Tag: Lyari

  • لیاری گینگ وار کے سرغنہ کا حلفیہ بیان سامنے آ گیا

    لیاری گینگ وار کے سرغنہ کا حلفیہ بیان سامنے آ گیا

    کراچی: ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا ضابطہ فوجداری دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ شدہ حلفیہ بیان سامنے آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عزیر بلوچ نے 29 اپریل 2016 کو عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا تھا، بیان حلفی میں انھوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر سنگین الزامات لگائے۔

    عزیر بلوچ نے کہا کہ اس نے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اویس ٹپی کے کہنے پر شوگر ملز پر قبضے کیے، قبضہ کی گئیں شوگر ملز کو بعد میں کم دام میں فروخت کیا گیا۔

    بیان حلفی میں عزیر بلوچ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے کہنے پر اس نے 15 سے 20 لڑکے بلاول ہاؤس بھجوائے، بلاول ہاؤس کے قریب بنگلوں اور فلیٹس کو زبردستی خالی کرایا، سینیٹر یوسف بلوچ کے کہنے پر قائم علی شاہ اور فریال تالپور سے ملاقات کی، آصف زرداری اور فریال تالپور نے دو مقدمات اور ہیڈ منی ختم کرائی، 2013 آپریشن کے پیش نظر فریال تالپور نے اپنے گھر بلوایا، فریال تالپور کے گھر پر شرجیل میمن اور نثار مورائی موجود تھے۔

    عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی پہلی بار منظر عام پر، سیکڑوں‌ قتل کا اعتراف

    بیان حلفی کے مطابق عزیر بلوچ الیکشن 2013 میں سینیٹر یوسف بلوچ کے ذریعے فریال تالپور سے رابطے میں رہا، شاہ جہان بلوچ، جاوید ناگوری، عبداللہ بلوچ اور ثانیہ ناز کو ٹکٹ دلوایا۔

    عزیر بلوچ نے بتایا کہ 2013 میں رینجرز کے اہل کاروں کو قتل کرا کر الزام مخالفین پر لگوایا، ایس پی اقبال بھٹی کو لیاری میں تعینات کرایا، ذوالفقارمرزا، قادر پٹیل اور یوسف بلوچ کے ذریعے پولیس افسران کی تعیناتی کرائی، ایس ایس پی چوہدری اسلم کے ساتھ کئی پولیس مقابلے ہوئے، پولیس افسران کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔

    عزیر بلوچ نے بیان میں کہا پارٹی کے کہنے پر اس نے کئی غیر قانونی کام کیے، قادر پٹیل کے کہنے پر سرکاری زمینوں پر قبضے کیے، سینیٹر یوسف بلوچ کے کہنے پر 500 جرائم پیشہ افراد کو نوکریاں دلوائیں، ایران کی خفیہ ایجنسیوں سے بھی رابطے میں رہا۔

  • پیپلزپارٹی نے لیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تیز کردی

    پیپلزپارٹی نے لیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تیز کردی

    کراچی : پیپلزپارٹی نے لیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تیز کردی، ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے7منصوبے مکمل کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیاتی کے قریب آتے ہی سندھ کی سیاسی جماعتیں اپنے ووٹرز کی توجہ حاصل
    کرنے کیلئے سماجی خدمات میں مصروف ہوگئیں۔

    اس سلسلے میں پیپلزپارٹی نے بھی شہر میں جاری منصوبوں کی تعمیر کا کام تیز کردیا، اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے7منصوبے مکمل کرلئے گئے۔

    رواں ماہ لیاری میں سڑکوں کی تعمیر کے مزید منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا، لیاری میں سڑکوں کی تعمیر پر خطیر رقم خرچ کی گئی۔

    ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ دو عشروں بعد لیاری میں سیوریج کی نئی لائنیں بچھائی گئی ہیں، لیاری میں فراہمی ونکاسی آب کا نظام ،سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ دیرینہ مسئلہ تھا، سندھ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، بہت جلد مزید میگا منصوبوں پر کام کا آغاز ہوگا۔

  • لیاری، گٹر میں گرنے والا بچہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا

    لیاری، گٹر میں گرنے والا بچہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا

    کراچی: لیاری کے حالات دگرگوں ہوگئے، گٹر میں گرنے والا چار سالہ بچہ دم توڑ گیا، اہل محلہ نے واقعے پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی لیاری کوپیرس نہ بنا سکی، کھلے گٹر شہریوں کو نگلنے لگے، کھلے مین ہول کا شکار  بننے والا بچہ زندگی کی بازی ہار گیا.

