Tag: Mailsi

  • سی سی ڈی سے مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت اور زیادتی کا ملزم مارا گیا

    سی سی ڈی سے مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت اور زیادتی کا ملزم مارا گیا

    میلسی(15 اگست 2025): خان پور کے قریب سی سی ڈی سرکل اور ملزمان کے درمیان مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اور زیادتی کا ملزم مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں سی سی ڈی سرکل اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا۔

    ترجمان سی سی ڈی کے مطابق دو ملزمان نے گشت پر مامور پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم ساتھیوں کی گولی لگنے سے مارا گیا ہلاک ملزم کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے دس سے زائد وارداتوں میں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، ملزم سے پستول برآمد ہوا، ملزم کی لاش اور زخمی کانسٹیبل کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    دوسری جانب لاہور میں خاتون پر سرعام تشدد او اغوا کی کوشش کرنے والا قانون کے شکنجے میں آگیا، ملزم شاہ زیب نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو روکا، تھپڑ مارے اور بائیک سے گرایا۔

    ہنجروال کے علاقے میں چوتھی جماعت کی طالبہ سے نازیبا حرکات کرنے والے اسکول پرنسپل کو بھی حراست میں لے لیاگیا، والدہ نے اسکول پرنسپل غلام نبی کے خلاف پرچہ بھی کٹوادیا۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-ccd-encounter-suspect-in-custody/

  • مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے جن کی لاشیں 15 گھنٹے بعد نکالی جاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    واقعے کے 15 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور مزدوروں کو نہیں نکالا جاسکا، تینوں مزدور دم گھٹنے سے اندر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کے ذریعے کھدائی مشکل ہو گئی تھی، ریسکیو ٹیم نے مینز پاورز سے 40 فٹ تک کھدائی کی اور بعد ازاں لاشوں کو باہر نکالا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبنے والے تینوں مزدور کم عمر اور ایک ہی خاندان سے ہیں۔

  • لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا: وزیر اعظم

    لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا: وزیر اعظم

    میلسی: وزیر اعظم عمران خان نے میلسی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر میلسی میں پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے مقابلے میں پاور شو دکھا دیا، وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ بچپن سے ہمیں یہی سکھایا گیا کہ کبھی پاکستان کو کسی کی غلامی نہ جانے دینا، جب تک مجھ میں خون ہے کسی کے آگے پاکستان کو نہیں جھکنے نہیں دوں گا۔

    انھوں نے کہا ڈاکو اس لیے بول رہے ہیں کہ ان کو ڈر تھا جس دن انکار کریں باہر کے ممالک ان کی جائیدادیں ضبط کر لیں گے، یہ پیسے کی پوجا کرنے والے چپ کر کے تماشا دیکھتے رہے اور پاکستانیوں کا خون بہتا رہا، جب سے میں وزیر اعظم بنا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ کسی نے ڈرون حملے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ سے کہوں گا گرا دیں۔

    روس یوکرین جنگ

    انھوں نے کہا ہماری روس امریکا، چین اور یورپ سب سے دوستی ہے، ہم کسی کیمپ میں نہیں، چاہتے ہیں کہ یوکرین میں جنگ بند ہو دنیا کو اس سے بہت نقصان ہو رہا ہے، جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا یورپی یونین کے سفیر نے خط لکھا کہ روس کے خلاف ہماری حمایت کریں، میں یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں ہوں کہ یہ خط بھارت کو بھی لکھا تھا؟ کیاکسی نے بھارت کے اقدامات پر اس سے کچھ پوچھا، کیا ہم آپ کے غلام ہیں جو آپ کہیں وہ کر لیں۔

    دہشت گردی کی جنگ

    انھوں نے کہا کبھی ایسا ہوا کہ کسی ملک نے دوسرے کے لیے جنگ لڑی اور اسی پر بمباری ہوئی ہو، جب ڈرون حملے ہوتے تھے ان میں بے قصور لوگ مارے جاتے تھے، ان کو کوئی شرم نہیں آئی کہ ہمارے پاکستانی ہی مر رہے تھے۔

    وزیر اعظم نے کہا پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بننے سے کیا ملا، 80 ہزار جانیں گنوائیں، 35 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی، ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، اور بجائے شکریہ ادا کرنے کے افغانستان میں جنگ ہارنے پر ہمیں ذمے دار ٹھہرا دیا۔

