Tag: Malaysia

  • ٹک ٹاک ہائی الرٹ پر

    ٹک ٹاک ہائی الرٹ پر

    کوالالمپور : ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے تمام صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

    ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ وہ ایسے مواد کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں جس کی وجہ سے ملائیشیا میں ہونے والے انتخابات پر منفی اثر پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نے واضح کیا کہ ملائیشیا میں ٹک ٹاک پر اپلوڈ کے گئے کسی بھی خلاف ورزی پر مبنی مواد کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا۔

    ٹک ٹاک ایپ جو چین میں قائم فرم ’بائٹڈنس‘ کی ملکیت ہے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ملائشیا میں ہونے والے انتخابات کے آغاز سے ہی سوشل میڈیا پر ہونے والی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ملائیشیا حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے انتخابات کے بعد سے ایسی لاتعداد ٹک ٹاک پوسٹس پر انتظامیہ کو رپورٹ کیا کہ جس میں 13 مئی 1969 کو دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے ہنگامے کا ذکر کیا گیا تھا، جس میں تقریباً 2سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ٹک ٹاک ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ نے 13 مئی سے متعلقہ مواد کے ساتھ ساتھ ان ویڈیوز کو بھی ہٹا دیا ہے جو اس کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ادارے میں نفرت انگیز مواد اور پرتشدد انتہا پسندی کے لیے "زیرو ٹالرنس” ہے۔

    ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ وہ 13 سال سے کم عمر کے صارفین کے ذریعے چلنے والے کسی بھی اکاؤنٹ کو ہٹا دے گا جب کچھ والدین نے شکایت کی کہ ان کے بچوں کو توہین آمیز مواد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹک ٹاک نے لاکھوں پاکستانی ویڈیوز ہٹا دیں

    یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے پر پلیٹ فارم نے پاکستانی صارفین کی ایک کروڑ 53 لاکھ 51 ہزار 388 ویڈیوز کو ہٹا دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق سال2022 کی دوسری سہ ماہی میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر عالمی سطح پر 11 کروڑ 3 لاکھ 51 ہزار 388 ویڈیوز ہٹائی گئی تھیں، یہ تعداد ٹک ٹاک میں اپلوڈ کی گئی تمام ویڈیوز کا ایک فیصد ہے۔

  • بچہ جھولے سے پراسرار طور پر غائب، ویڈیو وائرل

    بچہ جھولے سے پراسرار طور پر غائب، ویڈیو وائرل

    ملائیشیا کے ایک میلے میں جھولے میں بیٹے لڑکے کے ساتھ بیٹھا دوسرا لڑکا اچانک غائب ہو گیا، اس دہشت ناک واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، جسے دیکھ کر لوگ ڈر جاتے ہیں۔

    ملائیشیا کے شہر جوہر کے ایک میلے میں غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے، ایک خاتون جھولے میں جھولنے والے بیٹے کی ویڈیو بنا رہی تھیں کہ ایک چکر لگانے کے بعد جب جھولا واپس آیا تو ان کے بیٹے کے ساتھ بیٹھا ہوا لڑکا سیٹ پر موجود نہیں تھا۔

    انٹرنیٹ پر ٹک ٹاک کے لیے بنائی گئی یہ ڈراؤنی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملائیشیا کے ایک تفریحی پارک میں رائڈ پر بیٹھا ہوا ایک کم عمر لڑکا اچانک بھوت کی طرح غائب ہو جاتا ہے۔

    یہ ویڈیو ٹک ٹاک صارف نور آفرینا روشنی نے شیئر کیا اور اس پر لکھا کہ معیز کے پاس کون بیٹھا ہے؟ یہ ویڈیو معیز زعفران کی ماں نور نے بنائی تھی۔

    ویڈیو کے شروع میں 5 سالہ معیز کو ایک ہی کار میں سوار دوسرے لڑکے کے ساتھ بیٹھے دیکھا جا سکتا تھا، پہلے چکر میں ماں کے پاس سے گزرتے وقت نامعلوم لڑکے کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن جب وہی گاڑی دوبارہ آئی تو خاتون کا بیٹا رائڈ کار میں اکیلا بیٹھا تھا، اور اس کے ساتھ والا لڑکا غائب تھا۔

