Tag: mah e ramzan

  • سعودی عرب : عوام ماہ رمضان میں فرضی اشتہارات سے محتاط رہیں

    سعودی عرب : عوام ماہ رمضان میں فرضی اشتہارات سے محتاط رہیں

    ریاض : فیڈریشن آف سعودی چیمبرز اینڈ کامرس کی نمائندہ کمیٹی برائے انسانی وسائل کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ گھریلو خادماؤں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر موجود جعلی اشتہارات پر توجہ نہ دی جائے۔

    جعل ساز سستی ماہانہ اُجرت میں خادمہ کو بیرون ملک سے لانے کے اشتہار کے ذریعے سادہ لوح افراد کے بینک اکاؤنٹس کو ہیک کرکے ان کی رقم اڑا لیتے ہیں۔

    عاجل نیوز نے سعودی فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس میں انسانی وسائل کے امور سے متعلق کمیٹی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ فرضی کمپنیوں کے اشتہارات میں اس امر کی بھی ترغیب دی جاتی ہے کہ موجود خادمہ کی کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔

    خادمہ کی کفالت کی تبدیلی حوالے سے جعلساز اپنے شکار کو لنک ارسال کرکے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ لنک کمپنی کا ہے جہاں درکار معلومات اپ لوڈ کی جائیں۔

    ایوان صنعت کا مزید کہنا تھا کہ لنک کے ذریعے جعل ساز اپنے شکار کی تمام معلومات حاصل کرلیتے ہیں جن میں بینک کی تفصیلات بھی موجود ہوتی ہیں جس کے بعد جعل ساز ہیکرز بینک اکاؤنٹ کو ہیک کرکے وہاں موجود رقم کسی اور اکاؤنٹ میں منتقل کردیتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایوان صنعت وتجارت نے شہریوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت غیر معروف اشتہارات کے چکر میں نہ پڑیں تاکہ دھوکے کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب میں گھروں میں کام کرنے والی خادماؤں کی کافی طلب ہوتی ہے۔

    ایسی غیر قانونی طور پر مقیم خادمائیں جن کی ماہانہ تنخواہ 12 سو ریال ہوتی ہے وہ ان دنوں 5 سے 6 ہزار ریال ایک ماہ کےطلب کرتی ہیں۔

  • ماہ رمضان : بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

    ماہ رمضان : بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی عدم فراہمی معمول بن گئی۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے ،ماہ رمضان میں کے الیکٹرک کے سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے.

    تفصیلات کے مطابق فنی خرابی ،کیبل فالٹ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ماہ رمضان میں بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

    شدید گرمی، حبس اوپر سے بجلی غائب ہونے پر شہر قائد کے شہری احتجاج نہ کریں تو کیا کریں، کورنگی ایکسپریس وے پر بجلی عدم فراہمی کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے۔

    مشتعل مظاہرین نے ٹائرون کو جلاکر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا، دوسری جانب کراچی کے علاقے جیکب لائن گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    پی آئی بی کالونی، جیکب لائن، جہانگیر روڈ، نمائش اور جمشید روڈ میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن رہا۔ سخی حسن واٹر بورڈ کالونی میں بھی بارہ گھنٹے سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود بجلی نہ آسکی۔

    سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    روزہ دار شہری شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

     

  • ماہ رمضان میں قیام امن کے حوالے سے وزیرداخلہ سندھ کی زیرصدارت اجلاس

    ماہ رمضان میں قیام امن کے حوالے سے وزیرداخلہ سندھ کی زیرصدارت اجلاس

    کراچی : سینٹرل پولیس آفس کراچی میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انورخان سیال کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں قیام امن کے حوالے سے پولیس اقدامات کا جائزہ لیا گیا او ضروری احکامات دیئے گئے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناْاللہ عباسی ،سمیت تمام ڈی آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

    وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پیز متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز ، علاقے کی سیاسی ، مذہبی اور سماجی شخصیات و قائدین سے باقاعدہ شیڈول اجلاس کرکے رمضان المبارک کا خصوصی کنٹی جینسی پلان ترتیب دیں اور بالخصوص اس ماہ کے دوران تاجر برادری کو درپیش ممکنہ ایشوز کے حل میں خاطر خواہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ اکثر ماہ رمضان کے دوران ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ مشاہدے میں آیا ہے لہذٰا اس ضمن میں صوبائی سطح پر انسدادی اقدامات کے حوالے سے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔

    انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اس ضمن میں ہدایات دیں کہ ماہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل ہی تمام ایس ایچ اوز کی نگرانی میں دو گھنٹہ اسنیپ چیکنگ کے آغاز کے اقدامات ضلعی ایس ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کی مانیٹرنگ کے تحت کیئے جائیں۔

    انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ موٹر وے پولیس اور لوکل پولیس کے باہمی روابط کے اقدامات کیئے جائیں اور باالخصوص رمضان المبارک میں تریفک کی روانی کے لیئے صوبائی سطح پرخصوصی اقدامات کیئے جائیں۔

    آئی جی سندھ نے اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک کا خصوصی پلان تیار کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے حیدرآباد کے لیئے ایس پی ٹریفک کی تقرری کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں باالخصوص رمضان کے دوران ٹریفک دباوْ کو مد نظر رکھتے ہں وئے باالخصوص افطاری سے قبل ٹریفک کی روانی کے حوالے سے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بھتہ مافیا ، زبردستی فطرہ زکوٰة وصول کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مذید کہا کہ افطار سے قبل اور بعد از افطار پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کا پابند بنایا جائے۔

     

  • شان رمضان : ماہ مقدس میں اے آر وائی کی خصوصی نشریات

    شان رمضان : ماہ مقدس میں اے آر وائی کی خصوصی نشریات

    کراچی : رمضان المبارک کے مقدس  مہینے میں اے آر وائی ڈیجیٹل  کی جانب سے اپنے ناظرین کیلئے خصوصی پروگرام پیش کئے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق  اے آر وائی ڈیجیٹل نے اپنے ناظرین کیلئے ماہ  رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کیلئے خصوصی نشریات  کا اہتمام کیا ہے، ہماری خصوصی ٹرانسمیشن اے آر وائی کے تمام چینلز پر مختلف اوقات میں براہ راست نشر کی جائیں گی، جو ہر مسلمان کے جذبہ ایمانی کو اجاگر کرنے کا  سبب ھوگی۔

    اس مشہور زمانہ ٹرانسمیشن شان رمضان کی میزبانی مشہور و معروف نعت خواں جنید جمشید اور نامور اینکر وسیم بادامی ہونگے۔

    شان سحر ٹرانسمیشن روزانہ رات دو بجے شروع ہوگی جبکہ شان افطار ٹرانسمیشن کا آغاز دوپہر دو بجے ہوگا، شان رمضان ٹرانسمیشن میں مختلف پروگرامز پیش کئے جائیں گے جن میں کوئز شو، روزہ کشائی، کوکنگ مقابلے نعت خوانی اور بہت سی معلوماتی باتیں پیش کی جائیں گی۔

    نیکی سیگمنٹ  کے میزبان معروف اینکر اقرار الحسن ہونگے جو ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں گے جو ضرورت مند افراد کی مدد کرتے ہیں۔

    ندا یاسر پیر سے جمعہ صبح نو بجے گڈ مارننگ پاکستان کا رمضان اسپیشل شو کریں گی، جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا گیم شو جیتو پاکستان اس بار رمضان میں خصوصی انعامات کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جس میں 50 کاریں 500 موٹر سائیکلیں، 300 تولہ سونا اور دیگر کیش پرائزز کے علاوہ بے شمار قیمتی تحائف بھی شراکاء کو  دیئے جائیں گے۔

    جیتو پاکستان پورے رمضان روزانہ شام 7:30 بجے نشر کیا جائے گا، اے آر وائی نیوز کی سحری ٹرانسمیشن میں خصوصی پروگرام شان سحر میں معروف علمائےکرام نےناظرین کو دینی معلومات فراہم کریں گے ،معروف نعت خواں حمدو نعت کے گلدستے پیش کریں گے ۔

    اے آروائی نیوز کی سحری ٹرانسمیشن کےخصوصی پروگرام شان سحر کا آغاز حمد باری تعالی سےکیا جائے گا شرکا ء کےلئےسحری کا خصوصی انتظام کیا جائے گا، علمائے کرام  ناظرین کو دین سے متعلق راہنمائی فراہم کریں گے جبکہ اس دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

    ناظرین کے لئے اے آر وائی نیوز کی خصوصی سحری ٹرانسمیشن شان سحر رمضان کے اختتام تک جاری رہے گی۔ سحری ٹرانسمیشن میں صنم بلوچ میزبانی کے فرائض انجام دیں گی، جس میں مقابلہ نعت خوانی کے ذریعے ملک بھر کے نعت خوانوں کی چھپی ہوئی آوازوں کو سامنے لایا جائے گا۔

