Tag: los angeles

  • امریکا کے جنگلات کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

    امریکا کے جنگلات کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

    امریکا کے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی جنگلات میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، تیز ہواؤں کے باعث آگ وسیع رقبے پر پھیل گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر لاس اینجلس کے سانتامونیکا ماونٹینز کے علاقے میں 200 ایکڑ کا رقبہ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ آگ کے نتیجے میں پیسفک پلیسیڈز میں 2 مکان جل گئے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ہائی وے سمیت متاثرہ علاقے میں دھویں کے گہرے بادل اور افراتفری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، جس سے لوگوں کے انخلا میں مشکلات پیش آئیں۔ کئی افراد گاڑیاں سڑکوں پر چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پرتگال کے جنگلات میں لگی آگ سات افراد کی جان لے گئی تھی، سو مقامات پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے پانچ ہزار فائر فائٹرز اور ہیلی کا پٹر کا استعمال کیا گیا تھا۔

    آگ جنگل میں لگی جس نے قریبی آبادی کو بھی شدید نقصان پہنچایا، درجنوں مکانات اور گاڑیاں جل گئیں۔

    کینیڈا کے جنگلات میں آگ، تاریخی قصبہ راکھ کا ڈھیر بن گیا

    حکام کا کہنا ہے آگ پرقابو پالیا گیا ہے، اس کے علاوہ آتشزدگی کے دوران لوٹ مار کے الزام میں دس افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • لاس اینجلس زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا

    لاس اینجلس زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، زلزلے کی شدت 4.4ریکارڈ کی گئی ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹراسکیل پر زلزلے کی شدت چار اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی ہے جس کا مرکز شمال مشرقی علاقہ ہائی لینڈ پارک تھا۔

    زلزلے کی گہرائی بارہ اعشاریہ ایک کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے ، زلزے سے شہر کا مضافاتی علاقہ ایل سرینو لرز کر رہ گیا جبکہ جھٹکوں کے بعد عوام رہائشی اور دفتری عمارتوں سے باہر نکل کر کھلے آسمان تلے جمع ہوگئے۔

    حکام کے مطابق ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔، زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شہر پاساڈینا کے حکام نے بتایا کہ جھٹکوں کی وجہ سے سٹی ہال کے اندر پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے ملازمین کو عارضی طور پر عمارت خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑا لیکن ساتھ ہی اب تک کسی بڑے نقصان کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔

  • امریکا میں ہجوم نے سپر اسٹور لوٹ لیا

    امریکا میں ہجوم نے سپر اسٹور لوٹ لیا

    امریکی شہر لاس اینجلس میں بے شمار لوگوں کے ہجوم نے اچانک ایک سپر اسٹور پر دھاوا بول کر اسے لوٹ لیا، پولیس نے مذکورہ افراد کی شناخت کے لیے عوام سے مدد مانگی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ہفتے کی رات پیش آیا جب سڑک پر موجود افراد نے جتھے کی صورت اسٹور پر حملہ کیا۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ اسٹور میں موجود ریکس سے مختلف اشیا جیسے اسنیکس، ڈرنکس اور سگریٹس وغیرہ اٹھا رہے ہیں۔

    دکان میں اس وقت عملے کا ایک شخص بھی موجود تھا جو اپنی جان جانے کے خوف سے ایک طرف سہما ہوا کھڑا رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل کچھ موٹر سائیکل سواروں نے اپنی بائیکس کے ذریعے سڑک کو تمام اطراف سے بند کردیا تھا، اس کے بعد وہ تمام لوگوں کے ساتھ مل کر اسٹور پر حملہ آور ہوئے۔

    مقامی پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت جانتے ہیں تو پولیس کی مدد کریں۔

  • ہالی ووڈ اداکار نے خاتون کیمرہ مین پر فائرنگ کردی

    ہالی ووڈ اداکار نے خاتون کیمرہ مین پر فائرنگ کردی

    لاس اینجلس : مشہور امریکی اداکار ایلیک بالڈون نے فلم "رسٹ” کی شوٹنگ کے دوران ایک خاتون کیمرہ مین کو غلطی سے گولی مار دی۔

