Tag: Mali

  • مالی میں سونے کی کان میں حادثہ، 48 کان کن ہلاک

    مالی میں سونے کی کان میں حادثہ، 48 کان کن ہلاک

    افریقی ملک مالی میں غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی سونے کی کان منہدم ہونے سے 48 کان کن ہلاک ہو گئے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق افریقی ملک کے مغربی علاقے میں سونے کی کان منہدم ہونے سے 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کچھ متاثرین پانی میں گر گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک کن کنوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے، جبکہ ان میں ایک عورت بھی شامل ہے جس کی پیٹھ پر اپنا بچہ موجود تھا، حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں جنوبی مالی میں سونے کی کان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے تھے، جن میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

    صرف ایک سال قبل اسی علاقے میں سونے کی کان کنی کے مقام پر ایک سرنگ منہدم ہوگئی تھی، جس میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، اور 70 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • مالی : انتہا پسندوں کا گاؤں پر حملہ، 44 افراد قتل

    مالی : انتہا پسندوں کا گاؤں پر حملہ، 44 افراد قتل

    شمالی مالی کے حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ انتہا پسندوں نے کم از کم 44 گاوں والوں کا قتل کردیا جبکہ پڑوسی ملک برکینا فاسو میں بارہ فوجی جوان بھی مارے گئے۔

    ایک فوجی افسر نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بندوق برداروں نے نائجر کی سرحد سے ملحق مالی کے تین گاؤں پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق” دہشت گرد گاؤں میں داخل ہو گئے اور جو ملا اسے قتل کر دیا۔”

    فوجی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا،”کورو میں بیس شہریوں کا قتل عام ہوا، اوٹاگونا میں چودہ شہری ہلاک کیے گئے اور ڈاوٹے گیفٹ میں دیگر شہریوں کو مار ڈالا گیا۔”
    افریقی ملک مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، حکام کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ملک کے شمالی علاقوں میں متعدد ديہاتوں پر منظم حملے کيے۔ ان واقعات میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ادھر مالی کی فوج کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ مالی میں القاعدہ اور داعش سے منسلک کئی مقامی گروپ فعال ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں کون سا دہشت گرد گروہ ملوث ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مشن بھی اس افریقی ملک میں سرگرم ہیں۔

    برکینا فاسو کے فوجیوں پر حملہ

    دریں اثنا پڑوسی ملک برکینا فاسو میں بھی حملے میں بارہ فوجی ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیر مواصلات اوسینی تمبورا نے حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ زمینی فوج اور ریپڈ انٹروینشن فورس گارسی پر بھی حملہ کیا گیا۔

    سمجھا جاتا ہے کہ یہ حملہ شمال مغربی علاقے بوکیول ڈی موہون میں ہوا۔ اس ہلاکت خیز حملے کے خلاف صدر روش مارک کرسٹیان کابورے نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اپنے ملک پر ظالم طاقتوں کے ذریعہ عائد کردہ جنگ کے خلاف ہم مقابلہ کرتے رہیں گے۔

  • مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    بماکو: مغربی افریقی ملک مالی کے قائم مقام صدر پر مسجد میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔

    افریقی میڈیا کے مطابق مالی کے قائم مقام صدر کرنل اسیمی گوئتا پر 2 افراد نے چاقو سے حملے کی کوشش کی، تاہم وہ محفوظ رہے، اور ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

    مالی کے حکام کا کہنا تھا کہ حملہ منگل کی صبح کو بماکو کی جامع مسجد میں عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ہوا، نماز عید ادا ہو گئی تھی، جس کے بعد امام بھیڑ کی قربانی کے لیے دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے، جب اچانک دو افراد نے کرنل اسیمی پر حملہ کر دیا۔

    اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام صدر کو فوری طور پر وہاں سے ہٹا دیا گیا، اور انھیں کوئی زخم نہیں آیا تھا، صدر کی سیکیورٹی سروس سے جب میڈیا نے سوال کیا کہ کیا یہ قاتلانہ حملہ تھا، تو انھوں نے جواب دیا جی بالکل، قاتلانہ حملہ تھا۔

