Tag: lost

  • نظریہ ارتقا پیش کرنے والے چارلس ڈارون کے ہاتھ سے لکھی کتابیں چوری

    نظریہ ارتقا پیش کرنے والے چارلس ڈارون کے ہاتھ سے لکھی کتابیں چوری

    برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کی لائبریری نے اعلان کیا ہے کہ نظریہ ارتقا پیش کرنے والے معروف ماہر حیاتیات چارلس ڈارون کی 2 کتابیں گزشتہ 20 برس سے گمشدہ ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق چوری ہونے والی کتابیں ڈارون کے مشہور زمانہ نظریہ ارتقا سے متعلق ان کے اہم خیالات اور ان کے معروف ٹری آف لائف کے خاکوں پر مشتمل تھیں۔

    ڈارون نے سنہ 1837 میں ایک سفر سے واپس آنے کے بعد چمڑے کی یہ نوٹ بکس لکھی تھیں۔

    کیمبرج یونیورسٹی کی لائبریری کے مطابق ان کتابوں کی مالیت لاکھوں پاؤنڈز تھی، قوی امکان ہے کہ یہ چوری ہوچکی ہیں۔

    لائبریری انتظامیہ کے مطابق ان نوٹ بکس کو نومبر سنہ 2000 میں فوٹوگرافی کے لیے اسپیشل مینو اسکرپٹس اسٹور روم سے باہر منتقل کیا گیا۔ تصاویر کھینچنے کے لیے ان کتابوں کو اسی عمارت میں ایک عارضی اسٹوڈیو میں لے جایا گیا جہاں تعمیراتی کام جاری تھا۔

    اس کے 2 ماہ بعد جب کتابوں کی ایک روٹین کی چیکنگ ہوئی تب انکشاف ہوا کہ یہ قیمتی نوٹ بکس غائب ہیں۔

    لائبریرین ڈاکٹر جیسیکا گارڈنر کا کہنا ہے کہ ہم قطعی طور پر لاعلم ہیں کہ ان 2 ماہ میں یہ کتابیں کس طرح غائب ہوئیں، یقینی طور پر انہیں درست انداز میں حفاظت سے نہیں رکھا گیا جس کے باعث یہ افسوسناک صورتحال پیش آئی۔

    اس سے قبل رواں برس لائبریری میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی گئی تاہم منتظمین گمشدہ کتابیں ڈھونڈنے میں ناکام رہے۔

    مذکورہ عمارت میں تقریباً ایک کروڑ کتابیں، نقشے اور مسودے شامل ہیں اور اس میں دنیا کی اہم ترین ڈارون آرکائیوز بھی شامل ہے۔

    لائبریری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامی پولیس کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ کتابوں کو چوری شدہ آرٹ ورکس سے متعلق انٹرپول کے ڈیٹا بیس میں بھی شامل کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں لوگوں سے بھی اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

  • میرے فالورز کم ہو گئے ہیں‘ ٹرمپ کا ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے شکوہ

    میرے فالورز کم ہو گئے ہیں‘ ٹرمپ کا ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے شکوہ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو سے ہونے والی ملاقات میں ٹوئٹر پر اپنے فالورز کی تعداد میں کمی کا شکوہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے ملاقات کا زیادہ حصہ ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو سے اپنے فالورز میں کمی کے حوالے سے سوالات کرنے میں گزار دیا تھا۔

    رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی تشویش کے جواب میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو نے صدر کو واضح کیا کہ کمپنی جعلی ٹویٹر اکاﺅنٹس کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس وجہ سے بہت سی نامور شخصیات کے فالورز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

    چیف ایگزیکٹو جیک ڈارسی کا کہنا تھاکہ کمپنی کے اس اقدام سے ان کے فالورز بھی پہلے کی نسبت کم ہوئے ہیں۔

    جیک ڈارسی کی وضاحت کے باوجود صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ رپبلکن پارٹی کے رکن ہونے کی وجہ سے ٹوئٹر کمپنی ان سے تعصب رکھتی ہے۔’بطور رپبلکن (ٹوئٹر کمپنی ) میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتی اور یہ بہت امتیازی رویہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے اعداد و شمار دینے والے ادارے ’کی حول‘ کے مطابق جولائی کے مہینے سے اب تک صدر ٹرمپ نے اپنے پانچ کروڑ تیس لاکھ ٹوئٹر فالورز میں سے 2 لاکھ 4 ہزار فالورز کھوئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں بھی صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے ٹویٹ کیا تھا کہ ٹوئٹر نے ان کے اکاﺅنٹس سے بہت سے لوگوں کو ہٹایا ہے اور کمپنی نے ایسے اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے لوگوں کو اکاﺅنٹ بنانے میں مشکل آرہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غلط خبروں کی تشہیر کر کے مبینہ طور پر ووٹرز پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جس کے بعد سے ٹویٹر نے مشتبہ اکاﺅنٹس کو بند کرنے کا سلسہ شروع کر دیا تھا۔

    صدر ٹرمپ سمیت دیگر رپبلکن پارٹی کے ممبران بھی ٹوئٹر پر ان کی جماعت کی طرف تعصب رکھنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ ٹویٹر کمپنی کے عہدیداروں نے ان الزامات کو ہمیشہ رد کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا شمار ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی نامور شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کے ٹویٹر پر پانچ کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں۔

    ٹوئٹر کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر کارلوس مونشے نے گزشتہ مہینے امریکی سینیٹ میں سماعت کے دوران واضح کیا تھا کہ ان کی کپمنی سے متعلق فیصلے اور ٹویٹر پرشائع کیے جانے والے موادکا تعین سیاسی نظریات اورپارٹی وابستگیوں کی بنیاد پرنہیں کیا جاتا۔