    سانٹا فے پولیس اسٹیشن نے یہ اطلاع میڈیا کو دی جس کے مطابق گولی لگنے سے خاتون کیمرہ مین نے موقع پر جان دے دی، اس واقعے میں ایک فلم ڈائریکٹر بھی زخمی ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے اور متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ جمعرات کی رات فلم "رسٹ” کے سیٹ پر ایک حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون  ہلاک اور ایک دیگر شخص زخمی ہوگیا۔

    شیرف آفس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیرف آفس نے تصدیق کی ہے کہ "رسٹ” کے سیٹ پر دو افراد، 42سالہ فوٹو گرافی ڈائریکٹر ہیلینا ہنچِس اور 48سالہ ڈائریکٹر جوئل سوزا کو اداکار اور پروڈیوسر 68 سالہ ایلیک بالڈون کی غلطی سے گولی لگ گئی۔

    پولیس حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، شیرف آفس کے بیان کے مطابق حادثے کی بابت اب تک کوئی باقاعدہ مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

  • فلمی دنیا کا بڑا میوزیم سیاحوں کے لیے کھلنے کو تیار

    فلمی دنیا کا بڑا میوزیم سیاحوں کے لیے کھلنے کو تیار

    کیلیفورنیا: لاس اینجلس میں پہلے فلمی میوزیم کا افتتاح ہونے جا رہا ہے، جو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے نہایت پرکشش جگہ ثابت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فلمی دنیا کا بڑا میوزیم سیاحوں کے لیے کھولے جانے کے لیے تیار ہے، اکیڈمی میوزیم آف موشن پکچرز 30 ستمبر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    روئٹرز کے مطابق 28 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلا یہ میوزیم دو عمارتوں پر مشتمل ہے، جنھیں شیشے کے ایک پُل کے ذریعے آپس میں جوڑا گیا ہے، میوزیم کے اندر 2 تھیٹرز بھی موجود ہیں۔

    اس میوزیم میں فلموں کی یادگاروں کے علاوہ ہالی ووڈ کے تنازعات کو بھی جگہ دی گئی ہے، جس میں ’می ٹو‘ جیسے تنازعات بھی شامل ہیں۔

    یہ میوزیم اطالوی ڈیزائنر رینزو پیانو نے ڈیزائن کیا ہے، جس کا اعلان 2012 میں کیا گیا تھا، جس کا افتتاح 2016 میں کیا جانا تھا، لیکن تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔

    میوزیم کو ہالی ووڈ کی مشہور پروڈکشن کمپنیز وارنر بروس، ڈزنی اور آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی 39 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ سے تیار کیا گیا ہے۔

    اکیڈمی میوزیم آف موشن پکچرز کے بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن اور دو مرتبہ آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے والے اداکار ٹوم ہینکس اور امریکی اداکارہ اینا کینڈرک نے میوزیم کی پری اوپننگ تقریب میں شرکت کی۔

  • ہالی ووڈ کے سینئر اداکار کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا کی نیلامی

    ہالی ووڈ کے سینئر اداکار کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا کی نیلامی

    لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی ووڈ کے سینئر اداکار سلویسٹر اسٹیلون کی مشہور فلموں میں استعمال ہونے والی اشیا نیلام کی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایکشن فلموں کے ہیرو سلویسٹر اسٹیلون کی فلموں میں استعمال شدہ اشیا نیلامی کے لیے پیش کر دی گئیں۔

    سلویسٹر اسٹیلون کے مداحوں کے لیے فلم ‘راکی’ کے باکسنگ گلووز اور ‘ریمبو’ کے ہیڈ بینڈ سمیت کئی اشیا نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

    75 سالہ سلویسٹر اسٹیلون کی ان یادگار اشیا کی نیلامی لاس اینجلس میں اس سال 5 دسمبر کو ہوگی اور امید کی جا رہی ہے کہ اس نیلامی سے 15 لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم جمع ہوگی، وہ اپنا گھر تبدیل کر رہے ہیں اسی لیے یہ اشیا نیلام کر رہے ہیں۔

    یہ اشیا جن مشہور فلموں میں استعمال ہوئی ہیں ان میں راکی، ریمبو، دی ایکسپینڈیبلز، کلف ہینگر، ڈیمولیشن مین، دی اسپیشلسٹ، اساسنز، اسکیپ پلان، کاپ لینڈ اور جج ڈریڈ شامل ہیں۔