    لوگوں کی آنکھوں کے سامنے اس طرح لڑکے کے غائب ہو جانے کی ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی بھی اپنے بدن میں خوف کی لہر دوڑتا محسوس کر رہے ہیں۔ معیز کی ماں کو بھی یقین نہیں آ رہا تھا کہ انھوں نے کیمرے میں کیا دیکھا، بہت سے صارفین نے سفید قمیض والے لڑکے کو بھوت قرار دیا۔

    لڑکے کی والدہ نے میڈیا کو بتایا مجھ سے کوئی غلطی نہیں ہوئی، وہ اکٹھے بیٹھے تھے، اور میں ساتھ والے لڑکے کو نہیں جانتی تھی، میرے خیال میں کارکنوں نے انھیں ایک ساتھ بٹھایا تھا، مختصر ویڈیو بناتے وقت جب کار دوسری بار آئی تو وہاں میرا بیٹا اکیلا بیٹھا تھا۔

    ماں کے مطابق معیز نے بھی اقرار کیا کہ وہ رائڈ پر ایک لڑکے کے ساتھ بیٹھا تھا، لیکن جب اس نے ویڈیو دیکھی تو حیران رہ گیا، اور بولا کہ اسے نہیں پتا لڑکا کہاں چلا گیا تھا۔

  • بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    کوالالمپور: ملائیشیا میں ایک جنگلی بندر نے پلّے کو ‘اغوا’ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے ایک علاقے میں جنگلی بندر نے سارو نامی ایک پلّے کو اغوا کر کے 3 دن تک ‘یرغمال’ بنائے رکھا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک پلّے کو ڈرامائی طور پر بندر کے ‘قبضے’ سے بازیاب کرایا گیا ہے، پلّا سیاہ اور سفید رنگ تھا اور اس کی عمر 2 ہفتے تھی۔

    جنگلی بندر پلّے کو 16 ستمبر کو چھین کر لے گیا تھا، اور اسے بجلی کی ایک اونچی پوسٹ پر لے جا کر تین دن تک رکھا، لوگوں نے جب دیکھا کہ بندر نے پلّے کو یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے تو کافی سارے لوگ بجلی کے پوسٹ کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کتے کا پلّا لاغر دکھائی دے رہا تھا، تاہم بندر نے اسے کوئی تکلیف یا نقصان نہیں پہنچایا، بندر نے بس ادھر ادھر جاتے ہوئے اسے پکڑے رکھا۔

    ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بندر اسے اپنے بچے کی طرح ساتھ لگائے رکھ رہا ہے، لوگوں کے بیان کے مطابق یہ بہت عجیب برتاؤ تھا، تاہم اسے بچایا جانا ضروری تھا کیوں کہ وہ بھوک سے مر سکتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق جب مقامی لوگ دو دن تک پلّے کو بچانے کی کوششیں کر رہے تھے تو پلّے کو لے کر بندر کبھی بجلی کی تاروں اور کبھی درختوں پر دوڑ بھاگ کرتا رہا، لوگوں نے بندر کو کھانے کی چیزیں دے کر للچایا بھی لیکن اس ترکیب نے کام نہ کیا۔

    آخر کار تیسرے دن مقامی لوگوں کو بندر کو پتھر مار کر اتنا ڈرایا کہ اس نے پلّے کو چھوڑ دیا اور وہ نیچے جھاڑیوں میں گرا اور بندر بھاگ گیا، تاہم اس آپریشن میں کوئی بھی زخمی نہ ہوا، نہ بندر اور نہ ہی پلّا۔

    مقامی لوگوں کے مطابق یہ بندر بہ ظاہر اس گینگ کا حصہ تھا جو آس پاس کے گھروں سے خوراک چوری کرتا ہے۔ پلّے کو ایک مقامی شخص اپنے ساتھ گھر لے گیا اور اسے کھلایا پلایا۔ سارو نامی اس پلّے کو ایک آوارہ کتیا سے چھینا تھا بندر نے، جسے اب ایک شخص نے اپنا پالتو بنا لیا ہے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    لندن: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہہوئی، پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے ملائشیا میں ضبط طیارے کی کمپنی پیری گرین ایسوسی ایشن چارلی کمپنی کو 7 ملین ڈالر ادا کرچکی ہے۔

    دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلا نے اتفاق کیا کہ پوری رقم کی ادائیگی، پی آئی اے کے خلاف کسی حکم کے اجرا کے بغیر ہو۔