    تحریک عدم اعتماد

    عمران خان نے کہا یہ لوگ کون ہیں جو عدم اعتماد کی تحریک چلا رہے ہیں، ان کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی، جب تحریک ناکام ہوگی تو کیا آپ تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا؟

    انھوں نے کہا مجرم نمبر ایک نواز شریف جھوٹ بول کر منتیں کر کے باہر چلا گیا، ن لیگ والو بتاؤ کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، آصف زرداری ذرا شریفوں کو یاد کرانا، کہا تھا کہ جیل میں ٹشو ختم ہو گئے نواز شریف کے آنسو تھمتے تھمتے۔

    عوام کی خواہشیں

    وزیر اعظم نے کہا جو بھی خواہشیں عوام کی ہیں وہ اس بجٹ یا آئندہ بجٹ میں پوری ہوں گی، وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 500 ارب مزید خرچ کریں گے، ترمیم قومی اسمبلی میں رکھ دیں گے کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ بننا چاہیے، اب دیکھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے میں پی پی اور ن لیگ ہماری حمایت کریں گے یا نہیں؟ یہ دونوں کافی عرصے سے جنوبی پنجاب کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

    کسان

    انھوں نے کہا کسانوں کے پاس جتنا پیسہ ہمارے دور میں آیا پاکستان کی تاریخ میں نہیں آیا، مکئی کی پیداوار میں ہر ایکڑ پر فصل کی قیمت پر 40 سے 50 ہزار کا مزید فائدہ ہوا، کپاس پر فی ایکڑ 70 سے 80 ہزار روپے کا کسان کو فائدہ ہوا ہے۔

    عمران خان نے کہا یوریا دنیا میں کم ہو چکی ہے، ہم نے کھاد بھی زیادہ پیدا کی، ہم نے چین سے ایک لاکھ ٹن کھاد منگوائی ہے جو آئندہ ہفتے تک پہنچ جائے گی، باہر کھاد جس قیمت پر مل رہی ہے اس سے 5 گنا کم قیمت پر کھاد دے رہے ہیں، جب کسان خوش حال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

  • میلسی میں وین نہر میں ڈوبنے سے 11 افراد جاں بحق

    میلسی میں وین نہر میں ڈوبنے سے 11 افراد جاں بحق

    میلسی: پنجاب کے شہر میلسی میں وین نہر میں ڈوب گئی، حادثے میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میلسی لنک کینال میں ایک وین ڈوب گئی، جس میں 11 افراد سوار تھے، ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لیں۔

    خانیوال کی نہر میں وین دو روز قبل گری تھی، جو گزشتہ رات میلسی لنک کینال سے مل گئی، وین کو نہر سے نکال لیا گیا ہے، ریسکیو ٹیم کو نو افراد کی لاشیں ملی تھیں جب کہ دو افراد کی لاشوں کو بہت تلاش کے بعد ڈھونڈا گیا۔

    چوبارہ کے رہایشی دو بھائی اعجاز اور صفدر بیوی بچوں کے ہمراہ شیخوپورہ سے میاں چنوں آ رہے تھے کہ ان کی گاڑی نہر میں جا گری، بدقسمت خاندان اپنے عزیز کے انتقال پر شیخوپورہ گیا تھا، جاں بحق افراد میں 4 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں۔

    میسلی کینال میں ڈوبنے والی وین

    قبل ازیں، وین کی گم شدگی پر ریسکیو 1122 نے گاڑی کے نہر کے اندر گہرائی میں موجود ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا، کئی گھنٹوں کے ریسیکو آپریشن کے بعد آخر کار میلسی لنک کینال سے گاڑی مل گئی، حادثے کی خبر پر مقامی اعلیٰ انتظامیہ بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔

    پنجاب: وین نہر میں گرنے سے 6 افراد ڈوب گئے

    ڈی سی خانیوال کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے میلسی لنک کینال کو بند کروایا گیا، لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش کے دوران ان میں سے چند کی موبائل لوکیشن حویلی کورنگا تھانہ کی حدود میں ٹریس ہوئی تھی۔ گاڑی میں سوار بدقسمت خاندان نے میاں چنوں میں اپنے رشتہ داروں سے حادثے سے کچھ دیر قبل فون پر رابطہ بھی کیا تھا، کچھ دیر بعد جب رشتہ داروں نے دوبارہ رابطہ کیا تو سب کے نمبر بند آئے۔