Tag: love marriage

  • مستونگ : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی 7سال بعد قتل

    مستونگ : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی 7سال بعد قتل

    مستونگ (30 جولائی 2025) بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور واردات کی گئی ہے، بھائیوں نے پسند کی شادی کرنے والے بہن اور بہنوئی کو 7 سال بعد کھانے پر بلاکر قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے لکپاس میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو 7سال بعد غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ بھائیوں نے اپنی حاملہ بہن اور بہنوئی کو کھانے پر بلاکر قتل کردیا، واقعہ منگل کی صبح لکپاس میں پرانا کسٹم آفس کے قریب ہوٹل میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول میاں بیوی کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں، مقتول لڑکے محمد شعیب کا تعلق پنجگور کےعلاقے چتکان سے تھا۔

    مقتول نے 7 سال قبل کوئٹہ ہزار گنجی کی رہائشی لڑکی سے عدالت کے ذریعے پسند کی شادی کی تھی، ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو قتل کردیا گیا۔ مسلح ملزمان نے چانڈکا اسپتال میں زیرِ علاج ریحانہ اور اس کے شوہر پر ایک بار پھر حملہ کر دیا، دونوں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریحانہ نے مرنے سے پہلے حملہ آور کو زخمی کر دیا مقتولہ ریحانہ پر گزشتہ روز بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو کر چانڈکا اسپتال لاڑکانہ کے آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج تھی۔

  • لکشمی اور لو کمار کی پسند کی شادی، عدالت نے اہم حکم جاری کر دیا

    لکشمی اور لو کمار کی پسند کی شادی، عدالت نے اہم حکم جاری کر دیا

    کراچی: عدالت نے لکشمی اور لو کمار کی پسند کی شادی کے سلسلے میں پولیس کو عدم گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے تحفظ کے لیے ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ دونوں نے پسند کی شادی کی ہے لیکن والدین سے انھیں خطرہ لاحق ہے۔

    کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس کو نوبیاہتا جوڑے کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا، اور درخواست پر سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ لکشمی اور لو کمار نے پسند کی شادی کی ہے، لیکن لڑکی کے خاندان والے دھمکیاں دے رہے ہیں، لڑکی کے خاندان والوں نے اغوا کا مقدمہ بھی درج کرایا۔

    لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے پسند کی شادی کی ہے، اور کسی نے اسے اغوا نہیں کیا، درخواست میں لڑکی نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے اور اس کے شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے، کیوں کہ اس کے والدین اس شادی کے خلاف ہیں اور ان سے انھیں جان کا خطرہ لاحق ہے۔

  • 4 ماہ قبل پسند کی شادی کا افسوس ناک انجام

    4 ماہ قبل پسند کی شادی کا افسوس ناک انجام

    کراچی: شہر قائد میں 4 ماہ قبل ہی ہونے والی پسند کی ایک شادی کا انجام بیوی کے افسوس ناک قتل پر منتج ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ایک شخص عبداللہ نے اپنی نئی نویلی دلہن لائبہ کو جان سے مار دیا ہے، پولیس نے بیوی کو قتل کرنے والے شوہر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ نے 4 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، تاہم دونوں میں فوراً ہی جھگڑے شروع ہو گئے تھے، ان جھگڑوں کے باعث مقتولہ شادی کے بعد بار بار ناراض ہو کر میکے چلی جاتی تھی۔

    شاہ فیصل پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام جھگڑے کے دوران ملزم نے طیش میں آ کر بیوی پر حملہ کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی۔

    لی مارکیٹ میں 4 خواتین کا لرزہ خیز قتل، پولیس تحقیقات شروع، گھر کا سربراہ زیر حراست

    مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں مدعی نے کہا کہ میری بیٹی پر ساس تشدد کرتی اور کھانا نہیں دیتی تھی، 17 اکتوبر کو عبداللہ نے لائبہ کو دھمکی دی کہ گھر کا کام نہیں کیا تو چھوڑ دوں گا، 18 اکتوبر کی رات بیٹی کے سسر نے بتایا کہ جھگڑے میں لائبہ کو چھری لگ گئی، جب ہم اسپتال پہنچے تو بیٹی لائبہ کی لاش مردہ خانے میں پڑی تھی، ماں کے اکسانے پر عبداللہ نے میری بیٹی کو قتل کیا۔

