Tag: Maldives

  • روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو میں مالدیپ کو شامل کرنے کا فیصلہ

    روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو میں مالدیپ کو شامل کرنے کا فیصلہ

    سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو میں مالدیپ کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مالدیپ سے آنے والے عازمین حج روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو سے فائدہ سکیں گے، اینیشیٹو کا مقصد مالدیپ کے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    مالدیپ کی وزارت اسلامی أمور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مالدیپ کے عازمین حج کی سفری کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔

    اینیشیٹو کی مدد سے مالدیپ کے عازمین حج جدہ یا مدینہ منورہ پہنچنے پر انہیں مزید سفری کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    عازمین جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ سے سیدھا اپنے ہوٹلوں کی طرف روانہ ہوجائیں گے، جہاں انہیں ان کا سامان مل جائے گا۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں ادارہ حرمین کے شعبہ دینی امور کی جانب سے حج آپریشنل پلان جاری کردیا گیا جو 120 اقدامات پر مشتمل ہے۔ منصوبے کا مقصد عازمین حج کی بہتر رہنمائی کرنا ہے۔

    حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ السدیس نے آپریشنل منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مملکت کی قیادت نے ضیوف الرحمان کی سہولت اور آرام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین یہاں سے اعتدال پسندی اور انسانیت کا پیغام لے کر جائیں۔

    شیخ السدیس کا حج آپریشنل پلان سے متعلق کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کیلیے متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل رہنما ضوابط جاری کیے ہیں جس کیلیے مصنوعی ذہانت سے آراستہ روبوٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

    روبوٹس ’منارہ‘ کے دوسرے ورژن کو متعارف کرایا گیا جو گزشتہ برس سے اپ ڈیٹ ہے اس میں مزید زبانوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سکرینز کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

    عازمین حج کی سہولت کیلیے مسجد الحرام کی لائبریری میں اقدامات

    اس کے علاوہ عازمین حج کے لئے 50 علمی و فکری پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ضیوف الرحمان کی خدمت کیلیے 2 ہزار سے زائد سعودی کارکنوں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

  • مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اہلیہ نے بھی تاج محل کے پس منظر میں تصاویر کھنچوائیں

    مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اہلیہ نے بھی تاج محل کے پس منظر میں تصاویر کھنچوائیں

    آگرہ: مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ان کی اہلیہ ساجدہ محمد ان دنوں بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں، اس خوب صورت حکمران جوڑے کو بھی تاریخی یادگار تاج محل کی کشش کھینچ کر لائی اور جس کی خوب صورتی اور وقار دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ان کی بیگم ساجدہ محمد نے منگل کے دن تاج محل کی سیر کی ہے، صدر معیزو اور ان کی بیگم نے ہر سیاح کی طرح تاج محل کے پس منظر میں تصاویر بھی کھنچوائیں۔

    ہندوستان کے چار روزہ دورے پر موجود صدر معیزو کو 17 ویں صدی کے فنِ تعمیر کی شاہکار عمارت کی تعریف کے لیے الفاظ نہیں ملے، انھوں نے وزیٹرز بک میں لکھا ’’اس مقبرے کی خوب صورتی بیان کرنا مشکل ہے کیوں کہ الفاظ انصاف نہیں کر سکتے۔‘‘

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مالدیپ اور ان کی ٹیم نے تاج محل کی تاریخ میں گہری دل چسپی لی، انھوں نے ٹور گائیڈ راجو سنگھ سے تاج محل کے خوب صورت ڈیزائن اور اس کے باغوں کے بارے میں تفصیلات پوچھیں۔

    صدر معیزو نے یہ سوال بھی کیا کہ تاج محل کے احاطے میں فوارے ابھی تک کیسے چل رہے ہیں، صدر مالدیپ کی آمد کے پیش نظر تاج محل کو صبح 8 تا رات 10 بجے تک عوام کے لیے بند رکھا گیا تھا۔

