Tag: MAKKAH MUKARMA

  • سعودی عرب : ڈرائیور خوفناک حادثے میں کیسے محفوظ رہا؟

    سعودی عرب : ڈرائیور خوفناک حادثے میں کیسے محفوظ رہا؟

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں ایک ٹریفک کے خوفناک حادثے میں ڈرائیور معجزاتی طور پر محفوظ رہا جبکہ گاڑی دو ٹکڑے ہوگئے، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں خطرناک ٹریفک حادثے میں سعودی شہری معجزاتی طور موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچ گیا۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے سبب گاڑی بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی، حادثی اس قدر ہولناک تھا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے کیونکہ گاڑی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق یہ واقعہ مکہ مکرمہ کے محلے النکاسہ میں گزشتہ روز پیش آیا تھا۔ اس حوالے سے مکہ مکرمہ ہلال احمر کے ترجمان عبد العزیز بادومان نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں ہفتہ کے دن دوپہر تین بج کر35 منٹ پر حادثے کی اطلاع ملی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ انتہائی تیزرفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر بجلی کے کھمبے سے جاٹکرائی اور ٹوٹ کر دو ٹکڑے ہوگئی۔

    تاہم حادثے کے بعد ڈرائیور صحیح سلامت ہے اسے درمیانے درجے کی چوٹیں آئی تھیں جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے النور جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثے کے اسباب اور دیگر تفصیلات کے لیے محکمہ ٹریفک نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • مکہ مکرمہ میں پانی کی فراہمی کا جدید نظام

    مکہ مکرمہ میں پانی کی فراہمی کا جدید نظام

    ریاض : سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے عرفات، طائف واٹر انڈر پاس منصوبہ مکمل کرلیا ہے، یہ دنیا بھر میں آب رسانی کا طویل ترین نیٹ ورک ہے۔ جبل الکر کے زیریں حصے سے طائف میں سرکلر روڈ تک 12.5 کلو میٹر لمبا ہے، اس کا قطر 8.4 میٹر ہے۔

    اس منصوبے کو کورونا بحران کے باوجود مقررہ مدت سے قبل 24 گھنٹے کام کرکے مکمل کیا گیا ہے، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے سرکاری ادارے کے گورنر عبداللہ العبد الکریم نے بتایا کہ واٹر نیٹ ورک کی تیاری کا کام بڑا چیلنج تھا۔ السروات پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس بنانے کے لیے دیوہیکل مشین سے استفادہ کیا گیا، اس کی یومیہ انتہائی رفتار60.3 میٹر ہے۔

    العبد الکریم نے بتایا کہ پہاڑی علاقے میں واٹر انڈر پاس تیار کرنے کے لیے جو دیوہیکل مشینری استعمال کی گئی وہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی سریع رفتار ہے۔ پمپنگ سٹیشن اور عرفات طائف واٹر پروجیکٹ بھی تیار کیا گیا ہے۔

    سرکاری ادارے کے گورنر نے طائف میں اسٹراٹیجک واٹر پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ یہ نو ٹینکوں پر مشتمل ہے۔ ہر ٹینک میں پانی کی کھپت ایک لاکھ 70 ہزار مکعب میٹر ہے۔

    علاوہ ازیں طائف – تربہ، رنیہ – الخرمہ واٹر ٹرانسفر پروجیکٹ کے ماتحت پمپنگ سٹیشن بھی تیار کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر محمد الغامدی نے بتایا کہ یہ طائف باحہ میٹھا پانی پہنچانے والے پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ تھا جو مکمل ہوگیا۔

    پورا پروجیکٹ سو فیصد سعودی ہے۔ اس کی نگرانی اور اس کا تمام کام انجام دینے والے سعودی تھے۔ پہلا مرحلہ 559 دن میں مکمل کیا گیا ہے۔ دوسرا مرحلہ 2021 کی تیسری سہ ماہی میں مکمل ہوگا۔

