Tag: Lyari Expressway

  • لیاری ایکسپریس وے کے مسافروں کے لیے بری خبر، ٹول ٹیکس میں بڑا اضافہ

    لیاری ایکسپریس وے کے مسافروں کے لیے بری خبر، ٹول ٹیکس میں بڑا اضافہ

    کراچی: لیاری ایکسپریس وے کے ایک سائیڈ کا ٹول ٹیکس 60 روپے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے ٹول ٹیکس میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، پہلے 30 سے بڑھا کر 40 روپے کیا گیا تھا، پھر 40 سے بڑھا کر 50 روپے کیا گیا تھا، اور گزشتہ ہفتے ایک سائیڈ کا ٹول ٹیکس 60 روپے کر دیا گیا ہے۔

    لیاری ایکسپریس وے پر آنے جانے کے لیے اب 120 روپے ادا کرنے ہوں گے، سندھ کے شہروں میں نیشنل ہائی وے اور دیگر ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

    وین، مزدا کو 100 روپے ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جب کہ نیشنل ہائی وے کے ٹول ٹیکس پر ٹرکوں کو 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

    سندھ پولیس کے دستے میں 2 جدید ترین آرمرڈ پولیس موبائلز کا اضافہ

    ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ملیر ایکسپریس وے کی پیش رفت سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے کا 9 کلومیٹر کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جسے 11 یا 12 جنوری کو عوام کے لیے کھولے جانے کا امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ملیر ایکسپریس وے پر آٹومیٹک ٹول لگانے کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹول پر 18 بوتھ بنائے گئے ہیں، ملیر ایکسپریس وے پر کار کے لیے 100 روپے ٹول ٹیکس ہوگا، جب کہ بس کے لیے 200 روپے ٹول ٹیکس ہوگا۔

    ملیر ایکسپریس وے 5 پولیس تھانوں کی حدود میں آئے گا، اور 7 تا 8 پولیس موبائل پیٹرولنگ کرتی رہیں گی، ایک ایمبولینس، فائر بریگیڈ بھی ہنگامی حالت کے لیے موجود ہوں گے۔

  • لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو تھپڑ مارنے اور لوٹنے والے لٹیروں کو پولیس نے حکمت عملی سے قابو کر لیا (ویڈیو)

    لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو تھپڑ مارنے اور لوٹنے والے لٹیروں کو پولیس نے حکمت عملی سے قابو کر لیا (ویڈیو)

    کراچی: موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو لوٹنےاور تھپڑ مارنے  والے 2 لٹیروں کو حکمت عملی سے قابو کر لیا، نوجوان نے لٹیروں کا 7 کلو میٹر سے زائد فاصلے تک پیچھا کیا اور انھیں پکڑوانے میں کامیاب رہا۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر ایک کارروائی کے دوران 2 لٹیرے گرفتار کر لیے، لٹیروں سے موبائل فون اور 30 ہزار نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔

    ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا کہ اہل کاروں نے لیاری ایکسپریس وے عیسیٰ نگری ٹول پلازہ پر ایک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن وہ نہ رکی، موٹر سائیکل پر دو افراد سوار تھے۔

    پریس ریلیز کے مطابق کچھ ہی دیر میں ٹول پلازہ پر ایک اور موٹر سائیکل داخل ہوئی، جس پر سوار وجاہت نامی شہری نے اہل کاروں کو بتایا کہ ایک موٹر سائیکل سوار دو لٹیرے انھیں لوٹ کر ابھی بھاگے ہیں۔

    نوجوان وجاہت، جو سہراب گوٹھ سے لٹیروں کا پیچھا کرتا آ رہا تھا اور کامیاب رہا

    شہری نے شکایت کی کہ ان سے سہراب گوٹھ میں لٹیروں نے موبائل فون اور تین ہزار روپے چھینے تھے، اور وہ وہاں سے ان کا پیچھا کرتا ہوا ایکسپریس وے تک آیا، لٹیروں نے لوٹتے وقت تھپڑ بھی مارے۔

    موٹر وے پولیس نے اس شکایت پر فوراً کارروائی شروع کر دی، اور اپنی حکمت عملی کے ذریعے لٹیروں کو ایکسپریس وے ہی پر آگے روک لیا گیا، مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی لی گئی تو ان سے چھینا گیا موبائل فون اور تین ہزار روپے برآمد ہو گئے، لٹیروں کی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس اہل کاروں نے مذکورہ لٹیروں کو حراست میں لے لیا، جن کی شناخت رشید اور یونس کے ناموں سے ہوئی، جنھیں مزید قانونی کارروائی کے لیے عزیز بھٹی تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔

    دریں اثنا، اہل کاروں نے موبائل فون اور 3000 نقدی شکایت کنندہ وجاہت کے حوالے کی، جس پر انھوں نے اہل کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ محکمے کے افسران بالا کی جانب سے انسپکٹر امجد رؤف اور سب انسپکٹر ظفر امیر کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا، اور ان افسران کو تعریفی اسناد اور نقدی انعام سے نوازا گیا۔

  • لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹرعشرت العباد

    لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کی تعمیر میں پہلے ہی شیڈول سے کہیں زیادہ دیر ہوچکی ہے، اس کی تکمیل سے شہریوں کو ماڑی پورروڈ سے سہراب گوٹھ تک بلا رکاوٹ سفر کی سہولت میسر آئے گی جوکہ اس وقت سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک جانے والوں کو حاصل ہے۔

    لیاری ایکسپریس وے شہر کی شاہراہوں سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور وقت اور ایندھن کی بچت کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے شمالی روٹ کی تعمیر کے کام کے جائزہ اجلاس سے گورنرہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نور محمد لغاری، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ شمالی سمت کے ٹریک کی تعمیر کا کام رائٹ آف وے نہ ہونے کے باعث کئی سال تک رکا رہا لیکن اب جبکہ اس کے باقی 5.233 کلومیٹر پر کام کا آغاز ہوچکا ہے امید ہے کہ اسے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا کیونکہ اب صرف 1.456 کلومیٹر کے رائٹ آف وے کا معاملہ باقی رہ گیا ہے جوکہ جلد ہی حل ہوجائے گا۔

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں اس کے تعمیر شدہ حصہ پر ٹریفک کو چلایا جائے تاکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سے ٹریفک کا دباؤ کم کیا جاسکے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ اس کے شمالی ٹریک کو اگلے سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    انہیں مزید بتایا گیا کہ بعض متنازعہ معاملات کا فیصلہ عدالت سے 25 مئی کو متوقع ہے جس کے بعد رائٹ آف وے کے حصول کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں ٹریکس اور ریمپس کی کل لمبائی 38.67 کلومیٹر ہے جبکہ مجموعی طور پر اس منصوبہ کا 81.48 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے۔