Tag: malala

  • ملالہ کا عالمی رہنماؤں سے غزہ میں نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ

    ملالہ کا عالمی رہنماؤں سے غزہ میں نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ

    نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے مظالم اور بربریت کو دیکھ کر شدید رنج کی کیفیت میں مبتلا ہوں۔

    ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں فاقہ کشی پر مجبور فلسطینی بچوں، سکولوں اور اسپتالوں کی تباہی، انسانی امداد کی بندش اور بے گھر خاندانوں کو دیکھ کر شدید اذیت کا شکار ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ انسانیت کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں نسل کشی کو ختم کرنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اسرائیلی حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں۔

    دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی محاصرے کے بعد سے اب تک غزہ کے ہزاروں بچے موت کے دہانے پر پہنچ گئے۔

    خوراک سے متعلق اقوام متحدہ کے ایک ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں 93 فیصد سے زائد یعنی تقریباً 9 لاکھ 30 ہزار بچے قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر تقریباً تین ماہ سے جاری مکمل اسرائیلی محاصرے کے بعد ہزاروں بچے فوری موت کے خطرے سے دوچار ہیں، جہاں قحط نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔

    بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ کے نمائندہ ٹام فلیچر نے کہا کہ 14 ہزار نوزائیدہ بچے اگلے 48 گھنٹوں میں موت کے خطرے میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کے انسانی امور کے نائب سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے یہ وارننگ اُس وقت دی جب اسرائیل نے پیر کے روز پانچ امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی، جس سے 10 ہفتوں سے جاری فلسطینی علاقے کی ناکہ بندی میں معمولی نرمی آئی ہے۔

    فلیچر کا کہنا ہے کہ وہ اگلے 48 گھنٹوں میں ان 14,000 بچوں میں سے جتنے زیادہ ہو سکے ان کی جان بچانا چاہتے ہیں۔

    برطانوی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے فلیچر نے بتایا پانچ ٹرکوں میں لائی گئی امداد ضرورت کے مقابلے میں ”سمندر میں ایک قطرہ“ ہے۔

    پاکستان اور بھارت کے تنازع پر ملالہ یوسفزئی نے کیا کہا؟

    انہوں نے بتایا کہ 2 مارچ سے اسرائیل نے غزہ میں تمام خوراک، ادویات اور دیگر جان بچانے والی امداد کے داخلے کو مکمل طور پر روک رکھا تھا، پیر کے روز پہلی بار کچھ امداد کے داخلے کی اجازت دی گئی مگر وہ ابھی تک تقسیم نہیں ہو سکی ہے۔

  • ملالہ یوسف زئی پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پیرس پہنچ گئیں

    ملالہ یوسف زئی پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پیرس پہنچ گئیں

    پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پیرس پہنچ گئیں۔

    نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانی ایتھلیٹس سے ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے، تصویر میں ملالہ کے شوہر عصر ملک بھی موجود ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کی، ملالہ سے ملنے والوں میں فائقہ ریاض، جہاں آرا نبی اور احمد درانی شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Malala Yousafzai (@malala)

     

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراکوں کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا ہے اور قومی ریکارڈ کے حامل سوئمر احمد درانی کے ساتھ ساتھ جہاں آرا نبی بھی مایوس کن پرفارمنس کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔

    جہاں آرا نبی نے پیرس اولمپکس میں خواتین کے 200 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں حصہ لیا، وہ اپنی ہیٹ میں سات تیراکوں میں تیسرے نمبر پر رہیں تاہم وہ اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کر سکیں پاکستان کی خاتون تیراک 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں دو منٹ دس سیکنڈ میں بمشکل فاصلہ طے کر سکیں اور 30 ایتھلیٹس کی فہرست میں 26ویں نمبر پر رہیں۔

    پاکستانی تیراکوں باالخصوص جہاں آرا نبی کی کارکردگی بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی مستقبل کے مقابلوں میں مسلسل بہتری اور کامیابی کی امیدوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی موجودگی اور پرعزم کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

  • غزہ کے اسکول پر حملہ، ملالہ کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    غزہ کے اسکول پر حملہ، ملالہ کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    پاکستانی نوبل انعام یافتہ و سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی متعدد مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرچکی ہیں، اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے اسکول پر حملے میں ہونے والی شہادتوں کے بعد ایک بار پھر ملالہ نے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی نوبل انعام یافتہ و سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسکول پر اسرائیلی فورسز کے حملے پر دل افسردہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر ہم بے حس نہیں ہوسکتے اور نہ ہی معصوم جانوں کے ضیاع سے منہ موڑ سکتے ہیں۔

    اس سے قبل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے جنگ سے متاثرہ فلسطینی طلبا کے لیے گریجویٹ اسکالر شپ کا اعلان کردیا۔

    سوشل میڈیا پوسٹ میں ملالہ یوسفزئی نے لکھا کہ غزہ کا کوئی مستقبل نہیں ہوسکتا جب تک غزہ کے بچوں کو زندہ رہنے اور تعلیم حاصل کرنے کے لیے محفوظ جگہ میسر نہ ہو۔

    نومنتخب برطانوی وزیراعظم کا نیتن یاہو کو مشورہ!

