Tag: lung transplant

  • کورونا متاثرہ خاتون کو پہلی بار زندہ انسان کا پھیپھڑا لگا دیا گیا

    کورونا متاثرہ خاتون کو پہلی بار زندہ انسان کا پھیپھڑا لگا دیا گیا

    ٹوکیو : دنیا میں پہلی بار جاپان میں کورونا متاثرہ خاتون کے پھیپھڑے کی پیوند کاری کے بعد وائرس زدہ مریضوں کو امید کی کرن مل گئی۔

    اس حوالے سے کیوتو یونیورسٹی اسپتال جے عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے باعث شدید نقصان پہنچنے والے پھیپھڑے کے علاج کیلئے بقید حیات عطیہ دہندگان سے حاصل کردہ پھیپھڑا دنیا میں پہلی بار متاثرہ خاتون کو لگا دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھوراسک سرجری شعبے کے ڈائریکٹر پروفیسر داتے ہیروشی نے جمعرات کے روز عملے کے دیگر ارکان کے ساتھ ایک اخباری کانفرنس منعقد کی۔

    مذکورہ اسپتال نے کہا ہے کہ کانسائی علاقے میں رہائش پذیر ایک خاتون بدھ کے روز تقریباً 11 گھنٹے سرجری کے عمل سے گزری ہیں۔

    اس اسپتال کے مطابق یہ بیمار خاتون گزشتہ سال کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد شدید نمونیا میں مبتلا ہوگئی تھیں۔ ان کا علاج ای سی ایم او مشینوں کے ذریعے کیا گیا جو دل اور پھیپھڑوں کی جگہ لے لیتی ہیں اور بالآخر اس خاتون کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا۔

    لیکن مریضہ حد سے زیادہ ریشہ دار بافتیں بن جانے کی وجہ سے اپنے پھیپھڑے کے بیشتر افعال سے محروم ہوگئی تھیں اور بحالی کا کوئی امکان بھی نہیں تھا۔

    سرجنوں نے مذکورہ خاتون کے شوہر اور بیٹے کی جانب سے عطیے کی پیشکش کے بعد پھیپھڑے کے حصے نکال کر خاتون کو لگائے۔

    اسپتال نے بتایا ہے کہ مذکورہ خاتون کا اس وقت انتہائی نگہداشت کے کمرے میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر ان کی طبیعت مسلسل بحال ہوتی رہی تو زیادہ امکان یہ ہے کہ وہ تین ماہ میں دوبارہ مکمل صحت یاب ہو جائیں گی۔ ان کے مطابق خاتون کے شوہر اور بیٹے کی حالت بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔

    مذکورہ ہسپتال کا کہنا ہے کہ یہ خاتون دنیا میں کووڈ 19 کی پہلی ایسی سابق بیمار خاتون ہیں جنہیں بقید حیات عطیہ دہندگان سے حاصل کردہ پھیپھڑا سرجری کر کے لگایا گیا ہے۔

    پروفیسر داتے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہو جانے کے بعد شدید ضمنی اثرات کا شکار ہونے والے لوگوں کو دوسروں سے حاصل کردہ پھیپھڑے کی پیوند کاری امید افزا طریقہ علاج ہو گا۔

  • طبی انقلاب، کرونا سے ناکارہ پھیپھڑوں کی پیوندکاری، خاتون کو نئی زندگی مل گئی (ویڈیو)

    طبی انقلاب، کرونا سے ناکارہ پھیپھڑوں کی پیوندکاری، خاتون کو نئی زندگی مل گئی (ویڈیو)

    شکاگو: امریکا میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑا آپریشن کر کے کرونا وائرس انفیکشن میں مبتلا ایک مریضہ کو نئی زندگی دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر شکاگو میں کرونا وائرس کی مریضہ کے دونوں پھیپھڑوں کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کیا گیا، امریکا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا آپریشن تھا۔

    ہسپانوی نسل سے تعلق رکھنے والی خاتون کے دونوں پھیپھڑے ناکارہ ہو گئے تھے، دونوں پھیپھڑوں کا بیک وقت ٹرانسپلانٹ کیا گیا، یہ آپریشن عام ٹرانسپلانٹ سے زیادہ مشکل اور کئی گھنٹے طویل تھا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن کے بعد خاتون کچھ دن وینٹی لیٹر پر رہیں گی کیوں کہ کرونا وائرس نے ان کے سینے کے پٹھوں کو اتنا کم زور کر دیا ہے کہ وہ خود سے سانس نہیں لے سکتیں۔

    مریضہ کے جسم سے نکالا گیا ناکارہ پھیپھڑا، دوسری طرف صحت مند پھیپھڑے جن کی پیوندکاری کی گئی

    یہ آپریشن 5 جون  کو نارتھ ویسٹرن میموریل اسپتال میں کیا گیا، جہاں نوجوان خاتون کو دہرے پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ پروسیجر کے ذریعے بچایا گیا، کرونا وائرس نے ان کے دونوں پھیپھڑوں شدید طور پر متاثر کر دیے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق شکاگو کی 20 سالہ خاتون آپریشن سے قبل 2 ماہ تک وینٹی لیٹر اور دل اور پھیپھڑوں کی مشین (heart-lung machine) پر تھیں، آپریشن کرنے والے ڈاکٹر انکٹ بھرت کا کہنا تھا یہ آپریشن 10 گھنٹوں پر مشتمل تھا، کووِڈ نائنٹین نے مریضہ کے پھیپھڑوں میں بڑے بڑے سوراخ کر دیے تھے اور یہ سینے کی دیوار کے ساتھ بالکل چپک گئے تھے۔

    آپریشن سے قبل خاتون کا لیا گیا ایکسرے، ڈاکٹر انکٹ بھرت، جنھوں نے یہ مشکل آپریشن کیا

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ طریقہ عام ہو جائے گا کیوں کہ اس سے اور بھی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ اسپتال کے میڈیکل دائریکٹر ڈاکٹر ریڈ ٹامک کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ خاتون مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گی۔

    ڈاکٹر بھرت کا کہنا تھا کہ جب اپریل میں خاتون کو اسپتال داخل کیا گیا تو اس کی حالت تیزی سے خراب ہوئی، ڈاکٹرز نے ٹرانسپلانٹ کے لیے اس کے جسم سے وائرس صاف ہونے کا 6 ہفتوں تک انتظار کیا، اس کی حالت بہت خراب تھی، ایسی علامات تھیں کہ اس کا دل، گردے اور جگر بھی ناکارہ ہونے والے ہیں، اس لیے اسے ٹرانسپلانٹ کی فہرست میں آگے کیا گیا۔

    دل اور پھیپھڑوں کو سہارا دینے والی مشین (heart-lung machine)

    خیال رہے کہ امریکا میں گزشتہ برس 40 ہزار اعضا کی پیوند کاری میں پھیپھڑوں کا تناسب صرف 7 فی صد تھا، پھیپھڑے عام طور پر ملنا بہت مشکل ہوتا ہے اور مریض اکثر ٹرانسپلانٹ کی فہرست میں مہینوں کا انتظار کرتے ہیں۔