  • ویمنز ورلڈ ٹی 20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا دیا

    ویمنز ورلڈ ٹی 20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا دیا

    پرویڈنس: ویمنز ورلڈ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف چوون رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پرویڈنس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن کیویز بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    نیوزی لینڈر کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر ایک سو چوالیس رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ثناء میر اور عالیہ ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔

    جواب میں پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، سوائے جویریہ خان چھتیس رنز کے کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہ رک سکی اور پوری ٹیم نوے رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    ویمنز ورلڈ ٹی 20: پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دے دی

    ایمیلا کیر اور جیس وٹکین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جیس وٹکین میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دی تھی۔

    آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 101 رنز بناسکی تھی۔

    واضح رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاکستان کو بھارت اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ قومی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف ایک ہی کامیابی اپنے نام کی ہے۔

  • پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ریاض : پاکستانی نوجوانوں نے حج مناسک کی ادائیگی کے دوران لاکھوں انسانوں کے سمندر میں لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی۔ جس کی مدد سے بچھڑجانے والے شخص کا فوری طور پر پتہ لگایا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب نے اپنے تمام تر وسائل حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے وقف کردیے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض باآسانی ادا کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ریاست سمیت دنیا بھر سے سافٹ ویئر کے ماہرین کو سعودیہ بلوایا تھا تاکہ ایسی اپلیکیشنز بنوائی جاسکیں جو حج کی ادائیگی کے دوران عازمین کو پیش آنے والی مشکلات سے بچا سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔

    پاکستانی ماہرین سافٹ ویئرز کے مطابق مذکورہ ایپلیکیشن بلوتوتھ رسٹ بینڈ کے ذریعے کام کرے گی جو عازمین حج اپنے ہاتھوں میں گھڑیوں کی طرح پہنیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خواتین کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد نے عجم عازمین حج عربی زبان کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔

    سعودی، یمنی اور ایریٹیریا کی 5 خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے باہمی طور پر میڈیکل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایپلی کیشن تیار کی ہے جو جیو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے متاثرہ کو فوری تلاش کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے 4 سعودی نوجوانوں نے کچرے کے ڈبوں پر لگانے کے لیے سنسر بنایا ہے جس کی مدد نے حکام کو ڈسٹ بن کے بھرجانے کا فوری علم ہوجائے گا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے 3 ہزار ماہرین سافٹ ویئرز کو متعدد ایپلی کیشز کی تیاری کے لیے مدعو کیا گیا تھا، بہترین ایپلیکیشن بنانے والے کو تقریب کے اختتام پر 20 لاکھ سعودی ریال انعام میں دیئے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2015 میں حج مناسک کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2300 سے زائد عازمین حج جبکہ مکۃ المکرمہ میں کرین گرنے سے 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور  بھگڈر کے دوران بچھڑنے والے افراد کا کچھ پتہ نہیں لگا تھا۔ جس کے بعد سعودی حکام کو شدید تنقید نشانہ گیا تھا۔

  • ’فیس بک‘ کے بانی مارک زکربرگ کے ایک ہفتے میں10ارب ڈالر ڈوب گئے

    ’فیس بک‘ کے بانی مارک زکربرگ کے ایک ہفتے میں10ارب ڈالر ڈوب گئے

    مینلوپارک :  ڈیٹا اسکینڈل کے باعث سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ کے بانی مارک زکربرگ کے ایک ہفتے میں دس ارب ڈالر ڈوب گئے جبکہ کمپنی کے حصص کی قیمت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

    فیس بک ڈیٹالیک اسکینڈل کے باعث مسائل کا شکار ہوگئی، امریکی حکام کی جانب سے تحقیقات کے باعث حصص بازاروں فیس بک کے شیئرز کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دس دنوں میں شیئر کی قیمت میں پچیس ڈالر کی کمی ہوئی ، اس کمی کا سب سے زیادہ اثر مارک زکربرگ کے اثاثوں پر پڑا، جس کے باعث ایک ہفتے کے اندر ان کے اثاثوں میں دس ارب ڈالرزکا نقصان کی کمی ہوئی۔

    زکربرگ چالیس کروڑ حصص کے مالک ہیں اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال کے بعد فیس بک کو تنقید اور تحقیقات کا سامنا ہے اور فیس بک کے پانچ کروڑ صارفین کے ڈیٹا کا سیاسی مشاورتی ادارے کی جانب سے غلط استعمال سامنے آنے پر تحقیقات جاری ہیں، صارفین کے ڈیٹا کا مبینہ طور پر امریکی صدارتی انتخاب میں استعمال کیا گیا تھا۔

    برطانیہ میں بھی ڈیٹا حاصل کرنے والے سیاسی مشاورتی ادارے کیخلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ فیس بک بانی مارک زکربرگ کو برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وضاحت کے لئے طلب کرلیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں :  صارفین کے ڈیٹا کاغلط استعمال، فیس بک کے بانی نے غلطی تسلیم کرلی


    برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا۔

    دوسری جانب فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اپنے بیان میں غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، جس سے صارفین کے اعتماد کوٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔

    مارک زکربرگ نے فیس بک کے حوالے سے متعدد تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو کچھ ہوا بچنے کیلئے کئی سال پہلے اقدامات کئے تھے، کیمبرج انالیٹیکا کے سلسلے میں بھی ہم نے ٹھوکر کھائی۔ فیس بک کو ایک قدم آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