    جبکہ اے آر وائی زندگی میں ملک کے معروف شیف سادات ماہ رمضان میں لائف استائل کچن کے نام سے خصوصی کوکنگ شو پیش کریں گے، جس میں سحر وافطار کے صحت مند کھانوں اور دیگر مزے مزے کی ڈشز تیار کی جائیں گی۔

    اس کے علاوہ اے آر وائی زندگی میں عید کے حوالے سے خصوصی شو۔ عید سب کیلئے، بھی پیش کیا جائے گا، جس میں بحریہ ٹاؤن لاہور کی جانب سے لاکھوں روپے کے بے شمار قیمتی تحائف  کے علاوہ ملے گا صرف ایک ہزار روپے میں ایک کروڑ روپے کا اپنا گھر،  اس پروگرام کے میزبان مشہور زمانہ کامیڈین نسیم وکی ہونگے۔

  • شب قدر اور اس کی فضیلت

    شب قدر اور اس کی فضیلت

    رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات شب قدر ہے۔ اس رات کو پروردگار ِعالم نے انسان پر اپنی بے شمار نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت قرار ددیتے ہوئے تلاش کرنے کا حکم دیا ہے ، احادیث سے مروی ہے کہ جو شخص زندگی میں ایک بار اس رات کو اس حالت میں حاصل کرلے کہ اپنے رب کی عبادت میں محو استغراق ہو تو اس کے عمر بھر کے گناہ زائل ہوجاتے ہیں اس رات کی بے شمار فضیلتوں میں سے چند فضیلتیں مندرجہ ذیل ہیں

    ۱۔ قرآن کا نزول

    پروردگار عالم کی سب سے باعظمت جامع و کامل کتاب جسے ہمیشہ باقی رہنا ہے وہ اسی شب میں نازل ہوئی جیسا کہ قرآن گواہی دیتا ہے: ” شہر رمضان الذی انزل فیہہ القرآن ”  (ماہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا ) لیکن رمضان کی کس شب میں قرآن نازل ہوا ؟ اس کا بیان دوسری آیت میں ہے ” انا انزلناہ فی لیلۃ مبارکۃ ” ( بیشک!ہم نے قرآن کو بابرکت رات میں نازل کیا ) اور سورہ قدر میں اس بابرکت رات کو اس طرح بیان کیا ” انا انزلناہ فی لیلۃ القدر ”  (بیشک! ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں نازل کیا ) لہٰذا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ قرآن کے نزول نے بھی اس شب کی عظمت میں اضافہ کیا ہے۔

    تقدیر کا معین کرنا

    اس شب کو لیلۃ القدر کہنے کی وجہ کے بارے میں مختلف اقوال پائے جاتے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ یہ رات با برکت و با عظمت ہے ” لیلۃ العظمۃ” اور قرآن مجید میں لفظ قدر عظمت و منزلت کے لئے استعمال ہوا ہے جیسا کہ آیت میں ہے ” ما قدروا اللہ حق قدرہ ” (انھوں نے اللہ کی عظمت کو اس طرح نہ پہچانا جس طرح پہچاننا چاہئے

