Tag: make

  • قوت مدافعت بڑھانے کیلیے گھر میں بنائیں ’انرجی ڈرنک‘

    قوت مدافعت بڑھانے کیلیے گھر میں بنائیں ’انرجی ڈرنک‘

    انسان کی قوت مدافعت اسے کئی موذی امراض سے محفوظ رکھتی ہے، قوت مدافعت بڑھانے کیلیے اب گھر میں انرجی ڈرنک بنائیں۔

    اگر آپ ہر روز صبح اٹھتے وقت تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں اور یہ کیفیت ناشتے اور ورزش کے بعد بھی برقرار رہتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی قوت مدافعت کم ہورہی ہے۔

    انسان کی بہتر قوت مدافعت اسے بیماریوں اور جراثیم سے لڑنے کی طاقت عطا کرتی ہے اگر مذکورہ بالا کیفیت ہے تو ہوسکتا ہے کہ جسم میں خون کی کمی ہوگئی ہوگی اور سر کے بال بھی گر رہے ہوں اس صورتحال میں آپ کو متوازن اور اینٹی اوکسیڈنٹس سے بھرپور غذا لینے کی ضرورت ہے کیونکہ آپ کے جسم میں اینٹی اوکسیڈنٹس کی کمی ہورہی ہے۔

    یہاں ہم آپ کو اپنے جسم کی قوت مدافعت بڑھانے کیلیے ہی گھر میں سستا اور آسان انرجی ڈرنک بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں جو ماہر غذائیت ڈاکٹر ڈکشا کا بتایا ہوا ہے۔ اس انرجی ڈرنک کے استعمال سے چند روز میں آپ خود کو تندرست و توانا محسوس کریں گے۔

    انرجی ڈرنک کیلیے آپ کو ضرورت ہے ایک عدد چقندر، ایک عدد گاجر، چند پتے ہرا دھنیا، آدھا انار (جس کے دانے نکال لیں)، 7 سے 8 کڑی پتہ، پودینے کے چند پتے، ایک ٹکڑا ادرک اور آدھا لیموں۔

    ان سب اجزا میں آدھا گلاس پانی شامل کریں اور بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح اسے بلینڈ کرلیں جب مشروب تیار ہوجائے اور چھان کر گلاس میں ڈال لیں اب اس میں حسب خواہش مٹھاس کیلیے چاہیں تو شہد ڈال لیں اور مزے سے یہ ذائقے دار مشروب پیئیں۔

    کمزور قوت مدافعت والے افراد اس انرجی ڈرنک کو صبح نہار منہ پیئیں تو ان کے تمام مسائل چند روز میں ختم ہوجائیں گے اور وہ خود کو توانا محسوس کرینگے اور انہیں دن بھر کام کرنے کے بعد بھی تھکاوٹ محسوس نہیں ہوگی کیونکہ اس انرجی ڈرنک کی بدولت انسان کا میٹابولک سسٹم بہتر انداز میں کام کرنے لگتا ہے۔

    اس انرجی ڈرنک کے فوائد بے شمار ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:

    اس انرجی ڈرنک کی بدولت انسان کو میٹا بولک سسٹم بہتر انداز میں کام کرنے لگتا ہے ۔ اس کی وجہ سے جسم میں خون کی صفائی کا عمل بھی تیز ہوتا ہے، جس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ خون سے زہریلے مادے الگ ہو جاتے ہیں ، چہرے کی جلد صاف شفاف ہوجاتی ہے۔ جلد کے بڑھاپے کا عمل رُک جاتا ہے. اس کی وجہ سے جسم میں خون کے خلیات تیزی سے بنتے ہیں اور خون کی کمی دور ہوتی ہے۔

    دل کی صحت کیلئے یہ انرجی ڈرنک بہت فائدہ مند ہے۔ چقندر اور گاجر میں لیوٹن ، بیٹا کیروٹین ودیگر اجزا موجود ہوتے ہیں، جو دل کو صحت مند رکھتے ہیں ۔اس انرجی ڈرنک میں زیادہ کیلوریز نہیں ہوتیں، اس لئے وزن نہیں بڑھتا ، ساتھ ہی اس میں بھرپور غذائیت موجود ہوتی ہے، جس کی وجہ سے انسان کا انرجی لیول بڑھتا ہے ۔ اسے پینے کے بعد پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے، اس لئے اسے پینے کے بعد بھوک زیادہ نہیں لگتی اس لئے وہ لوگ جو ڈائٹنگ کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے یہ ڈرنک بہترین ثابت ہوتی ہے۔

  • مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا آغاز

    مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے مکہ معظمہ کواسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کوآگے بڑھانے کے لیے مکہ معظمہ اور مشاعر مقدسہ کی رائل اتھارٹی کی طرف سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ معظمہ کے گورنر اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد حجاج کرام اور معمترین حضرات کو بیت اللہ کی زیارت کے لیے نقل وحمل کے جدید وسائل مہیا کرنا اور ان کی خدمت کے لیے کام کرنے والے اداروں کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کوآگے بڑھانے کے لیے مکہ معظمہ اور مشاعر مقدسہ کی رائل اتھارٹی کی طرف سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مکہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا مقصد مسجد حرام اور بیت اللہ کی زیارت کے لیے آنے والوں کوٹرانسپورٹ کی آرام دہ سہولیات کو یقینی بنانا ہے، مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کی ذمہ داری ایک جاپانی کمپنی کوسونپی گئی ہے۔

    اس منصوبے کے تحت 2020ءمیں مکہ معظمہ میں 400 اسمارٹ بسیں چلائی جائیں گی جب کہ آئندہ پانچ سال کے دوران ان کی تعداد دو ہزار تک پہنچائی جائے گی۔

    مکہ معظمہ میں جنرل ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی بسوں کے لیے 12 مختلف روٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس کے پہلے مرحلے میں ان روٹس پر400 بسیں چلائی جائیں گی۔ .

    ان میں درمیانے سائز کی 240 بسیں جن کی لمبائی 12 میٹر ہوگی جب کہ 160 بسوں کی 18 میٹر رکھی گئی ہے۔ یہ تمام جاپانی ساختہ ہوں گی۔ان بسوں کو جدید مواصلاتی نظام کے تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ ان بسوں کو دور سے ریمورٹ کنٹرول سسٹم کے ذریعے کنٹرول کرنے کے ساتھ ان میں جی پی ایس نظام نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے بسوں کے مقامات کی نشاندہی کی جاسکے گی۔

    بسوں میں سوار ہونے والوں کی رہ نمائی کے لیے عربی اور انگریزی زبانوں میں اسکرین پر ہدایات چلائی جائیں گی، نیز مسافروں کی سہولت کے لیے ان بسوں میں انٹرنیٹ تک رسائی اور وائی فائی کی سہولت مہیا کی جائے گی، مکہ معظمہ میں اسمارٹ بسوں کے لیے 450 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

  • یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، یورپی یونین

    یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، یورپی یونین

    لندن : یورپی یونین کے رہنماؤں نے برطانیہ کے اگلے وزیر اعظم کو خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے اگلے وزیراعظم کے لیے بورس جانسن اور وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کے درمیان سخت مقابلہ ہے جن میں سے کوئی ایک مستقبل میں بریگزٹ کی ذمہ داری نبھائے گا اس حوالے سے بورس جانسن اور جیریمی ہنٹ دونوں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ تھریسا مے کی جانب سے برسلز سے کیے گئے معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ تھریسا مے کی جانب سے کیے گئے معاہدے کو برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے 3 مرتبہ مسترد کیا تھا۔

    برسلز میں سربراہان کے اجلاس میں یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ ویسٹ منسٹر میں جاری سیاسی ڈرامے کے باوجود یورپی یونین صبر کا مظاہرہ کرے گا۔

    ڈونلڈ ٹسک نے صحافیوں کو بتایا کہ لندن میں کچھ فیصلوں کی وجہ سے بریگزٹ کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ پرجوش ہونے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے ہماری پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دیگر 27 یورپی یونین رہنما اس بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے قانونی معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائےگی۔

    ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ اگر برطانیہ چاہتا ہے تو ہم لندن اور یورپی یونین کے مستقبل پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

    یورپی کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ، جنہوں نے بریگزٹ پر بات چیت کےلئے یورپی یونین کی سربراہی کی تھی نے کہا کہ رہنماؤں نے اتفاق رائے سے بارہا کہا تھا کہ علیحدگی کے معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں بورس جانسن نے 313 میں سے 114 ووٹ حاصل کیے تھے۔برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حامی بورس جانسن نے تھریسا مے کے بعد ملک کے اگلے وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کے لیے آخری دو امیدواروں میں سے ایک کے انتخاب کے لیے ملک بھر میں کنزرویٹو پارٹی کے ایک لاکھ 60 ہزار اراکین ووٹ دیں گے تاہم ان امیدواروں میں بورس جانسن انتہائی متنازع شخصیت ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق بعض افراد کا کہنا ہے کہ وہ وہی ہیں جو برسلز سے جیت سکتے ہیں جبکہ ناقدین ان کے طریقہ کار اور عدم توجہ پر تنقید کرتے ہیں۔