    ننھا ہارون 19 جنوری کو گٹرمیں گرا تھا، اسے  زندہ گٹر سے نکالا گیا، مگر اس کی حالت بے حد بگڑ چکی تھی، بچہ بارہ دن تک اسپتال میں رہا،مگر جانبر نہ ہوسکا اور زندگی کی بازی ہار گیا.

    واقعے کے بعد علاقہ مکین انتظامیہ پر پھٹ پڑے۔ اہل محلہ کا کہنا تھا کہ لیاری کا کوئی پرسان حال نہیں، مین ہولوں پر ڈھکن نہیں، گلیوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔

    سعید غنی اور واٹر بورڈ اس صورتحال کے ذمے دار ہیں: عالمگیر خان

    پیپلزپارٹی تو لیاری کی قسمت نہیں بدل سکی، البتہ اس علاقے سے جیتنے والی پی ٹی آئی بھی کوئی کارنامہ انجام نہیں‌ دے سکی.

    اس ضمن میں اے آر وائی نیوز نے سماجی تحریک فکس اٹ کے بانی اور پی ٹی آئی کے ایم اے عالمگیر خان سے رابطہ کیا.

    عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ صرف لیاری نہیں پورے کراچی کا یہی حال ہے، مین ہول اور سیوریج سسٹم محکمہ بلدیات کے ذمے ہے، سعید غنی اور واٹر بورڈ اس صورتحال کا ذمے دار ہیں.

    انھوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل کےحل میں صوبائی حکومت غیرسنجیدہ ہے، ہم لیاری میں کل سے مین ہول کے ڈھکن لگائیں گے.

  • انتخابی مہم بلاول کو کراچی لے آئی، عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری، لیاری میں خطاب

    انتخابی مہم بلاول کو کراچی لے آئی، عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری، لیاری میں خطاب

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لیاری والوں نے جمہوریت کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌نے انتخابی مہم کے سلسلے میں‌ لیاری پہنچنے پر کیا، انھوں نے کہا کہ لیاری کے عوام محب وطن ہیں.

    بلاول بھٹو نے کہا کہ لیاری والوں نے جمہوریت کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، اہل لیاری نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو کامیاب کیا اور کرتے رہیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ اہل لیاری نے جیسے استقبال کیا، وہ لیاری کےعوام کی محبت کا ثبوت ہے، لیاری سے منتخب ہوکر علاقے کے مسائل حل کروں گا، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ لیاری پر توجہ دی ہے.

    قبل ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین انتخابی مہم کے سلسلے میں‌ کراچی پہنچے، شہر قائد آمد کے بعد انھوں نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور چادر چڑھائی.

    بعد ازاں وہ کلفٹن سے لیاری پہنچنے، جہاں جیالوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور بلاول بھٹو پر پھول نچھاور کیے۔ اس دوران پارٹی ترانوں پر کارکن رقص کرتے رہے.


    بلاول بھٹو صادق و امین نہیں ہیں: عدالت میں درخواست دائر


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عالمی فٹبال کپ کا آغاز کل سے روس میں ہوگا، لیاری میں بھی زبردست جوش و خروش

    عالمی فٹبال کپ کا آغاز کل سے روس میں ہوگا، لیاری میں بھی زبردست جوش و خروش

    ماسکو : فٹبال کا21واں عالمی میلہ جمعرات کو روس میں شروع ہو رہا ہے جو 15جولائی تک جاری رہے گا، منی برازیل لیاری میں بھی فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں کل سے21ویں فیفا فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز ہورہا ہے، چھ براعظموں کی 32 ٹیمیں میزبان ملک روس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی، روس کے گیارہ شہروں کے12اسٹییڈیمز میں 64 میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    اس بار جیت کے کئی امیدوار ہیں جن میں دفاعی چیمیئن جرمنی کے علاوہ برازیل بھی سرفہرست ہیں۔ اپنی ٹانگوں کا جادو دکھانے کے لئے دنیا کے نامور کھلاڑی میسی، رونالڈو، نیمار، مولر، ہیزارڈ، محمد صالاح، پوگبا جلوہ گر ہوں گے۔

