھ آج عوام بھگت رہی ہے جس کے باعث مشکل فیصلہ کرنا پڑا، 30 روپے پیٹرول مہنگا کرنے کے آپ کے وعدے کا بوجھ ہم نے اٹھایا، آپ نے آئی ایم ایف کیساتھ پیٹرول 30 روپے مہنگا کرنے کا معاہدہ کیا تھا، مشکل فیصلہ عوام کے لیے منصوبہ بندی کر کے مہنگا کیا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم ایک قدم بڑھے، الیکشن کمیشن کو ہم نے خودمختار کیاہے، الیکشن کمیشن کا خود مختار، غیرجانبدار اور منصفانہ ہونا آئین میں درج ہے، الیکشن کمیشن نےکہا ای وی ایم مشین ٹھیک نہیں تو چڑھائی کردی، آرٹی ایس بٹھا کر اقتدار لینے والے کو کیا پتہ منصفانہ الیکشن کیا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان ناکام ہوگئے تو دھمکی دیتے ہیں کہ عدالت اپنی پوزیشن واضح کرے، عمران خان گولی کھائیں اور سکون کی نیند سوئیں، ٹی وی پر آنے کی ضرورت نہیں، 6 دن کا الٹی میٹم مت دیں، آپ 6 صدی تک اسلام آباد واپس نہیں آسکتے، سپریم کورٹ نے 11 اپریل کی رات اپنی پوزیشن واضح کردی تھی، اس رات سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو ریورس کیا تھا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت سپریم کورٹ پوزیشن واضح ہوگئی تھی کہ وہ آئین کیساتھ ہے، آپ اداروں اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں نہ دیں، عمران خان کہتا تھا کہ وقت ہے سپریم کورٹ اور نیوٹرل بھی سوچ لیں، عوام نے اپنی ترقی اور روزگار کیساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کی سیاست دفن ہو چکی ہے۔

  • لانگ مارچ: گرفتاریوں اور مقدمات کی تفصیل جاری

    لانگ مارچ: گرفتاریوں اور مقدمات کی تفصیل جاری

    پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ میں پولیس نے 39 افراد کی گرفتاری ظاہر کر دی۔

    تھانہ کوہسار پولیس نےگرفتار افراد کیخلاف 2 مقدمات درج کیے ہیں دونوں مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ کی دفعات شامل ہیں۔

    مقدمہ متن میں کے مطابق گرفتار افراد نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ایما پر جلاؤ گھیراؤ کیا۔

    اسدعمر، عمران اسماعیل، راجہ خرم نواز، علی امین گنڈاپور، علی نوازاعوان پر ایف آئی آر میں کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام ہے۔

    دونوں ایف آئی آر میں ملزمان کی مجموعی طور پر 150 ظاہر کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق جناح ایونیو پر میٹرواسٹیشن کو آگ لگائی گئی ایکسپریس چوک پر سرکاری گاڑی کونقصان پہنچایا گیا۔

  • مریم نفیس نے لانگ مارچ میں شرکت کی تصاویر شیئر کردیں

    مریم نفیس نے لانگ مارچ میں شرکت کی تصاویر شیئر کردیں

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نفیس نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت کی تصاویر شیئر کر دی ہیں۔

    مریم نفیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کر دیں۔ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ہم یہاں موجود ہیں، ہر طرف دھواں ہے لیکن ہمارا حوصلہ ہر بار کی طرح بلند ہے۔

    گزشتہ روز مریم نفیس نے پی ٹی آئی کے لانگ مارش کے شرکا کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے دوستوں اور دیگر خاندان والوں کے ساتھ 25 مئی کو سری نگر ہائی وے پر پہنچوں گی، امید کرتی ہوں کہ آپ بھی پاکستان کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں گے۔

    ویڈیو میں مریم نفیس کا کہنا تھا کہ اگر آپ اسلام آباد کے شہری ہیں تو پلیز اپنے گھروں سے دوسرے شہروں سے آنے والے شرکا کے لیے پانی ضرور لے کر آئیے گا، بہت گرمی ہے۔