    انہوں نے لکھا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 80 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے، 17 جنوری کو اسرائیلی بمباری سے غزہ کی آخری یونیورسٹی بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

  • ’وی آر لیڈی پارٹس‘ ملالہ یوسف زئی کی برطانوی ویب سیریز کی پہلی جھلک وائرل

    ’وی آر لیڈی پارٹس‘ ملالہ یوسف زئی کی برطانوی ویب سیریز کی پہلی جھلک وائرل

    سب سے کم عمر نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی وی آر لیڈی پارٹس کے سیزن 2 میں پہلی جھلک منظر عام پر آتے ہی وائرل ہوگئی۔

    شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ملالہ یوسف زئی اب ویب سیریز ’وی آر لیڈی پارٹس‘ کے سیزن 2 میں نظر آئیں گی جس میں ملالہ یوسف زئی  مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سیریز ’ وی آر لیڈیز پارٹس‘ کا دوسرا سیزن آج سے امریکی اور برطانوی چینلز پر نشر کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر اس ویب سیریز کی پہلی جھلک وائرل ہوگئی ہے جس میں سب سے کم عمر نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو مغربی لباس میں دکھایا گیا ہے۔

    وائرل ہونے والی تصویر میں ملالہ یوسفزئی شو کی دیگر کاسٹ کے ساتھ کاؤ بوائے ٹوپی پہنے گھوڑے پر بیٹھی نظر آرہی ہیں۔

    برطانوی میوزیکل کامیڈی ویب سیریز ملالہ یوسفزئی کو میوزیکل بینڈ کے رکن کے طور پر دکھایا گیا ہے، اس بینڈ میں انجانا وسان، سارہ کمیلا امپی، جولیٹ موٹامڈ، فیتھ اومول اور لوسی شارٹ ہاؤس سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ میوزیکل کامیڈی ویب سیریز ’وی آر دی لیڈی پارٹس‘ کا پہلا سیزن مئی 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا، سیریز کی کہانی مسلم نوجوان لڑکیوں کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے جو متعدد مسائل کے باوجود میوزک کی دنیا میں اپنا نام کمانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔

  • نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی لاہور پہنچ گئیں

    نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی لاہور پہنچ گئیں

    لاہور:نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی چار روزہ دورہ پر لاہور پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسف زئی پاکستان میں مختلف سیمینارز میں شرکت کریں فی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی 16 دسمبر کو واپس جائیں گی۔

    واضح رہے کہ یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انھیں خواتین کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ملالہ یوسف زئی کو ابتدائی طور پر پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تھی تاہم بعد میں انھیں برطانیہ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    ملالہ کو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں قومی امن ایوارڈ برائے یوتھ سے بھی نوازا گیا تھا۔

    ملالہ کو یہ ایوارڈ ان کی سوات میں امن اور تعلیم کے فروغ کے لیے دی گئی خدمات کے نتیجہ میں دیا گیا تھا۔

  • ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    قوم کی بیٹی، پاکستان کی پہچان اور دنیا کی سب سے کمسن نوبل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسفزئی آج اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ آج کے دن ملالہ نے اقوام متحدہ میں صنفی تفریق کے خلاف اثر انگیز تقریر کی تھی جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے قرار دے دیا۔

    گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھ کر شہرت پانے والی ملالہ 12 جولائی 1997 کو پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئیں جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

    ملالہ کا نام ملال سے نکلا ہے، اور وجہ تسمیہ میوند کی ملالہ تھی جو جنوبی افغانستان کی ایک مشہور پشتون شاعرہ اور جنگجو خاتون تھی۔

    سنہ 2010 میں 9 اکتوبر کو جب ملالہ گھر سے اسکول امتحان کو جانے کے لیے بس میں سوار ہوئی تو مسلح طالبان نے اس پر حملہ کر دیا۔ نقاب پوش حملہ آور نے پہلے پوچھا کہ تم میں سے ملالہ کون ہے؟ جلدی بتاؤ ورنہ میں تم سب کو گولی مار دوں گا۔ جب ملالہ نے اپنا تعارف کروایا تو اس شخص نے گولی چلا دی۔ ملالہ کو لگنے والی گولی کھوپڑی کی ہڈی سے ٹکرا کر گردن سے ہوتی ہوئی کندھے میں جا گھسی۔

