Tag: Malaysia

  • کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز پیر سے ہوگا

    کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز پیر سے ہوگا

    کوالامپور: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس میں دوسرے ٹرائل کا آغاز پیر سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس کے دوسرے ٹرائل کی سماعتیں پیر سے شروع ہوں گی لیکن امکان ہے کہ یہ سماعتیں ملتوی کردی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں جس کے سلسلے میں ٹرائل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرا پیر سے شروع ہوگا۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نجیب رزاق پر سرکاری خزانے سے چار ارب ڈالر کی ہیرا پھیری کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم نجیب رزاق نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    کرپشن کے الزامات، ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق گرفتار

    تحقیقاتی ادارے نے گذشتہ سال جولائی میں سابق وزیر اعظم کے گھر اور دفاتر میں چھاپے مارے تھے، چھاپے کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر امریکا میں بھی منی لانڈرنگ کے کیسز زیر سماعت ہیں، امریکی حکام کے مطابق ملائیشیا سے ایک ارب ڈالر امریکا میں نجیب رزاق کے مبینہ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہوئے۔

  • ملائشیا کے نئے سلطان کی رسمِ تاج پوشی

    ملائشیا کے نئے سلطان کی رسمِ تاج پوشی

    کوالالمپور:ملائشیا کے نئے سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے اپنی رسمِ تاجپوشی کے موقع پر ملک میں نسلی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد کی حکومت پرمکمل اعتماد ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق عبداللہ سلطان احمد شاہ ملائشیا کی وسطی ریاست پاہنگ سے تعلق رکھتے ہیں اور ملائشیا میں شامل ریاستوں کے سلاطین کی باری باری تخت نشینی کے منفرد شاہی نظام کے تحت وہ ملک کے سولھویں بادشاہ بنے ہیں۔

    عبداللہ سلطان کے لیے گزشتہ روز دُہری خوشی کا دن تھا اور ان کی انسٹھویں سالگرہ بھی منائی گئی ،انھیں جنوری میں ملائشیا کا نیا حکمراں منتخب کیا گیا تھا۔تب ملائشیا کی شمال مشرقی ریاست کیلنتان سے تعلق رکھنے والے سلطان محمد پنجم اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے،وہ صرف دو سال ملائشیا کے بادشاہ رہے تھے۔

    واضح رہے کہ مالے نسل سے تعلق رکھنے والی نو ریاستوں کے حکمران باری باری پانچ پانچ سال کے لیے ملک کے بادشاہ بنتے ہیں،ملائشیا دنیا میں واحد ملک ہے جہاں 1957ءمیں برطانوی سامراج سے آزادی کے بعد سے اس طرح کا نظام رائج ہے۔

    سلطان عبداللہ نے اپنی تاجپوشی کے موقع پر تقریر میں ملک میں نسلی منافرت کے بیج بونے والوں کو خبردار کیا ۔انھوں نے کہا کہ جوکوئی بھی نسلی منافرت کی آگ سلگائے گا،وہ نہ صرف خود بھی اس میں جھلسے گا بلکہ پورے گاؤں کو بھی جھلسا دے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اتحاد اور قومی آہنگی ملک کی مضبوطی کا ستون ہیں،اس لیے نسلی بنیاد پر غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کیا جائے اور ایسے معاملات نہ اٹھائے جائیں جن سے قومی اتحاد اور ہم آہنگی خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔

    ملائشیا کے نئے سلطان عبداللہ نے وزیراعظم مہاتیرمحمد کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ درپیش اقتصادی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • اسلام آباد : ملائشیا میں پھنسے322 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے

    اسلام آباد : ملائشیا میں پھنسے322 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے

    اسلام آباد : ملائشیا میں پھنسے322 پاکستانی قیدی اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچ گئے، جہاز میں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، غلام سرور خان اور زلفی بخاری بھی ائیر پورٹ پر موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائشیا کی جیلوں میں قید322پاکستانیوں کو لے کر پی آئی کا جہاز اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچ گیا۔ اس موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، طیارہ پاکستان پہنچنے پر پاکستانیوں نے جہاز میں نعرے بازی کی، پورا جہاز پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    پاک بھارت تعلقات میں تناؤ آنے کے بعد فروری سے تین سوبائیس پاکستانی ملائیشیا میں پھنسے ہوئے تھے۔ ملائیشیاں میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے حکومت نے خصوصی طیارہ کوالا لمپور بھیجاتھا۔