  • لانگ مارچ : فواد چوہدری سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    لانگ مارچ : فواد چوہدری سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    جہلم : لانگ مارچ کے دوران غیر قانونی ریلی نکالنے اور پولیس پر پتھراؤ کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری سمیت 200 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے ، تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور فراز چوہدری سمیت 200افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر مختلف دفعات کے تحت تھانہ منگلامیں درج کی گئی ہے ، جس میں غیرقانونی ریلی نکالنے اور پولیس پر پتھراؤ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
    .
    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شرکا ریلی کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پتھراؤ سے پولیس وین اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    متن میں کہا ہے کہ فواد چوہدری میرپور سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جہلم آنا چاہتے تھے۔

    اس سے قبل لاہور کے مختلف تھانوں میں سینئر قیادت کے خلاف سرکارکی مدعیت میں مقدمات درج کئے گئے تھے، رہنماؤں میں جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حسن نیازی اور زبیر نیازی سمیت پارٹی کارکناں شامل تھے۔

    مقدمات صوبائی دارالحکومت کے تھانہ گلبرگ، بھاٹی گیٹ، شاہدرہ اور اسلام پورہ تھانوں میں پولیس اہلکاروں پر تشدد، اہلکاروں کو اغوا اور اینٹی رائٹ سامان چھیننے کے الزامات کے تحت درج کئے گئے جبکہ مقدمات میں سرکاری املاک کونقصان پہنچانے پر سنگین دفعات لگائی گئیں۔

  • حقیقی آزادی مارچ : لائیو کوریج کے دوران عوام کا اے آر وائی نیوز سے اظہار محبت، مائیک کو بوسہ بھی دے دیا

    حقیقی آزادی مارچ : لائیو کوریج کے دوران عوام کا اے آر وائی نیوز سے اظہار محبت، مائیک کو بوسہ بھی دے دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام گزشتہ روز نکالے جانے والے حقیقی آزادی مارچ میں عوام کا جوش وخروش قابل دید تھا۔

    آزادی مارچ کے شرکاء مختلف علاقوں سے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کارکنان نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام رکاٹیں صاف کیں۔

    عمران خان کی زیر قیادت آنے والے قافلے کے استقبال کیلئے ہزاروں لوگ مختلف شاہراہوں پر پہلے سے موجود تھے اور امپورٹڈ حکومت نامنظور اور جلد انتخابات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

    اس موقع پر مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے براہ راست نشریات کا عمل بھی جاری تھا اور لوگ ٹی وی چینلز پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کررہے تھے۔

    ایسے میں اے آر وائی نیوز سب پر بازی لے گیا، مارچ کے پرجوش شرکاء نے چینل کا کیمرہ دیکھ کر اے آر وائی زندہ باد کے زور دار نعرے لگائے۔

    ایک موقع پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے الفت مغل چینل کو تازہ صورتحال سے متعلق بیپر دے رہے تھے کہ اس دوران انہوں نے وہاں موجود کارکنان سے بھی بات کی۔

    انہوں نے ایک کارکن سے سوال پوچھا ہی تھا کہ پی ٹی آئی کارکن نے فرط جذبات سے اے آر وائی نیوز کے مائیک کو چوم لیا جس پر وہاں موجود لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی مختلف تقاریر میں اے آر وائی نیوز کی رپورٹنگ اور ریکارڈنگ کے حوالے سے اس کی تعریف کرتے رہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی لانگ مارچ  :  پیپلزپارٹی نے بڑا مطالبہ کردیا

    پی ٹی آئی لانگ مارچ : پیپلزپارٹی نے بڑا مطالبہ کردیا

    کراچی : پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران املاک جلانے کے مقدمات پی ٹی آئی قیادت پر درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سیدنیئرحسین بخاری نے املاک جلانے کے مقدمات پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    نیئر بخاری نے کہا کہفساد،انتشار،جلاؤگھیراؤ ریاست کی رٹ چیلنج کرنےکےمترادف ہے، پولیس گاڑیاں جلانا، امن قائم کرنیوالوں پرحملےغنڈہ گردی ہے۔

    سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسلام آباد و دیگر شہروں میں بینکوں کو لوٹنے والوں کوگرفتارکیاجائے اور سرکاری املاک کے نقصان کا تخمینہ لگا کر رقوم پی ٹی آئی سے وصول کی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وصول شدہ رقوم متاثرین میں تقسیم کر کے ازالہ کیا جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز پولیس حقیقی آزادی لانگ مارچ کے شرکا پر ٹوٹ پڑی ، نہتے لوگوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور آنسوگیس کی شدید شیلنگ کی گئی۔