    دیگر دو لڑکیاں بھی اس حملے میں زخمی ہوئیں جن کے نام کائنات ریاض اور شازیہ رمضان ہیں، تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر تھی اور انہوں نے بعد ازاں حملے کے بارے میں تفصیلات دیں۔

    ملالہ پر قاتلانہ حملے سے متعلق تفصیلات دنیا بھر کے اخبارات اور میڈیا پر ظاہر ہوئیں اور ساری دنیا کی ہمدردیاں ملالہ کے ساتھ ہو گئیں۔ پاکستان بھر میں ملالہ پر حملے کی مذمت میں مظاہرے ہوئے۔ تعلیم کے حق کی قرارداد پر 20 لاکھ افراد نے دستخط کیے جس کے بعد پاکستان میں تعلیم کے حق کا پہلا بل منظور ہوا۔

    ملالہ کے والد نے بیان دیا، چاہے ملالہ بچے یا نہ، ہم اپنا ملک نہیں چھوڑیں گے۔ ہمارا نظریہ امن کا ہے۔ طالبان ہر آواز کو گولی سے نہیں دبا سکتے۔

    چھ روز بعد 15 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے عالمی خواندگی اور سابقہ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اسپتال میں ملالہ کی عیادت کی اور ملالہ کے حق میں ایک قرارداد شروع کی جس کا عنوان تھا میں ملالہ ہوں۔ اہم مطالبہ یہ تھا کہ 2015 تک تمام بچوں کو اسکول کی سہولیات تک رسائی دی جائے۔

    اگلے برس 12 جولائی کو جب ملالہ کی 16 ویں سالگرہ تھی تب ملالہ نے اقوام متحدہ سے عالمی خواندگی کے حوالے سے خطاب کیا۔ اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے یعنی یوم ملالہ قرار دے دیا۔ حملے کے بعد یہ ملالہ کی پہلی تقریر تھی۔

    10 اکتوبر 2014 کو ملالہ کو بچوں اور نوجوانوں کے حق تعلیم کے لیے جدوجہد پر نوبل انعام برائے امن دیا گیا، 17 سال کی عمر میں ملالہ یہ اعزاز پانے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت ہے۔

    اس اعزاز میں ان کے شریک بھارت سے کیلاش ستیارتھی تھے جو بھارت میں بچوں اور خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام کے بعد ملالہ نوبل انعام پانے والی دوسری جبکہ نوبل انعام برائے امن پانے والی پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی کو اب تک دنیا بھر سے 40 عالمی اعزازات مل چکے ہیں جو ان کی جرات و بہادری کا اعتراف ہیں۔ اقوام متحدہ انہیں اپنا خیر سگالی سفیر برائے امن بھی مقرر کرچکی ہے۔

    اپنی اٹھارویں سالگرہ پر انہوں نے شامی بچیوں کی تعلیم کے لیے پہلا اسکول قائم کیا تھا اور اب ملالہ فاؤنڈیشن کئی اسکول چلا رہی ہے۔ سنہ 2015 میں ایک خلائی سیارچے کا نام بھی ملالہ کے نام پر رکھا گیا تھا۔

    ملالہ نے کچھ دن قبل آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کرلیا ہے۔

  • آپ اسٹار آف دی سنچری ہیں، ملالہ یوسفزئی کیلئے پیغام

    آپ اسٹار آف دی سنچری ہیں، ملالہ یوسفزئی کیلئے پیغام

    اسلام آباد : وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ اسٹار آف دی سنچری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پیغام میں کہا سالگرہ مبارک ہو،آپ اسٹارآف دی سنچری ہیں، آپ کو اکتوبر میں تھنک فیوچرکانفرنس میں بطور اسٹار گیسٹ مدعو کیا جائے گا۔

    خیال رہے نوبل انعام حاصل کرنے والی پاکستان کی پہچان ملالہ یوسفزئی کو 22ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہوئے، جس پر ملالہ یوسف زئی نے شکریہ ادا کیا۔

    ملالہ یوسفزئی نے اپنی سالگرہ کا دن ایتھوپیا کی نوجوان لڑکیوں کے ساتھ گزارا اور اُن سے سیکھا کہ وہ کس طریقے سے خواتین کی تعلیم اور صنفی امتیاز کے لیے کام کررہی ہیں۔

  • ملالہ یوسفزئی کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    ملالہ یوسفزئی کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    آکسفورڈ: نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں قومی ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    ملالہ یوسفزئی کا اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آغاز نے مایوس کیا تھا، تاہم جنوبی افریقہ سے فتح کے بعد ایک بار پھر قومی ٹیم کے لیے امیدیں جاگ چکی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ سے جیت نے اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امید پیدا کردی، قومی ٹیم کی فتح ہمارے لیے قابل فخر ہے۔