    بورس جانسن سے حالیہ خطرات یہ ہیں کہ وہ برطانیہ کا 3 کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈز (4 کروڑ 40 لاکھ یورو، 5 کروڑ ڈالر) مالیت کا قانون اس وقت روک دیں گے جب تک یورپی یونین بہتر شرائط پر آمادہ نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ بریگزٹ 2 مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکا ہے، جیریمی ہنٹ اور بورس جانسن کہتے ہیں کہ برطانیہ کو موجودہ ڈیڈلائن 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے علیحدہ ہوجانا چاہیے، چاہے کسی معاہدے کے بغیر ایسا ہو تاہم جیریمی ہنٹ نے تجویز دی ہے کہ اگر برسلز کے ساتھ معاہدے کے قریب ہو تو بریگزٹ میں تاخیر ہوسکتی اور بورس جانسن نے 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے علیحدگی کی ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے 24 مئی کو انتہائی جذباتی انداز میں اعلان کیا تھا کہ وہ 7 جون کو وزیراعظم اور حکمراں جماعت کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گی اور 7 جون کو انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    تھریسا مے استعفے کے باوجود نئے سربراہ کے انتخاب تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گی جو جولائی کے اواخر میں منتخب ہوں گے، لیکن وہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی (بریگزٹ) کے معاملے پر فیصلے کا اختیار نہیں رکھتیں۔

  • عالمی ادارہ صحت کی ملیریا سے بچاؤ کی دنیا کی پہلی ویکسین کی آزمائش

    عالمی ادارہ صحت کی ملیریا سے بچاؤ کی دنیا کی پہلی ویکسین کی آزمائش

    جینوا : عالمی ادارہ صحت نے ملیریا کی ویکسین تیار کرلی، ویکسین کی آزمائش صرف ملاوا میں کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں گھانا اور کینیا میں بھی آزمایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر کئی دوائی ساز اداروں کی طویل تحقیقات اور اربوں ڈالر کی لاگت کے بعد تیار کی گئی ملیریا سے بچاو کی پہلی ویکسین کی آزمائش شروع کردی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملیریا کے لیے اب تک کوئی خصوصی ویکسین تیار نہیں کی گئی، تاہم اس سے ممکنہ تحفظ اور بچاو کے لیے دیگر دواوں کی مدد لی جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں افراد اس مرض کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، بخار کے سبب ہونے والی زیادہ تر ہلاکتیں ملیریا کی وجہ سے ہی ہوتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ برس ملیریا کے بچاو کے عالمی دن ملیریا سے بچاو کے لیے آر ٹی ایس ایس نامی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اس کی آزمائش اپریل 2019 میں شروع کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب عالمی ادارہ صحت نے اس کی آزمائش شروع کردی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ملیریا سے بچاو کے لیے تیار کی جانے والی دنیا کی پہلی ویکسین کی آزمائشی افریقی ملک ملاوا سے شروع کردی گئی۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق ملاوا کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ملیریا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ابتدائی طور پر اس ویکیسن کی آزمائش صرف ملاوا میں کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں اس ویکسین کو قریبی ممالک گھانا اور کینیا میں بھی آزمایا جائے گا۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس ویکسین کی آزمائش کا پروگرام 4 سال تک جاری رہے گا اور اس دوران ہر 5 ماہ کے بچے سے لے کر 2 سال کے بچوں کو سالانہ 4 بار ویکسین دی جائے گی۔

    ماہرین کے مطابق بچوں کو یہ ویکسین 4 بار دی جائے گی، شروع میں بچوں کو اس ویکسین کے ہر تین ماہ بعد تین ڈوز، جب کہ آخری ڈوز 18 ماہ بعد دی جائے گی۔

  • میرا مقصد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہے،افغان چارلی چیپلن

    میرا مقصد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہے،افغان چارلی چیپلن

    کابل : نوے کی دہائی کے مزاحیہ اداکار چارلی چیپلن کا کردار نبھانے والے افغان چارلی نے کہا ہے کہ میں نے اپنی آنکھوں سے خودکش دھماکے دیکھیں ہیں،  ’میرا مقصد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے رہائشی کریم آسر نوے کی دہائی کے آوائل میں مزاحیہ کردار نبھانے والے چارلی چیپلن کا حلیہ بناکر خانہ جنگی و غیر ملکی ظلم بربریت سے متاثرہ افراد کے چہروں پر مسکراہت لانے کے لیے مختلف جگہوں پر پرفارم کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کا کہنا ہے کہ چارلی چیپلن کی مانند بڑے بڑے جوتے، ڈھیلی پتلون پہن کر ہاتھ میں چھڑی تھامے اور سر پر کالی ٹوپی پہنتے ہیں جس کے باعث انہیں ’افغان چارلی چیپلن ‘ کا خطاب دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ کریم آسر کو ملک کے مختلف علاقوں میں مزاحیہ کردار ادا کرنے پر شدت پسندوں کی جانب سے متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ پھر بھی برسوں سے خوفزدہ ماحول میں زندگی گزارنے والے شہریوں کو ہنسانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    آسر کریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والدین نے بھی اس کام میں میری حوصلہ افزائی نہیں کی بلکہ یہ کام کرنے سے بھی منع کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنہ 1996 میں افغانستان میں طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد 25 سالہ آسر کریم اپنے والدین کے ہمراہ ایران چلے گئے اور ابتدائی زندگی کے ایام ایران میں ہی گزارے جہاں چارلی چیپلن کے مزاح پر مبنی پروگرام دیکھے۔

