Tag: Mahmoud Abbas

  • غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائیاں، فلسطینی صدر محمود عباس سعودی عرب پہنچ گئے

    غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائیاں، فلسطینی صدر محمود عباس سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی وحشیانہ کارروائیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، ایسے میں فلسطین کے صدر محمود عباس سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان کا استقبال کیا۔

    محمود عباس آج سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ محمود عباس کے ساتھ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری حسین الشیخ اور جنرل انٹیلیجنس سروس کے سربراہ ماجد فراج بھی ہیں۔

    گزشتہ سال 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے آغاز کے بعد سے محمود عباس کا سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

    دوسری جانب قطری وزیر اعظم ایران پہنچے اور ایرانی صدر سے ملاقات کی، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    فلسطینی وزارت خارجہ اور اسرائیلی اپوزیشن کی مسجد اقصیٰ سے متعلق بن گویر کے بیان کی شدید مذمت

    ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد بغیری نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں شہادت کو بھلایا نہیں جا سکتا، اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی ناگزیر ہے۔ انھوں نے کہا ایران میڈیا گیمز اور اشتعال انگیزیوں کا شکار نہیں ہوگا، ایران جوابی کارروائی کا طریقہ اور وقت احتیاط سے طے کرے گا۔

  • فلسطینی صدر محمود عباس کا غزہ پٹی جانے کا اعلان

    فلسطینی صدر محمود عباس کا غزہ پٹی جانے کا اعلان

    فلسطین کے صدر محمود عباس نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی قیادت کے ساتھ غزہ پٹی جائیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر محمود عباس کا ترکیہ کی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ تمام فلسطینی قیادت کے ہمراہ غزہ پٹی جاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری جانیں پیارے غزہ کے بچوں کی جانوں سے زیادہ قیمتی نہیں ہیں، ہم دو اچھی باتوں فتح یا شہادت کے لیے پُرعزم ہیں۔

    فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ فلسطینیوں کے خلاف جاری جارحیت روکنے کیلئے کام کروں گا، چاہے ہماری جان ہی چلی جائے ہم یہ کام کریں گے۔

    دوسری جانب امریکا نے فریقین سے غزہ جنگ بندی پر’سمجھوتہ‘ کرنے کی اپیل کی ہے۔

    امریکا نے اسرائیل اور حماس دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر دوحہ میں ہونے والی بات چیت کے دوران سمجھوتہ کریں۔

    امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے براڈ کاسٹر CNN کو بتایا کہ دونوں فریقوں کو سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں مذاکرات میں پیش رفت ہو گی۔

    اسرائیل سے بدلہ لینے کیلئے ایرانی افواج کی جنگی مشقیں

    قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ آج ایک امید افزا آغاز ہے اور امکان ہے کہ مذاکرات جمعہ تک جاری رہیں گے۔

  • ٹرمپ نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا خط سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا

    ٹرمپ نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا خط سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا خط شیئر کر دیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں امن کے حصول کے خواہش مند دکھائی دینے لگے ہیں، سابق امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ وہ نیتن یاہو سے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کے منتظر ہیں اور اس سے بھی زیادہ مشرق وسطیٰ میں امن کے حصول کے منتظر ہیں۔

    ریپبلکن صدارتی امیدوار نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے خط کی ایک کاپی بھی اپنی پوسٹ کے ساتھ منسلک کی، تاہم پوسٹ میں ان کا ذکر نہیں کیا۔

    اس خط میں محمود عباس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قتل کی کوشش پر ’’سخت تشویش‘‘ کا اظہار کیا تھا۔

    Trump shares letter from Palestinian leader Mahmoud Abbas condemning assassination attempt

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور محمود عباس کے درمیان تعلقات اس وقت خراب ہوئے تھے جب سابق امریکی صدر نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا تھا، اور ’مشرق وسطیٰ کا ایک منصوبہ‘ پیش کیا تھا جسے فلسطینی رہنما نے ’’بے عزتی‘‘ قرار دیا تھا۔

    محمود عباس نے یہ خط 14 جولائی کو ٹرمپ کو بھیجا تھا لیکن ٹرمپ نے اسے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کے اعلان کے بعد شیئر کیا، جسے ایک اشارہ سمجھا جا رہا ہے، فلسطینی صدر کا خط بھیجنا اور ٹرمپ کی جانب سے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا مطلب ہے کہ دونوں اپنے خراب تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

    کیا ٹرمپ کے دعوے کے مطابق کملا ہیرس نے نیتن یاہو سے ملنے سے واقعی انکار کیا؟

    فلسطینی رہنما نے ٹرمپ کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ انھوں نے اس ماہ کے اوائل میں سابق صدر کے خلاف قاتلانہ حملے کی فوٹیج دیکھی ہے اور اس پر انھیں شدید تشویش ہے۔ انھوں نے لکھا ’’پُر تشدد کارروائیوں کو امن و امان کی دنیا میں جگہ نہیں ہونی چاہیے۔‘‘ اس کے جواب میں ٹرمپ نے محمود عباس کو اسی خط پر ہاتھ سے پیغام لکھا: ’’محمود، بہت اچھا، آپ کا شکریہ۔ سب اچھا ہوگا، نیک خواہشات۔ ڈونلڈ ٹرمپ۔‘‘

