Tag: Make a Wish Foundation.

  • پاک فضائیہ نے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کردی

    پاک فضائیہ نے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کردی

    کراچی : پاک فضائیہ نے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا 16سالہ بچے عبداللہ نوید کی فائٹر پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی۔

    اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ نے عبداللہ نوید کے پائلٹ بننے کاخواب پورا کردیا ہے،فائٹرپائلٹ بننا عبداللہ نوید کا خواب تھا، آپریشنل بیس پر ایک دن کیلئے عبداللہ نوید کو پائلٹ بنایا گیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق میک اے وش فاؤنڈیشن کے تعاون سے عبداللہ نوید نے پی اے ایف آپریشنل بیس کا دورہ کیا، پی اے ایف مسرور ایئر بیس کراچی میں منعقد پروقار تقریب میں ایئر وائس مارشل خالد محمود، ایئر کموڈور عاصم رانا نے بچے کو اعزازی رینک پہنائے۔

    بعد ازاں عبداللہ نوید کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے میں بٹھایا گیا، بچے کو بیس کے مختلف یونٹس کا دورہ بھی کرایا گیا، اس موقع پر عبداللہ نوید نے سربراہ پاک فضائیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ پوری قوم کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے، قوم کے ہمراہ عبداللہ نوید کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان، خواہشات کی تکمیل کے عالمی ادارے میک اے وش فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کا الحاق رکن ہے اور پاکستان میں اپنے قیام سے لے کر اب تک 16 ہزار سے زائد شدید بیمار بچوں کی خواہشات کی تکمیل کرکے ان کے چہرے پر خوشیاں بکھیر چکا ہے۔

  • پی آئی اے نے تھیلیسیمیا میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی

    پی آئی اے نے تھیلیسیمیا میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی

    کراچی : تھیلیسیمیا کے دو مریض بچوں کو خصوصی تربیت کے ساتھ پائلٹ بنا کر پی آئی اے نے ان کی خواہش کو پورا کردیا، کیپٹن کے رینکس لگانے پر بچوں کے چہروں کی خوشی دیدنی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے تھیلسمیا کے موذی مرض میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی۔ اس سلسلے میں میک اے وش فاؤنڈیشن کے تعاون سے دو بچوں 12سالہ حذیفہ علوی اور سمیع حسین  کو پی آئی اے کے بوئنگ777 کے اسمولیٹر میں ایکٹو پائلٹ کی تربیت دی گئی۔

    ان بچوں نے  پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، دونوں کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز اپنی انتہائی تشویش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

    پی آئی اے کے چیف پائلٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کیپٹن عامر آفتاب ٹریننگ انسٹرکٹر تھے۔ بچوں کا تربیتی سیشن پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں کرایا گیا۔

    بعد ازاں حذیفہ علوی اور سمیع حسین کو پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد اور کیپٹن عامر آفتاب نے دونوں بچوں کو کیپٹن کے رینکس لگائے اور انہیں تحائف دیئے۔

    اس موقع پر میک اے وش فاؤنڈیشن کے سر پرست اعلیٰ اشتیاق بیگ اور دیگر رضا کار بھی موجود تھے۔ اشتیاق بیگ نے پی آئی اے کے صدر و سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے لئے شیلڈ ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد کو پیش کی۔

    اپنے پیغام میں ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وہ بیمار بچوں کی خواہشات پورا کرنے میں میک اے وش اور اشتیاق بیگ کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس کار خیر کے سلسلے میں ہر قسم کے تعاون لے لئیے حاضر ہیں جو پی آئی اے کی سماجی خدمات کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بچوں کے لئیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

  • اسپیشل نوجوان کاخواب حقیقت بن گیا، جان سینا سے ملاقات کی خواہش پوری

    اسپیشل نوجوان کاخواب حقیقت بن گیا، جان سینا سے ملاقات کی خواہش پوری

    اسلام آباد : نجی فلاحی تنظیم میک اے وش کی جانب سے کراچی سے تعلق رکھنے والے سترہ سالہ تنزیل الرحمٰن کی مشہور ریسلر جان سینا سے ملاقات کی خواہش پوری کردی گئی۔ تنزیل الرحمٰن نے اپنے ہیرو کو اجرک اور سندھی ٹوپی کاتحفہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تنزیل الرحمان کی سابق ورلڈ ریسلنگ چمیپین جان سینا سے ملاقات کا سپنا سچ ہوگیا۔ جان لیوا مریض میں مبتلا تنزیل الرحمٰن نےڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور ریسلر جان سینا سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    نجی فلاحی تنظیم کی کوششوں کے بعد بلاآخر تنزیل الرحمٰن کی جان سینا سے ملاقات کرائی گئی۔ تنزیل اپنے ہیرو سے مل کربہت خوش دکھائی دئیے۔

    ملاقات میں تنزیل الرحمان نے سابق ورلڈ ریسلنگ چیمپین سے غیر رسمی بات چیت کی اور کہا کہ وہ ان کے بہت بڑے فین ہیں اور ان کے تمام مقابلے بے حد شوق سے دیکھتے ہیں.

    اس موقع پر سترہ سالہ تنزیل الرحمٰن نے اپنے ہیرو جان سینا کو اجرک اور سندھی ٹوپی کاتحفہ پیش کیا جسے انہوں نے بہت خوشی سے قبول کیا، جان سینا اپنے سترہ سالہ فین تنزیل الرحمان سے بڑے پیار اور خلوص سے ملے اور ان سے باتیں بھی کیں۔

     

    جان سینا سے ملاقات کے انتظامات میک اے وش فاونڈیشن کی جانب سے کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ سترہ سالہ تنزیل الرحمان اہنے ہاتھ پاؤں کو حرکت نہیں دے پاتے ہیں اور اس بیماری میں مبتلا مریضوں کی زیادہ سے زیادہ عمر تقریباً بیس سال ہی ہوتی ہے۔