  • مالدیپ نے بھارت کو الٹی میٹم دے دیا

    مالدیپ نے بھارت کو الٹی میٹم دے دیا

    مالدیپ نے بھارت کو الٹی میٹم دے دیا ہے کہ وہ ان کے ملک سے اپنی فوجیں 15 مارچ تک واپس بلا لے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے بھارت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ 15 مارچ تک ان کے ملک سے اپنی فوجیں واپس بلا لے بصورت دیگر  نتائج کی ذمے داری بھارت پر ہوگی۔

    مالدیپ کے صدر معیزو نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کو مزید مالدیپ میں رہنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    انڈر سیکریٹری  برائے صدارتی امور عبدللہ خلیل  کے مطابق مالدیپ میں 1988 سے بھارتی فوج کے یونٹس تعینات ہیں جو سرویلنس، ہوا بازی اور تربیت کی ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔

    واضح رہے مالدیپ کے نو منتخب صدر محمد معیزو نے یہ انتباہی بیان چین کے دورے میں صدر شی جن پینگ سے ملاقات اور چین سے واپسی کے چند روز بعد جاری کیا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے ڈاکٹر محمد معیزو کی کابینہ کے وزرا نے سوشل میڈیا پر مودی کو جوکر کہہ کر مخاطب کیا تھا جس پر مذکورہ تینوں وزرا کو معطل کر دیا گیا تھا تاہم اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ مالدیپ میں نئے صدر محمد معیزو کی حکومت بننےکے بعد سے بھارت اور مالدیپ کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

    3 ماہ قبل مالدیپ کے صدر منتخب ہونے والے محمد معیزو  نے الیکشن میں ‘انڈیا آؤٹ’ کا نعرہ لگایا تھا اور مالدیپ سے بھارتی فوج کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔

  • مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالے : مالدیپ جانے کے خواہشمند لوگوں کیلئے قواعدو ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کرکے ہی مالدیپ میں داخل ہوا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے مالدیپ میں سعودی سفارت خانے نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ مالدیپ آنے والے شہری مقامی حکام کے مقرر کردہ ضوابط کی پابندی کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ مالدیپ کے حکام نے سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے روانگی سے قبل72 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کی نیگٹیو رپورٹ کی پابندی لگائی ہے اس سے ایک برس کے بچے مستثنیٰ ہوں گے۔

    مالدیپ کے حکام کا کہنا ہے کہ پہنچنے سے قبل48 گھنٹے کے اندر ویب سائٹ پر موجود اقرارنامہ جمع کرائیں، واپسی کا ٹکٹ اور ہوٹل میں بکنگ کا ثبوت بھی دیا جائے۔

    سفارت خانے نے بتایا کہ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی خوراکوں کا ریکارڈ اپنے ہمراہ رکھیں، مالدیپ کے بعض اداروں میں داخلے کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری ہے۔

    آباد جزیروں میں قیام کے دوران وہاں آنے جانے کی ہدایات کی پابندی کی جائے، بعض جزیروں کے حکام آمد ورفت کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری قرار دیے ہوئے ہیں۔

    مملکت واپسی کے وقت سفر کے لیے دیگر پابندیوں کی بابت بھی ایئرلائن سے رابطہ کیا جائے، اندرون ملک فضائی اور بحری سفر کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے۔

    مالدیپ میں قیام کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے پر7 دن کے لیے قرنطینہ کیا جاتا ہے اور اس کے اخراجات سیاح کو ادا کرنا ہوتے ہیں۔

  • معروف وکیل روہنگیا مسلمانوں کا مقدمہ لڑنے کو تیار

    معروف وکیل روہنگیا مسلمانوں کا مقدمہ لڑنے کو تیار

    جنوبی ایشیائی ملک مالدیپ نے عالمی عدالت انصاف میں روہنگیا مسلمانوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے معروف ترین وکیل امل کلونی کی خدمات حاصل کرلیں، امل کلونی اس سے قبل بھی کئی ہائی پروفائل مقدمات جیت چکی ہیں۔