    اللہ نے انسان کو اپنی تقدیر بنانے یا بگاڑنے کا اختیار خود انسان کے ہاتھ دیا ہے وہ سعادت کی زندگی حاصل کرنا چاہے گا اسے مل جائے گی وہ شقاوت کی زندگی چاہے گا اسے حاصل ہو جائے گی۔ <<یا ایھا النّاس انّما بغیکم علی انفسکم>> (یونس:23) لوگو! اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ تمہاری سرکشی صرف تمہیں نقصان پہچائے گی۔ جو کوئی سعادت کا طلبگار ہے وہ شب قدر میں صدق دل کے ساتھ اللہ کی بار گاہ میں توبہ کرے، برائیوں اور برے اعمال سے بیزاری کا عہد کرے گا۔
    اللہ سے اپنے خطاؤں کے بارے میں دعا اور راز و نیاز کےذریعہ معافی مانگے گا یقینا اس کی تقدیر بدل جائے گی اور امام زماں (ارواحنا فداہ) اس تقدیر کی تائید کریں گے۔ اور جو کوئي شقاوت کی زندگی چاہے وہ شب قدر میں توبہ کرنے کے بجائے گناہ کرے ، یا توبہ کرنے سے پرھیز کرے ، تلاوت قرآن ، دعا اور نماز کو اھمیت نہیں دے گا ، اسطرح اس کے نامہ اعمال سیاہ ہوں گے اور یقینا امام زماں (ارواحنا فداہ) اسکی تقدیر کی تائید کریں گے۔
    جو کوئی عمر بھر شب قدر میں سال بھر کے لئے سعادت اور خوشبختی کی تقدیر طلب کرنے میں کامیاب ہوا ہوگا وہ اسکی حفاظت اور اس میں اپنے لئے بلند درجات حاصل کرنے میں قدم بڑھائے گا اور جس نے شقاوت اور بد بختی کی تقدیر کو اختیار کیا ہوا وہ توبہ نہ کرکے بدبختی کی زندگی میں اضافہ کرے گا۔
    شب قدر کے بارے میں اللہ نے تریاسی سالوں سے افضل ہونے کے ساتھ ساتھ اس رات کو سلامتی اور خیر برکت کی رات قرار دیا ہے۔ << سلام ھی حتی مطلع الفجر>> اس رات میں صبح ہونے تک سلامتی ہی سلامتی  ہے اس لئے اس رات میں انسان اپنے لئے دنیا اور آخرت کے لئے خیر و برکت طلب کرسکتا ہے۔
    اگر دل کو شب قدر کی عظمت اور بزرگی کی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ جس شب کے بارے میں اللہ ملائکہ سے کہہ رہا ہے کہ جاو اور فریاد کرو کہ کیا کوئی حاجب مند، مشکلات میں مبتلا ، گناہوں میں گرفتار بندہ ہے جسے اس شب کے طفیل بخش دیا جائے ؟ اگر اس نقطے کی طرف توجہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں کہ یہ رات ایک عمر بھر کی مخلصانہ عمل سے افضل ہے۔

    ۴۔ گناہوں کی بخشش
    شب قدر کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس شب میں گناہگاروں کی بخشش ہوتی ہے لہذا کوشش کریں کہ اس عظیم شب کے فیض سے محروم نہ رہیں، وائے ہو ایسے شخص پر جو اس رات میں بھی مغفرت و رحمت الٰہی سے محروم رہ جائے جیسا کہ رسول اکرم کا ارشاد گرامی ہے : "من ادرک لیلۃ القدر فلم یغفر لہ فابعدہ اللہ[12]  جو شخص شب قدر کو درک کرے اور اس کے گناہ نہ بخشے جائیں اسے خداوند عالم اپنی  رحمت سے دور کر دیتا ہے ۔

  • بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک بھرکے عوام کا مقدربن گئی

    بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک بھرکے عوام کا مقدربن گئی

    حکومت کے بلند و بانگ دعوے پانی کے بلبلے ثابت ہوئے ۔ لوڈ شیڈنگ جاری تھی جاری ہے اور مایوس شہریوں کا خیال ہے کہ رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ ان کا مقدر رہے گی۔
    یہ خیال بالخصوص اہل پنجاب اور بالعموم پورے اہل وطن کے سامنے حقیقت کی صورت میں ان کے سامنے ہے جہاں ان کے دن اور راتیں بارہ تا اٹھارہ گھنٹے تاریکیوں اور اذیتوں میں بسر ہوتی ہے۔جس کے باعث معمولات زندگی تقریبا معطل ہے ۔ ایک جانب سحر و افطار میں روزہ دار پریشان حال ہیں کہ روزے کی تیاریوں کس طرح کی جائیں۔ تو دوسری جانب تاجر اور کاروباری حضرات حیران ہیں کہ کاروبار کا پہیہ چلائیں تو کیسے؟

    ایک جانب طلبا و طالبات کے مستقبل کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ذریعے گہن لگانے کی تیاریاں ہیں تو دوسری جانب اسپتال میں بجلی کی عدم فراہمی نے مریضوں کی زندگیوں کے آگے ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔گزشتہ حکومت کو سخت وقت دینے والے خادم اعلیٰ پنجاب کے دعوے اور وعدے توریت کی دیوار ثابت ہوئے تاہم حکمرانوں کی باتوں پر اعتبار کرنے والی قوم ایک بار پھر وزیر اعظم کے لوڈ شیڈنگ پر نوٹس لینے کی خبر پر خوشی سے بغلیں بجا رہی ہے کہ ان کے پاس اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں۔کسے وکیل کریں کس سے منصفی چاہیں.