  • مناسک حج کی ادائیگی : غلاف کعبہ آج تبدیل کیا جائے گا

    مناسک حج کی ادائیگی : غلاف کعبہ آج تبدیل کیا جائے گا

    مکہ مکرمہ : مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز آج سے ہوگیا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سد باب کیلئے تمام تراحتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہوئے غلاف کعبہ کو آج تبدیل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعادت کی گھڑیاں قریب آگئیں، مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہو گئیں، کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام احتیاطی تدابیر (ایس اوپیز) پر عملدرآمد کرتے ہوئے مناسکِ حج کی ادائیگی کا آغاز کردیا گیا ہے، مسجدالحرام میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے نشانات لگادیے گئے۔

    ایس اوپیز کو یقینی بنانے کیلئے حج رضاکاروں کی تربیت کیلئے طواف کرایا گیا، حجاج کی قرنطینہ ختم کرکے احرام کی حالت میں طواف القدوم کی ادائیگی کی گئی۔

    اس حوالے سے سعودی وزارتِ حج وعمرہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حجاج کو گروپوں کی شکل میں منیٰ پہنچانا شروع کردیا گیا،
    عازمین حج منیٰ میں خصوصی کمپلیکس میں قیام کریں گے۔

    وزارتِ حج وعمرہ کے مطابق یومِ عرفہ کیلئے مسجدِ نمرہ میں بھی حجاج کیلئے مخصوص نشانات لگادیے گئے ہیں، اس کے علاوہ غلاف کعبہ کو آج تبدیل کیا جائے گا،

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظررواں سال حج کی ادائیگی محدود پیمانے پرادا کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ وقوف عرفات حج کا رکن اعظم ہے، اس رکن کی ادائیگی کیلئے عازمین حج کی روانگی کا عمل آٹھ ذی الحجہ کی رات سے ہی شروع ہو جائے گا جو اگلے دن نماز ظہر تک مکمل ہو گا۔

    عازمین حج نو ذی الحجہ عرفات پہنچ کر نمازِ ظہر اور عصر ادا کریں گے اور مغرب تک میدان عرفات میں وقوف کرینگے۔ غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوجائیں گے اور مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں اکھٹی پڑھیں گے۔

  • مسجد الحرام : نمازیوں کی آسانی کیلئے دروازوں پر نئے نمبر لگانے کا آغاز

    مسجد الحرام : نمازیوں کی آسانی کیلئے دروازوں پر نئے نمبر لگانے کا آغاز

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام کی انتظامیہ نے نمازیوں کی سہولت کیلئے مسجد کے دروازوں پر نئے نمبر لگانے کا آغاز کردیا ہے، دروازوں کی نمبرنگ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے دروازوں پر روشن اور واضح رنگوں سے نئی نمبرنگ شروع کردی گئی ہے، حرم شریف کے دروازوں کی نمبرنگ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں کی جارہی ہے۔

    یہ فیصلہ انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے کیا ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد کے کنگ فہد والے توسیعی حصے کے دروازے 79سے ان نمبروں کا آغآز تجرباتی طور پر کیا ہے۔

    اس تجربے کی کامیابی کے بعد مسجد الحرام کے تمام دروازوں کی روشن رنگوں سے نمبرنگ کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

    اس سے قبل مسجد الحرام کے دروازوں کے پہلے سے لکھے ہوئے نمبر زائرین کو واضح طور پر نظر نہیں آتے تھے جبکہ یہ نئی نمبر صآف اور واضح ہیں۔

    یہ نمبر دائیں سے بائیں کی جانب تحریر کیے جا رہے ہیں۔ ان نمبروں کو 24 گھنٹوں میں نکسی بھی وقت آسانی سے پڑھا جاسکے گا۔ نمازی حضرات کئی فٹ کے فاصلے سے بھی دروازے کا نمبر آسانی سے دیکھ کر رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔

  • لاکھوں فرزندان توحید میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچ گئے،لبیک اللھم لیبک کی صدائیں