    عالمی عدالت انصاف میں افریقی ملک گیمبیا نے میانمار کی فوج کی جانب سے سنہ 2017 میں کیے جانے والے آپریشن کو چیلنج کر رکھا ہے، اس آپریشن میں بڑے پیمانے پر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی جبکہ 7 لاکھ 40 ہزار روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش ہجرت کرنی پڑی۔

    اب مالدیپ بھی اس مقدمے کا حصہ اور میانمار کے خلاف فریق بننے جارہا ہے۔

    عالمی عدالت انصاف میں یہ مقدمہ لڑنے کے لیے مالدیپ نے امل کلونی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ امل کلونی معروف وکیل اور ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی کی اہلیہ ہیں جو اس سے قبل بھی کئی ہائی پروفائل مقدمات لڑ چکی ہیں۔

    امل کلونی نے اس سے قبل مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید کے کیس کی نمائندگی کی تھی جس میں اقوام متحدہ نے محمد نشید کے خلاف 13 برس قید کی سزا کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

    امل یوکرین کے وزیر اعظم یولیا تموشنکو اور وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی بھی وکالت کر چکی ہیں، جبکہ انہوں نے 2 صحافیوں کا مقدمہ بھی لڑا جنہیں میانمار کی حکومت نے جاسوسی کے الزام میں قید کیا تھا۔

    گیمبیا کا مقدمہ کیا ہے؟

    گزشتہ برس گیمبیا نے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میانمار اقلیتی روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    گیمبیا کا کہنا ہے کہ سنہ 1948 کے نسل کشی کے کنونشن کا دستخط کنندہ ہونے کے طور پر اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسل کشی کو روکے اوراس کے ذمہ داران کو سزا دلوائے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رونما ہورہا ہو۔

    گیمبیا نے ثبوت کے طور پر عدالت میں اقوام متحدہ کی رپورٹس پیش کیں جو روہنگیا مسلمانوں کے قتل، اجتماعی زیادتی اور دیہاتوں کو جلانے کے حوالے سے تیار کی گئی ہیں۔

    گیمبیا نے عدالت انصاف سے درخواست کی تھی کہ روہنگیا مسلمانوں کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا جائے تاکہ صورتحال کو مزید بدتر ہونے سے روکا جاسکے۔

    درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی تھی کہ میانمار کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے مظالم کے ثبوت محفوظ رکھے اور ان تک اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کو رسائی دے۔

    کیس کی سماعت میں میانمار کی سربراہ آنگ سان سوچی پیش ہوئیں تو انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ میانمار میں جنگی جرائم ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے اسے نسل کشی ماننے سے انکار کیا۔

    انہوں نے عدالت میں اس بات پر بھی اصرار کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور فوجی آپریشن ضرور کیا جارہا ہے، تاہم اس کا ہدف رخائن کی ریاست میں موجود مسلح اور جنگجو مسلمان ہیں، نہتے اور غیر مسلح روہنگیوں کو کچھ نہیں کہا جارہا۔

    23 جنوری کو عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی حکومت کو حکم دیا کہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرے، فوج کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکنے کے اقدامات کرے اور اس حوالے سے شواہد کو ضائع ہونے سے بچائے۔

    عالمی عدالت انصاف کے جج عبدالقوی احمد یوسف نے گیمبیا کو مقدمے کی کارروائی کو مزید آگے بڑھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی سنایا۔ مالدیپ نے عالمی عدالت انصاف کے مذکورہ فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

  • 3 ڈی پرنٹ کی گئی مونگے کی چٹانیں

    3 ڈی پرنٹ کی گئی مونگے کی چٹانیں

    جنوبی ایشیائی ملک مالدیپ میں دنیا کی سب سے بڑی 3 ڈی پرنٹ شدہ مونگے کی چٹانوں یعنی کورل ریفس کی سمندر میں اصل چٹانوں کے ساتھ پیوند کاری کیے جانے کے بعد، اب ان کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