    ورلڈ کپ کا فائنل میچ 15جولائی کو ماسکو میں کھیلا جائیگا، فٹبال ورلڈ کپ کی سب سے بڑی انعامی رقم 400 ملین ڈالرز ہے۔ فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی اور 38ملین ڈالرز ملیں گے۔

    یاد رہے کہ 14جون سے 15 جولائی تک دنیا کی دو تہائی آبادی فٹبال کے سحر میں مبتلا ہو گی۔ پاکستان میں بھی فٹبال کے متوالے ورلڈ کپ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، منی برازیل لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ورلڈ کپ تو روس میں ہو رہا ہے لیکن فٹبال کے دیوانے لیاری میں بھی پر جوش ہیں۔

    کراچی میں فٹبال کے گڑھ لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کا رنگ نظر آنے لگا، گلی محلوں میں پسندیدہ ٹیموں کے رنگ برنگی جھنڈے لہرا دیئے گئے، درو دیوار بھی رنگین ہوگئے، گلی محلے کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا بچے اور بڑے بھی پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

    لیاری کے علی محمد محلے میں ورلڈ کپ وال بنائی گئی ہے جس پر سابق عالمی چیمپیئن ٹیموں کے نام درج ہیں۔ فٹبال کے متوالے سال دوہزار اٹھارہ میں برازیل کی حکمرانی کے خواہش مند ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کراچی: بھتہ نہ دینے پر 2 افراد قتل، خواتین سمیت 4 زخمی

    کراچی: بھتہ نہ دینے پر 2 افراد قتل، خواتین سمیت 4 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں بھتہ کی رقم ادا نہ کرنے پر گینگ وار کارندوں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق  لیاری کے علاقے بغدادی میں واقع  ہوٹل پر گینگ وار کارندوں نے بھتے کی پرچی دی اور رقم نہ ملنے پر فائرنگ کر کے مالک کے بیٹے رئیس خان کو ہلاک کردیا۔

    گینگ وار کارندوں کی فائرنگ سے رکشے میں سوار دو خواتین اور ہوٹل پر بیٹھے تین افراد بھی زخمی ہوئے، پولیس حکام کے مطابق ہلاک و زخمی شخص کا تعلق بھی لیاری گینگ وار سے ہے۔

    فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لیئق اور خان محمد جبکہ زخمیوں کی شناخت روبینہ، فجا، بوبی اور صالح کے نام سے ہوئی تمام افراد کو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی کورٹ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

    دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے بھی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔

  • لیاری کی بچیاں باکسنگ کے رنگ میں اتر گئیں

    لیاری کی بچیاں باکسنگ کے رنگ میں اتر گئیں

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں لڑکیوں کو باکسنگ کی تربیت دینے کے لیے چار کلب کھل گئے جہاں نو عمر بچیاں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی انور خان کے مطابق کراچی کے جنوب میں واقع علاقے لیاری کو پاکستان میں کھیلوں کی دنیا میں  اہم مقام حاصل  ہے اس علاقے نے مختلف کھیلوں خصوصا فٹبال، سائیکلنگ اورباکسنگ میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کیے۔

    لیاری کا علاقہ گذشتہ کئی سالوں سے گینگ وار کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا تھا جس کے باعث علاقے میں کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیاں بند ہوگئی تھیں تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارون کی جانب سے تین برسوں سے جاری قیام امن کی کوششوں اور گینگ وار کے خاتمہ کے بعد اس علاقے میں دیگر نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔

    کراچی کے جنوبی علاقے میں امن بحال ہوا تو اب وہاں تواتر کے ساتھ فٹبال  باکسنگ کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں اور اب لڑکوں کے ساتھ  ساتھ  لڑکیاں بھی  کھیلوں  میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں خواتین بھی اب باکسنگ میں نام پیدا کررہی ہیں

