Tag: LWMC

  • پی سی بی سے صفائی کے واجبات مانگ لیے گئے

    لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی)نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے صفائی کے واجبات مانگ لئے، پی سی بی کو قذافی اسٹیڈیم کی صفائی کی مد میں ادائیگی کرنی ہے۔

    ایل ڈبلیو ایم سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہداہت پر صفائی سروسز کے بقایاجات کی وصولی کیلئے چیئرمین پی سی بی کو خط لکھ دیا گیا

    خط کی کاپی اور واجبات کی تفصیل اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے گزشتہ کافی عرصے سے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی سیریز کے واجبات ادا نہیں کیے۔

    ذرائع کے مطابق 2017میں ورلڈ الیون، پاک سری لنکا سیریز کی ادائیگی2022،  میں پاک انگلینڈ، پاک آسٹریلیا، پی ایس ایل7کے واجبات بھی واجب الادا ہیں۔

    اس کے علاوہ پی ایس ایل 8کیلئے بھی تمام تر صفائی کی ذمہ داری ایل ڈبلیو ایم سی کے پاس ہے پی سی بی کے ذمے مجموعی طور پر ایل ڈبلیو ایم سی کے4کروڑ83لاکھ واجب الادا ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال پی یس ایل 8کیلئے50 لاکھ روپے کے بل بھجوائے گئے ہیں پی ایس ایل7کے1کروڑ10لاکھ کے بقایاجات بھی ابھی تک ادا نہیں کیے۔

    علاوہ ازیں پاک انگلینڈ کرکٹ میچ کے واجبات اور پاک آسٹریلیا سیریز میں33 لاکھ35 ہزار پی سی بی کی طرف واجب الادا ہیں، 2017میں میچز کے عوض دو کروڑ35لاکھ کے بقایا جات بھی ادا نہیں کیے گئے۔

  • صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے بعد صفائی آپریشن جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بر وقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں، شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، شہری صفائی کے لیے قائم سیل پر رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوائیں۔

    دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے، لاہور میں شدید بارش کے باوجود صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہا۔

    ترجمان مینجمنٹ کمپنی کے مطابق گزشتہ روز 16 ہزار 500 ٹن آلائشوں کو اکٹھا کیا گیا تھا، عید کے دوسرے روز 3 ہزار ٹن آلائشیں اکٹھی کی گئیں، کل سے اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 500 ٹن آلائشیں اکٹھی کی جا چکی ہیں۔

    ترجمان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ آخری آلائش تک صفائی آپریشن جاری رہے گا۔