    لاکھوں فرزندان توحید میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچ گئے،لبیک اللھم لیبک کی صدائیں

    مکہ مکرمہ : حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچ گئے، رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے، میدان عرفات میں پچیس لاکھ حاجیوں نے خطبہ حج سنا۔

    تفصیلات کے مطابق لاکھوں فرزندان توحید لبیک اللھم لیبک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے میدان عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے۔

    آج نماز فجر کے بعد لاکھوں عازمین حج منیٰ روانہ ہوں گے اور منی پہنچ کر رمی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا عظیم فریضہ سرانجام دیں گے۔

    دوسری طرف خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائزہ لینے منی پہنچ گئے۔

    اللہ کے مہمان میدان عرفات سے مغرب کے بعد مزدلفہ پہنچے اور حجاج نے مسجد نمرہ میں خطبہ سنا۔ حج کا خطبہ امام الشیخ محمدبن حسن آل الشیخ نے دیا۔

    امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے کہا امت مسلمہ تمام نفرتیں بھلا دے، اتحاد اور امن سے رہے، فرمان نبوی کے مطابق مسلمان آپس میں ایک بدن کی مانند ہیں۔

    ایک حصے کی تکلیف پورا بدن محسوس کرتا ہے، آج دس ذی الحج کو شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی، حجاج کرام عید منائیں گے، قربانی کریں گے پھر سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

    واضح رہے کہ منیٰ میں آباد خیموں کے شہر کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں جبکہ عازمین حج کی سہولت کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • مقام ابراہیم کی تزئین و آرائش جاری،  سنہری خول کا شیشہ تبدیل

    مقام ابراہیم کی تزئین و آرائش جاری، سنہری خول کا شیشہ تبدیل

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد الحرام میں مقام ابراہیم کی مرمت کا کام جاری ہے، مقام ابراہیم  میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل کیا جائےگا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مقام ابراہیم سمیت مکبریہ(مؤذن اور مکبر کی جگہ) کے علاوہ حجر اسماعیل کے پتھروں کی تبدیلی اور مرمت کا آغاز کردیا گیا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اور مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مقام ابراہیم میں جاری کام کا جائزہ لیا، انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل مرمت کا کام مکمل ہونا چاہیے۔

    حرمین انتظامیہ نے کہا کہ مقام ابراہیم میں جاری مرمت میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل ہوگا۔ علاوہ ازیں نیا سنہری خول چڑھایا جائے گا۔

    مقام ابراہیم کی بنیاد میں سنگ مرمر کی تبدیلی کی جائے گی۔ دوسری طرف مکبریہ میں بھی شیشے کی تبدیلی کے علاوہ بنیادی آلات کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے۔

    اسلامی علمائے کرام کے مطابق مقام ابراہیم میں موجود پتھر پر کھڑے ہوکر حضرت ابراہیم نے کعبے کی دیواریں تعمیر کی تھیں اور اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قدموں کے نشانات آج بھی موجود ہیں جبکہ ان قدموں کے نشانات پر پیتل کا خول چڑھایا گیا ہے۔

    مختلف ادوار میں اس مقام کی تزئین و آرائش کا کام ہوتا رہا،اور اسے سیسے کی پلیٹوں سے بنی کرسی پر چسپاں کرایا، خلیفہ منتصر باللہ نے 241ھ میں سیسے کے بجائے چاندی کی پلیٹیں تیارکرائیں۔

    بعد ازں مقام ابراہیم کے لیے ایک کمرہ بنوایا گیا۔900ھ میں اسے از سرنوتعمیر کرایا گیا۔ عثمانی سلطان عبدالعزیز نے گنبد کو ڈیڑھ میٹر اونچا کرادیا پھر جب امیر سعود بن عبدالعزیز آل سعود نے حج کیا تو انہوں نے گنبد ختم کرادیا۔18

