Tag: lucknow

  • مودی حکومت لکھنؤ کا نام تبدیل کرنے والی ہے؟

    مودی حکومت لکھنؤ کا نام تبدیل کرنے والی ہے؟

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں مودی سرکار کے کارندوں نے تاریخی شہر لکھنؤ کے نام کی تبدیلی کا شور ایک بار پھر سے اٹھا دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس نے لکھنؤ شہر کا نام تبدیل کر کے لکشمن رکھنے کی بحث کو تازہ کر دیا ہے۔

    یوگی ادتیہ ناتھ نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’بھگوان لکشمن کی سرزمین لکھنؤ میں آپ کا پرتپاک استقبال ہے۔‘

    یوگی کے اس ٹوئٹ کے بعد سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی لکھنؤ کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں، بے جے پی رہنما راجیو مشرا کا کہنا ہے کہ ’لکھنؤ کا نام تبدیل کر کے لکشمن کے نام پر رکھنے کا مطالبہ بہت پرانا ہے، کافی ثبوت موجود ہیں جو لکھنؤ کو لکشمن جی سے جوڑتے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا جس طرح فیض آباد کا نام ایودھیا اور الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج رکھا گیا، اسی طرح ہم چاہتے ہیں کہ لکھنؤ کا نام بدل کر لکھن پوری یا لکشمن پوری رکھا جائے۔

    دوسری طرف کانگریس رہنما ڈی پی سنگھ نے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لکھنؤ میں پہلے ہی کئی مقامت لکشمن جی کے نام پر ہیں، لکشمن جی کے نام کا ایک مندر بھی بن رہا ہے، پھر لکھنؤ کا نام بدلنے کے لیے شور کیوں مچایا جا رہا ہے، حکومت تعمیری کام کی بجائے معاشرے کو تقسیم کر رہی ہے۔

  • دشمنی باپ سے، بدلہ ننھے بچوں سے، دلخراش ویڈیو

    دشمنی باپ سے، بدلہ ننھے بچوں سے، دلخراش ویڈیو

    لکھنؤ : سفاک انسان نے اپنے دشمن سے بدلہ لینے کیلئے اس کے معصوم بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں، بچوں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کی کوشش کی۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں دشمنی کی آگ میں جلنے والے ایک شخص نے اپنے دشمن کے تین بچوں کو اپنی گاڑی تلے روند ڈالا جس دوران تینوں بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دلخراش واقعے کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم اپنی سفید کار سڑک پر چلنے والے بچوں سے ٹکرا دیتا جس سے صاف ظاہر ہوررہا ہے کہ وہ ان معصوموں کو پہیوں کے نیچے کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے باپ وریندر عرف سیتارام نے ملزم گوندا کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے جس کے مطابق سیتارام کے 3 بچے جن میں شیوانی، سنیہا اور کرشنا گھر کے قریب مارکیٹ کیلئے جارہے تھے کہ جہاں ملزم گوندا نے ان پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں تینوں بچے شدید زخمی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    اس حوالے سے مزید بتایا جارہا ہے کہ ایک اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں گوندا بچوں کو گاڑی سے ٹکر مارنے کے بعد بھاگ رہا ہے تاہم موقع پر موجود لوگوں نے گوندا کو پکڑلیا۔

    پولیس کے مطابق پولیس نے ملزم گوندا کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزم کیخلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

  • 24 قیراط سونے سے بنی چائے، جس کی قیمت سن کر آپ پریشان ہوجائیں گے

    24 قیراط سونے سے بنی چائے، جس کی قیمت سن کر آپ پریشان ہوجائیں گے

    سوشل میڈیا کے اس دور میں تجارتی افراد اپنی اشیا فروخت کرنے کے لیے طرح طرح کے حربے آزماتے ہیں، کھانے پینے کی اشیا بھی اس سے مختلف نہیں جنہیں مختلف اختراعات کر کے بیچا جاتا ہے۔

    24 قیراط گولڈ قلفی کے بعد اب سوشل میڈیا پر 24 قیراط گولڈ چائے کی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جو لکھنؤ کے ایک فوڈ بلاگر کی جانب سے شیئر کی گئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لکھنؤ کی ایک دکان میں 24 قیراط سونے کی چائے فروخت ہورہی ہے، چائے کی تیاری میں خاص 24 قیراط سونے کا ورق بچھایا جا رہا ہے جو چائے کے شوقین افراد کو اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔

    ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ اس ویڈیو پر امیر افراد کو مینشن کریں۔

    حیرت انگیز طور پر اس چائے کی قیمت کوئی لاکھوں میں نہیں بلکہ صرف اور صرف 150 بھارتی روپے ہے۔

