Tag: Malaysia

  • وزیراعظم عمران خان کا رواں ماہ ملائیشیا کے دورے کا امکان

    وزیراعظم عمران خان کا رواں ماہ ملائیشیا کے دورے کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے رواں ماہ ملائیشیا کے دورے کا امکان ہے ، دورے کے دوران عمران خان ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے رواں ماہ کے آخر میں ملائیشیا کے دورے کا امکان ہے، جہاں وزیراعظم عمران خان ملائیشین ہم منصب مہاتیرمحمد سے ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    مزید پڑھیں : مہاتیر محمد کا وزیراعظم عمران خان کو پروٹون گاڑی کا تحفہ

    یاد رہے کہ گذشتہ سال مارچ میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔

  • دلہا دلہن کی ایمبولینس میں شادی ہال آمد، ویڈیو وائرل

    دلہا دلہن کی ایمبولینس میں شادی ہال آمد، ویڈیو وائرل

    کوالالمپور: ملائیشیا میں دلہا دلہن نے ایمبولینس میں شادی ہال میں انٹری دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے دلہا دلہن نے ایمبولینس میں انٹری دی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی ہال میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ہال میں اچانک ایمبولینس پہنچتی ہے جس کے اندر دلہن اسٹریچر پر بیٹھی ہوئی ہے اور دلہن کو اسٹریچر پر ہی ہال کے اندر لے جایا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہا نے پیرا میڈک یونیفارم زیب تن کیا ہوا ہے اور دلہن کو اسٹریچر سے اتارنے کے بعد اسٹیج کی جانب رواں دواں ہے۔

    https://www.facebook.com/JengkaToday/videos/1204027516474468/

    فیس بک صارفین نے نوبیاہتا جوڑے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایمبولینس مریضوں کے لیے ہوتی ہے تفریح کے لیے اس کا استعمال نہیں ہونا چاہئے۔

    یہ واقعہ ملائیشیا کے ضلع کوانتان میں ایک غیرسرکاری تقریب میں پیش آیا، مقامی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو میں شامل گاڑیاں نجی ایمبولینس تھیں جو دلہے نے شادی کے لیے کرایے پر حاصل کی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق دلہا نجی اسپتال میں اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر ہے جس نے اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے ایمبولینس کا استعمال کیا اور دلہا کے لباس کے بجائے پیرامیڈک یونیفارم زیب تن کیا۔

  • وزیر اعظم کی کوششوں سے ملائیشیا میں محصور سیکڑوں پاکستانیوں کی وطن واپسی

    وزیر اعظم کی کوششوں سے ملائیشیا میں محصور سیکڑوں پاکستانیوں کی وطن واپسی

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے ملائیشیا میں محصور300 سے زائد رہائی پانے والے مزید پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے، اسکیم سے 8ہزار افراد مستفید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا خصوصی طیارہ محصور پاکستانیوں کو ملائیشیا سے اسلام آباد لے کر پہنچ گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی ذاتی کوششیں رنگ لے آئیں۔

    پی آئی اے کا خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا، پرواز پی کے9895پاکستانیوں کو ملائیشیا سے اسلام آباد لے کر پہنچ گئی، اس موقع پر ایئر پورٹ کے لاؤنج میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، استقبال کیلئے آنے والے عزیز و اقارب ان کو گلے سے لگا کر آبدیدہ ہوگئے۔

    اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پرواز کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ملائیشیا حکومت نے ان افراد کی رضاکارانہ وطن واپسی کیلئے اسکیم متعارف کرائی تھی، مذکورہ اسکیم یکم اگست2019 سے شروع ہوئی تھی،آج ختم ہوگئی۔

    آٹھ ہزار سے زائد پاکستانیوں نےملائیشین اسکیم کا فائدہ اٹھایا،5ماہ میں ہائی کمیشن نے1833ایمرجنسی ٹریول دستاویزات جاری کیے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیح ہے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا میں محصور300سے زائد پاکستانی شہری مختلف وجوہات کی بنا پر ملائشیئن حکام کی تحویل میں تھے, کوالالمپور سے اسلام آباد کے لئے پی آئی اے کی خصو صی پرواز کے ذریعے اپنے پیاروں کے پاس واپس وطن پہنچیے۔

    اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی جلدی لانے کیلئے کوئی بھی ائرلائن تیار نہ تھی۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر اس معاملے کو اہم قومی فریضہ سمجھتے ہوئے, ہم وطنوں کو واپس پاکستان پہنچانے کے لئے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا تھا۔

    ائیرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ قومی ضرورت کے وقت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے قدم بڑھایا ہے۔ پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک کبھی بے یارو مددگار نہیں چھوڑا، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے آئندہ بھی قومی ذمہ داری نبھانے کا عزم رکھتی ہے کیونکہ پی آئی اے پاکستان ہے اور پاکستان پی آئی اے ہے۔

  • ملائشیا سے رہا 300 قیدیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لایا جائے گا

    ملائشیا سے رہا 300 قیدیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لایا جائے گا

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے ملائیشیا میں محصور300 سے زائد رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں کو پی آئی اے کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

    رہا ہونے والے پاکستانی شہری مختلف وجوہات کی بنا پر ملائشین حکام کی تحویل میں تھے۔ ہم وطنوں کی وطن واپسی کے لئے پی آئی اے نے بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق پی آئی اے 31 دسمبر کو کوالالمپور سے اسلام آباد کے لئے خصوصی پرواز چلائے گی بو ئنگ 777 طیا رہ استعما ل کیا جا ئے گا۔

    خصو صی پرواز کے ذریعے ملائیشیا میں محصور 300 سے زائد پاکستانی اپنے پیاروں کے پاس واپس وطن پہنچیں گے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ پی کے9895 کوالالمپور کے مقامی وقت کے مطابق30 اور31 دسمبر کی درمیانی شب سا ڑھے تین بجے روانہ ہوگی اور صبح 9:50 پر اسلام آباد پہنچے گی۔انہوں نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی جلدی لانے کیلئے کوئی بھی ائرلائن تیار نہ تھی۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر اس معاملے کو اہم قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ہم وطنوں کو واپس پاکستان پہنچانے کے لئے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا۔

    ائیر ما رشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ قومی ضرورت کے وقت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے قدم بڑھایا ہے۔

    پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک کبھی بے یارو مددگار نہیں چھوڑا۔ پی آئی اے آئندہ بھی قومی ذمہ داری نبھانے کا عزم رکھتی ہے کیونکہ پی آئی اے پاکستان ہے اور پاکستان پی آئی اے ہے۔

  • شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی و نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحییٰ وزارت خارجہ پہنچے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ایلچی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید اور حمایت پر ملائیشیا کے ممنون ہیں۔

    ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کوالالمپور کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں، ہمیں مل کر ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جلد ہی دونوں ممالک میں سفارتی اور سیاسی وفود کے تبادلے بڑھ جائیں گے۔

  • ملائیشیا میں مقیم پاکستانی سالانہ کثیر زرمبادلہ ملک بھجواتے ہیں: شاہ محمود

    ملائیشیا میں مقیم پاکستانی سالانہ کثیر زرمبادلہ ملک بھجواتے ہیں: شاہ محمود

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستانی آفیشلز سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کمیونٹی سروس سینٹر کا افتتاح کیا، کمیونٹی سروس سینٹر پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ نے ملائیشیا میں پاکستانی سفارت کاروں کی خدمات کی تعریف کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    کمیونٹی سروس سینٹر سے ایک ہی جگہ تمام قونصلر سروسز کی دستیابی یقینی ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ملائشیا میں اسی ہزار پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زر مبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملائیشین نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی۔

    پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود قریشی

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی ، ملائیشیا کو بھارتی دھمکیاں بالائے طاق رکھ کر کشمیر پر اصولی مؤقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • ملیشیا کے وزیراعظم  مہاتیر محمد بھارت کے خلاف ڈٹ گئے

    ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھارت کے خلاف ڈٹ گئے

    کوالالمپور: ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد بھارت کے خلاف ڈٹ گئے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کشمیریوں کے حق میں دیے گئے بیان پر قائم رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی جارحیت سے دنیا کو آگاہ کیا تھا اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان کے اس بیان کے بعد بھارت نے ملیشیا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی معاملات ختم کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

    دباؤ کے باوجود ملیشیا کے صدر اپنے بیان پر قائم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنا چاہیئے، تجارت اہم ہے لیکن عوام کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورتحال، ملائیشین وزیراعظم میدان میں آگئے ، مودی پریشان

    خیال رہے کہ مہاتیرمحمد نے اقوام متحدہ میں تقریر میں کہا تھا کہ بھارت نے کشمیرپرحملہ کر کے قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیرپرقبضہ کیا ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے، بھارت کو پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ یہ مسئلہ حل ہو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ اقدام عالمی ادارے اور قانون کی حکمرانی کو دیگر طریقے سے نظرانداز کرنے کا باعث بنے گا۔

  • پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    ملائیشیا میں دنیا کی سب سے طویل واٹر سلائیڈ کھول دی گئی، واٹر سلائیڈ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ قرار دی جانے والی یہ سلائیڈ اس لیے بھی انوکھی ہے کہ یہ پہاڑی کی چوٹی سے شروع ہو کر جنگل سے گزرتی ہوئی ایک سوئمنگ پول پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔

    سلائیڈ کی طوالت 1 ہزار 111 میٹر یعنی 3 ہزار 645 فٹ ہے اور اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    اس قدر لمبی سلائیڈ کا سفر پورے 4 منٹ تک جاری رہتا ہے اور اس دوران جنگل سے گزرتے ہوئے مختلف چہچہاتے پرندوں اور درختوں سے لٹکتے بندروں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے۔

    سلائیڈ کا آغاز پہاڑی کی چوٹی سے ہوتا ہے جہاں تک جانے کے لیے خصوصی چیئر لفٹ بنائی گئی ہے۔

    یہ سلائیڈ ملائیشیا کے اسکیپ تھیم پارک میں بنائی گئی ہے اور اس نے جرمنی کی اس واٹر سلائیڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جو اس سے قبل دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ مانی جاتی تھی۔ ملائیشیا کی یہ سلائیڈ جرمنی کی سلائیڈ سے 3 گنا طویل ہے۔

    پارک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سلائیڈ کی تعمیر میں بھاری مشینری کا استعمال نہیں کیا گیا تاکہ جنگل اور آس پاس کے قدرتی ماحول کو نقصان نہ ہو۔

  • ذاکر نائیک نے متنازع بیان پر ملائیشیا سے معافی مانگ لی

    ذاکر نائیک نے متنازع بیان پر ملائیشیا سے معافی مانگ لی

    کوالالمپور: معروف بھارتی مبلغ اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملائیشیا کے کثیرالثقافتی معاشرے میں قومیت کے حوالے سے حساس بیان دینے پر معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ذاکر نائیک کے باضابطہ معافی مانگنے سے ایک روز قبل ہی انہیں پولیس نے ان سے ان کے بیان کے بارے میں تفتیش کی تھی جس پر انہیں بے دخل کرنے کے مطالبے بھی سامنے آئے تھے۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق حال ہی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان کے دوران کہا تھا کہ ہندوؤں کو ملائیشیا میں اس سے 100 گنا حقوق حاصل ہیں جتنے بھارت میں مسلمان اقلیت کو ملتے ہیں‘ اس کے ساتھ انہوں نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ چینی ملائیشیوں کو ان سے پہلے ملک بدر کرنا چاہیے تھا۔

    مذکورہ بیان کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملائیشیا سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ان سے امن و عامہ کے بگاڑ پر اکسانے کے مقصد سے جان بوجھ کر توہین کرنے کے الزام پر 10 گھنٹوں تک تفتیش کی تھی۔

    حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    تاہم منگل کے روز ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بدخواہوں نے ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا اور اسے ’حیرت انگیز جعلسازی‘ قرار دیا۔

    بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا ہر گز مقصد کسی فرد یا برادری کو پریشان کرنا نہیں تھا، یہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے اور میں اس غلط فہمی کے لیے دل سے معذرت خواہ ہوں۔

  • کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا

    کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا

    کوالامپور: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس میں دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس کے دوسرے ٹرائل کی سماعتیں آج (پیر) سے شروع ہوں گی، لیکن امکان ہے کہ یہ سماعتیں ملتوی کردی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں جس کے سلسلے میں ٹرائل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرا پیر سے شروع ہوگا۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نجیب رزاق پر سرکاری خزانے سے چار ارب ڈالر کی ہیرا پھیری کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم نجیب رزاق نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    کرپشن اسکینڈل: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کا قریبی ساتھی گرفتار

    تحقیقاتی ادارے نے گذشتہ سال جولائی میں سابق وزیر اعظم کے گھر اور دفاتر میں چھاپے مارے تھے، چھاپے کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر امریکا میں بھی منی لانڈرنگ کے کیسز زیر سماعت ہیں، امریکی حکام کے مطابق ملائیشیا سے ایک ارب ڈالر امریکا میں نجیب رزاق کے مبینہ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہوئے۔