    تمام ریاستی ہتھکنڈوں کے باوجود لوگ ڈٹے رہےاور کئی شیل پولیس پر واپس پھینک دیے جبکہ دوسری جانب اہلکار گلو بٹ کی طرح گاڑیوں کے شیشے توڑتے رہے۔

  • عمران خان نے حکومت کو 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا

    عمران خان نے حکومت کو 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت کو الیکشن کا اعلان کرنے کے لیے 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچ کر پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں حکومت کو چھ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا اگر امپورٹڈ حکومت نے الیکشن کا اعلان نہ کیا تو 30 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد واپس آؤں گا، امپورٹڈ حکومت چھ دن میں اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن کااعلان کرے۔

    عمران خان نے کہا میں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے یہاں بیٹھا رہوں گا، لیکن پچھلے 24 گھنٹے میں جو حالات دیکھے، ان سے پتا چلتا ہے کہ ان کی کوشش ہے ہماری پولیس سے لڑائی کروائی جائے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا یہ میرے ملک کو انتشار کی طرف لے جا رہے ہیں، یہ خود کو بچانے کے لیے عوام کو پولیس سے لڑوانا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں پولیس کے خلاف نفرت پھیلائی جائے، رینجرز کا استعمال کیا گیا، جیسے ہم دہشت گرد اور ملک کے غدار ہوں، یہ ہمیں اپنی فوج کے خلاف بھی کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اگر میں یہاں بیٹھ جاؤں تو یہ ہماری فوج اور پولیس سے لڑائی کروائیں گے، فوج بھی ہماری اور پولیس بھی ہماری اور عوام بھی ہمارے ہیں۔

    قبل ازیں، آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ جناح ایونیو پہنچا، تو جناح ایونیو میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، عوام امپورٹڈ حکومت نامنظور، اور غلامی نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔

    عمران خان نے جناح ایونیو پہنچ کر عوام سے خطاب میں کہا کہ پُر امن احتجاج ہمارا حق تھا لیکن امپورٹڈ حکومت نے تشدد کیا، میں سپریم کورٹ سے انصاف چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کس ملک کی جمہوریت میں پُرامن احتجاج کی اجازت نہیں؟ لیکن ہمارے 5 لوگوں کو شہید کیا گیا۔

    چیئرمین نے کہا میں ہمیشہ فیملیز کو اپنے جلسوں میں بلاتا ہوں، ہماری آزادی کی تحریک میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، میں خاص طور پر اپنی قوم کی خواتین کو سلام کرتا ہوں، امپورٹڈ حکومت نے تشدد کیا، ججز اور وکلا سے انصاف چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا ڈیزل نے 2 دفعہ اسلام آباد آ کر دھرنا دیا، ڈیزل کو بجائے روکنے کے ہم نے کہا تھا اپنا کنٹینر دے دیتے ہیں، بلاول سندھ سے کانپیں ٹانگنے کے لیے چلا، کیا ہم نے اسے روکا؟ کتنی دفعہ ان چوروں کے ٹولوں نے ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، انھوں نے مظاہرے کیے، میں نے کبھی پکڑ دھکڑ کی نہ رکاوٹ ڈالی، انھوں نے ہمارے دور میں احتجاج کیے، کیا ہم احتجاج نہیں کر سکتے۔

    خیال رہے کہ ڈی چوک پر موجود عوام رات بھر آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرتے رہے، صبح ہوتے ہی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر شیلنگ کی گئی، تاہم شیلنگ رکتے ہی عوام پھر ڈی چوک پر جمع ہو گئے۔

  • آزادی مارچ جناح ایونیو پہنچ گیا، ڈی چوک پر رات بھر شیلنگ

    آزادی مارچ جناح ایونیو پہنچ گیا، ڈی چوک پر رات بھر شیلنگ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ صبح سویرے جناح ایونیو پہنچ گیا، دوسری طرف ڈی چوک پر رات بھر پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ عمران خان کی قیادت میں جناح ایونیو پہنچ گیا، جناح ایونیو میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام امپورٹڈ حکومت نامنظور، اور غلامی نامنظور کے نعرے لگا رہے ہیں۔

