Tag: Malir river

  • ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند، ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد بہہ گئے

    ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند، ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد بہہ گئے

    کراچی: ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد ندی پار کرتے ہوئے تیز ریلے میں بہہ گئے تاہم جھاڑیوں میں پھنسنے کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کازوے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا ہے۔

    بلوچ پل سے گودام چورنگی جانے اور آنے والی سڑک بند کر دی گئی ہے، کورنگی کازوے پر ٹریفک پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو گودام چورنگی سے جام صادق برج کی طرف اور بلوچ پل سے ایکسپریس وے قیوم آباد کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

    ادھر ایک افسوسناک واقعہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب کورنگی کازوے ندی کراس کرتے ہوئے 2 افراد پانی کے بہاؤ میں بہہ گئے، دونوں افراد محمود آباد سے کورنگی کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے، پانی کے پریشر سے بہہ جانے والے دونوں افراد جھاڑیوں کے درمیان پھنس گئے تھے جہاں سے وہ اپنی مدد آپ کے تحت پانی سے باہر آنے میں کامیاب ہو گئے۔

    عظیم پورہ ملیر ایکسپریس وے کے قریب برساتی نالے کا پانی کالونی میں داخل ہو گیا ہے، پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ پھنس گئے ہیں، اور آمد و رفت معطل ہو گئی، ریسکیو 1122 کا کالونی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیم نے 45 منٹ کے سرچ آپریشن میں 3 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

  • ملیر ندی میں کار ڈوبنے کا حادثہ، لاپتا خاتون کی لاش بھی مل گئی

    ملیر ندی میں کار ڈوبنے کا حادثہ، لاپتا خاتون کی لاش بھی مل گئی

    کراچی: ملیر ندی میں کار ڈوبنے کے حادثے میں لاپتا خاتون کی لاش بھی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند دن قبل شدید بارش کے بعد ملیر ندی کے سیلابی پانی میں کار ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں 7 افراد سوار تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کئی دن کے ریسکیو آپریشن کے بعد حادثے میں لاپتہ خاتون کی لاش بھی مل گئی ہے، جس کے بعد اب تک نکالی گئی لاشیں 6 ہو گئی ہیں۔

    مزید تفصیلات: ملیر ندی میں بہنے والا بد قسمت خاندان

    کار حادثے میں ڈوبنے والی خاتون کی لاش مکمل طور پر گل چکی ہے، خاتون کے بال ایک جگہ اور لاش دوسری جگہ سے ملی ہے، لاش کو بوٹ کے ذریعے کنارے پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، 7 افراد لا پتا

    کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، 7 افراد لا پتا

    کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، لیکن اس میں سوار 7 افراد لا پتا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں لنک روڈ پر ندی میں ڈوبنے والی سفید رنگ کی کار ریسکیو نے تلاش کر لی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں کسی شخص کی لاش موجود نہیں تھی۔

    ریسکیو اداروں کے مطابق کار میں میاں بیوی اور ان کے 4 بچوں سمیت ڈرائیور بھی سوار تھا، کار سوار افراد کی لاشیں پانی کے بہاؤ سے آگے بہہ گئی ہوں گی، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈوبنے والوں کا تعلق کراچی سے تھا، گزشتہ رات یہ خاندان کہیں جا رہا تھا کہ بپھری ہوئی ملیر ندی کے بہاؤ کی زد میں آ گئے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، رات کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے پہنچ کر تلاش کا کام شروع کر دیا تھا، اس بات کا بھی علم نہیں ہو سکا ہے کہ سوار افراد خود ہی گاڑی سے نکل کر محفوظ مقام پر چلے گئے ہوں۔

    واقعے کو تقریباً 12 گھنٹے ہو چکے ہیں، آدھی رات کو اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تھا، صبح ہوتے ہی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا، اور اس دوران گاڑی تو مل گئی لیکن اندر کوئی موجود نہیں تھا۔

    ادھر کراچی میں جاری حالیہ بارشوں کے باعث کورنگی کاز وے اور کراسنگ روڈ پر سیلابی صورت حال ہے، ایک بڑا ریلا روڈ پر گزر رہا ہے، جس سے قریبی آبادی مہران ٹاؤن میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔

    ٹریفک پولیس نے کورنگی کازوے اور کراسنگ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں، جب کہ مہران ٹاؤن میں حفاظتی اقدامات کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