    آسر کریم کا کہنا تھا کہ مجھے چارلی چیپلن نے بے حد متاثر کیا ہے۔

    افغان چارلی چیپلن کا کہنا ہے کہ ُچارلی چیپلن کے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں کیوں کہ چارلی سب کے چہروں پر ہنسی بیکھر کر ان کے دکھوں کا مداوا کرتا ہے۔

    آسر کریم کا کہنا تھا کہ ’میں چارلی چیپلن کی طرح کردار ادا کرکے لوگوں کو موقع فراہم کرتا ہوں کہ وہ افغانستان کی سیکیورٹی، دہشت گردی، تنازعات اور دیگر مسائل کو بھول جائیں.

  • عازمین حج کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، جنرل القحطانی

    عازمین حج کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، جنرل القحطانی

    ریاض : جنرل سعید القحطانی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مدینہ منورہ، مکۃ المکرمہ اور دیگر مقامات مقدسہ سمیت حج سے متعلق علاقوں میں سیکیورٹی کا آغاز کردیا ہے اور حجاج کرام کی حفاظت کے لیے تمام وسائل کو برائے کار لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج مناسک کی ادائیگی کے لیے آنے والے عازمین کی سیکیورٹی اور مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے بنائی گئی ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کی صلاحیتوں کا گذشتہ روز عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں مملکت کے وزیر داخلہ و سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود نے خصوصی شرکت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سیکیورٹی فورسز کی تیارتی کا جائزہ لینے ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کے مرکز پہنچے تو مکہ المکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر سمیت دیگر حکام نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

    غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حج سیکیورٹی کونسل کے سربراہ جنرل سعید القحطانی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ اور دیگر مقامات سمیت حج مناسک سے متعلق تمام راستوں اور علاقوں میں حفاظتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔

    جنرل سعید القحطانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی عوام اور حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اللہ کے مہمانوں کی راحت و آرام کےلیے تمام اشیاء کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ کا مؤقف تھا کہ حج کی ادائیگی کے سعودیہ آنے والے حجاج کرام کی حفاظت و سلامتی کےلیے تمام تر وسائل کو برائے کار لایا جائے گا۔

    غیر  ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ شہزدہ عبدالعزیز بن سعود کی ایمرجنسی فورس کے مرکز پہنچنے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، عسکری گاڑیوں اور طیاروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

  • امریکا: ڈرونز نے آسمان پر ٹائم میگزین کے کور پیج کی شبیہہ بنادی

    امریکا: ڈرونز نے آسمان پر ٹائم میگزین کے کور پیج کی شبیہہ بنادی

    واشنگٹن : امریکی ریاست کلیفورنیا میں دو روز قبل جگنو کی طرح  ٹمٹماتے ہوئے ڈرونز نے رات کے وقت آسمان پر ٹائم میگزین کے کور پیج کی شبیہہ بنا کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا.

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کلیفورنیا میں دو روز قبل رات گئے آسمان پر جگنو کی طرح ٹمٹماتے ہوئے سیکڑوں ڈرونز  نے امریکی جریدے ٹائم میگزین کے کور پیج کی شبیہہ بنائی ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آسمان پر ٹمٹماتے ہوئے ڈرونز  نے ٹائم میگزین کے کور پیج کی شکل اختیار کی تو دیکھنے والے افراد حیرت زدہ ہوگئے اور ٹائم میگزین کے کور کی خوب تصویریں بناتے رہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈرونز کے ذریعے آسمان پر کسی جریدے کا کور پیج بنانے کا پہلا موقع ہے، اس سے قبل کبھی ایسا تجربہ نہیں کیا گیا تھا.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ ٹائم میگزین کی 95 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ڈرونز نے آسمان پر کور پیج کی شبیہہ بنائی ہے.

    واضح رہے کہ ٹائم میگزین امریکا کا ممتاز اور معتبر جریدہ ہے، جو گذشتہ دس عشروں سے امریکا میں‌ صحافتی خدمات انجام دے رہا ہے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں