Tag: maharashtra

  • بھارت میں نکسل علیحدگی پسندوں کاحملہ، 15 کمانڈو ہلاک

    بھارت میں نکسل علیحدگی پسندوں کاحملہ، 15 کمانڈو ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشتر میں کمانڈوز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں 15 کمانڈوزہلاک ہوئے ہیں، حملہ ماؤ نوازعلیحدگی پسندوں نے کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ مہاراشتر کے ضلع گڈچرولی میں پولیس کمانڈوز کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

    بھارتی میڈیا ذرائع کی جانب سے ابتدائی طور پر 15 کمانڈوز کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم اب ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کمانڈوز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوکر ٹکڑے ٹکڑے ہوچکی ہے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں نشانہ بننے والے کمانڈوز کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ان میں سے کچھ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ کچھ کمانڈوزنے اسپتال پہنچ کر دورانِ علاج دم توڑا۔

    دوسری جانب آج صبح ہی ماؤ نواز نکسل علیحدگی پسندوں نے 27 مشینوں اور گاڑیوں کو اسی ضلع میں کرخیدا کے مقام پر نذر آتش کردیا تھا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔گزشتہ ماہ ایک سی آر پی ایف اہلکار بھی اسی علاقے میں نکسل علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں مارا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ چتیش گڑھ کے علاقے ڈانٹے واڈا میں بھی گزشتہ ماہ کی بیس تاریخ کو نکسل علیحدگی پسندوں نے حملے کیے تھے۔ آئی ای ڈی ڈیوائس کی مدد سے کیے گئے حملوں میں چتیش گڑھ کی فوج کے تین جوان اور مقامی پولیس فورس کے دو جوان ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے تھے۔

  • بھارت میں کشمیری طالب علم شیو سینا کے تشدد کا نشانہ بن گیا 

    بھارت میں کشمیری طالب علم شیو سینا کے تشدد کا نشانہ بن گیا 

    ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشتر میں ایک اور کشمیری طالب علم پر بہیمانہ تشدد  کا واقعہ سامنے آیا ہے، شیو سینا کے چارغنڈوں نے کشمیری نوجوان کو ’جے ہند‘ کے نعرے لگانے پرمجبور کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقع دو روز قبل یعنی بدھ کے روز رات دس بجے کے قریب واگھا پور روڈ پر پیش آیا، جہاں کشمیری طالب علم کی رہائش گاہ کے قریب ہی شیو سینا کی نوجوان تنظیم یووا سینا کے چار غنڈوں نے کشمیری طالب علم کو گھیر کر اس پر تشدد کیا ۔

    بدمعاشوں نے اپنی غنڈہ گردی کی انتہا کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس کے بعد وہ لمحوں میں وائرل ہوگئی۔ واقعے کا مقدیواتمال پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی غنڈے نے کشمیری طالب علم سے پہلے نام پوچھا ، پھر کشمیر کا سن کر اسے تھپڑ رسید کردیا۔ اس کے بعد مسلسل سوال کرکے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ بھارتی غنڈہ بضد تھا کہ کشمیری نوجوان کا کوئی نہ کوئی رشتے دار پلوامہ حملے میں ضرور شریک ہوگا۔

     کشمیر ی نوجوان پر تشدد کرتے ہوئے بھارتی غنڈے کے منہ سے وہ بات بھی نکل گئی جسے تسلیم کرنے سے  پورا بھارت انکاری ہے،  غنڈے نے تشدد کرتےہوئے کہا کہ ’’تم اسی فیصد کشمیری پاکستان سے پیارکرتے ہو‘‘۔

    حملہ آوروں نے نوجوان کو مجبور کیا کہ وہ ’جے ہند‘ ، ’بھارت ماتا کی جے‘ اور ’وندے ماترم‘ جیسے ریاستی نعرے لگا کر دکھائے۔ ویڈیو میں تشدد کا شکار ہونے والا طالب علم یواتمال کے پٹیل کالج آف فزیکل ایجوکیشن کا طالب علم ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کشمیری طالب علم کی حفاظت کی جائے گی۔