  • سڑک پر سالگرہ منانے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے، ویڈیو وائرل

    سڑک پر سالگرہ منانے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے، ویڈیو وائرل

    لکھنؤ : بھارت میں منچلے نوجوانوں کو اپنے دوست کی سالگرہ سڑک پر منانا مہنگا پڑگیا، پولیس نے پانچ نوجوانوں کو انوکھی سزا دے ڈالی۔

    سالگرہ کی خوشیاں منانا سب کا حق ہوتا ہے اور لوگ ان لمحات کو یادگار بنانے کیلئے نت نئے انداز اختیار کرتے ہیں لیکن اپنی خوشی منانا کبھی کبھی دوسروں کیلئے زحمت کا باعث بھی بن جاتا ہے۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ کے کچھ منچلے نوجوانوں نے اپنے دوست کی سالگرہ کا اہتمام بڑے دھوم دھام سے کیا جس کے بعد رنگ میں بھنگ پڑگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات کو پیش آیا جب پانچ نوجوانوں کا ایک گروپ مشہور چوراہے پر جمع تھا اور آپس میں ہنسی مذاق میں مصروف تھا۔

    ہوا کچھ یوں کہ ان نوجوانوں نے سالگرہ کا کیک لکھنؤ کی مصروف شاہراہ کے درمیان کاٹا جس سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوا یہی نہیں ان نوجوانوں نے ایک دوسرے پر کیک کے ٹکڑے پھینک کر بھی مارے۔

    اس تمام صورتحال میں بات اس قدر بگڑی کہ مقامی پولیس کو مداخلت کرنا پڑی، اور پولیس نے اپنا راویتی انداز اپناتے ہوئے ان نوجوانوں کو انوکھی سزا دے ڈالی۔

    ایک دوسرے پر کیک پھینکنے سے کیک کے ٹکڑے سڑک کے درمیان پڑے رہے اور پیروں تلے آگئے پولیس اہلکاروں نے پانچوں نوجوانوں کو پکڑ ان سے پوری سڑک صاف کروائی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین پولیس کے اس قدام کی حمایت کررہے ہیں اور دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔

  • لکھنؤ میں زیکا وائرس کے کیسز سامنے آگئے

    لکھنؤ میں زیکا وائرس کے کیسز سامنے آگئے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہروں کانپور اور قنوج کے بعد ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں زیکا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت حرکت میں آگیا۔

    لکھنؤ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منوج اگروال کا کہنا ہے کہ حسین گنج اور ایل ڈی اے کالونیوں میں رہنے والے ایک مرد اور ایک خاتون میں زیکا وائرس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔

    دونوں مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹس میں انفیکشن کی تصدیق ہونے پر محکمہ صحت نے اس انفیکشن کو روکنے کے لیے اقدامات تیز کردیے ہیں۔

    ڈاکٹر اگروال کا کہنا ہے کہ 2 مریضوں میں زیکا وائرس کے انفیکشن کی تصدیق کے بعد جمعہ سے لکھنؤ میں زیادہ تعداد میں نمونے لینے اور ان کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    بعد ازاں دونوں علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں پہنچیں اور انسداد لاروا سرگرمیاں شروع کر دیں، اس کے علاوہ ارد گرد کے لوگوں کو زیکا وائرس کے انفیکشن سے بچنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

  • بھارت: کرونا مریض کے ساتھ رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ

    بھارت: کرونا مریض کے ساتھ رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کرونا کے پھیلاؤ کی صورت حال بد تر ہو گئی ہے، اسپتال مریضوں سے بھر گئے، کرونا میں مبتلا ایک معمر مریض آکسیجن سلنڈر کے ساتھ ایک سے دوسرے اسپتال جاتا رہا لیکن کوئی جگہ نہ ملی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر لکھنؤ میں رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعہ پیش آیا، ایک بیٹا کرونا انفیکشن سے متاثرہ 70 سالہ والد کو آکسیجن سلنڈر کے ساتھ لیے اسپتال اسپتال پھرتا رہا لیکن انھیں کسی اسپتال نے داخل نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کسی اسپتال میں جگہ نہ ملنے کے بعد علی گنج کے رہائشی سشیل کمار کو ان کا بیٹا واپس گھر لے آیا، جہاں وہ خود والد کی تیمار داری کر رہا ہے۔