    دعویدار کے وکیل نے کہا کہ پی آئی اے نے رقم آج ادا کی ہے، پی آئی اے کی طرف سے جولائی سے 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا نہ کرنے پر عدالت آنا پڑا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ لیزنگ کمپنی نے گزشتہ برس 9 ملین ڈالر کے حصول کے لیے بھی ہائیکورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس میں پی آئی اے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وبا کے بعد انڈسٹری کی زبوں حالی پر اوور ہیڈ چارجز کم کیے جائیں۔

    اس تنازعہ کے دوران ہی کوالالمپور میں ایک نیا کیس دائر کر کے لیزنگ کپنی نے پی آئی اے کا طیارہ ضبط کروا دیا تھا۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    خیال رہے کہ 15 جنوری کو پی آئی اے کا 777 بوئنگ طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے پر روکا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ممالک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے اور حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تعاون کریں گے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ دونوں کے درمیان قابل تجدید توانائی، قدرتی وسائل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ دونوں پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے۔ ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں بالمشافہ اور وفود کی سطح پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح رابطے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھائیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن اقتصادی، سائنسی اور فنی شعبے میں تعاون کے لیے پہلے سے قائم ہے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کوالالمپور سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مہاتیر محمد کو مبارکباد دی، مہاتیر محمد نے عمران خان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ملائیشیا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

    دوسری جانب ملائیشین وزیر اعظم نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کی، جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنانے میں وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ ملائیشیا کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عملدر آمد میں مثبت پیشرفت کی۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پترا جایا: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف اور ملائیشیا کی حکمران جماعت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    معاہدے کے تحت پاکستان اور ملائیشین حکمران جماعتیں اعلیٰ ترین سطح پر روابط کے مستقل قیام پر متفق ہوگئیں، معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

    معاہدے کے مطابق دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و اشتراک آگے بڑھایا جائے گا، سماجی سطح پر علوم و تجربات کے تبادلے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    دونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ پروگرامز کے اہتمام پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

    معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد کی موجودگی میں ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور وائس چیئرمین تحریک انصاف معاہدے پر دستخط کیے جبکہ ملائیشین ڈپٹی وزیر خارجہ اور ملائیشین حکمراں جماعت، ملائیشین یونائیٹڈ انڈیجینس کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مرزوکی یحییٰ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین معاہدے پر نہایت مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون و اشتراک کے حوالے سے گرمجوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

  • مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی کا تعلق اسلام سے نہیں: وزیر اعظم

    مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی کا تعلق اسلام سے نہیں: وزیر اعظم

    پترا جایا: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کا تعلق اسلام سے نہیں، مسلم قیادت مغربی معاشرے کو اسلام کا حقیقی تصور دکھانے میں ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایڈوانس اسلامک اسٹڈیز کے انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے میرا وژن وہی ہے جو علامہ اقبال اور قائد اعظم کا تھا، قائد اعظم ریاست مدینہ کے اصولوں کے تحت ریاست کا قیام چاہتے تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رسول ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی تھی، پاکستان میں قانون کی عملداری سب سے پہلا اصول ہے۔ ریاست مدینہ میں انصاف اور مساوات کو بنیادی حیثیت حاصل تھی، ریاست مدینہ دنیا بھر میں عظیم ریاست کی مثال بنی اور تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست بنی۔

