Tag: Madhu Bala

  • ہتھنی مدھوبالا کی سفاری پاک منتقلی کے لیے خصوصی کنٹینر تیار

    ہتھنی مدھوبالا کی سفاری پاک منتقلی کے لیے خصوصی کنٹینر تیار

    کراچی: چڑیا گھر میں منتقلی کی منتظر ہتھنی مدھوبالا کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ماہرین کی تنظیم فورپاز کی جانب سے کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی مدھو بالا کی سفاری پاک منتقلی کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کر کے چڑیا گھر پہنچا دیا گیا۔

    فور پاز کی ٹیم کنٹینر کے ذریعے منتقلی سے پہلے مدھو بالا کو ٹرینڈ کرے گی، کنٹینر سے مانوس ہونے اور ضروری تربیت کے بعد مدھو بالا کو ستمبر کے آخر تک سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔

    فورپاز کی جانب سے 30 لاکھ روپے میں خصوصی کنٹینر تیار کیا گیا اور کے ایم سی کو تحفہ دیا گیا ہے، کنٹینر میں بلڈ ٹیسٹ وغیرہ اور ویکسی نیشن کے لیے ہتھنی کو زنجیروں سے باندھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

  • سفاری پارک میں مدھو بالا ہتھنی کا انکلوژر تعمیر کرنے کے لیے ڈیزائن تیار

    سفاری پارک میں مدھو بالا ہتھنی کا انکلوژر تعمیر کرنے کے لیے ڈیزائن تیار

    کراچی: سفاری پارک میں مدھو بالا ہتھنی کا انکلوژر تعمیر کرنے کے لیے ڈیزائن تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مدھو بالا ہتھنی کو کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مدھو بالا کا انکلوژر سفاری پارک میں سونیا اور ملکہ کے انکلوژرز کے سامنے تعمیر کیا جائے گا۔

    سفاری پارک میں ہتھنیوں کی سینکچری کے لیے 17.25 ایکڑ رقبہ وقف کیا گیا ہے، جب کہ ملکہ، سونیا اور مدھو بالا کے لیے 5.50 ایکڑ رقبہ مختص ہے۔

    ہتھنیوں کی سینکچری میں 3.25 ایکڑ رقبے پر ایلیفینٹ پلے ایریا بنایا جائے گا، اور 8.5 ایکڑ رقبے پر پانی اور درخت لگائے جائیں گے، پلے ایریا کے ساتھ پانی کے حوض کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    مدھو بالا کے لیے 25 فٹ اونچا اور 38 فٹ لمبا اور چوڑا انکلوژر تعمیر کیا جائے گا، جو لوہے اور فائبر سے تیار کیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر چڑیا گھر و سفاری پارک کنور ایوب کو 45 روز میں مدھو بالا کا گھر تعمیر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، جب کہ مدھو بالا کو کراچی چڑیا گھر سے جون کے وسط تک منتقل کیا جائے گا۔