    جولینز آکشنز کا کہنا ہے کہ سلویسٹر اسٹیلون کے ذاتی آرکائیو سے لگ بھگ 500 اشیا نیلام کی جا رہی ہیں، ان میں مشہور فلموں میں استعمال کیے گئے کاسٹیومز، پروپس، اسکرپٹس، نوٹ بُکس اور ایسی دیگر یادگار چیزیں شامل ہیں۔

    نیلامی کے ایک بلاک میں سلویسٹر اسٹیلون کی دیگر ذاتی اشیا بھی رکھی جا رہی ہیں، جن میں ایوارڈز، نفیس زیورات، فرنیچر، سگار کا سامان اور دیگر قیمتی چیزیں شامل ہیں۔

  • چلتے طیارے میں مسافر کی خوفناک حرکت، دیکھنے والوں کی چیخیں نکل گئیں

    چلتے طیارے میں مسافر کی خوفناک حرکت، دیکھنے والوں کی چیخیں نکل گئیں

    آپ نے اکثر سڑکوں پر چلتے یا بس میں بیٹھے دیکھا ہوگا کہ کوئی مسافر اپنا اسٹاپ آنے پر بس کے دروازے پر کھڑا ہوتا ہے اس کو نہ جانے کس بات کی جلدی ہوتی ہے کہ وہ بس رکنے سے پہلے ہی اتر کر بھاگنا شروع کردیتا ہے۔

    ایک ایسا ہی منظر امریکی شہر لاس اینجلس میں بھی پیش آیا لیکن اچھنبے کی بات یہ ہے کہ وہ وہ بس نہیں تھی بلکہ ایک مسافر طیارہ تھا، کیا کوئی مسافر ایئر پورٹ کے رن وے پر دوڑتے طیارے سے دروازہ کھول کر باہر چھلانگ لگانے کی ہمت کرسکتا ہے؟ ،

    اس کا جواب ہے یقیناً نہیں لیکن امریکی شہر لاس اینجلس میں ایسا ہی ایک مسافر نے کیا جس نے رن وے پر چلتے طیارے سے چھلانگ لگائی، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

    لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یہ واقعہ جمعے کی شام کو اس وقت پیش آیا جب اچانک ایک شخص نے پہلے کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کی عملے کے بروقت ایکشن لینے پر اسے ناکامی کاسامنا کرنا پڑا۔

    فضائی کمپنی اور ایف بی آئی کے مطابق کاک پٹ میں داخل ہونے میں ناکامی پر اس نے سروس ڈور کو کھولا اور ایمرجنسی سلائیڈ سے نچیے چھلانگ دی اور شدید زخمی ہوگیا، مذکورہ شخص کو فوری طور پر حراست میں لے کر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس واقعے کے بعد سالٹ لیک سٹی جانے والا طیارے بھی واپس اپنے گیٹ پر چلا گیا جبکہ اس پر سوار کوئی اور مسافر زخمی نہیں ہوا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہے اور فی الحال اس شخص کی جانب سے اس حرکت کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔

    اس سے قبل 24 جون کو اسی ایئرپورٹ پر ایک ڈرائیور مال بردار مرکز سے ایئرفیلڈ میں چلا گیا تھا اور پولیس کے تعاقب پر اپنی گاڑی کو رن ویز پر گھماتا رہا۔ بعدازاں اس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا اور 2 رن ویز کو کچھ وقت کے لیے بند کرنا پڑا۔

  • کامیڈی اورایڈونچر سے بھرپور اینی میٹڈ فلم ’’ونڈرپارک‘‘ کی نئی جھلکیاں ریلیز

    کامیڈی اورایڈونچر سے بھرپور اینی میٹڈ فلم ’’ونڈرپارک‘‘ کی نئی جھلکیاں ریلیز

    لاس اینجلس : کامیڈی اورایڈونچر سے بھرپور اینی میٹڈ فلم ’’ونڈرپارک‘‘ کی شرارتوں سے بھرپور نئی جھلکیاں جاری کردی گئیں، فلم پندرہ مارچ کو پردے پردھوم مچائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جنگلوں میں چھپے جادوئی ونڈر لینڈ کی دریافت اینی میٹڈ فلم ’’ونڈرپارک‘‘ کی نئی جھلکیاں جاری کردی گئیں بچی نے اپنے دوستوں کی مدد سے تباہ شدہ انوکھا پارک تعمیر کرنے کی ٹھان لی۔