    ادھر کراچی میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، لی مارکیٹ زینب آرکیڈ کی چھٹی منزل سے 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں، جنھیں تیز دھار آلے سے مارا گیا تھا، پولیس نے گھر کے سربراہ فاروق اور اس کے 2 بیٹوں کو گھر سے حراست میں لے لیا ہے، قتل ہونے والوں میں فاروق کی بیوی، بیٹی، بہو اور نواسی شامل ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں گھر کا قریبی فرد ملوث ہے، گھر کا سربراہ فاروق اور ایک بیٹا ٹرانسپورٹ اور مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے۔

  • لڑکی سے ملنے کیلئے چھپ کر آنیوالے لڑکے کے ساتھ انوکھا واقعہ

    لڑکی سے ملنے کیلئے چھپ کر آنیوالے لڑکے کے ساتھ انوکھا واقعہ

    حیدرآباد : بھارت میں محبت کے نام پر لڑکی سے ملنے کیلئے چھپ کر آنے والے لڑکے کو لینے کے دینے پڑگئے، لڑکی کے اہل خانہ نے دونوں کو پکڑ کر فیصلہ کرادیا۔

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے علاقے میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں لڑکے اور لڑکی کو ملتا دیکھ کر اسی وقت ان کی شادی کروادی گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کنا ہے کہ لڑکی اپنی خالہ کے پاس رہتی تھی کیونکہ اس کی ماں کا انتقال ہوچکا تھا۔ کچھ عرصہ سے سورم پلی گاؤں کا رہنے والا شری کانت نامی نوجوان محبت کے نام پر لڑکی کے گھر آتا جاتا تھا، جسے مقامی افرا د نے دیکھ لیا۔

    اسی دوران ہفتہ کی رات بھی جب لڑکا لڑکی سے ملنے کیلئے اس کے گھر آیا تو لڑکی کے رشتہ داروں نے اسے پکڑ کر رسیوں سے باندھ دیا اور اس پر زور دیا کہ وہ اس لڑکی سے شادی کرے۔ اس واقعہ کی اطلاع لڑکے نے اپنے والدین کو دی۔

    لڑکے اور لڑکی کا تعلق مختلف ذاتوں سے ہونے پر لڑکے کے والدین اس شادی کیلئے راضی نہیں ہوئے تاہم دونوں کے بزرگوں کی موجودگی میں لڑکی کی شادی زبردستی لڑکے کے ساتھ کرادی گئی۔

    اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فریقین کو پولیس اسٹیشن میں طلب کیا اور ان کی کونسلنگ کی۔ بعد ازاں لڑکی کو ریسکیو ہوم منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔

  • والدین نے مل کر جوان بیٹی کو کیوں قتل کیا؟ افسوسناک وجہ سامنے آگئی

    والدین نے مل کر جوان بیٹی کو کیوں قتل کیا؟ افسوسناک وجہ سامنے آگئی

    پسند کی شادی کرنے کا ’جرم‘لڑکی کی جان لے گیا، قاتل کوئی اور نہیں اسی کے والدین نکلے، ماں باپ نے مل کر بیٹی کو ٹھکانے لگایا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست اُتر پردیش میں سنگدل باپ نے دوسری ذات کے لڑکے سے پسند کی شادی کرنے پر اپنی 22 سالہ بیٹی آیوشی کو گولی مار کر قتل کردیا۔

    واردات میں صرف باپ ہی نہیں بلکہ مقتولہ کی والدہ نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس نے لاش کو ٹھکانے لگانے کیلئے اسے سوٹ کیس میں رکھنے میں اپنے شوہر کی مدد کی۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ22 سالہ آیوشی چوہدری کی لاش گزشتہ جمعہ کو یمنا ایکسپریس وے پر ایک لال رنگ کے بڑے سوٹ کیس سے ملی تھی۔

    مقتولہ نے اپنے والدین کی مرضی کے خلاف دوسری ذات والے لڑکے سے شادی کی تھی جس پر اس کے والد نے طیش میں آکر اس کی جان لے لی۔

    واردات کے بعد ملزمان نے بیٹی کی لاش کو دور دراز علاقے میں پھینک دیا، بعد ازاں پولیس کو اطلاع ملی تو اس میں سے لاش برآمد ہوگئی، لڑکی کا چہرہ خون سے آلود تھا اور اس کے جسم پر بھی تشدد کے کئی نشانات بھی موجود تھے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش جاری رکھی اور مقتولہ کے ورثاء سے رابطے کیلئے بھی کوششیں کیں تو والدین نے تھانے آکر لاش کو شناخت کرلیا۔