    اسلام آباد کےہوائی اڈے پر اپنے پیاروں کو لینے کےلئے عزیزوں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان پہنچنے پر محصور پاکستانیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور قومی پرچم لہرا کر وطن سےمحبت کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر پاکستانیوں کے استقبال کے لیے غلام سرور خان اور زلفی بخاری بھی ائیر پورٹ پر موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں اوورسیز پاکستانیوں کی قدر ہے، عمران خان کا دل دکھتا ہے۔

    ان پاکستانیوں کے لیے جو بیرون ممالک کی جیلوں میں قید ہیں،  پاکستانی قیدیوں کی رہائی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے عمل میں آئی ہے، انہوں نے ملائشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے اہم کردار ادا کیا۔

    زلفی بحاری نے کہا کہ غیر قانونی ایجنٹ کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، قطر کے ویزوں کے لیے سہولت سینٹر بھی قائم کیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں2100قید پاکستانیوں میں300 پاکستانی وطن پہنچ گئے، تین ماہ کے مرحلے میں سعودی عرب میں قید باقی پاکستانی بھی وطن پہنچ جائیں گے۔

  • وزیراعظم  کی ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کولانے کے لیے خصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری

    وزیراعظم کی ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کولانے کے لیے خصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرملیشیا سے تین سوبیس پاکستانیوں کولانے کےلیےخصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری دے دی گئی، یہ افراد ملیشیا کی جیلوں میں اپنی قید کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کو لانے کیلئے جہاز بھجوانے کی منظوری دے دی گئی ، خصوصی جہاز بھجوانے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے دی۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملائیشیاءکی جیلوں میں قید تین سو بیس پاکستانی اپنی سزا کی مدت مکمل کرچکے ہیں لیکن فروری 2019 کے آخری ہفتے میں علاقائی صورتحال کی بناء پر براہ راست پروازوں کی منسوخی کے باعث ان کی وطن واپسی ممکن نہیں ہوپائی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا دونوں ممالک کےدرمیان براہ راست پروازاوراخراجات نہ ہونےکےباعث اب تک جیلوں میں قید تھے، ان میں سے اکثریت ان پاکستانیوں کی ہے جنہیں ویزا کی معیاد یا رہائش کی اجازت کی مدت مکمل ہوجانے کے بعد گرفتار کیاگیا تھا۔

    وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایات دی تھیں کہ ان پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں تاکہ وہ عیدالفطر اپنے اہلخانہ کے ساتھ مناسکیں۔

    ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں وزارت خارجہ نے وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا تھا جس میں پی آئی اے، سمندر پارپاکستانیوں کی وزارت اور پاکستان بیت المال کے نمائندے شامل تھے۔

    ترجمان نے مزید کہا خصوصی طیارہ تمام افراد کو لیکرانتیس مئی کو اسلام آباد پہنچےگا، قیدیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے، دفترخارجہ اوربیت المال ملکرکام کررہے ہیں۔

    یاد رہے متحدہ عرب امارات نے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے رمضان میں معافی دیئے جانے کے تحت 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا تھا۔

    عرب میڈیا نے پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ تقریباً 262 پاکستانی قیدیوں کو ابوظہبی اور العین، 177 کو دبئی، 52 کو شارجہ، 16 کو فجیرہ اور 65 کو عَجمان کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدی رہا کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے، ابوظہبی سے 262، عجمان 65، فجیرہ 62، شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی رہا ہوں گے۔

  • ملیشیا میں رمضان المبارک کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    ملیشیا میں رمضان المبارک کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    کوالالمپور: ملیشیا میں سیکیورٹی اہلکاروں نے رمضان المبارک کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس چیف عبدالحمید بدور نے بتایا ہے کہ ملائیشیا میں سکیورٹی فورسز نے رمضان المبارک کے دوران دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں چار مشتبہ شدت پسند گرفتار ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار دہشت گروں میں دو روہنگی، ایک ملائیشین اور انڈونیشین شہری شامل ہیں۔ یہ جنگجو نومبر2018 میں فسادات کے دوران جاں بحق ہونے والے مسلمان فائرفائٹر کابدلہ لینا چاہتے تھے، 24 سالہ محمد ادیب ایک ہندو مندر کے پاس مارا گیا تھا۔

