Tag: major-obstacle

  • ملکی آبادی قابو کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ کیا ہے؟

    ملکی آبادی قابو کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ کیا ہے؟

    دنیا کی مجموعی آبادی آٹھ ارب کا ہندسہ عبور کرچکی ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق آٹھ ارب میں سے تقریباً تین فیصد آبادی پاکستانی عوام پر مشتمل ہے۔

    پاکستان دنیا کے ان آٹھ ممالک میں شامل ہے جو سال2050 تک دنیا میں بڑھنے والی کل آبادی میں پچاس فیصد حصہ ڈالیں گے۔

    ویسے تو پاکستان کی ہر سیاسی جماعت نے اپنے منشور میں آبادی پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایک لائحہ عمل تو دیا ہوا ہے لیکن وہ اس پر عمل درآمد کرانے کیلئے کتنے سنجیدہ ہیں ایک اہم سوال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں سینئر کنسلٹنٹ فار پاپولیشن ڈاکٹر یاسمین قاضی نے اس مسئلے پر روشنی ڈالی اور آبادی پر کنٹرول سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ہی پاکستان کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، جب تک ہم ملکی آبادی پر مؤثر طور پر قابو نہیں پائیں گے تب تک ہم ترقی نہیں کرسکیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سنہ 71 کے بعد بنگلہ دیش نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر بہت عمدہ طریقے سے قابو پایا اور وقت کے ساتھ وہاں کی بدلتی ہوئی حکومتوں نے بھی اس منصوبے کو جاری رکھا۔

    ڈاکٹر یاسمین قاضی نے کہا کہ اگر ہم آج سے اس مسئلے پر کام کرنا شروع کریں گے تو 15 سال بعد جاکر اس کے ثمرات حاصل کرسکیں گے لہٰذا سیاسی جماعتیں محض باتیں کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔

  • نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے راستے میں حائل بڑی رکاوٹ دور

    نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے راستے میں حائل بڑی رکاوٹ دور

    اسلام آباد : نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کےراستے میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ، سپریم کورٹ نے فنانشل انسٹی ٹیوشن ریکوری ایکٹ کیخلاف دائر درخواست خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کےراستے میں حائل بڑی رکاوٹ دور کرتے ہوئے فنانشل انسٹی ٹیوشن ریکوری ایکٹ کیخلاف دائر درخواست خارج کردی۔

    عدالت نے ریکوری ایکٹ کی شق 15 قانون کے مطابق قرار دے دی ، چیف جسٹس کی جانب سے درخواست گزار کی سرزنش کی گئی کہ آپ لوگ بینکوں کا پیسہ واپس کرتے نہیں اور قانون چیلنج کر دیتے ہیں۔

    سیکشن 15 کے تحت بینکوں کو قرض عدم واپسی پر جائیداد نیلام کرنے کا اختیار ہے ، قانون چیلنج ہونے کی وجہ سے بینک نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبہ فنانس نہیں کر رہے تھے، درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ سے درخواست خارج ہونے پر اپیل کی تھی۔

    یاد رہے اگست میں وزیراعظم عمران خان نے بینکوں کو گھروں کی تعمیرکیلئے درخواستوں کو آسان اور سہل بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضروری ہے کم اور درمیانے آمدن والے افراد سہولت سے مستفید ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سےبینکوں کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے ، قرضوں پر حکومتی سبسڈی کی فراہمی کیلئےاسٹیٹ بینک کو با اختیار بنا دیا گیا، فورکلوژر قوانین کے معاملے کی مؤثرپیروی کی جا رہی ہے

    اس سے قبل رواں سال جولائی میں حکومت نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے 30 ارب سبسڈی دی تھی۔