    انہوں نے کہا کہ معاشی حالات خراب ہونے کے باوجود ہم نے فلاحی ریاست کی بنیاد پر حکومت کا آغاز کیا، پاکستان کا تصور بھی مدینہ کی ریاست کے مطابق ہی تھا۔ بدقسمتی سے وقت کے ساتھ ہم اپنی درست سمت سے ہٹ گئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔ ہماری حکومت نے 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیے، غریبوں کو مفت کھانا اور رہائش کے لیے 200 شیلٹر ہومز بنائے، پہلی بار نوجوانوں کو میرٹ پر قرضے اور تعلیمی وظیفے دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایلیٹ کلاس خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے، مافیاز اور کارٹیل ملک کو پیچھے دھکیلنے کے درپے ہیں۔ پاکستان میں منافع خور مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کی مثال سامنے ہے جس نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا۔ ملائیشیا ایک مہذب ملک ہے کیونکہ یہاں اقلیتوں کو برابری کے حقوق ہیں۔ مہاتیر محمد نے ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا کھڑا کیا، ملائیشیا کا معاشرہ تحمل اور برداشت کے اوصاف سے مالا مال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مغرب میں مذہب کو اس طرح نہیں دیکھا جاتا جس طرح ہم دیکھتے ہیں، ہمارے لیے ہمارے پیغمبر ﷺ کا جو مقام ہے مغربی دنیا اس بات سے ناآشنا ہے۔ مذہب کو کبھی کسی پر زبردستی نافذ نہیں کیا جا سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں جاپانی پائلٹس خود کش مشن پر تھے، کسی نے ان کے مذہب کو نشانہ بنایا؟ تامل ٹائیگرز نے خودکش حملوں کا آغاز کیا مگر کسی نے ان کے مذہب کا نام نہیں لیا۔ مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں انتہا پسندی اور خودکش حملوں کا اسلام سے تعلق نہیں۔ مغرب میں اسلام اور اس کی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام اوردہشت گردی کو جدا کر کے دکھانے کی ضرورت ہے، مسلم قیادت مغربی معاشرے کو اسلام کا حقیقی تصور دکھانے میں ناکام رہی۔ نوجوان نسل کو فلاح اور مساوات کے اسلامی شعار سکھانے کی ضرورت ہے، دنیا کو بتانا ہوگا مذہب کا غلط تصور پیش کرنے والے اسلامی اصولوں سے لاعلم ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان ملائشیا کے دورے پر روانہ

    وزیراعظم عمران خان ملائشیا کے دورے پر روانہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوگئے ، دورے کے دوران مہاتیرمحمدسےون آن ون ملاقات ہوگی اور دونوں رہنمامشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے جبکہ دو طرفہ معاہدے بھی کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ملائشیا کے 2روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ، وفاقی وزراشاہ محمودقریشی، اسدعمر اور مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

    دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی ملائشین وزیراعظم مہاتیرمحمد سے ون آن ون اور وفد کی سطح پر ملاقات ہوگی جبکہ پاکستان اور ملائشین وزیراعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے، اس دوران دو طرفہ معاہدے بھی کئے جائیں گے اور عمران خان مسئلہ کشمیر،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے ۔

    ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ملائشیامیں تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان دورہ ملائیشیامہاتیرمحمدکی دعوت پرکررہےہیں اور یہ ان کا یہ دوسرا ملائشیا کا دورہ ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کے لیے بھارتی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے وزیراعظم نے ملائیشیا کے دورے پرجاتے ہوئے بھارت کے بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ کیاتھا ، بھارت کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے سفرکا دورانیہ4سے 5 گھنٹے بڑھے گا، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے باعث بھارت کی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    واضح رہے کہ مارچ  2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔

  • وزیراعظم آج  ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے

    وزیراعظم آج ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم مہاتیر محمد کی دعوت پر ملائیشیا کا دورہ کررہے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ملائیشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کا 2روزہ سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیرمحمد سےون آن ون ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات،تجارت وسرمایہ کاری کےفروغ پربات چیت ہوگی ۔

     وزیراعظم کےہمراہ اعلٰی سطح کاوفدبھی ملائیشیاروانہ ہوگا،اس دوران پاکستان اورملائیشیا کےدرمیان وفودکی سطح پرمذاکرات 4فروری کوہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ، دورے کے دوران وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیرمحمد سےون آن ون ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات،تجارت وسرمایہ کاری کےفروغ پربات چیت ہوگی۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کے لیے بھارتی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    خیال رہے کہ مارچ  2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان  3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے ، جہاں وہ ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے 2روزہ سرکاری دورے کا شیڈول طے ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے، ان کے ہمراہ اعلٰی سطح کاوفدبھی ملائیشیا روانہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی اور دوطرفہ تعلقات،تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ پربھی گفتگوہوگی جبکہ پاکستان،ملائیشیا کےدرمیان وفودکی سطح پر مذاکرات 4فروری کوہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    مزید پڑھیں : مہاتیر محمد کا وزیراعظم عمران خان کو پروٹون گاڑی کا تحفہ

    خیال رہے کہ مارچ  2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