  • فلسطین میں اگلی حکومت ٹیکنو کریٹس کی ہوگی، محمود عباس کا اعلان

    فلسطین میں اگلی حکومت ٹیکنو کریٹس کی ہوگی، محمود عباس کا اعلان

    فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک نئی فلسطینی حکومت قائم ہوگی، یہ ٹیکنو کریٹس کی حکومت ہوگی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ فلسطین کی نئی حکومت ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ہوگی، نئی فلسطینی اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا اور اس میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا سے گفتگو کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ اور صدر محمود عباس نے کہا کہ حماس فلسطین کا اہم دھڑا ہے، امید ہے کہ حماس نئی حکومت کو تسلیم کرے گی، نئی اتھارٹی خطے میں امن اور غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔

    دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر اکیلے حکومت کرنے کی کوئی خواہش نہیں رکھتی لیکن اتفاق رائے والی حکومت چاہتے ہیں، حماس کے رہنما حسام بدران نے عبوری حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیا، جس میں غزہ اور مغربی کنارے کے درمیان اداروں کو متحد کرنا، تعمیر نو اور انتخابات کا انعقاد شامل ہے۔

  • رمضان المبارک کی آمد، اردوان نے اسرائیل کو خبردار کر دیا

    رمضان المبارک کی آمد، اردوان نے اسرائیل کو خبردار کر دیا

    انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر اردوان کی فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ امور اور فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک صدر نے کہا کہ فلسطین میں یہودیوں کی غیر قانونی آباد کاری خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    رجب طیب اردوان نے کہا مسائل ختم کرنے کے لیے رمضان المبارک میں فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کی اجازت دی جائے، قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کے خوف ناک نتائج نکلیں گے۔

    او آئی سی اجلاس، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

    دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے بھی اسرائیل کو عسکری جارحیت سے باز رہنے کی تنبیہ کر دی ہے، شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ کوئی طاقت فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے محروم نہیں کر سکتی، اسرائیل اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امدادی کاموں میں رکاوٹ نہ بنے، اب فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

  • فلسطینی صدر محمود عباس کا امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ

    فلسطینی صدر محمود عباس کا امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ

    فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی صدر جو بائیڈن سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن نسل کشی کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں، تاریخ ان جرائم کو کبھی نہیں بھولے گی، یہ جنگ فوراً بند ہونی چاہیے۔

    محمود عباس نے سوال اٹھایا کہ یہ نسل کشی اپنا دفاع کیسے ہو سکتی ہے؟ غزہ میں محصور لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

    حماس اسرائیل معاہدہ طے پایا یا نہیں؟ متضاد خبریں

    دوسری طرف صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ غزہ کی تصاویر اور بچوں سمیت ہزاروں شہریوں کی ہلاکتوں نے انھیں بھی افسردہ کیا ہے، غزہ اور مغربی کنارے کو نئی فلسطینی اتھارٹی کے تحت بالآخر ایک ہو جانا چاہیے۔

    امریکی اخبار میں شائع مضمون میں صدر بائیڈن نے کہا کہ دو ریاستی حل کی جانب بڑھتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے کو نئے سرے سے بحال فلسطینی اتھارٹی کے تحت ایک ہونا چاہیے۔

  • فلسطینی صدر سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں،حماس

    فلسطینی صدر سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں،حماس

    یروشلم : اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے الزام عاید کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اپنے سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو اپنے یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابو مرزوق نے ایک بیان میں کہاکہ ججوں کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں کمی اور جوڈیشل کونسل معاملات میں مداخلت صدر عباس کی طرف سیاسی مقاصد کے لیے عدلیہ کو استعمال کرنے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صدر عباس تنظیم آزادی فلسطین، فلسطینی اداروں، تحریک فتحکی مرکزی کمیٹی، انتظامیہ کو اپنے قبضے میں رکھنے کے ساتھ فلسطینی پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر چکے ہیں۔حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ صدر محمود عباس آمرانہ طرز عمل پر چل رہے ہیں۔

    وہ تمام ریاستی اداروں اور عدلیہ کو اپنے ہاتھوں میں یرغمال رکھنا چاہتے تاکہ ان کے انفرادی سطح پرکیے گئے فیصلوں کو عملی شکل دینے کی راہ ہموار کی جاسکے۔

