Tag: looming

  • بھارت تیزی سے اپنی سیکیولر شناخت کھو رہا ہے، امریکی رکن کانگریس

    بھارت تیزی سے اپنی سیکیولر شناخت کھو رہا ہے، امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن:امریکی رکنِ کانگریس نے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والا آرٹیکل 370 ختم کرکے بھارت کی سیکیولر حیثیت کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے۔

    تفصیلات مطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس اینڈی لیون نے ایک مضمون شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2005 میں بش انتظامیہ نے گجرات میں 2002 میں ہونے والے مسلم کش فسادات نہ روکنے پر نریندر مودی کے امریکا داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

    انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والی تنظیم نے کشمیر کے حوالے سے جاری کی گئیں اپنے 2 رپورٹس میں بھارتی حکومت کو باور کروایا تھا کہ کشمیر میں اس کی ’ترجیح شہری آزادی کا تحفظ ہونا چاہیے۔

    اسی طرح دوسری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وادی کشمیر میں ایک ماہ کے عرصے سے جاری محاصرے میں بنیادی آزادی کی خلاف ورزی، ضروری خدمات متاثر اور معیشت کو نقصان پہنچا ۔

    اسی قسم کی ایک رپورٹ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت پر زور دیا تھا کہ جموں کشمیر میں تمام سیاسی رہنماؤں کو فوری طور پر رہا اور جان بوجھ کر وادی میں اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروانے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

    واشنگٹن میں قائم سینٹر برائے اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (سی ایس آئی ایس) کا کہنا تھا کہ موودی اپنے آپ کو علاقائی طاقتور شخص کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں اور اس طاقتور شخصیت کے اردگرد ہندو قوم پرستوں کی حمایت بھی دکھانا چاہتے ہیں۔

    دوسری جانب واشنگٹن میں سفارت کاروں نے اس بات کی جانب بھی نشاندہی کی کہ جہاں پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے وہیں اس احتجاج کا مرکز مذہبی مراکز یا تنظیمیں نہیں ،ان کی رائے میں کشمیرکی حمایت میں نکالی جانے والی ریلیوں اور جلسوں سے پاکستان کی مذہبی جماعتیں غیر حاضر ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا تھا کہ ایک مغربی سفارت کار کا اس بارے میں کہنا تھا کہ اس احتجاج کے دورانِ ’نہ تو کوئی مذہبی بیان بازی ہوئی نہ جہاد کی کال دی گئی اور نہ ہی اسلحے کی نمائش کی گئی۔

    دوسرے سفارتکاروں کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان انتہا پسندوں کو قابو میں رکھنے کے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں پڑوسی ممالک کے خلاف پرتشدد سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔

    ایک اور سفارت کار کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اپنی مذہبی عقیدت سے متاثر ہوتے ہوئے بھارت کو سیکیولر سے ہندو ریاست بناتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

    سفارتکار کے مطابق بی جے پی حکومت نے پورے بھارت میں مسلمانوں کو عوامی سطح پر پاکستان کی مذمت کرکے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے مجبور کیا اور ان کے بیان ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر بھی چلائے گئے۔

  • اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    مقبوضہ بیت المقدس :‌ اسرائیل نے اپنے ایک فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے 4 اپریل 1982ء کو لبنان جنگ کے دوران میں لاپتہ ہونے والے اپنے ایک فوجی کی لاش واپس ملنے کا اعلان کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کی باقیات کی واپسی خفیہ انٹیلی جنس کارروائی کے ذریعے ممکن ہوسکی تھی۔

    اسرائیلی فرسٹ کلاس سارجنٹ زیچرے بومل سلطان یعقوب جنگ کے دوران میں لاپتا ہو گیا تھا۔ وہ امریکا میں پیدا ہوا تھا لیکن بعد میں نقل مکانی کرکے اسرائیل منتقل ہوگیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ فوجی صہیونی فوج کی مسلط کردہ جنگ کے دوران میں لبنان کی وادی بقاع میں لاپتا ہوا تھا اور اس وقت اس کی عمر اکیس سال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک تیسرے ملک کی مدد سے اس فوجی کی لاش واپس لینے میں کامیاب ہوا ہے اور اس کو روس کی ثالثی کے نتیجے میں لبنان میں غائب ہونے والے اس فوجی کی باقیات کا تابوت ملا تھا۔

    تاہم اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ روس کی خصوصی فورسز کو شام میں اس فوجی کا تابوت ملا تھا۔

    ایک اسرائیلی عہدے دار نے ہفتے کے روز اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اسرائیل نے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس عہدے دار نے رہا کیے جانے والے قیدیوں کی شناخت نہیں بتائی ہے۔ البتہ اسرائیلی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں قیدی شامی شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شامی یا روسی حکام نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