Tag: longest competition

  • باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس کا شمار انسانی فطرت کے قریب ترین کھیلوں میں کیا جاتا ہے وہ اس لیے کہ لوگ اکثر لڑائی کے دوران مکے بازی ہی کرتے ہیں۔

    یہ کھیل اولمپکس گیمز کا اہم ایونٹ اور دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، اس میں تکنیک، توانائی، ذہانت اور قوت برداشت کا بھرپور استعمال ہوتا ہے۔

    ویسے تو دنیا میں نامور باکسرز کے درمیان بڑے سنسنی خیز مقابلے ہوئے لیکن آج سے تقریباً 130 سال پہلے دو باکسرز کے درمیان ہونے والی لڑائی یادگار بن گئی، مقابلے کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے ایک دوسرے پر مسلسل 7 گھنٹے تک مکوں کی بارش جاری رکھی۔

    اس لڑائی کے دوران ان کی حالت قابل دید بلکہ قابل رحم تھی لیکن زخموں سے چُور باکسرز  کے عزم اور حوصلے کی بات کی جائے تو وہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔

    6اپریل 1893 کو نیو اورلینز میں باکسنگ کے شائقین نے ایک ایسا تاریخی اور تھکا دینے والا مقابلہ دیکھا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ مقابلہ جیک برک اور اینڈی بووین کے درمیان ہوا جو تاریخ کا سب سے طویل گلوز باکسنگ میچ قرار پایا۔

    دونوں باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ رات 9 بجے شروع ہوا اور اگلی صبح تقریباً 4 بجے تک جاری رہا، حیران کن طور پر یہ مقابلہ 110 راؤنڈز تک گیا جو 7 گھنٹے 19 منٹ پر محیط تھا۔ دونوں باکسرز نے ہمت نہ ہاری اور لگا تار ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔

    مقابلہ اس قدر سخت اور جان لیوا تھا کہ 110 راؤنڈز تک ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کرنے کے بعد دونوں باکسر اتنے تھک گئے کہ کرسی سے اٹھنے کی بھی سکت نہ رہی۔

    مقابلے کے اختتام پر جیک برک کے دونوں ہاتھوں کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ اینڈی بووین اتنے نڈھال ہوگئے کہ رنگ میں گر پڑے۔

    دونوں باکسرز کے مزید لڑنے کے قابل نہ رہنے پر ریفری نے مقابلے کو "نو کانٹیسٹ” قرار دے دیا، کیونکہ دونوں میں سے کوئی بھی ناک آؤٹ نہیں ہوا تھا لیکن بعد میں اسے ڈرا میں تبدیل کر دیا گیا اور انعامی رقم دونوں میں برابر تقسیم کی گئی۔