    پولیس چیف عبدالحمید بدور نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے یہ کارروائیاں 5 اور7 مئی کے درمیان دار الحکومت کوالالمپور سمیت گرد ونواح میں کی۔

    پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ مشتبہ جنگجووں نے رمضان المبارک کے دوران اعلیٰ شخصیات کو قتل کرنے، گرجا گھروں اور مندروں پرحملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جنگجو نومبر2018 میں فسادات کے دوران جاں بحق ہونے والے مسلمان فائرفائٹر کابدلہ لینا چاہتے تھے، 24سالہ محمد ادیب ایک ہندو مندر کے پاس مارا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جون میں ملائیشیا کی پولیس نے چھوٹے ہتھیار اسمگل کرنے اور عبادتی مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے مزید 15 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کیا تھا۔

    گرفتار ملزمان پر داعش سے تعلق کا بھی الزام تھا۔

  • ملیشیا: معاشی بحالی کی امیدیں دم توڑنے لگیں،مہاتیر محمد کی مقبولیت میں کمی

    ملیشیا: معاشی بحالی کی امیدیں دم توڑنے لگیں،مہاتیر محمد کی مقبولیت میں کمی

    کوالالمپور: ملیشیا میں معاشی حالات میں بحالی کی امیدیں دم توڑنے لگیں،  مہاتیر محمد کی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک سال قبل 93 سالہ مہاتیر محمد کے اقتدار میں‌ آنے سے بہتری کی جو امید پیدا ہوئی تھی، اب وہ دھندلانے لگی ہے.

    ایک ملک گیر سروے کے مطابق حکومت کی حمایت کم ہو کر 39 فی صد ہوگئی، اگست 2018 میں یہ 66 فیصد تھی۔

    مہاتیر محمد کی جماعت معاشی انقلاب اور معیشت میں‌ بہتری کے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی، البتہ اس اپ سیٹ کے بعد مہاتیر محمد کی پارٹی کوئی جادو نہیں جگا سکی.

    خیال رہے کہ یونائیٹڈ ملائیز نیشنل آرگنائزیشن (یو ایم این او) گزشتہ 60 سال میں پہلی مرتبہ اقتدار سے محروم ہوئی تھی. مہاتیر محمد اور پکاتن ہراپن اتحاد نے جیت اپنے نام کی.

    مزید پڑھیں: ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے یوم پاکستان کی پریڈ کی ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کردی

    اس اتحاد کو ورثے میں قرض میں ڈوبی معیشت ملی تھی، انتظامیہ نے اربوں ڈالر کی کرپشن ختم کرنے پر توجہ مرکوز کی اور سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن تحقیقات کا آغاز کیا.

    حکمراں اتحاد میں تقسیم کی وجہ سے حکومتی ریونیو میں اضافے، سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں سبوتاڑ ہوگئیں ہیں۔ اسی عرصے میں مہاتیر محمد کی مقبولیت بھی 71 فیصد سے کم ہوکر 46 فیصد ہوگئی ہے.

  • ملیشیا کا پاکستان میں گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا اعلان

    ملیشیا کا پاکستان میں گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا اعلان

    اسلام آباد: ملیشیا نے پاکستان میں گاڑیوں کا پلانٹ لگانے کا اعلان کردیا، سرمایہ کاری کے بڑے معاہدے طے پا گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بزنس کانفرنس سے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعظم مہاتیر محمد نے خطاب کیا.

    اس موقع پر ملیشین وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان کو”پروٹون کار ” تحفے میں دی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کےلئے گاڑیوں کا پلانٹ لگانا ایک تحفہ ہے۔

    اس موقع پر پاکستانی موبائل کمپنی جیز اور ملائیشین موبائل کمپنی میں معاہدے پر دستخط ہوئے، ای ڈاٹ گروپ اور چائناموبائل کمپنی میں بھی معاہدہ طے پایا. اسی طرح ایف ایف سی اور ملیشین کمپنی میں حلال فوڈ کامعاہدہ طے ہوا۔

    مزید پڑھیں: دورہ پاکستان کا مقصد صرف تعلقات کی بہتری نہیں، بلکہ کاروباری روابط بڑھانا ہے: مہاتیر محمد

    قبل ازیں وزیر اعظم ملیشیا نے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کا مقصد فقط بہتر تعلقات نہیں، بلکہ کاروباری روابط بھی بڑھانا ہے، پیسہ حکومت نہیں عوام اور سرمایہ کار کےذریعے بنایا جاتاہے، عوام کے پاس روزگار ہوگا تو وہ حکومت کو ٹیکس ادا کرسکیں گے۔ بزنس کانفرنس کےانعقادپرپاکستان کے شکرگزار ہیں.

