Tag: lorry

  • امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    واشنگٹن: امریکا میں غیر قانونی پناہ گزینوں سے بھرے ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکسس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، یہ غیر قانونی پناہ گزین تھے جن کو ٹیکسس کے جنوب میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔

    حکام نے دیگر 16 افراد کو ٹرک سے مقامی اسپتال بھی منتقل کیا ہے۔

    سان انتونیو کے فائر کنٹرول کے محکمے کے مطابق ان افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی تاہم مرنے والوں میں بچے شامل نہیں۔

    فائر چیف چارلس ہڈ کا کہنا ہے کہ جن متاثرین کو اسپتال پہنچایا گیا وہ ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کا شکار تھے، یہ ریفریجیریٹڈ ٹریکٹر ٹرالر تھا لیکن بظاہر اس کا کوئی اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرک ریاست کے جنوب مغربی علاقے میں ریل کی پٹڑی کے قریب سے کھڑا ملا تھا۔

    ٹویٹر پر شیئر کی گئیں تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرالر کے ارد گرد پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ ایمبولینس بھی کھڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں گزشتہ دہائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ واقعہ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔

    سان انتونیو کے علاقے میں سنہ 2017 میں 10 غیر قانونی تارکین وطن ایک ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سنہ 2003 میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 19 غیر قانونی پناہ گزین حبس کے باعث ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے۔

  • برطانیہ میں ٹرالرمکان سے جا ٹکرایا، خاتون ہلاک تین زخمی

    برطانیہ میں ٹرالرمکان سے جا ٹکرایا، خاتون ہلاک تین زخمی

    لندن : برطانیہ میں ٹرالر بے قابو ہوکر مکان سے جا ٹکرایا ، ایک خاتون ہلاک جبکہ تین افراد حادثے میں زخمی ہوئے ہیں، ٹرالر میں سوار افراد اسے چوری کرکے لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطاب برطانیہ کے علاقے بریرلے میں پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک تیز رفتار ٹرالر مکان سےجا ٹکرایا ہے ، دریں اثناءٹرالر کا تعاقب کرتی ہوئی پولیس پٹرولنگ پارٹی فوراً ہی موقع واردات پر پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق دو افراد اس ٹرالر کو چرا کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے اور پولیس ان کا تعاقب کررہی تھی ، ملزمان گھبراہٹ میں رفتار پر قابو نہ رکھ سکے اور ٹرالر مکان کی دیوار تو ڑ کر اندر جا گھسا۔

    پولیس کےمطابق سانحے میں ہلاک ہونے والی پچاس سالہ خاتون کا متاثرہ مکان سے کوئی تعلق نہیں تھا ، وہ ایک بد قسمت راہ گیر تھیں جو کہ غلط وقت پر غلط جگہ آگئی تھیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر تین افراد کے بارے میں پولیس نے کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ خاتون اور مکان سے ٹکرانے سے قبل ٹرالر دو گاڑیوں سے بھی ٹکرا چکا تھا ۔ پولیس نے واقعے میں ملوث کل چار ادفراد کو حراست میں لیا ہے ۔

    واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ہے کہ ٹرالر کے ٹکرانےکے بعد دو جواں عمر افراد ٹرالر کے کیبن سے اتر کر فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹرالر اور اس کےسوار حادثے سے پہلے بھی ایک جرم میں ملوث تھے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