    سیکیورٹی اہل کاروں کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے چاقو سے مسجد میں گوئتا پر حملہ کیا تھا، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

    مسجد میں موقع پر موجود وزیر مذہبی امور ممادو کونے نے اے ایف پی کو بتایا کہ نماز کے فوراً بعد ایک شخص نے صدر پر حملہ کیا، اس کے ہاتھ میں چاقو تھا، لیکن اس سے قبل کہ وہ نقصان پہنچاتا، اسے قابو کر لیا گیا۔

    مسجد کے منتظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نماز اور خطبے کے بعد امام صاحب عموماً باہر جا کر بھیڑ کی قربانی کرتے ہیں، بس اسی وقت ایک نوجوان نے کرنل اسیمی پر پیچھے سے حملہ کر دیا، لیکن اس حملے میں ایک دوسرا شخص زخمی ہوا۔

  • مالی میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر حملہ، تین فوجی ہلاک

    مالی میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر حملہ، تین فوجی ہلاک

    بماکو : مالی میں اقوام متحدہ کے تین امن فوجی اہلکاروں کا گشت کے دوران قتل کر دیا گیا، یو این سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی میں اقوام متحدہ کے ملٹی ڈائمینشنل انٹیگریڈ اسٹیبلائزیشن مشن ( ایم آئی این یو ایس ایم اے) کے تین امن فوجی اہلکاروں کا گشت کے دوران امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس سے قتل کر دیا گیا۔مشن کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں چار دیگر امن فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    ایم آئی این یو ایس ایم اے کے سربراہ محمد صالح انادیف نے اس حملے کی سخت الفاظ مین مذمت کی اور اسے بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔

    انادیف نے کہا کہ ہم اس حملے کو انجام دینے والے دہشت گردوں کی شناخت کرنے کی پوری کوشش کریں گے اور انہیں اس حرکت کے لئے سزا دیں گے۔

    واضح رہے کہ مالی میں سیاسی عمل کی حمایت کرنے کے لئے 2013 میں ایم آئی این یو ایس ایم اے کو تعینات کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے مالی میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اقوام متحدہ کے جاری بیان کے مطابق گوٹریس نے کہا ہے کہ امن فوجیوں پر حملہ کرنے والے لوگ بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی مجرم ہیں، انہوں نے مالی انتظامیہ سے بات کی اور حملہ آوروں کی اب تک شناخت نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

  • مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    بماکو: خود کو روایتی شکاری کہلوانے والے مسلح افراد کے ایک گروہ نے مغربی افریقی ملک مالی کے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 134 افراد کو تہہ تیغ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وسطی مالی کے گاؤں پر ڈوگن ہنٹرز نے حملہ کر کے 134 فولانی چرواہوں کو قتل کر دیا، کہا جا رہا ہے کہ مسلم نسلی گروپ فولانی اور ڈوگن قبائل میں برسوں سے نسلی فسادات ہوتے آ رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے نمائندے فرحان حق کا کہنا ہے کہ گاؤں اوگوساگو میں حاملہ خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے ہفتے کے دن صبح کے وقت حملے سے قبل گاؤں کا محاصرہ کیا، شکاریوں نے گاؤں میں فولانی نسلی کمیونٹی کو نشانہ بنایا جن پر الزام لگایا گیا کہ ان کے جہادیوں سے تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کو آتشیں ہتھیار اور ماچس سے نشانہ بنایا گیا، گاؤں کے تمام جھونپڑے بھی جلائے گئے۔

    قریبی گاؤں کے میئر نے واقعے کو قتل عام کا واقعہ قرار دیا، دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈوگن اور نیم خانہ بدوش فولانی چرواہوں کے مابین تصادم پانی اور زمین پر بھی ہو سکتا ہے۔