    رجب 1387ھ کو مقام ابراہیم کو اعلیٰ درجے شوکیس میں رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کی بدولت حرم شریف میں تقریباً پانچ مربع میٹر کا رقبہ خالی ہوگیا۔

  • مکہ المکرمہ : ماہ رمضان کے آخری عشرے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    مکہ المکرمہ : ماہ رمضان کے آخری عشرے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    مکہ المکرمہ : سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر مکہ المکرمہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں، مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

     ماہ رمضان کے موقع پر دنیا بھر سے فرزندان توحید عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب آتے ہیں،  مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے ابھی سے فل ہوگئے ہیں، مکہ مکرمہ کے اس علاقے میں واقع ہوٹلوں کے 162000سے زیادہ کمرے ہیں۔

    اسی مناسبت سے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام میں بھی رمضان المبارک کے دوران تمام راستوں کی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے، سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر مسلسل فضا میں گشت کررہے ہیں۔

     ایوی ایشن سکیورٹی انچارج نے میڈیا کو بتایا کہ رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ مسجد الحرام میں آنے والے تمام زائرین پر نظر رکھی جارہی ہے, زائرین کی سیکیورٹی کے لئے کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ، ٹریفک پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

    مزید پڑھیں: اللہ کے مہمانوں کیلئے وسیع ترانتظامات کرلئے، گورنر مکہ المکرمہ

    پہلی مرتبہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، واضح رہے کہ مسجد الحرام میں لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے تقریباً 2500 کیمرے نصب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سعودی مفتی اعظم  35 سال بعد خطبہ حج نہیں دے سکیں گے

    سعودی مفتی اعظم 35 سال بعد خطبہ حج نہیں دے سکیں گے

    مکہ مکرمہ : پینتیس برس سے مسلسل خطبہ حج دینے والے سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ علیل ہوگئے۔ اس سال خرابی صحت کے باعث خطبہ حج نہیں دےسکیں گے۔ ان کی جگہ شیخ صالح بن حُمَید یہ فریضہ انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق انیس سو اکیاسی سے مسلسل خطبہ حج سنانے والے شیخ عبدالعزیز اس سال خطبہ نہیں دیں گے۔ پچھترسالہ شیخ عبدالعزیز گزشتہ پینتیس سالوں سے خطبہ حج دے رہے تھے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ عبدالعزیزخرابی صحت کے باعث خطبہ حج نہیں دے سکیں گے۔ سعودی میڈیا کے مطابق شیخ صالح بن حُمَید ان کی جگہ فرائض انجام دیں گے، جبکہ عبدالرحمان السُدیس کےنام بھی زیرغور ہیں۔

    مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز چودہ سو تین سے چودہ سو چھتیس ہجری تک مسلسل حج کے خطیب رہے۔ اس کے علاوہ مسجد نمرہ میں نماز ظہر و عصر کی اذان کیلئے حرم مکی کے مؤذن شیخ حماد بقری کو مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی اعظم سعودی عرب 1981 سے مسلسل خطبہ حج کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جنہیں 1999 میں شیخ عبدالعزیز بن باز کے انتقال کے بعد مفتی اعظم کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

    مفتی اعظم سعودی عرب کی عالم دین کونسل اور افتاء کونسل کے چیئرمین بھی ہیں۔

     

  • مکہ مکرمہ : حجاج کرام مناسکِ حج کا آغاز کل سے کریں گے

    مکہ مکرمہ : حجاج کرام مناسکِ حج کا آغاز کل سے کریں گے

    مکہ مکرمہ : مناسک حج کا آغاز کل سے شروع ہوگا، آٹھ ذوالحج سے شروع ہونے والے مناسک حج بارہ ذوالحج تک جاری رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حج اسلام کا پانچواں اور آخری رکن ہے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان یہ فریضہ انجام دینے اللہ کے گھر میں جمع ہیں۔ پانچ روز مناسک کا آغاز ہوگیا۔ جو بارہ ذوالحج تک جاری رہیں گے۔

