Tag: lounch

  • پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا رکشا متعارف

    پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا رکشا متعارف

    کراچی : پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا (ہائبرڈ) رکشا متعارف کرادیا گیا، اس رکشا میں 25 کلومیٹر کی رفتار تک ایندھن کا استعمال نہیں ہوتا، رکشا میں وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹرمیں منعقدہ تین روزہ آٹو پارٹس شو میں پاکستانی کمپنی گرین وہیلز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دو سو سی سی چینی ہائبرڈ رکشا متعارف کرایا گیا ہے۔

    مذکورہ رکشے کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے، کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ رکشا 200 سی سی کے ساتھ 4 کلو واٹ گھنٹے کی الیکٹرک پاور کا بھی حامل ہے۔

    ایک لیٹر فیول میں 50 کلو میٹر تک سفر طے کرنے والے رکشے کی حد رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، خود کار نظام اور ہائبرڈ سسٹم کے تحت چلنے والا رکشا ایئرکنڈیشنڈ اور نان ایئرکنڈیشنڈ دونوں صورت میں دستیاب ہے اوراس میں مسافروں کے لیے وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

    کمپنی حکام کے مطابق نان ایئرکنڈیشنڈ رکشے کی قیمت 4 لاکھ روپے جبکہ ایئرکنڈیشنڈ رکشے کی قیمت ساڑھے 4 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، ہائبرڈ رکشے کی خریداری کے لیے کمپنی کو کافی تعداد میں آرڈرز بھی موصول ہوئے ہیں اور جلد ہی سندھ کے بعد ملک کے دیگر صوبوں میں بھی اس فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ آٹو پارٹس نمائش تین دن تک کامیابی سے جاری رہی، نمائش میں آٹو پارٹس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں الیکٹرک کاریں، ہائبرڈ رکشہ، تھری وہیلز، ہیوی بائیکس، ٹریکٹرز اور بسیں رکھیں گئیں تھیں، اس کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے پراجیکٹس کا ڈسپلے بھی کیا گیا تھا۔

  • نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    نوکیا 3310 موبائل فون سترہ سال بعد دوبارہ متعارف

    بارسلونا : مشہورِ زمانہ فون نوکیا 3310 کو سترہ سال کے بعد پھر متعارف کرا دیا گیا، ماضی کی طرح نوکیا 3310 میں چند تبدیلیوں کے ساتھ وہی خوبیاں رکھی گئی ہیں جو اس موبائل کی پہچان تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی نے نوکیا 3310 کو سترہ سال بعد جدید تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیلیے پییش کردیا ہے۔

    بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس ٹیکنیکل شو کے دوران مشہور زمانہ فون نوکیا 3310 کی نقاب کشائی کردی گئی۔ سترہ سال قبل نوکیا 3310 پہلا عوامی فون تھا اور اسے بے حد پذیرائی بھی ملی تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد کی خوشگوار یادیں اس فون سے وابستہ ہیں۔

    دنیا کا مشہورترین فون کہلائے جانے والے نوکیا 3310 کے تقریباً 12 کروڑ ساٹھ لاکھ یونٹس 2005 تک فروخت ہو چکے تھے جس کے بعد اس فون کو نوکیا کمپنی نے بنانا ختم کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : نوکیا کے مقبول ترین سیٹ 3310 کو دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ

    نیا نوکیا 3310 مکمل طور پر فیچر موبائل ہے جس میں ایس 30 آپریٹنگ سسٹم ہے جو اینڈرائڈ یا آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کا تو مقابلہ نہیں کرسکتا تاہم اس میں 2.5 جی انٹرنیٹ استعمال کرسکتے ہیں جب کہ موبائل میں 2 میگا پگسلز کا کیمرا آپشن بھی دیا گیا ہے۔

    اس نئے فون کی بیٹری ٹائمنگ بھی 22 گھنٹے ٹاک ٹائم بتائی جاتی ہے۔ نوکیا 3310 تین مختلف رنگوں لال، پیلے اور نیلے رنگ میں دستیاب ہوگا، اس فون کی تعارفی قیمت 51 ڈالر متعین کی گئی ہے۔