    سشیل کمار ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے بھی مریض ہیں، بدھ کو انھیں اچانک سانس لینے میں مشکل پیش آنے لگی، مقامی اسپتال لے جائے جانے پر ڈاکٹرز نے کرونا ٹیسٹ کے بغیر انھیں دیکھنے سے انکار کر دیا، جب کہ ان کا آکسیجن لیول گر رہا تھا، جب ٹیسٹ ہوا تو وہ کرونا پازیٹو نکلے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جس اسپتال میں مریض کا ریگولر علاج ہو رہا تھا، اس نے بزرگ شہری کو داخل کرنے سے انکار کردیا کہ کوئی بستر خالی نہیں ہے، جس پر بیٹا آکسیجن سلنڈر کار میں رکھ کر انھیں شہر کے دیگر اسپتالوں پر گھمانے لگا، لیکن کہیں جگہ نہ ملی۔

    سشیل کمارے کے بیٹے نے فون پر بھی کئی ڈاکٹرز سے منتیں کیں لیکن کوئی مدد نہ ملی، والد کو اسپتال در اسپتال گھمانے کے دوران آکسیجن سلنڈر بھی ختم ہونے لگا، جس پر اسے ایک آکسیجن سینٹر سے مہنگے داموں آکسیجن سلنڈر بھی خریدنا پڑا۔

    کرونا مریض کے بیٹے اشیش کا کہنا تھا کہ وہ اب گھر پر ہی والد کی دیکھ بھال کر رہا ہے، اور اس واقعے نے ان کی پوری فیملی کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

  • آپ کا بیٹا انتقال کرچکا ہے، بھارت میں ایک اور زندہ شخص مردہ قرار

    آپ کا بیٹا انتقال کرچکا ہے، بھارت میں ایک اور زندہ شخص مردہ قرار

    نئی دہلی: بھارتی شہرلکھنو میں مردہ قرار دیے جانے والے مسلمان نوجوان آخری رسومات کے دوران اٹھ کر بیٹھ گیا جنہیں دیکھ کر گھر والے حیرت زدہ ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر لکھنو سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان شہری محمد فرقان طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اسپتال پہنچنے تک نوجوان بے ہوش ہوچکا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نے نوجوان کا 7 لاکھ روپے کا بل بنانے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا، فرقان کے اہلخانہ نے ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق ہونے کے بعد رشتے داروں کو آگاہ کرنا شروع کیا تاکہ نوجوان کی آخری رسومات ادا کی جاسکیں اور آخری رسومات کے لیے مذہبی پیشوا کی خدمات طلب کیں۔

    مردہ قرار دیے جانے والے شہری کی آخری رسومات روایتی طریقے سے جاری تھیں کہ غم سے نڈھال بڑے بھائی نے فرقان کے ہاتھ، پاؤں میں جنبش دیکھی اور اہلخانہ کوآگاہ کیا جس کی تصدیق اہل خانہ نے بھی کی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اہل خانہ نے واقعے کے بعد فرقان کو آواز دی تو نوجوان نے آنکھیں کھولی جس کے بعد اسے دوبارہ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کے زندہ ہونے کی تصدیق کردی۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں مردہ شخص پوسٹ مارٹم کے دوران جی اٹھا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی بھارتی ریاست راجستھان میں مردہ قرار دیے جانے والے 95 سالہ بزرگ آخری رسومات میں اٹھ کر بیٹھ گئے تھے جنہیں دیکھ کر گھر والے خوف سے بھاگ کھڑے ہوئے۔

    مردے کے زندہ ہونے کے بعد اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اُن کے ساتھ تصاویر بنوائیں مذکورہ واقعہ 11 نومبر بروز اتوار پیش آیا۔

  • پرینکا کی مقبولیت نے مودی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    پرینکا کی مقبولیت نے مودی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    لکھنؤ: پرینکا گاندھی کی مقبولیت نے کانگریس میں‌ نئی روح‌ پھونک دی، نریندر مودی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق جوں جوں‌ عام انتخابات قریب آرہے ہیں، مودی سرکار کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، لکھنؤ میں‌ پرینکا گاندھی کی ریلی کو ملنے والے ردعمل کے بعد سیاسی ماحول گرم ہوگیا.

    اندرا گاندھی کی پوتی پرینکا گاندھی نے اب عملی سیاست میں قدم رکھ دیا ہے، اس فیصلے  کے بعد کانگریس کے کارکنوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

    پرینکا گاندھی نے اپنی سیاست کا آغاز لکھنو سے کیا، جہاں‌ان کی ریلی کو شان دار پذیرائی ملی، جہاں‌ ہزاروں ان کے استقبال کے لیے پہنچے.

    ان دوران کانگریس کے حق میں نعرے لگتے رہے، پرینکا کی ریلی پر گل پاشی ہوتی رہی، اس موقع پر راہول گاندھی بھی موجود تھے.