    تفتیش میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ایک نامعلوم فون کال پر پولیس کو بتایا گیا کہ لڑکی کا قتل کیسے اور کیوں کیا گیا؟ جس کے بعد پولیس نے روایتی انداز میں تفتیش کی تو لڑکی کے والدین نے جرم قبول کرلیا۔

  • نمرہ کاظمی کیس: عدالت کا ناکام تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم

    نمرہ کاظمی کیس: عدالت کا ناکام تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم

    کراچی: شہر قائد سے مبینہ طور پر اغوا شدہ نو عمر لڑکی نمرہ کاظمی کیس میں عدالت نے ناکام تفتیشی افسر کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی کے مبینہ اغوا کیس سے متعلق آج کی سماعت میں عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو تحقیقات میں ناکام قرار دیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹگیشن کورنگی کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    عدالت نے حکم میں کہا کہ کیس کا نیا تفتیشی افسر ڈی ایس پی رینک سے کم کا نہیں ہونا چاہیے۔

    قبل ازیں، تفتیشی افسر نے عبوری چالان جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کو پیش کیا، مقدمے میں کم عمری کی شادی کے دفعات شامل کیے گئے تھے، جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید علی کوریجو نے عبوری چالان غیر تسلی بخش قرار دے دیا، اور حکم دیا کہ تفتیش مکمل کر کے 16 مئی تک چالان پیش کیا جائے۔

    پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی کا اغوا مقدمہ نئے موڑ میں داخل

    عدالت نے کہا پولیس نے چالان میں میڈیا خبروں کی بنیاد پر کم عمری کی دفعات شامل کی ہیں، تفتیشی افسر نے نمرہ کاظمی کے ب فارم کی نادرا یا اسکول سے تصدیق نہیں کی، واقعے کو 20 روز ہو گئے لیکن پولیس نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔

    عدالت کا کہنا تھا تفتیشی افسر نے نمرہ کاظمی کی عمر کے تعین کی کوئی کوشش نہیں کی، پولیس نے نمرہ کاظمی اور شاہ رخ کے نکاح نامے کی تصدیق بھی نہیں کرائی، تفتیشی افسر مغویہ کو بازیاب کرانے میں بھی ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ نمرہ کاظمی کے اغوا کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج ہے، نمرہ کاظمی اور شاہ رخ نےمبینہ نکاح کر کے سوشل میڈیا پر بیان بھی جاری کیا تھا۔

  • موبائل گیم کا شاخسانہ، دلہن سسرال پہنچ کر سکتے میں آگئی

    موبائل گیم کا شاخسانہ، دلہن سسرال پہنچ کر سکتے میں آگئی

    نئی دہلی : بھارت میں لڑکے اور لڑکی نے آن لائن موبائل گیم کھیلنے کے دوران دوستی کے بعد شادی کرلی لیکن لڑکی کے سسرال پہنچتے ہی میاں بیوی میں علیحدگی ہوگئی۔

    بھارتی ریاست اترپردیش میں محبت کی شادی میں انوکھے انجام کا واقعہ پیش آیا کہ جس میں دلہن اپنے سسرال پہنچتے ہی سکتے میں آگئی اور اپنے گھر واپس جانے کا فیصلہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق موبائل گیم فری فائر کھیلتے ہوئے یوپی کی رہائشی لڑکی کی جموئی کے رہنے والے گیارہویں کے طالب علم سے دوستی ہوگئی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔

    دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے بعد لڑکی کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اکیلی لڑکے کے شہر جموئی پہنچ گئی اور دونوں نے مندر جاکر باقاعدہ شادی کرلی۔

    یہ واقعہ جموئی ضلع کے صدر سیکشن کے سگگی گاؤں میں پیش آیا، لڑکی کی آنکھیں اس وقت حیرت اور سکتے کے عالم میں کھلی رہ گئیں جب اس نے گاؤں پہنچ کر اپنی جھونپڑی نما سسرال دیکھی۔

    شوہر کے لاکھ منع کرنے، وعدوں اور دلاسوں کے باوجود عشق کا بھوت اس کے سر سے اتر گیا۔ لڑکی نے پریشان ہوکر فوری طور پر اپنے میکے واپس جانے کا فیصلہ کیا اور بھائیوں کو فون کردیا۔