    جناح ایونیو میں موجود عوام عمران خان کی قیادت میں مرکزی قافلے کے ساتھ ڈی چوک روانہ ہوں گے، ادھر ڈی چوک پر موجود عوام رات بھر آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرتے رہے، صبح ہوتے ہی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر شیلنگ کی گئی، تاہم شیلنگ رکتے ہی عوام پھر ڈی چوک پر جمع ہو گئے۔

    ڈی چوک پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی بد ترین شیلنگ کی گئی، جس سے ڈی چوک دھویں کے بادلوں میں چھپ گیا، صبح ہوتے ہی پولیس نے آنسو گیس شیل کی نئی کھیپ منگوا لی تھی، تاہم عوام ڈی چوک پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے قائد عمران خان کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں۔

    زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر عوام عمران خان کے استقبال کے لیے موجود ہیں، صبح ہوتے ہی عوام نے جمع ہونا شروع کیا اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔

    عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی ڈی چوک پہنچ گئی ہیں، علیمہ خان آنسو گیس کی شیلنگ میں بھی پھنسیں، انھوں نے کہا ہم ڈی چوک پر حقیقی آزادی قافلے کے استقبال کے لیے موجود ہیں، یہاں آنسو گیس کی بد ترین شیلنگ کی گئی ہے، سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔

    انھوں نے کہا ڈی چوک میں بزرگ موجود ہیں، ریٹائرڈ فوجی افسران بھی بیٹھے ہیں، یہ تحریک انصاف کی نہیں پورے ملک کی بات ہو رہی ہے، اپنے ملک کا خود دفاع کریں گے تو اور کسی کی ضرورت نہیں۔

  • لانگ مارچ لائیو: اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کا بھرپور استقبال، ریڈزون میں فوج طلب

    لانگ مارچ لائیو: اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کا بھرپور استقبال، ریڈزون میں فوج طلب

    سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت حقیقی آزادی کا مارچ کا قافلہ تمام تر رکاوٹیں عبور کرتا ہوا اسلام آباد میں پہنچ گیا ہے اور اپنی منزل ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہے جبکہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ریڈزون میں فوج طلب کر لی گئی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک پر کپتان کے استقبال کے لیے کھڑے کارکنان، خواتین اور نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے بدترین شیلنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور مظاہرین محفوظ مقام تلاش کرتے رہے۔

    ہزاروں گاڑیوں کے ساتھ کپتان کنٹینر پر سوار ہو کر اٹک پلُ کراس کر کے پنجاب سے اسلام آباد کے ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ایک طرف خیبرپختونخوا سے خود کپتان بڑے قافلے کی قیادت کر کے اپنی منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں تو دوسری جانب ملک بھر سے پی ٹی آئی کے قافلے اپنی مرکزی و صوبائی قیادت اور علاقائی عہدیدارن کے ہمراہ پیش قدمی کر رہے ہیں۔

    جگہ جگہ پولیس سے جھڑپوں، آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور تشدد کے واقعے پیش آئے ہیں جس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی راستوں پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا ہے فیض آباد انٹرچینج پر جھڑپیں ہوئی ہیں اور کارکن تمام رکاوٹ ہٹا کر زیرو پوائنٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

    پولیس نے کارکنوں کا روکنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی، گاڑیوں کے اندر شیل فائر کیے گئے جس سے سابق ارکان اسمبلی صداقت عباسی سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ بلیوایریا میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آئے اور صورتحال کیشدہ ہو گئی۔

    لاہور سے سابق وفاقی وزیر حماداظہر، شفقت محمود کی قیادت میں قافلے اسلام آباد کی طرف پہنچ رہے ہیں تو آزادکشمیر سے بھی چھوٹی بڑی ریلیوں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    سپریم کورٹ کا فیصلہ

    سپریم کورٹ نے حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کرنے کی ہدایت کردی۔

    سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے جلسے کیلیے حکومت کو ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومت کو رات 10 بجے تک پی ٹی آئی جلسے کیلیے ہر ممکن سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس حوالے سے معاملات طے کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو رات 10 بجے ملاقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے گرفتار تمام کارکنوں کو بھی رہا کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ گرفتار وکلا کے حوالے سے کہا ہے کہ جن وکلا پر کوئی سنگین الزام نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے۔