    یواتمال  پولیس کے ایس پی ایم راج کمار نے انتہائی بھولے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ  مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ویڈیو کی مدد سے مجرم کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ حالانکہ بھارتی میڈیا نے مجرم کا چہرہ واضح کرکے ساری دنیا کو دکھایا ہے لیکن خود کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایکسپرٹ سمجھنے والا بھارت واقعے کے مرکزی مجرم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

  • مہاراشٹرا کے فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکا‘ 6 افراد ہلاک

    مہاراشٹرا کے فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکا‘ 6 افراد ہلاک

    مہاراشٹرا: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں فوج کے اسلحہ ڈپو میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں آج صبح فوج کے اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

    دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا ڈپومیں بارودی مواد کی منتقلی کے دوران ہوا، بارودی مواد ناکارہ بنانے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

    بھارتی حکام کے مطابق دھماکا مہاراشٹرا کے علاقے واردھا میں واقع فوج کے اسلحہ ڈپو میں ہوا۔

    امرتسر کے گاؤں میں دھماکا‘ 3 افراد ہلاک‘ 10 زخمی


    بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں 3 روز قبل سکھوں کی مذہبی عبادت گاہ ’گردوارے‘ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

    مہاراشٹرا : اسلحے کے ڈپومیں آگ لگنے سے 20 فوجی ہلاک


    یاد رہے کہ 31 مئی 2016 کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پُل گاؤں میں اسلحے اور گولہ بارود کے ڈپو میں آگ لگنے سے 20 فوجی اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوئے تھے۔

  • ماں کا اونچی ایڑھیوں والی سینڈل پہننے کا شوق: بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    ماں کا اونچی ایڑھیوں والی سینڈل پہننے کا شوق: بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    ممبئی: اونچی ایڑھیوں والی سینڈل پہننے کا شوق بچے کی زندگی لے گیا، سیڑھیاں اترتے ہوئے ماں کا توازن بے قابو ہوا اور بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک علاقے میں پیش آیا۔ شادی میں شرکت کے لیے بن ٹھن کر جانے والی ماں اپنے بچے کو کپڑوں اور جوتوں سے زیادہ بہتر طور پر نہ سنبھال سکیں۔

    مہاتما پھولے پولیس اسٹیشن کا کہنا تھا کہ محمد شیخ نامی بچے کے گھر والے کلیان کے علاقے رام بوگ کے ایک شادی ہال میں شادی میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے جہاں یہ حادثہ رونما ہوا۔

    چھ ماہ کے بچے کی ماں فہمیدہ شیخ نے اونچی ایڑھیوں والی سینڈل پہنے ہوئے تھے اور ان کی گود میں بچہ تھا، سیڑھیاں اترتے ہوئے وہ لڑکھڑائیں اور ان کا توازن بے قابو ہوگیا۔

    بچہ ماں کے ہاتھوں سے پھسل کر سیڑھیوں پر گرگیا جس کی وجہ سے بچے کی ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹ آئی، اس سے قبل کہ اسے طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا جاتا، وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔

    مہاتما پھولے پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپیکٹر نے بتایا کہ ہمیں جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، ہم فوراً وہاں پہنچ گئے اور بچے کو رکھمنی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ مرچکا ہے۔

    بھارت:16سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد زندہ جلانے والا ملزم گرفتار

    پولیس کے مطابق واقعے کی تفصیل بچے کی ماں اور دیگر رشتے داروں نے بتائی جس کے بعد حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی گئی اور لاش والدین کے حوالے کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بھارت: پولیس کمانڈوز نے 34 ماؤ نواز باغی مار دیے