    ہدایت کار ڈائی لین سی براؤن کی اس فلم کی کہانی ایک ایسی بچی اور اس کے دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو نت نئی رائیڈز کے شوقین ہوتے ہیں اور ایک ایسے جادوئی امیوزمنٹ پارک میں پہنچ جاتے ہیں جہاں ایک نئی دنیا اس کا انتظار کر رہی ہوتی ہے۔

    فلم ’’ونڈرپارک‘‘ پر دس کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔ اس کامیڈی فلم کے مختلف اینی میٹڈ کرداروں کے ڈائیلاگ معروف ہالی وڈ اداکارملا کیونس، جنیفیر گارنز، کین ہڈسن، جان اولیور، کین جیونگ، صوفیہ مالی، کیون چیمبر لن، بریانا ڈینسکی اور نوربرٹ لیو برٹز کی آوازوں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ فلم ’’ونڈرپارک‘‘ 15مارچ کو بڑے پردے پردھوم مچائے گی۔

  • برٹش کرائم ڈرامہ فلم یارڈی کا نیا ٹریلر جاری

    برٹش کرائم ڈرامہ فلم یارڈی کا نیا ٹریلر جاری

    لاس اینجلس : ڈرگ مافیا کے گرد گھومتی برٹش کرائم ڈرامہ فلم یارڈی کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا، ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم یارڈی وکٹر ہیڈلے کے ناول سے ماخوذ ہے جو انیس سو اسی کی دہائی کے لندن کے ڈرگ مافیا کےگرد گھومتی ہے۔

    ادریس ایلبا کی ہدایت کاری میں بننے والی برٹش ڈرامہ فلم میں امل امین، اسٹیفن گراہم، اکین غزی، مارک رہینو، فریسر جیمز اور نوامی ایکی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، میری برک اور گیناکارٹر کی مشترکہ پروڈیوس کردہ فلم چوبیس اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    ٹریفک جام سے شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    بڑے شہروں میں ٹریفک جام ایک معمول کی بات ہے۔ دفاتر اور مختلف کاموں کے لیے جانے والے افراد کو تقریباً روزانہ ہی ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام ہماری جسمانی، دماغی و نفسیاتی صحت پر بدترین اثرات مرتب کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ٹریفک جام کے وقت ہارن اور گاڑیوں کا شور، بھانت بھانت کے لوگوں کا شور، گاڑیوں کا دھواں، فضائی آلودگی وغیرہ یہ سب نہ صرف جسمانی طور پر نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ لوگوں کے موڈ اور مزاج پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک جام کے صحت پر بدترین نقصانات

    علاوہ ازیں ٹریفک جام وقت کے زیاں کا سبب بھی بنتا ہے۔ امریکی ریاست ٹیکسس کے ٹرانسپورٹیشن انسٹیٹیوٹ کے مطابق بڑے شہروں میں ہر شخص سال میں اوسطاً 42 گھنٹے ٹریفک جام میں گزارتا ہے۔

    حال ہی میں ماہرین نے ٹریفک جام کے ایک اور نقصان کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق ٹریفک جام میں وقت گزارنا چونکہ ذہنی تناؤ، دباؤاور غصے کا سبب بنتا ہے، لہٰذا یہ کیفیات کسی بھی شخص کو لاشعوری طور پر جرم کی طرف مائل کرتی ہیں۔

    تحقیق میں امریکی شہر لاس اینجلس کے ٹریفک کے بہاؤ اور وہاں کی پولیس کو درج کی جانے والی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھا گیا کہ بہت زیادہ ٹریفک کی وجہ سے گھریلو تشدد کے واقعات زیادہ رپورٹ ہوئے۔

    مذکورہ تحقیق میں بتایا گیا کہ گھریلو تشدد سمیت دیگر متشدد جرائم میں ملوث افراد جان بوجھ کر یہ نہیں کرتے، بلکہ یہ کام ان سے لاشعوری طور پر سرزد ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے۔

    مزید پڑھیں: کیا آپ شور شرابہ کے نقصانات جانتے ہیں؟

    ماہرین اس سے قبل بھی ٹریفک جام اور اس کے شور کے نقصانات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ بڑے اور پرشور شہروں میں رہنے والے افراد میں بڑھاپے سے قبل ہی بہرے پن کا قوی امکان موجود ہوتا ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے مطابق گاڑیوں کا دھواں کینسر سمیت متعدد جان لیوا بیماریوں کو جنم دے سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