    وزیر اعظم مہاتیر محمد سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا، جس میں‌ انھوں نے ملیشین ماڈل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہم ملیشیا کے تجربے سے استفادے کے خواہاں ہیں.

  • ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے: وزیر خزانہ

    ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں، دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں، ملیشیا نے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملیشیا نے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان دفاعی نمائش میں جے ایف 17 طیاروں کی نمائش کرے گا۔ پاکستان ٹینک شکن میزائل برآمد کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کرے گا۔

    اسد عمر کے مطابق ملیشیا نے پاکستان سے گوشت اور چاول خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا۔ پاکستان سیاحت کے شعبہ میں ملیشیا کے تجربات سے مستفید ہوگا۔

    یاد رہے کہ ملیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے، وزیر اعظم عمران خان نے نور خان ایئر بیس پر ان کا شانداراستقبال کیا، مہاتیر محمد کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ملیشین ہم منصب کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ملیشین وزیر اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جس میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان ملیشین ہم منصب کو ظہرانہ بھی دیں گے۔

    صدر مملکت عارف علوی آج ملیشین وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے جبکہ انہیں ’نشان پاکستان‘ ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا۔

  • ملیشیا کے وزیراعظم 3روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

    ملیشیا کے وزیراعظم 3روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، وہ یوم پاکستان پر پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملیشیا کے وزیراعظم تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، اس دوران وہ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    اپنے دورے میں مہاتیر محمد یوم پاکستان کی خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال سمیت کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

    ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، عمران خان نے اپنے دورہ ملیشیا میں انہیں پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔

    اس کے علاوہ فروری میں ہی پاک بحریہ اور ملیشیا رائل نیوی نے بحیرۂ عرب میں مشق ’مال پاک ٹو‘ کے نام سے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، یہ ملیشیا اور پاکستان کی مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔

    یہ مشقیں بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئی تھیں۔ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ دو طرفہ بحری مشق ’مال پاک‘ ہاربراور سی فیز پر مشتمل تھی۔

    واضح رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملیشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے ہیں۔

  • ملیشیا کےوزیراعظم مہاتیرمحمد کل پاکستان پہنچ رہے ہیں

    ملیشیا کےوزیراعظم مہاتیرمحمد کل پاکستان پہنچ رہے ہیں

    اسلام آباد: ملیشیا کےوزیراعظم مہاتیرمحمدکل سےپاکستان کادورہ کریں گے، وہ یوم ِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، عمران خان نے اپنے دورہ ملیشیا میں انہیں پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

    ڈاکٹر مہاتیر محمد یہاں ایک مصروف شیڈول گزاریں گے۔ ان کی آمد کا بنیادی مقصد یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا ہے۔

    اس کے علاوہ وہ وزیراعظم سمیت اہم ملکی شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کریں گے اور ان ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور تجارتی امور موضوع ِ گفتگو رہیں گے۔

    اس کے علاوہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف معاہدے تشکیل پائے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔

    اس کے علاوہ فروری میں ہی پاک بحریہ اور ملیشیا رائل نیوی نے بحیرۂ عرب میں مشق ’مال پاک ٹو‘ کے نام سے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، یہ ملیشیا اور پاکستان کی مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔

    یہ مشقیں بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئی تھیں۔ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ دو طرفہ بحری مشق ’مال پاک‘ ہاربراور سی فیز پر مشتمل تھی۔

    یاد رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملیشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے ہیں۔

    اس حوالےسے ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 23 مارچ یوم پاکستان بھرپوراندازمیں منایاجائےگا اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد یوم پاکستان پریڈمیں مہمانان خصوصی ہوں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیردفاع کرنل جنرل ذاکرحسن اوف بھی یوم پاکستان کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ بحرین فوج کے کمانڈر جنرل شیر محمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کریں گے۔