    عمران خان کا اہم پیغام

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد عوام کے نام اہم پیغام جاری کر دیا۔

    عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ کر دیا ہے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی پاکستانیوں  سے کہتا ہوں حقیقی آزادی مارچ کیلئےنکلیں اسلام آباد اور راولپنڈی والے پہنچنےکی پوری کوشش کریں میں بھی ڈیڑھ گھنٹےمیں اسلام آباد پہنچ جاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو کہتا ہوں اپنے اپنے شہروں میں بھی نکلیں یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت اور جہاد ہے ہم  کامیاب ہوں گےجب آپ گھروں سےنکلیں گے آپ نکلیں گےتوسب کو پیغام جائےگا یہ امپورٹڈحکومت  نامنظور ہے سب کوپیغام دیں گے کہ ہمیں کسی کی غلام قبول نہیں۔

    پی ٹی آئی کا پہلا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا

    آزادی مارچ کے سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ منزل ڈی چوک پر پی ٹی آئی کا پہلا قافلہ پہنچ گیا۔

    پولیس سے جھڑپوں، آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور تمام رکاوٹیں عبور کر کے پی ٹی آئی کے کارکنان ڈی چوک پہنچ گئے۔ تحریک انصاف کی خواتین کارکنان کی بڑی تعداد بھی ڈی چوک پر عمران خان کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔

    آئی جی اسلام آباد اکبرناصرخان کا کہنا ہے کہ ریڈزون میں کسی کو آنےکی ہر گز اجازت نہیں کسی نے ریڈزون کےقریب آنےکی کوشش کی توسختی سے نمٹا جائےگا افسران کوہدایات کی گئی ہےکہ قوت کا استعمال نہ کریں مظاہرین سےبھی اپیل ہےکہ وہ پرامن رہیں۔

    پی ٹی آئی کا حکومت کو دوٹوک پیغام

    تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے تو ہمیں دعوت دے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا حکومت کے کسی فرد سے رابطہ نہیں ہوا سردار ایاز صادق سمیت کسی حکومتی رہنما سے ملاقات نہیں ہوئی اگر حکومت بات چیت کرنا چاہتی ہے تو ہمیں دعوت دے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی لوگوں کو جو بتایا اس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے جلد ازجلد الیکشن کی تاریخ دیں کوئی حتمی بات ہوگی تو بات کرینگے ٹرک کی بتی کے پیچھے نہیں لگیں گے الیکشن کی تاریخ کےعلاوہ نہ کوئی بات سنیں گے نہ کریں گے۔

    کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپیں

    کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اس دوران قیدیوں کی وین جلا دی گئی

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ کارکنان پر امن احتجاج کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔

    ”ہم نے ڈنڈا اٹھا لیا تو رانا ثنا اللہ نظر نہیں آئیں گے“

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے ڈنڈا اٹھا لیا تو پولیس اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی نظر نہیں آئیں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر موجود ہوں گے، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور مطالبات منوا کر جائیں گے۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو کہتا ہوں کہ ابھی تو ابتدا ہے آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔

    دھرنا سیاست زہر قاتل ہے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے دھرنا سیاست زہر قاتل ہے۔

    ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ پختہ یقین رہا پاکستان شبانہ روز کی انتھک محنت سے ہی ترقی کرے گا پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئےدھرنا سیاست زہرقاتل ہے تمام ترتوجہ گورننس، معاشی مسائل پرقابوپانے کےفرائض پرمرکوز ہیں۔

    پی ٹی آئی عہدیدار پُل سے گر کر جاں بحق

    لاہور: پی ٹی آئی انصاف ویلفیئر ونگ سمن آباد کے عہدیدار فیصل عباس چوہدری پل سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں شفقت محمود اور مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ بتی چوک پل سے پولیس والوں نے فیصل عباس کو دھکا دے کر گرایا گیا ہے۔

    شفقت محمود کا کہنا ہے کہ فیصل عباس کا قاتل شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ہے، امپورٹڈ حکومت ہمارے معصوم کارکنوں کے خون کی پیاسی بنی ہوئی ہے۔