    مزید پڑھیں: بھارت میں موروثی سیاست، گاندھی خاندان سے ایک اور چہرہ متعارف

    خیال رہے کہ ماضی میں پرینکا پردے کے پیچھے رہتے ہوئے پارٹی معاملات سنبھال رہی تھیں، البتہ اب وہ اتر پردیش سے ہی آئندہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں.

    یاد رہے کہ گذشتہ ریاستی انتخابات میں کانگریس کو بی جی پی کے مقابلے میں غیرمتوقع کامیابی حاصل ہوئی تھی.

  • جہیز کا مطالبہ، سسرالیوں نے لالچی دلہا کو گنجا کردیا

    جہیز کا مطالبہ، سسرالیوں نے لالچی دلہا کو گنجا کردیا

    اتر پردیش: بھارت کے شہر لکھنؤ میں لڑکے کو جہیز کا مطالبہ کرنے پر لینے کے دینے پڑ گئے، سسرالیوں نے دلہا کو گنجا کر کے واپس بھیج دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے لڑکے نے شادی کرنے کے لیے لڑکی والوں سے جہیز کے ساتھ موٹر سائیکل اور اپنے لیے سونے کی چین دینے کا مطالبہ کیا۔

    لڑکے نے اُس وقت مطالبہ کیا جب شادی میں‌ صرف پانچ روز باقی تھے۔

    لڑکی والوں نے دلہا کی شرائط ماننے سے انکار کیا تو اُس نے شادی سے صاف منع کیا جس کے بعد سسرالی طیش میں آگئے اور انہوں نے لڑکے کو کمرے میں بند کر کے آدھا گنجا کردیا۔

    مزید پڑھیں: گنجا دلہا نامنظور، دلہن کا عین وقت پر انکار

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ذرائع ابلاغ کے نمائندے جائے مقام پر پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لڑکے کا کہنا تھا کہ ’لڑکی والوں نے جہیز میں پیسے، سونے کی چین اور موٹرسائیکل دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اب وہ نہ صرف اپنے بات سے مُکر رہے ہیں بلکہ انہوں نے ہمارے ساتھ برا سلوک بھی کیا‘۔

    لڑکی کی والدہ نے دعویٰ کیا کہ ’جہیز میں 30 ہزار روپے مالیت کی سونے کی چین اور موٹرسائیکل کی شرط شادی سے پانچ روز پہلے سامنے آئی اور جب ہم نے انکار کیا تو انہوں نے رشتے سے ہی انکار کردیا‘۔

    واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی تو علاقہ مکینوں نے پولیس کو طلب کیا جس کے بعد دونوں فریقین کو بیٹھا کر معاملہ حل کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔لڑکے اور اُس کے گھر والوں نے پولیس اسٹیشن جاکر مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی دی۔

    یہ بھی پڑھیں: پیار ہم سے شادی کسی اور سے، محبوبہ عاشق کو اغوا کر کے لےگئی

    مذکورہ واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے لڑکی کے گھر والوں کی ہمت کو سراہتے ہوئے جہیز کی لالچ کرنے والا اسی سلوک کا مستحق تھا۔

  • ایک دن کے لیے شاپنگ ملتوی ہونے پر بھارتی خاتون نے خودکشی کرلی

    ایک دن کے لیے شاپنگ ملتوی ہونے پر بھارتی خاتون نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی شہر لکھنؤ میں ایک خاتون نے اس وقت گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی جب ان کے شوہر نے شاپنگ پر جانے کا پروگرام ملتوی کر کے اسے روز کے لیے طے کرلیا۔

    لکھنؤ کے رہائشی دیپک دیودی کا کہنا ہے کہ اسے اپنی 23 سالہ بیوی دپیکا کو شاپنگ کے لیے لے جانا تھا لیکن آفس میں مصروفیت نکل آنے کے بعد اس نے یہ پروگرام ملتوی کر کے اسے اگلے روز پر رکھ دیا۔

    پولیس کے مطابق خاتون اس بات پر بے حد برواختہ ہوئیں اور انہوں نے خود کو کمرے میں بند کرلیا۔ شام کو انہوں نے اپنے شوہر کے لیے بھی کمرے کا دروازہ نہیں کھولا جس کی وجہ سے انہیں دوسرے کمرے میں سونا پڑا۔

    اگلے روز صبح کے وقت کئی بار دروازہ بجانے پر بھی جب خاتون نے دروازہ نہیں کھولا تو مجبوراً ان کے شوہر کو دروازہ توڑنا پڑا تب انہوں نے بیوی کی لاش چھت کے پنکھے سے لٹکتی ہوئی پائی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے اہلخانہ نے شوہر یا اس کے گھر والوں پر کوئی شک ظاہر نہیں کیا۔ خاتون کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جارہا ہے جس کی رپورٹ جلد سامنے آجائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