Tag: looting

  • جامشورو : موٹر وے پر ڈاکوؤں کی مسافرکوچ میں لوٹ مار

    جامشورو : موٹر وے پر ڈاکوؤں کی مسافرکوچ میں لوٹ مار

    جامشورو : کراچی سے سانگھڑ جانے والی مسافر کوچ کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، واردات کیخلاف کوچ ڈرائیور اور مسافروں نے دھرنا دے دیا۔

    سندھ میں امن و امان کی خراب صورتِ حال اور گزشتہ کئی برسوں میں جرائم کی شرح میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ صوبے میں چوری، ڈکیتی، لوٹ مار، ہائی وے کرائم ، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بڑھتی ہی جارہی ہیں۔

    نوری آباد کے قریب موٹر وے پر7ڈاکوؤں نے 30سے زائد مسافروں کو لوٹ لیا، مسافر کوچ کراچی سے سانگھڑ جارہی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق 7مسلح ڈاکو مسافر بن کر کراچی سے بس میں سوار ہوئے تھے، نوری آباد کراس کرتے ہی مسلح ڈاکوؤں نے مسافروں کو یرغمال بنالیا۔

    ڈاکوؤں نے لونی کوٹ تک خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں سے لوٹ مار کی، ڈاکو تمام مسافروں سے لاکھوں مالیت کی نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔

    کوچ ڈرائیور اور مسافروں نے ڈکیتی کیخلاف ایم نائن موٹر وے پر دھرنا دے دیا، مسافروں کے احتجاج کے باعث کراچی سے حیدرآباد آنے والی ٹریفک معطل ہوگئی، قومی شاہراہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

  • لاہور کے انارکلی بازار میں بھارت سے آنے والی سکھ خواتین سے لوٹ مار

    لاہور کے انارکلی بازار میں بھارت سے آنے والی سکھ خواتین سے لوٹ مار

    لاہور : مسلح افراد نے لاہور کے انارکلی بازار میں بھارت سے آنے والی سکھ خواتین کو لوٹ لیا، ڈولفن اسکواڈ نے ملزمان کو پکڑ کر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں بھارت سے بابا گرونانک کے جنم دن پر پاکستان آنے والی سکھ خواتین یاتریوں سے لوٹ مار کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    دو مسلح افراد نے دن دہاڑے سکھ خواتین یاتریوں سے ان کے پرس اور طلائی زیورات چھینے اور موقع سے فرار ہوگئے۔

    خواتین کی چیخ وپکار پر وہاں قریب ہی سکھ یاتریوں کی حفاظت پر مامور ڈولفن اسکواڈ کے اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کرکے پکڑ لیا۔

    اہلکاروں نے دونوں ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے زیورات اور پرس برآمد کرکے خواتین یاتریوں کے حوالے کردیا۔

    اس موقع پر سکھ خواتین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈولفن اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، یہاں آکر تحفظ کا بھرپور احساس ہوتا ہے۔