    بعد ازاں لڑکی کے بھائی اسے واپس گھر لے گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق موبائل پر گیم کھیلنے کے دوران لڑکے نے لڑکی کو جھوٹ بولتے ہوئے عالیشان گھر اور خود کو امیر ظاہر کیا تھا۔

  • کراچی : میاں بیوی کا غیرت کے نام پر قتل ، مقتولہ کے دو بھائی گرفتار

    کراچی : میاں بیوی کا غیرت کے نام پر قتل ، مقتولہ کے دو بھائی گرفتار

    کراچی : ناظم آباد سے میاں بیوی کی لاشیں ملی ہیں، دونوں نے چند ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، پولیس قتل کے الزام میں مقتولہکے دوبھائیوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد کے ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں ملی ہیں، مقتولین نے کچھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، دونوں افراد کو تیز دھار آلےسے قتل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 50سالہ سليم سائيں جبکہ مقتولہ کی شناخت حنا کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیں۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، دونوں گرفتار قاتل آصف اور اشرف مقتولہ کے سگے بھائی ہیں، ملزمان نے خاندان کی مرضی کے خلاف شادی پر بہن اور اس کے شوہر کو قتل کیا

    ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتولہ کا اصل نام حنا ہے وہ اس علاقے میں عائشہ کے فرضی نام سے مقیم تھی، مقتول سلیم سائیں اور مقتولہ حنا نے چند ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔

    مقتول سليم سائيں کا اورنگی ٹاؤن ميں آستانہ ہے، مقتولہ اپنی والدہ کے ساتھ سلیم سائیں کے آستانے پر آتی تھی، مقتول سلیم سائیں کی یہ دوسری شادی تھی، مقتولہ کے بھائیوں نے پسند کی شادی کو غیرت کا مسئلہ بنایا اور دونوں کو قتل کردیا۔

  • پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قاتل پکڑا گیا، ملزم لڑکی کا باپ نکلا

    پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قاتل پکڑا گیا، ملزم لڑکی کا باپ نکلا

    کراچی : سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سے ملنے والی مرد اور خاتون کی لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا،دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود حب ڈٰیم کے قریب پہاڑی سے گزشتہ ماہ ملنے والی مرد اور خاتون کی گلا کٹی اور تشدد زدہ لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا، لڑکا اور لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

    پولیس نے مقتولہ کے والد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم واجد لڑکی کا باپ ہے اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔

    دونوں کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا گیا، ملزم نے پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا کہ واردات میں4ملزمان شامل تھے۔

    مزید پڑھیں: کراچی ، غیرت کے نام پر مرد اورعورت کو قتل کرنے والا باپ اور شوہر گرفتار

    انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سرجانی تھانے کی حدود میں لڑکی اور لڑکے کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں۔

  • کبیروالا: پسند کی شادی ، بااثر افراد کا دو نوجوانوں پر وحشیانہ تشدد، ملزمان گرفتار

    کبیروالا: پسند کی شادی ، بااثر افراد کا دو نوجوانوں پر وحشیانہ تشدد، ملزمان گرفتار

    کبیروالہ : پسند کی شادی پر بااثر افراد نے نوجوان اور اس کے دوست کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، ڈنڈے اٹھائے افراد نے کتے کی طرح بھونکنے اور ناک رگڑنے پر مجبور کیا۔ پولیس نے تین ملزمان گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کبیروالا میں انسانیت کا جنازہ نکل گیا، علاقے کے بااثر افراد نے پسند کی شادی کرنے والے نوجوان ثمر عباس اور اس کے دوست پر وحشیانہ تشدد کیا، نوجوان ثمر عباس نے تین ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کا انہیں شدید غصہ تھا۔

    ڈنڈا بردار افراد نے پہلے لاتوں اور گھونسوں سے بہیمانہ تشدد کیا، بعد ازاں انہوں نے دونوں دوستوں کو کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا اور یہی نہیں زمین پر ناک بھی رگڑواتے رہے اور منہ پر مٹی بھی مسلوائی، نوجوانوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیر اعلٰی پنجاب کے نوٹس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان امیر،شہزاد اور جاوید کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقدمہ میں نامزد مزید پانچ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