    بھارت: پولیس کمانڈوز نے 34 ماؤ نواز باغی مار دیے

    ممبئی: بھارت کی وسطی ریاست مہاراشٹر میں پولیس کمانڈوز کی ایک کارروائی میں چونتیس ماؤ نواز باغی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے گھنے جنگل میں سیکورٹی فورسز نے گھات لگا کر باغیوں پر حملہ کیا تھا، باغی جنگ جوؤں میں عورتیں بھی شامل تھیں جن کی لاشیں کمانڈو کارروائی کے دو دن بعد بھی دریا سے نکالی جاتی رہیں۔

    مہاراشٹر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ستیش ماتھر نے صحافیوں کو بتایا کہ چونتیس لاشیں نکالی جاچکی ہیں تاہم مرنے والے باغیوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے کیوں کہ دریا سے ابھی تک لاشیں نکالی جارہی ہیں۔

    دریائے اندراوتی کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے متعدد باغیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس سے قبل ہونے والی جھڑپ میں سولہ باغی مارے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ پولیس کی یہ کارروائی مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر کی گئی تھی جہاں گزشتہ ماہ سڑک کنارے بم میں نو پولیس اہل کار ہلاک ہوئے تھے۔

    بھارت نے دس ماؤ نواز باغی قتل کردیے

    خیال رہے کہ نیکسلائٹ تحریک جو 1960 میں شروع ہوئی تھی، میں مقامی بے زمین کسان اور قبائلی شامل ہیں۔ اس تحریک میں شامل جنگ جو ابتدا میں تیر اور بھالے کے ساتھ بھارتی سیکورٹی فورسز سے لڑتے تھے، پھر انھوں نے پولیس چوکیوں پر حملے کرکے کلاشنکوف اور خود کار رائفلیں حاصل کیں۔

    نیکسلائٹ باغی بھارت کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ چند عشروں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انھیں بیرون ملک سے کمیونسٹ گروپس سے مالی مدد ملتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بمبئی کی عدالت نے گائے کے گوشت سے پابندی ہٹا دی

    بمبئی کی عدالت نے گائے کے گوشت سے پابندی ہٹا دی

    بمبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ سال فروری میں گائے کو ذبح کرنے اور گوشت کھانے کے حوالے سے نافذ کئے گئے قانون کے کچھ حصوں کو ممبئی ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ریاست مہاراشٹر میں گائے کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کررکھی تھی لیکن دوسری ریاستوں سے گائےکے گوشت کی درآمد کرنے، اپنے پاس رکھنے اور کھانے سے پابندی ہٹا دی ہے۔

    گزشتہ سال فروری میں بھارتی صدر نے جانوروں کے تحفظ کا قانون نافذ کیا تھا، قانون کےمطابق گائے کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن بعد میں اس قانون میں ترمیم کر کے گائے کے ساتھ ساتھ بیل اور بچھڑے کو بھی شامل کرلیا گیا تھا۔

    قانون کےتحت مہاراشٹر میں  گائے کا گوشت کھانے اور گائےذبح کرنے پر پانچ سال قید اور10 ہزار روپے جرمانے کی سزا جبکہ گائے برآمد ہونے کی صورت میں 2 ہزار روپے جرمانہ اور ایک سال کی سزا کا اعلان کیا گیا تھا۔

    گائے کے گوشت کھانے کے سخت قانون کو ممبئی کے رہائشی عارف کپاڈیا اور وکیل ہریش جگتیانی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جبکہ  وکیل وشال سیٹھ  اور طالب علم شائنا سین نے بھی اس قانون کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    اس موقع پر جگتیانی نےبرطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کی پابندی سر ا سر غلط ہے کیونکہ مہاراشٹر میں مختلف مذاہب کے ماننے والے رہتے ہیں جن میں سے کئی لوگ گائے کا گوشت کھانا چاہتے ہیں۔

    جمعے کو ہونے والی سماعت میں ہائی کورٹ نے مہاراشٹر میں جانوروں کے تحفظ (ترمیم) کے قانون کو قائم رکھتے ہوئے اس کی کچھ دفعات کو خارج کر دیا گیا ہے۔

