Tag: Louisiana

  • سمندری طوفان، سڑک پر جمع ہونے والے پانی میں سمندری مخلوق، سب خوفزدہ ہوگئے

    سمندری طوفان، سڑک پر جمع ہونے والے پانی میں سمندری مخلوق، سب خوفزدہ ہوگئے

    سمندری طوفان "آئیڈا” کی تباہ کاریوں کے باعث گہرے سمندر میں رہنے والی ڈولفن سیلابی پانی میں جا پھنسی۔

    امریکی ریاست لوئزیانا ان دنوں سمندری طوفان "آئیڈا” سے نبردآزما ہے، آئیڈا نے امریکی ریاست میں تباہی مچارکھی ہے، تاہم طوفان کے باعث لوئزیانا کے ایک خاندان کو کچھ دیر کے لئے تفریح کا سامان میسرہوا۔

    ہوا کچھ یوں کہ ایک خاندان سمندری طوفان کے باعث متاثر ہونے والے اپنے پڑوسی کے نقصان کا جائزہ لینے پہنچا تو انہیں یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ قریبی علاقے میں موجود سیلابی پانی میں ڈولفن تیررہی ہے۔

    اس موقع پر ایک شخص نے سیلابی پانی میں پھنسی ڈولفن کی مختصر ویڈیو بھی بناڈالی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈولفن سیلابی پانی میں ادھر ادھر محفوظ راستے کی تلاش میں تیررہی ہے۔

    مقامی شخص امانڈا ہولنگ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ڈولفن گذشتہ دو دنوں سے اس علاقے میں تیر رہی ہے، ہولنگ کا کہنا تھا کہ ڈولفن کو بچانے کے لئے وہ ایک ریسکیو گروپ سے رابطے میں ہے، جسے اگلے چند روز میں راستہ نہ ملنے کی صورت میں محفوظ مقام پر منتقل کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث کٹیگری فور میں تبدیل ہونے والا سمندری طوفان”آئیڈا” نے کئی امریکی ریاستوں میں تباہی مچارکھی ہے، جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوچکا، لوئزیانا بھی انہیں ریاستوں میں شامل ہے۔

  • ذہنی مرض میں مبتلا ماں نے 4 بچوں اور پڑوسن لڑکی کو گولی ماردی

    ذہنی مرض میں مبتلا ماں نے 4 بچوں اور پڑوسن لڑکی کو گولی ماردی

    لوزیانا: ایک امریکی ماں نے پڑوسن لڑکی کو گولی مارنے کے بعد اپنے 4 بچوں کو بھی گولی مار دی اور آخر میں خود کشی کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست لوزیانا کے علاقے مونرو میں ایک افسوس ناک واقعے میں ایک خاتون نے چار بچوں اور پڑوسن کو مارنے کے بعد خود کو بھی گولی مار دی۔

    مونرو پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا، برٹنی ٹکر نامی خاتون نے اپنی 20 سالہ پڑوسن انتشا لاگ ووڈ سے استفسار کیا کہ تم کیوں ہنس رہی ہو، اور یہ کہہ کر اس نے اسے گولی مار دی۔

    پولیس کے مطابق برٹنی ٹکر اس کے بعد اپنے گھر میں داخل ہوئی اور اپنے چار بچوں کو بھی گولیاں مار دیں، تمام بچے 12 سال سے کم عمر کے تھے، جن کی شناخت 12 سالہ ٹریمائن ٹکر، 8 سالہ ٹریشل ٹکر، 5 سالہ ٹریزر ٹکر اور 5 ماہ کی بچی گلوریا ٹکر کے ناموں سے کی گئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون ذہنی مسائل کا شکار تھی، واقعے سے قبل وہ اپارٹمنٹ کے آس پاس پستول لہراتے گھومتی دیکھی گئی تھی، افسوس ناک واقعے میں استعمال ہونے والی پستول کچھ عرصہ قبل قانونی طور پر خریدی گئی تھی۔

    مونرو پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کسی نے بھی پولیس سے رابطہ نہیں کیا، ورنہ اس افسوس ناک واقعے کو روکا جا سکتا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ ان کے علم میں کوئی ایسا شخص ہو جو ذہنی مسائل کا شکار ہو تو پولیس سے ضرور رابطہ کریں۔

  • امریکا میں نوجوان کی فائرنگ، والدین سمیت پانچ افراد ہلاک

    امریکا میں نوجوان کی فائرنگ، والدین سمیت پانچ افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست لوزیانا میں ایک نوجوان نے دو مختلف واقعات اندھا دھند فائرنگ کرکے والدین سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا افسوس ناک واقعہ امریکی ریاست لوزیانا کے دارالحکومت بیٹن روگ کے جنوبی علاقے میں پیش آیا جب حملہ آور نے فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں پانچ افراد کو قتل کیا۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 21 سالہ ڈاکوٹا نامی نوجوان نے فائرنگ کے پہلے واقعے میں اپنے تین پڑوسیوں کو قتل کیا بعد ازاں اپنے والدین کو بے دریغ گولیاں چلاکر ہلاک کیا اور موقع واردات سے فرار ہوگیا۔

    ریاستی حکام کا مؤقف ہے کہ حملہ آور کی گرفتاری کےلیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، نوجوان انتہائی خطرناک اور جدید اسلحے سے لیس ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح ریاستی دارالحکومت کے جنوبی علاقے سے فائرنگ کے واقعے سے متعلق فون کال موصول ہوئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو دو افرادد شدید زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت 51 سالہ الیزبتھ اور کیٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں حملہ آور کے والدین ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں نے پولیس کو بیان دیا کہ ان کے بیٹے نے انہیں فائرنگ کرکے زخمی کیا اور فرار ہوگیا، متاثرین کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 21 سالہ نوجوان نے والدین پر حملہ کرنے سے پہلے اپنے تین پڑوسی 43 سالہ بیلی ایرنسٹ، 20 سالہ سمر ایرنسٹ، اور 17 سالہ ٹنر ایرنسٹ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے سمر اور ٹنر ایرنسٹ مقتول بیلی کے بچے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور ڈاکوٹا اور 20 سالہ سمر ایرنسٹ کے درمیان تعلقات تھے۔