Tag: Mahmood Khan

  • بطور وزیر اعلیٰ یہ میرا آخری خطاب ہے: محمود خان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ آج خیبر پختون خوا کی اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، بطور وزیر اعلیٰ یہ میرا آخری خطاب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی میدان میں ایک نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے، صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہونے جا رہی ہیں، گورنر پنجاب نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی پرویز الہٰی کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں، جب کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے بھی آج ہی کے دن کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    محمود خان نے کہا آئین سے تجاوز کر کے سابق فاٹا سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، گورنر خیبر پختون خوا کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہیں، وفاقی نوٹیفکیشن کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں، اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔

    گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے

    خطاب میں وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا خیبر پختون خوا کی پولیس دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بیان کی مذمت کرتا ہوں، کے پی میں امن نہیں ہوگا تو ملک میں امن نہیں ہوگا۔

  • اپوزیشن جماعتوں کا محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ

    اپوزیشن جماعتوں کا محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ

    پشاور:اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کے پی اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، اور فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہیں لائی جائے گی۔

    اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ انتخابات کی تیاری اور صوبے میں‌ گورنر راج سمیت دیگر آئینی آپشنز پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں عنقریب اپوزیشن جماعتوں کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر خاموش رہنے پر اتفاق کیا ہے۔

    اپوزیشن جماعتیں اس بات پر بھی متفق ہو گئی ہیں کہ خیبر پختون خوا اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے نہ تو ریکوزیشن جمع کرائی جائے گی، نہ ہی محمود خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔

    دوسری طرف ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار ہے اور کسی بھی وقت جمع کرائی جا سکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ہدایت کا انتظار کیا جا رہا ہے، سگنل ملتے ہی تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جائے گی، اس سلسلے میں نواز شریف آصف زرداری اور چوہدری شجاعت سے رابطے میں ہیں، مل کر فیصلہ کیا جائے گا۔

  • سوات میں مکمل امن قائم ہے، سیاح بلا خوف آئیں: وزیر اعلیٰ پختونخواہ

    سوات میں مکمل امن قائم ہے، سیاح بلا خوف آئیں: وزیر اعلیٰ پختونخواہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ سوات میں بدامنی کی لہر آئی نہیں بلکہ لائی گئی، امن پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ سوات میں مکمل امن قائم ہے، سیاح بلا خوف آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ سوات میں مکمل امن قائم ہے، سیاح بلا خوف آئیں، سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج ان علاقوں میں موجود ہوں جہاں پر بدامنی کی باتیں کی جارہی ہے، سیاحت اور کاروبار بہت جلد بحال ہوجائے گا۔ امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بدامنی کی لہر آئی نہیں بلکہ اس کو پھیلایا گیا، نہ کسی کو بھتہ دیا اور نہ ہی کسی نے مجھ سے مانگا۔ امپورٹڈ حکومت کے آنے سے امن خراب ہوا اور بجٹ میں ہمارا حصہ روک دیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے کہ کیا خیبر پختونخواہ پاکستان کا حصہ نہیں؟ امن ہوگا تو صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ 4 سالوں میں جتنے کام کیے اس کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امن پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے، افغانستان سے بھتے کی کالیں آنا مرکزی حکومت کی ناکامی ہے۔

  • عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

    عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

    کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ اور بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا، اسے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی ٹرانسکرپٹ ہے، یا دوران تفتیش درخواست گزار کی موقع پر موجودگی کا کوئی ثبوت ملا؟

    پولیس کی جانب سے درخواست گزار کے موقع پر موجودگی کے ثبوت سے انکار پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کر دیے۔

  • وزیراعظم کو احساس ایمرجنسی پروگرام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، محمود خان

    وزیراعظم کو احساس ایمرجنسی پروگرام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، محمود خان

    پشاور : وزیر خیبر پختونخوا محمود خان نے کرونا بحران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر حکومت کرونا سے مقابلہ نہیں کرسکتی، رمضان قریب ہے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کرونا وائرس بحران کے حوالے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو احساس ایمرجنسی پروگرام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 144 ارب روپے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں تقسیم ہورہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران سے آنے والے لوگوں کو بہتر سہولتیں دیں اور وہ گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ تبلیغی جماعت کے افراد کو بھی تمام سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔

    محمود خان نے کہا کہ احساس ایمرجنسی پروگرام سے کے پی کے 22 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، مستحق، غریب لوگوں کی مدد کیلئے وزیراعظم کے وژن پر عمل کررہے ہیں، میں نے اپنی جائیداد کا 2 ماہ کا کرایہ ختم کردیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ رمضان قریب ہے ،ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کو نشانہ عبرت بنائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے کنٹرول روم فعال ہے کسی کو علامات ہوں تو وہ خود ہم سے رابطہ کرے۔ محمود خان نے بہتر خدمات فراہم کرنے پر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس عملے اور ریسکیو، پولیس، سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب ایک ہزارٹیسٹ کی استعداد ہے لیکن میں ٹیسٹ کی تعداد 5 ہزار تک بڑھانا چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہے اس وبا کا راستہ ہر حال میں روکیں، بس اللہ سے دعاگو ہوں کہ اس امتحان میں کامیابی عطا ہو۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 1,235 ہو گئی ہے، لیکن اموات دیگر صوبوں سے بڑھ کر 67 ہو گئیں، اب تک صرف 267 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

  • وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، سوات ائیرپورٹ کو بیرون ملک پروازوں کیلئے بھی کھولا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدو شریف میں سوات ائیرپورٹ کے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،  اجلاس میں سی اے اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے وزیر اعلیٰ کو سیدو شریف ائیرپورٹ سے متعلق بریفنگ دی۔

    انہوں نے بتایا کہ سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کرلیا گیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیرپورٹ کر طیاروں کی آمد و روانگی کیلئے کھول دیا جائے گا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاحت کے وژن کے مطابق اقدامات کیے جارہے ہیں، سیدو شریف، سوات و دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیرملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں۔

    محمود خان نے کہا کہ سوات ائیرپورٹ کو بیرون ملک پروازوں کیلئے بھی کھولا جائے گا جس سے سیاحت کو فروغ اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا،۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کردیں، وزیر اعظم سے دوخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی اے اے نے اتنی قلیل مدت میں سیدو شریف ایئرپورٹ کی بحالی کا کام اضحسن طریقے سے انجام دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے کو سیدو شریف ائیرپورٹ کا انفرااسٹرکچر اور رن وے کا بھی دورہ کرایا گیا۔

  • ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے: وزیر اعلیٰ پختونخوا

    ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے: وزیر اعلیٰ پختونخوا

    سوات: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے، اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ مولانا اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام کا نام لے کر ان کی سیاست کا خاتمہ کیا۔ ہم اپنے ایجنڈے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آئندہ دور بھی تحریک انصاف کا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 35 کروڑ سے کبل اسپتال کو اپ گریڈ کریں گے۔ 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کھلاڑی ڈرنے والے نہیں۔ کبل میں خواتین کے لیے یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور بچوں کا اسپتال بنائیں گے۔ سیدو ایئرپورٹ پر پروازیں بھی شروع کریں گے۔

  • تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں، محمود خان

    تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا کہ نظام کو ہرحال میں ٹھیک کریں چاہے سختی دکھانا پڑے، تمام وزرا اور نمائندگان اپنے حلقوں کو ٹھیک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے میٹرک کے طلبہ اور ایڈمسٹریشن کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا سرکاری سطح پر72 فیصد مثبت نتیجہ آیا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ تمام وزرا اورنمائندگان اپنے حلقوں کوٹھیک کریں، ہم نے مل کرسسٹم کو ٹھیک کرنا ہے۔

    محمود خان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کر رہے ہیں، ہرایک ماہ بعد یا 2ماہ بعد اسکولوں کی کارکردگی دیکھتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے مزید کہا کہ نظام کو ہرحال میں ٹھیک کریں چاہے سختی دکھانا پڑے۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت فنی تعلیمی اداروں کو مضبوط اور موثر بنا رہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری میں نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت 4 ہزار طلبا کومفت فنی تعلیم فراہم کرے گی۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ داخلہ مہم کی تقریب ضم شدہ قبائلی ضلع خیبر کے شہید عبدالاعظم آفریدی ہائر سیکنڈری اسکول میں منعقد ہوئی.

    تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاءاللہ بنگش اور مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر بھی موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ نے داخلہ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل25(اے) کے تحت 8سے لے کر16سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اس سال داخلہ مہم میں آٹھ لاکھ بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا اوراس سلسلے میں ایجوکیشن آفسران سے باقاعدہ بریفنگ بھی لی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان، علاقہ مشیران اپنے اپنے علاقے میں تمام بچوں کا داخلہ یقینی بنائے اور محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کے ساتھ مل کر اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں، وزیر اعلی نے کہا کہ جن بچوں کے والدین ان کوسکول میں داخل نہیں کرواتے میں خود ان کو اسکول میں داخل کراؤں گا۔

    انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کوہدایات جاری کیں کہ دور دراز علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے اساتذہ کے لیے الاؤنس اور دیگر مراعات کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ اساتذہ اپنی ڈیوٹی احسن انداز میں سرانجام دے سکیں اور ڈیوٹی سے غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کے لئے علاقے کے عوام کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور قبائلی عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔

  • وزیر اعظم قبائلی اضلاع کے عوام کے لیے خوشخبریاں لے کر آرہے ہیں: محمود خان

    وزیر اعظم قبائلی اضلاع کے عوام کے لیے خوشخبریاں لے کر آرہے ہیں: محمود خان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں محرومیوں کا وقت ختم ہوچکا، اب تمام قبائلی اضلاع میں ہر طرف ترقی ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان قبائلی اضلاع کے عوام کے لیے بڑی خوشخبریاں لے کر آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قبائلی اضلاع کے عوام کے لیے بڑی خوشخبریاں لے کر آرہے ہیں۔ وزیر اعظم ضلع خیبر کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں محرومیوں کا وقت ختم ہوچکا، اب تمام قبائلی اضلاع میں ہر طرف ترقی ہوگی۔ کئی دہائیوں تک قبائلی عوام کو ترقی کے عمل سے دور رکھا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قبائلی عوام کی 70 سالہ محرومیوں کو ختم کر کے دم لے گی، قبائلی عوام کی ترجیحات صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج خیبر ایجنسی کا دورہ کریں گے جہاں وہ جلسے سے خطاب کریں گے، جلسے میں ضلع خیبر کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا اور صحت کارڈ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم جلسے میں ضلع خیبر کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور لیویز، خاصہ دار فورس سے متعلق اہم اعلان کریں گے۔