    تاہم ڈوگن قبیلے کا الزام ہے کہ فولانیوں کا جہادی گروپس کے ساتھ تعلق ہے، جب کہ فولانیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی کی فوج نے شکاریوں کو حملے کے لیے اسلحہ فراہم کیا۔

  • فرانسیسی حکومت نے مسلم اسپائیڈرمین کو شہریت دے دی

    فرانسیسی حکومت نے مسلم اسپائیڈرمین کو شہریت دے دی

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت نے چوتھی منزل سے لٹکے ہوئے کمسن بچے کی جان بچانے والے افریقی تارک وطن کو حکومت نے فرانس کی شہریت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل فرانسیسی حکومت نے دارالحکومت پیرس میں تارک وطن نوجوان کو بہادری کا مظاہرہ کرکے عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکنے والے کمسن بچے کی جان بچانے پر فرانس کی شہریت دے دی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر فرانس میں داخل ہونے والے مامودو قساما نامی افریقی شہری کو بہادری سے بچے کی جان بچانے پر عالمی سطح پر خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

    فرانس کے صدر ایمینیئول مکرون نے جاں فشانی کا مظاہرہ کرنے والے مسلم اسپائیڈرمین سے ذاتی طور پر صدارتی محل میں ملاقات کرکے شکریہ ادا اور فائر سروس میں خدمات انجام دینے کی پیش کش بھی کی تھی۔

    فرانسیسی حکام کی جانب سے جمعرات کے روز مامودو قساما کو فرانس کی شہریت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عظیم الشان بہادری ہمارے عوام کو آپس میں متحد ہونے میں معاونت فراہم کرتی ہے، ایسی بہادری ہمت، ایثار اور انسان دوستی کی واضح مثال ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مامودو قساما کو ابتدائی طور پر صرف فرانس کی شہریت دی گئی ہے جبکہ مالی سے تعلق رکھنے والا مسلم اسپائیڈر مین پیرس فائر سروس میں انٹرن شپ کے معاہدے پر دستخط کرچکا ہیں۔

    فرانسیسی صدر نے چند روز قبل الیزے پیلس میں مامو دو قساما سے ملاقات کی تھی اور اسے بہادری کے امتیازی مظاہرے کے سبب ایک سرٹیفکیٹ اور سونے کا تمغہ پیش کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گذشتہ برس بحیرہ روم کے ذرئعے فرانس پہنچا تھا اور دارالحکومت میں کنسٹرکشن کمپنی میں ملازمت کی تلاش میں تھا۔

    خیال رہے کہ عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکنے والے بچے کی جان بچانے کے بعد لوگوں کی جانب سے تارک وطن کو اس بہادری پر مسلم اسپائیڈر مین کا خطاب دیا گیا تھا۔

  • مالی میں اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر تباہ‘ 2 فوجی ہلاک

    مالی میں اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر تباہ‘ 2 فوجی ہلاک

    بماکو: افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دوجرمن فوجی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل جرمن ہیلی کاپٹر ٹائیگر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 2 جرمن فوجی جان کی بازی ہارگئے۔

    جرمن فوجی حکام کا کہنا ہےکہ قوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ان کا ایک ہیلی کاپٹر مالی کے شمالی صحرا میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو جرمن فوجی ہلاک ہوگئے۔

    جرمن فوجی حکام کےمطابق افسوس ناک حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا جس میں تخریب کاری کا کوئی عنصر شامل نہیں۔

    یاد رہے کہ 2012 میں القاعدہ نے مالی کی فوج کو شکست دے کر ملک کےبڑے علاقے پر قبضہ کرکے شریعت نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہےکہ 2013 میں فرانسیسی افواج نے مالی میں فوجی مداخلت کرتے ہوئے القاعدہ کو شکست دے کرعلاقے پر واپس قبضہ کیا تھاجس کےبعد اقوام متحدہ نے مالی میں حکومت کی مدد کے لیے امن فوج بھیجی تھی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