    مونگے کی یہ چٹانیں کمپیوٹر پر ڈیزائن کی گئی ہیں جس کے بعد انہیں تھری ڈی پرنٹ کیا گیا اور اس کے لیے چکنی مٹی استعمال کی گئی۔ پرنٹ کرنے کے بعد انہیں گزشتہ برس سمندر میں مونگے کی چٹانوں کے ساتھ منسلک کردیا گیا۔

    دنیا بھر کے سمندروں میں موجود رنگ برنگی مونگے کی یہ چٹانیں بے شمار آبی حیات کا مسکن ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان چٹانوں کے رنگ اور مخصوص ماحول یہاں رہنے والی آبی حیات کے لیے نہایت ضروری ہیں کیونکہ یہی رنگ ان آبی حیات کو رنگ، آکسیجن اور غذا فراہم کرتے ہیں۔

    تاہم اب یہ چٹانیں تیزی سے اپنی رنگت کھو رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان چٹانوں کی رنگت اڑنے کی وجہ سمندروں کی آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافہ یعنی گلوبل وارمنگ ہے۔ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے سمندروں کا پانی بھی گرم ہورہا ہے جس کے باعث یہ چٹانیں بے رنگ ہورہی ہیں۔

    مالدیپ میں تھری ڈی پرنٹ سے تیار کی جانے والی مونگے کی چٹانیں دراصل ان چٹانوں کو بچانے کی ایک کوشش ہے۔ تھری ڈی پرنٹ شدہ یہ ڈھانچہ ان چٹانوں کی افزائش میں مدد کر رہا ہے۔

    اسی طرح مختلف آبی حیات نے بھی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس مصنوعی ڈھانچے کو قبول کرلیا ہے اور اس میں اپنا گھر بنانا شروع کردیا ہے جس کے بعد اس ڈھانچے میں نباتات کی افزائش بھی شروع ہوگئی ہے۔

    ماہرین کی جانب سے کورل ٹرانسپلانٹ کا نام دیے جانے والا یہ عمل نہ صرف سمندر میں ان جگہوں پر کیا جارہا ہے جہاں پہلے سے یہ چٹانیں موجود ہیں بلکہ ان مقامات پر بھی انہیں نصب کیا جارہا ہے جہاں یہ چٹانیں سرے سے موجود ہی نہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعی چٹانیں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے بھی مطابقت کرسکتی ہیں کیونکہ قدرتی چٹانوں کی طرح یہ حساس نہیں ہیں۔ دراصل ان چٹانوں کا مقصد تباہ ہوتی پرانی چٹانوں کو سہارا دے کر انہیں بحال کرنا اور ان کی افزائش کرنا ہے۔

  • خاتون انڈیانا جونز کچرا جزیرے کے سفر پر

    خاتون انڈیانا جونز کچرا جزیرے کے سفر پر

    سنہ 80 کی دہائی کا مشہور فلمی کردار انڈیانا جونز جس کی شخصیت اپنے دور کی بہترین اور مقبول ترین افسانوی شخصیت سمجھی جاتی تھی، دور دراز مقامات اور دنیا سے چھپے مقامات کی کھوج لگاتا تھا۔

    ایسی ہی ایک اور خاتون ایک ایسا ہی پوشیدہ مقام منظر عام پر لانے کے لیے محو سفر ہیں جنہیں خاتون انڈیانا جونز بھی کہا جارہا ہے۔

    ایلیسن ٹیل نامی یہ سیاح وہاں کے سفر پر ہیں جہاں جانے کا کوئی سیاح سوچ بھی نہیں سکتا۔

    ایلیسن سیاحت کے لیے بہترین سمجھے جانے والے ملک مالدیپ کے ’کچرا جزیرے‘ کو سامنے لانا چاہتی ہیں۔

    یہ علاقہ مالدیپ کا ایک ویران علاقہ ہے جو کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ یہاں پر تمام رہائشی علاقوں کا کچرا لا کر پھنکا جاتا ہے اور یہ پورا علاقہ اب کچرے کا علاقہ بن چکا ہے جس کی طرف توجہ کرنا بے حد ضرور ہوگیا ہے۔

    ایلیسن دنیا کو یہی جزیرہ دکھانے نکلی ہیں۔

    بحرہ ہند کے کنارے واقع اس علاقے میں موجود کچرا سمندر میں بھی جارہا ہے چنانچہ اس مقام پر سمندر گندگی اور کچرے گڑھ بن چکا ہے۔

    بڑے بڑے کچرے کے پہاڑ، کچرے سے بھرا پانی اور یہاں موجود آبی حیات کے اندر سے نکلنے والا زہریلا اور گندا کچرا لوگوں کے ہوش اڑا دینے کے لیے کافی ہے۔

    ایلیسن کہتی ہیں کہ جزیروں کی سیاحت پر جانے والے سیاح سرفنگ کرنا اور پانی میں مختلف کھیل کھیلنا پسند کرتے ہیں، لیکن اس مقام پر یہ سب ایک بھیانک خواب معلوم ہوتا ہے۔

  • آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مالدیپ کے سفیر نے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں متعین مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    جی ایچ کیو آمد کے موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    اس موقع پر مالدیپ کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زیر آب ولاز،  رنگ برنگی مچھلیوں کے ساتھ رہنے کے لئے انوکھی رہائش گاہ

    زیر آب ولاز، رنگ برنگی مچھلیوں کے ساتھ رہنے کے لئے انوکھی رہائش گاہ

    مالدیپ : دنیا کے پہلے زیر آب ولاز اور رنگ برنگی مچھلیوں کے ساتھ رہنے کے لئے انوکھا رہائش تیار  کر لی گئی، جو گمشدہ براعظم اٹلانٹس کا نمونہ لگتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالدیپ کے رنگولی آئی لینڈ کے ساحل پر انوکھے ولاز تیار کئے گئے ہیں، یہ ولاز زمین پر نہیں بلکہ زیر آب ہیں، یہ زیرآب رہائشگاہ سمندر کی تہہ میں 16.4 فٹ گہرائی میں واقع ہے۔

    ولاز کی دیواریں شفاف فائبر گلاس سے تیار کی گئی ہیں، ان دیواروں کے ذریعے سمندر کے نیلگوں پانی میں تیرتی ہوئی مچھلیوں کا نظارہ کیا جاسکتا ہے، اس ہوٹل ایک رات کا کرایہ صرف 50ہزار ڈالرز ہے۔

    یہ انوکھے ولاز گمشدہ براعظم اٹلانٹس کا نمونہ لگتے ہیں، ان دو منزلہ ولاز میں گیارہ افراد کے رہنے کی گنجائش موجود ہے، ان کی چھت سطح آب پر جبکہ اس کی دونوں منزلیں زیر آب ہیں۔

    ان انوکھے ولاز میں جدید طرز کے کنگ سائز بیڈرومز ہیں، جن میں ایئر کنڈیشن ، انٹرنیٹ ،ٹی وی اور پرائیوٹ پورچز سمیت ہر وہ سہولت میسر کی گئی ہئے جبکہ مواصلات کے جدید ترین ذرائع بھی موجود ہیں، ان تک آنے جانے لئے لانچ استعمال ہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستان دوسرے ملکوں کےمعاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے‘ وزیراعظم

    پاکستان دوسرے ملکوں کےمعاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات دوستی، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پرمبنی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹرعاصم نے ملاقات کی۔

    وزیراعظم نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات میں فروغ پراطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

    دوسری جانب مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹرعاصم نے اپنے ملک اور عوام کے لیے پاکستان کے جذبات کو سراہا۔

    انہوں نے خطے میں امن واستحکام قائم رکھنے سے متعلق پاکستان کے اقدامات کے لیے مالدیپ کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔


    مالدیپ میں ایمرجنسی نافذ‘ چیف جسٹس گرفتار


    یاد رہے کہ چار روز قبل مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پولیس نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 2 ججز کو حراست میں لے لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