Tag: Makkah crane incident

  • حرم شریف کرین حادثہ میں 6پاکستانی شہید ہوئے، پاکستانی سفیر

    حرم شریف کرین حادثہ میں 6پاکستانی شہید ہوئے، پاکستانی سفیر

    مکہ مکرمہ:  کرین حادثے میں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر منظورالحق نے اب تک چھ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہیں، پاکستانی قونصل خانے کے مطابق مردان کی عنبر بہادر شاہ ،ام نیاز اور گل عبدالمنان،  مہمندایجنسی کے نیاز محمد، لاہور کے علی رضا اقبال اور دیر کے احمد فیض محمد شہید ہونےوالوں میں شامل ہیں۔

      ان کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی پاکستانیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور شہید پاکستانیوں کے ورثاء بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    منظور الحق نے کہا ہے کہ سعودی حکام کرین حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں، اس دلخراش واقعہ میں انہوں نے شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی تعزیت بھی کی۔

    یاد رہے کہ جمعہ کو نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل حرم شریف میں دنیا کی دوسری بڑی کرین تیز ہوا اور بارش کے سبب گرگئی تھی، کرین حادثہ میں ایک سو سات عازمین حج شہید جبکہ دوسو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب مکہ مکرمہ کرین حادثے میں چھبیس زخمی پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے ہیں، کرین حادثے میں زخمی ہونے والوں میں پاکستانی مرد و خواتین شامل ہیں، جن کو مختلف قسم کی زخم آئے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چھ زخمی پاکستانیوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمی پاکستانی کنگ فیصل اسپتال ،النور اسپتال مکہ اور پاکستان حج میڈیکل میشن میں زیرِعلاج ہیں۔

  • مکہ معظمہ کرین حادثے کے زخمیوں کے نام جاری کر دیئے گئے

    مکہ معظمہ کرین حادثے کے زخمیوں کے نام جاری کر دیئے گئے

    مکہ معظمہ : کرین حادثے میں زخمی گیارہ پاکستانیوں کے نام قونصل خانے جاری کردئیے ہیں، یہ تمام پاکستانی سعودی عرب میں کنگ فیصل اور کنگ عبدالعزیز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم نوازشریف کی ہدایت پر سفارتی عملہ سعودیہ عرب میں متحرک ہوگیا ہے، سفارتی عملے نے کرین حادثے میں شہید اور زخمی پاکستانیوں کی معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں ،علی الصبح قونصل خانے نے چند زخمی پاکستانی عازمین حج کے نام جاری کیے ہیں۔

    کنگ فیصل اسپتال میں زیرِ علاج پاکستانیوں کے نام انعام صفدر، اللہ نواز، امبرو بی بی، تاجرہ بی بی ، نویدہ زہرہ، نذر حسین ہیں جبکہ کنگ عبدالعزیز اسپتال میں زیرِ علاج زخمی پاکستانیوں کے نام زاہد شاہ پشاور، تسلیم احمد کراچی، بخت ملیح خان کوہاٹ، زرینہ پروین کراچی، صداقت بیگم صوابی، قدر گل کا تعلق سوات سے ہے۔

    دوسری جانب پاکستانی سفیر منظورالحق نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کرین حادثے میں اگر کوئی پاکستانی عازمین حج شہید ہوا ہے تو اس کی تصدیق آج ہوجائے گی۔

    اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں سعودیہ میں تعینات پاکستانی سفیر منظورالحق نے کہا ہے کہ حادثے میں شہید پاکستانی عازمین حج کی معلومات اکھٹی کر نے کے حوالے سے سعودی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    ڈائریکٹرحج رافع شاہ نے کہا کہ پاکستانیوں کی شہادت کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں ،پاکستانی عازمین حج کی شہادتوں کے حوالے سے حتمی رپورٹ آج واضح ہوجائے گی۔

    گزشتہ روز مکہ معظمہ میں کرین حادثے کی خبراے آروائی نیوز پرنشر ہوتے ہی ہزاروں پاکستانی عازمین حج کے لواحقین میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور وہ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کیلئے بے قرار ہیں ۔