    باکسنگ کو ویسے تو خطرناک کھیل تصور کیاجاتا ہے تاہم لیاری کی نوعمر لڑکیاں باکسنگ رنگ میں اتر کر اپنی صلا حیتوں  کےجوہر دکھا رہی ہیں اور اب اُن کی تربیت کے لیے علاقے میں چار کلب کھل چکے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں

    باکسنگ کی تربیت میں حصہ لینے والی  لڑکیوں میں سے 6 لڑکیوں کو 2  دسمبر سے شروع ہونےوالی وویمن آف دی ورلڈ فیسٹول کے لئے منتخب کیا جائے گا علاوہ ازیں منتخب ہونے والی لڑکیاں الیانس فرانسس فیسٹیول میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لیاری سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد، گیارہ ملزمان گرفتار

    لیاری سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد، گیارہ ملزمان گرفتار

    کراچی : رینجرز نے لیاری سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے گیارہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ منگھو پیر کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے امن کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادئیے۔ رینجرز اہلکاروں نے کراچی کے علاقے لیاری سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

    اسلحہ لیاری میں خالی پلاٹ میں چھپایا گیا تھا، کھدائی کرکےتین تیس بور ماؤزر،تین پسٹلز، نائن ایم ایم ، بتیس بور ریوالور دیگر اسحلہ ،میگزین اور مختلف اقسام کے راؤنڈز برآمد کیے گئے ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ اسلحہ عزیر بلوچ گروپ کے دہشت گردوں نے چھپایا تھا، اسلحہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی میں استعمال کیا جانا تھا۔

    علاوہازیں رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران گیارہ ملزمان گرفتار کرلیے، ترجمان رینجرز کے مطابق تیموریہ اور فریئر سے ایم کیوایم لندن عسکری ونگ تین کارندے پکڑے گئے۔

    ملزمان میں لیاری گینگ وار کے کارندے اور بھتہ خورشامل ہیں۔ منگھو پیر حمزہ یونیورسٹی کے قریب سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، لاشیں قبضے میں لے کر پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لیاری میں کریکرحملہ، ایک شخص جاں بحق، چار زخمی

    لیاری میں کریکرحملہ، ایک شخص جاں بحق، چار زخمی

    کراچی : لیاری میں کریکرحملے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ایک زخمی نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا، دو افراد کی حالت تشویشناک ہے، ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ مولا مدد محلہ میں موٹر سائکل سوارنامعلوم گینگ وار ملزمان کی جانب سے کیے گئے کریکر حملے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں دوران علاج ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق دو زخمیوں کی حالت ابھی تشویشناک ہے، اطلاع ملنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو لیاری پہنچ گئے، غلام قادرتھیبو نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا، انہوں نے پولیس حکام کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ کریکر کا تھا ،تاہم علاقے کو گھیرے میں لے کرملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

  • لیاری میں سرچ آپریشن، بابا لاڈلہ گروپ کے اہم کارندے گرفتار

    لیاری میں سرچ آپریشن، بابا لاڈلہ گروپ کے اہم کارندے گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری میں سرچ آپریشن کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کے 4 اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران احمد شاہ بخاری، عید العین اور رانگی واڑہ میں گھر گھر تلاشی کی گئی۔

    سرچ آپریشن کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کے 4 اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان میں لاگو عرف ملا، ارشد سنہارا، پکھیا بلوچ اور کوڈو شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد کی گئی۔ ملزمان کو چاکیواڑہ اور بغدادی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    کراچی کے ہی علاقے بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار ملزم مارا گیا۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالا خان میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اہلکار شامل تھے۔ اس دوران گھر گھر جا کر تلاشی لی گئی۔

    جہانیاں میں بھی پولیس نے ٹھٹہ صادق آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 28 گھروں کی تلاشی اور 56 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔

    تلاشی کے دوران ایک اشتہاری سمیت 6 مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا گیا۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کے بعد اس پر مقدمات درج کردیے گئے۔