Tag: Lychee

  • لیچی: جسم اور دماغ دونوں کے لیے فائدہ مند

    لیچی: جسم اور دماغ دونوں کے لیے فائدہ مند

    لیچی ایک نہایت ذائقہ دار پھل ہے جو اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، اس کا باقاعدہ استعمال جسم کو بہت سے مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔

    گرم موسم میں مختصر سی مدت کے لیے آنے والے پھل لیچی میں بھرپور پروٹینز اور معدنی اجزا ہوتے ہیں جبکہ اس میں فولاد بھی پایا جاتا ہے۔

    لیچی کا استعمال ہمیشہ تازہ صورت میں کرنا چاہیئے، یہ ایک صحت بڑھانے والا پھل ہے اور جگر کے لیے از حد مفید ہے۔ یرقان کے مریضوں کے لیے اس کا استعمال بہت ہی فائدہ مند ہے جبکہ بڑھا ہوا جگر اس کے استعمال سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔

    لیچی قوت ہاضمہ کو تیز کرتی ہے اس لیے اس کے استعمال سے پیٹ کے امراض ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

    لیچی کے استعمال سے بھوک بڑھ جاتی ہے، دماغی کمزوری میں بھی لیچی کا استعمال بہت مفید ہے۔ دل کی دھڑکن تیز ہو جانے سے پریشان رہنے والوں کے لیے بھی لیچی ایک نعمت ہے۔

    لیچی کمزور مریضوں کے لیے بہت ہی مفید ہے، لمبی بیماری سے اٹھے ہوئے مریض اپنی طاقت کے مطابق 5 سے 10 عدد لیچی کھا سکتے ہیں اور اپنی کمزوری دور کر سکتے ہیں۔

    بخار میں بھی لیچی کو استعمال کیا جاسکتا ہے، اس کے استعمال سے پیٹ کی صفائی ہو جاتی ہے اور بخار کم ہو جاتا ہے۔

  • بھارت: لیچی کھانے سے مہلک بیماری نے 150 بچوں کی جانیں لے لیں

    بھارت: لیچی کھانے سے مہلک بیماری نے 150 بچوں کی جانیں لے لیں

    نئی دہلی: بھارت میں لیچی کھانے سے پیدا ہونے والی مہلک بیماری کے باعث ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 150 سے زائد ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں کچی لیچی کھانے سے سینکڑوں بچے دماغ کی مہلک بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں، جن میں سے 150 ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر ضلع مظفرپور کے چیف مجسٹریٹ نے انکوائری کا حکم دیا ہے، جبکہ اس بیماری کا نام Encephalitis Syndrome ہے۔

    سری کرشنا میڈیکل کالج اور اسپتال ( ایس کے ایم سی ایچ) میں اس وقت 100 سے زائد بچے زیر علاج ہیں اور بستروں کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، اسی ہسپتال کے کاریڈور میں کھڑے پریشان حال والدین میں 25 سالہ دلیپ ساہنی بھی شامل ہیں جو ایک مزدور ہیں، وہ اپنی ساڑھے 4 سالہ بیٹی مسکان کو بیمار پڑنے کے صرف 24 گھنٹے بعد اسپتال لائے تھے۔

    ایکیوٹ انسیفلائٹس سینڈروم ایکیوٹ انسیفلائٹس سینڈروم دماغی سوزش ہے، اس مرض کی علامات دماغ کے متاثرہ حصے کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتی ہیں، عام طور پر سردرد، بخار، ذہنی الجھن اور جھٹکے لگنا شامل ہیں،اس بیماری کو بہار میں مقامی زبان میں چمکی بخار کہا جاتا ہے۔

    کئی ڈاکٹر بچوں کی ہلاکت کی خبر کی وجوہات کی تصدیق اب تک نہیں کررہے لیکن ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ لیچی میں پایا جانے والا زہریلا مواد غریب خاندانوں کے ان بچوں کو متاثر کررہا ہے جو رات میں کھانا کھائے بغیر سوتے ہیں، اور بیماری ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے۔