    ورلڈکپ 2019: ملالہ یوسفزئی کس ٹیم کو سپورٹ کررہی ہیں؟

    قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو آج نیوزی لینڈ کے خلاف لازمی کامیابی حاصل کرنا ہوگی، دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    قومی ٹیم کے پاس یہ آخری موقع ہے، فیلڈنگ میں بھی جان مارنا ہوگی، کیچز بھی پکڑنے ہوں گے، بولرز نے وکٹیں اڑانا ہوگی اور بلے بازوں کو بھی وکٹ پر رکنا پڑے گا۔

    امکان ہے کہ قومی ٹیم اہم میچ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، تجزیہ کاروں کے مطابق میگاایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم میں اگر قومی ٹیم نے ہرانا ہے تو کیوی کپتان ولیم سن اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔

  • ملالہ یوسف زئی کا ایک اور بڑا اعزاز

    ملالہ یوسف زئی کا ایک اور بڑا اعزاز

    لندن: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کی نیشنل پوٹریٹ گیلری نے پاکستان کی بیٹی کی تصویر آویزاں کردی۔

    تفصیلات کے مطابق علم دشمنوں سے نبردآزما سوات کی گل مکئی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کا پوٹریٹ لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کردیا گیا۔

    ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ’میری تصویر آنے والوں کو پیغام دے گی کہ اپنی برادری ، ملک میں تعلیم کے لیے جدوجہد کو جاری رکھیں تاکہ ہم بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں‘۔

    پاکستان کی بیٹی کا پوٹریٹ بنانے والی نشاط کا کہنا ہے کہ ’مجھے معلوم ہے کہ ملالہ دنیا کی وہ واحد نوجوان لڑکی ہے جو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ہے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’نوبل انعام یافتہ نوجوان لڑکی کی تصویر بنانا میرے لیے فخر کی بات ہے‘۔

    مزید پڑھیں: بھارت کی مظلوم بیٹیوں کے لیے ملالہ روشن چراغ

    ایرانی نژاد امریکی خاتون نے ملالہ کی بنائی جانے والی تصویر میں پشتو نظم لکھی جس کاتاثر متاثر کن ہے۔

    واضح رہے 2012 میں سوات کے علاقے مینگورہ میں ملالہ یوسف زئی پر اسکول سے گھر جاتے ہوئے طالبان نے حملہ کردیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئی تھیں، ابتدائی طورپر ملالہ کو پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تاہم بعد میں انہیں برطانیہ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کیوی فاسٹ بولرجیمز فرینکلن، ملالہ یوسفزئی کے مداح نکلے

    امن کا نوبل انعام حاصل کرنے کے علاوہ متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والی 20 سالہ ملالہ اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔

    ملالہ یوسف زئی 3 سال تک دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی گئی۔

  • چلاس واقعہ: عمران، بلاول اور ملالہ کی مذمت، نگراں وزیراعظم نے رپورٹ طلب کر لی

    چلاس واقعہ: عمران، بلاول اور ملالہ کی مذمت، نگراں وزیراعظم نے رپورٹ طلب کر لی

    اسلام آباد:  عمران خان ، بلاول بھٹو زرداری اور نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی جانب سے چلاس میں تعلیمی ادارے جلائے جانے کی شدید مذمت کی گئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو نذر آتش کرنے کے افسوس ناک واقعے پر ملک بھر سے شدید ردعمل آیا ہے۔

    عمران خان، بلاول بھٹو اور ملالہ یوسف زئی کی جانب سے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی گئی.

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چلاس میں بچیوں کے تعلیمی ادارےجلانا افسوس ناک ہے.

    انھوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائیں گے، بچیوں کی تعلیم، اسکولوں کی سیکیورٹی ترجیحات ہیں.

    ملالہ یوسف زئی نے بھی ٹویٹر پر اپنا ردعمل دیا. انھوں نے لکھا کہ انتہاپسندوں نےبتادیا کہ وہ کس چیزسے خوفزدہ ہیں. ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد لڑکیوں کے ہاتھ میں کتاب سے خوفزدہ ہیں.

    انھوں نے فوری متاثرہ اسکولوں کی از سرنو تعمیر اور طلبا کو اسکولوں میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دنیاکودکھاناچاہیےتعلیم حاصل کرناہرلڑکے اورلڑکی کاحق ہے.

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 12 گرلز اسکولزتباہ کرنادہشت گردی ہے۔

    انھوں  نے کہا کہ اسکولوں پرحملوں میں ملوث ملزمان کوگرفتارکیاجائے، بچیوں کی تعلیم کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونےدیں گے، نگراں حکومت،سیکیورٹی ادارےدہشتگردوں کوقوم کے سامنے لائیں۔

    نگراں وزیر اعظم کی جانب سے بھی اس افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ 

    ناصرالملک نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو قانون کےکٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے.


    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