    منیٰ میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا، آٹھ ذوالحج کو عازمین نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بیت اللہ سے منیٰ کا رخ کریں گے جہاں قیام کے دوران ظہر، عصر، مغرب عشاء اور فجر کی نمازیں ادا کریں گے۔

    نو ذوالحج کو عازمین نماز فجر کے بعد منیٰ سے میدان عرفات جائیں گے۔ خطبہ حج سنیں گے۔ نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے، میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک قیام لازم ہے۔

    حجاج کرام کی غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ روانگی شروع ہوگی ۔جہاں وہ نماز مغرب اور عشاء ملاکر پڑھیں گے اور رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے۔

    دس ذوالحج کو طلوح آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے کنکریاں اکٹھی کرکے جمرات جاکر شیطان کو ماریں گے اور قربانی کرنے کے بعد سر منڈھا کر احرام کھول دیں گے۔

    رمی گیارہ اور بارہ ذوالحج کو بھی جاری رہے گی، اس دوران حجاج کا قیام منیٰ میں ہوگا۔

    Hajj rituals underway, to be held from 8-12th… by arynews

  • حرم شریف میں افسوسناک حادثہ، کرین گرنے سے107عازمین حج شہید

    حرم شریف میں افسوسناک حادثہ، کرین گرنے سے107عازمین حج شہید

    مکہ المکرمہ: حرم کعبہ میں طوفانی ہواؤں کے سبب کرین گرنے کے افسوس ناک حادثے میں 107  عازمین حج شہید جبکہ  دو سو تیس زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز ہواوں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے سبب صفہ اور مروہ کے درمیان تعمیراتی کاموں کے لئے نصب کی گئی کرین گرگئی ۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اس افسوس ناک حادثے میں اب تک 107 عازمین حج ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہے، حرم شریف میں اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے اورمیتوں اورزخمیوں کو جائے حادثہ سے نکال کر اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کرین اور اس کے ساتھ گرنے والے ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    87 martyred as crane collapses in Grand Mosque#Makkah: 87 martyred as crane collapses in #GrandMosqueRead more: http://arynews.asia/1K2o7ol (WARNING: This video contains scenes that some viewers may find disturbing) Posted by Sohaib Ahmed on Friday, September 11, 2015

    واضح رہے کہ حادثے کے وقت مسجد الحرام میں لاکھوں عازمین موجود تھے لیکن ان فرزندان اسلام نے اللہ کی وحدانیت اور اس کی حقانیت کی پکار جاری رکھی، طواف جاری رہا اور عازمین کی زبانوں پر لبیک اللہم لبیک کی صدائیں بلند تر ہو گئیں، ہر جانب اللہ کے قرب کے متلاشی اس کے بندوں کے لاشے تھے اور زخمی تھے لیکن زخمیوں کے لبوں پر آہ کے بجائے شکر الحمدوللہ کا کلمہ جاری تھا۔

    کرین کو مسجدالحرام کی توسیع کےسلسلے میں جاری تعمیراتی کام کے سلسلے میں صفا اور مروہ کے درمیان نصب کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے مکہ مکرمہ میں گرد کا طوفان بھی آیا ہوا ہے جس کے سبب شہریوں اور عازمینِ حج کو شدید مشکلات درپیش تھیں۔

    عینی شاہد محمد یوسف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ جس جگہ پیش آیا، وہ آنے جانے کا راستہ تھا جس کے سبب جانی نقصان زیادہ ہوا۔

    پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے سعودی عرب میں تعینات سفیر کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ زخمیوں کو بھر پورطبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ کعبہ کی زیارت میں مصروف زائرین کی حادثاتی موت صدمہ انگیز ہے، وزیر اعلیٰ پنجا ب شہباز شریف نے کہا کہ حرم شریف میں حادثے پر دلی صدمہ ہوا،ہم سب اس مشکل وقت میں زخمی اور شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی حرم شریف میں حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