  • احد تمیمی نوجوانوں کی مزاحمت کی مثال ہیں، محمود عباس

    احد تمیمی نوجوانوں کی مزاحمت کی مثال ہیں، محمود عباس

    رملّہ : اسرائیلی عقوبت خانے میں آٹھ ماہ قید رہنے والی احد تمیمی نے کہا ہے کہ ’میری خوشی اس وقت مکمل ہوگی جب اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسیطینی رہا ہوں گے اور فلسطین سے صیہونیت کا قبضہ اور تسلط ختم ہوگا‘۔

    تفصیلات کے مطابق ظالموں کے خلاف مزاحمت کی علامت فلسطینی لڑکی عہد تمیمی نے جیل سے رہائی کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس سے صدراتی محل میں ملاقات کی، فلسطینی صدر نے عہد تمیمی کو جیل سے رہائی پانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف ڈٹ کرمقابلہ کرنے کی تعریف کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کی پاداش میں آٹھ ماہ جیل کی سختیاں برداشت کرنے والی نوجوان عہد تمیمی سے ملاقات کے دوران محمود عباس نے عہد تمیمی کو نوجوانوں کے لیے مثال قرار دیا۔

    صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی عہد تمیمی نے فلسطینی صدر سے ملاقات کرنے سے قبل فلسطین کے حریت رہنما یاسر عرفات کی قبر پر حاضری دی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی جیلوں میں مقید خواتین کا حوصلہ چٹان سے زیادہ مضبوط ہے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عہد تمیمی نے کہا کہ فلسطین سے اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی تک مزاحمت کی تحریک جاری رہے گی۔

    عہد تمیمی کا میڈیا سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ صیہونی عقوبت خانوں میں تمام فلسطینی رہا ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عہد تمیمی کا کہنا تھا کہ ’اسرائیلی مظالم کے خلاف ہماری صدائے احتجاج پوری دیا میں پھیل چکی ہے لہذا اسیروں کی رہائی کے لیے چلنے تحریکوں کا ساتھ ہماری ذمہ داری ہے۔

    فلسطین کی نڈر بیٹی عہد تمیمی نے کہا کہ میری رہائی کی خوشی اس وقت ناتمام ہے جب فلسطین کی سرزمین صیہونی قبضے اور تسلط سے آزاد نہیں ہوجاتی۔


    صیہونی مظالم کے آگے ڈٹ جانے والی احد تمیمی اسرائیلی جیل سے رہا


    خیال رہے کہ اسرائیلی فوجیوں کے سامنے مزاحمت کرتے ہوئے فوجیوں کو تھپڑ رسید کرنے والی احد تمیمی کو 8 ماہ بعد قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد اسرائیلی جیل شیرون سے گذشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں روکے جانے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے، شاہ سلمان

    فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں روکے جانے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے، شاہ سلمان

    ریاض: سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کا موقف ثابت قدمی پر مبنی ہے، فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں روکے جانے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بدترین جارحیت میں نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور بے قصور مظاہرین کے زخمی ہونے پر سخت مذمت کا اظہار کیا۔

    شاہ سلمان نے کہا کہ مملکت بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق فلسطینیوں کے قانونی حقوق واپس دلانے کے حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مملکت عرب لیگ کے وزراء خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے مطلوبہ اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

    دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے گراں قدر جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مملکت سعودی عرب کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کی مکمل سپورٹ پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف مشرقی یروشلم کی سرحد پر ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی عوام مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے، جس پر صیہونی افواج کی جانب سے مظاہروں کو روکنے کےلیے وحشیانہ طاقت استعمال کیا گیا ہے۔

    احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی دفاعی افواج کی فائرنگ سے 63 شہری شہید اور 2700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکہ کی جانب سےکسی امن معاہدےکوقبول نہیں کریں گے‘ فلسطینی صدر

    امریکہ کی جانب سےکسی امن معاہدےکوقبول نہیں کریں گے‘ فلسطینی صدر

    یروشلم : فلسطینی صدرمحمود عباس نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد ان کی جانب سے کسی امن منصوبے کو قبول نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو اس صدی کا طمانچہ قراردیا ہے۔

    محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کا حامی امریکہ غیرجانبدارمذاکرات کارکیسے بن سکتا ہے؟ ہم جانتے ہیں کہ واشنگٹن امن معاہدے کا مسودہ تیارکررہا ہے۔

    فلسطینی صدر نے اسرائیل پرالزام عائد کہا ہے کہ وہ اوسلو سمجھوتے کو بھی ختم کررہا ہے جس کے تحت 1995 سے امن عمل شروع ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امن مذاکرات معطل کرنے کی صورت میں فلسطینی امداد بند کرنے کی دھمکی تھی۔


    یروشلم تنازع : سلامتی کونسل نے ٹرمپ کا فیصلہ مسترد کردیا


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 9 دسمبر کوامریکہ کی یروشلم پالیسی کے خلاف سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے امریکہ کی مخالفت کرتے ہوئے اسے یکطرفہ فیصلہ قرار دیا تھا۔

    واضح رہے 6 دسمبر2017 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب امریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طور پر یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