    کورٹ کے اس فیصلے کے بعد اب مہاراشٹر میں گائے کا گوشت رکھنا اور کھانا جرم نہیں سمجھا جائے گا بلکہ فیصلے کے مطابق دیگر ریاستوں سے بھی گائے کا گوشت یہاں لا کر فروخت کیا جاسکتا ہے۔

     

  • بھارت میں موتیا کا ناکام آپریشن، 14 افراد بصارت سے محروم

    بھارت میں موتیا کا ناکام آپریشن، 14 افراد بصارت سے محروم

    ممبئی: مغربی بھارت میں 14 افراد موتیے کے ناکام آپریشن کے سبب اپنی ایک آنکھ کی قوت بصارت سے ہاتھ دھوبیٹھے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں غیرمعیاری صحت کی سہولیات کی یہ تازہ مثال ہے۔

    بھارتی ریاست مہاشترا کے حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں سراسرغفلت اسپتال کے عملے کی ہے جس نے آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو صحیح طریقے سے جراثیم کش عمل سے نہیں گزارا جس کے سبب ایسا آپریشن جس میں نقصان کے اندیشے کم سے کم ہوتے ہیں اتنی کثیر تعداد میں لوگ بصارت سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

    اس موقع پر مہاراشترا کے وزیرصحت دیپک سوانت کا کہنا تھا کہ ’’اس معاملے میں ڈاکٹروں اور سرجنوں نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیاہے‘‘۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ تین ڈاکٹروں اوراسٹاف کے کچھ ممبران کو معطل کیا گیا ہے اور واقعے کے اصل ذمہ دار کے تعین کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جاچکی ہے۔

    دوہفتے قبل ہونے والے ان ناکام آپریشنوں میں 23 افراد کی بصارت متاثر ہوئی تھی جن میں سے 4 کی بصارت بحال کی جاچکی ہے جبکہ 5 کی بصارت کی بحالی پر کام جاری ہے جبکہ 14 افراد کی بصارت مکمل طور پر ضائع ہوچکی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی شمالی پنجاب کے ایک فری میڈیکل کیمپ میں ہونے والے آپریشنوں کے نتیجے میں 20 افراد اپنی بصارت سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

  • بھارت میں فلمی اداکارہ کے ساتھ  اجتماعی جنسی زیادتی

    بھارت میں فلمی اداکارہ کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی

    نئی دہلی: بھارتی پولیس نے اورنگ آباد میں 21 سالہ اداکارہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوان اداکارہ مراٹھی فلم ’لہن پن‘ کی شوٹنگ کے لئے ضلع پیتھان میں موجود تھی جہاں مبینہ طور پر یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

    مقامی پولیس کے مطابق اداکارہ گزشتہ دو ماہ سے اورنگ آباد میں اپنے معاوضے کی ادائیگی کے انتظار میں مقیم تھی۔،

    اتوار کے روز اس نے فلم ڈائریکٹر آنند مگھادے کے دوست گووند چتلانگے سے کہ جس نے اسے فلم میں کام دلوایا تھا معاوضے کا مطالبہ کیا، ملزم پیسے دینے کے بہانے اسے اورنگ آباد سے 56 کلومیٹر کے فاصلے پر پیتھان لے گیا جہاں مبینہ طور پر اس نے لڑکی کو چار ساتھیوں کے ہمراہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے گووند چتلانگے کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث اس کے دیگر چارساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

  • مہاراشترمیں دھماکہ، تین جاں بحق چارزخمی

    مہاراشترمیں دھماکہ، تین جاں بحق چارزخمی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشتر میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکہ ریاست مہاراشتر میں پونا شہر کے نزدیک ضلع سَتارا میں واقع ونڈ پاور اسٹیشن کے نزدیک ہوا ہے۔

    تاحال موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 4 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    جائے وقوعہ سے دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے جاسکتے ہیں۔

    پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اورعلاقے کو گھیرے میں لے کرتفتیش کا آغازکردیا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ پاور اسٹیشن کی تعمیر میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے سبب ہوا ہے۔