Tag: man

  • باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا

    سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں غربت سے مجبور ماں  باپ نے ایک دن کے بچے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کردیا، والدہ نے کہا کہ نجی اسپتال انتظامیہ نے بل کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

    متاثرہ والدہ نے کہا کہ میرے شوہر نے ادھار پیسے لیے اور اسپتال کا بل ادا کیا، شوہر نے جس سے ادھار رقم لی بچے کو اسکے حوالے کردیا۔

    نجی اسپتال کے ڈائریکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رقم دے کر نومولود بچہ کو لینے والےکی تلاش جاری ہے اس واقعے کے بعداسپتال انتظامیہ نے خاتون کا علاج مفت کردیا ہے، اب تک جتنی بھی ادائیگی ہوئی وہ متاثرہ خاتون کو واپس کی جائیگی۔

  • ویڈیو: ملازم کی نوکری چھوڑنے کے بعد آفس کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص

    ویڈیو: ملازم کی نوکری چھوڑنے کے بعد آفس کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص

    نوکری چھوڑنا ہمارے کریئر کا ایک بڑا اور اہم فیصلہ ہوتا ہے، کئی مرتبہ دفتر سے پریشان ہوکر، تنخواہ کم ہونے پر یا پھر ساتھیوں کے ساتھ تال میل ٹھیک نہ ہونے پر نوکری چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں بھارتی شخص نے آفس کے معاملات سے تنگ آکر نوکری چھوڑ دی اور آخری دن اپنے آفس کے باہر نوکری چھوڑنے کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو بھارت کے شہر پونے کی ہے جہاں سیلز ایسوسی ایٹ کے طور پر ایک کمپنی کے ملازم انیکیت نامی شخص نے آفس کے معاملات سے تنگ آکر نوکری چھوڑ دی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Anish Bhagat (@anishbhagatt)

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوکری چھوڑنے کے بعد انیکیت اور اس کے دوستوں نے موسیقاروں اور ڈھول والوں کو آفس بلا لیا اور اپنے منیجر کے باہر آنے کا انتظار کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منیجر کے باہر آنے پر انکیت نے منیجر سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ سوری سر بائے بائے، جس کے بعد اس نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، اس دوران منیجر انیکیت کو دیکھتا رہا اور طیعش میں آگیا۔

    انکیت کے دوست انیش بھگت کی شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا کہ انکیت کے باس نے انہیں تین سالوں کی ملازمت میں کبھی نہیں سراہا، اس کی تنخواہ میں اضافہ مونگ پھلی جتنا تھا۔

    انکیت کے دوست انیش بھگت نے بتایا کہ انکیت کا تعلق متوسط طبقے سے ہے اور وہ کمپنی میں پھنسا ہوا تھا، بھگت نے انکشاف کیا کہ انیکت اب فٹنس ٹرینر بننے کے اپنے شوق کو پورا کرے گا جس کے لیے تمام دوستوں نے اسے جم شوز تحفے میں دیے۔

  • مٹن پر جھگڑا: دوست نے دوست کی جان لے لی

    مٹن پر جھگڑا: دوست نے دوست کی جان لے لی

    بھارت کے شہر حیدر آباد میں مٹن کھانے پر دو دوستوں کے درمیان جھگڑا ہوا، اس دوران ایک دوست کی جان چلی گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے شہر حیدر آباد میں سکندر آباد کے تکارام گیٹ پی ایس علاقے میں پیش آیا، جہاں نشے میں دھت دو دوستوں کے درمیان جھگڑے میں ایک شخص کا بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق چاری اور اجے نامی دوست کے درمیان مٹن کھانے پر جھگڑا ہوا،  چونکہ وہ دونوں پہلے ہی نشے میں تھے اس لیے لڑائی مار پٹائی میں بدل گئی۔

    اس جھگڑے کے دوران اجے نے چاری پر چاقو سے حملہ کیا جس کے بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ دیا، حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • فضا علی کو نئی زندگی کیسے ملی؟ خوفناک واقعہ بتا دیا

    فضا علی کو نئی زندگی کیسے ملی؟ خوفناک واقعہ بتا دیا

    کراچی : پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ اور ماڈل فضاء علی دریا میں ڈوبنے سے بال بال بچ گئیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اپنی روداد سناتے ہوئے فضا علی نے بتایا کہ ہم ایک شوٹنگ کے سلسلے میں منگلا ڈیم گئے تھے، جہاں سے ہمیں شام سے پہلے واپس نکلنا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وہاں نکلتے نکلتے ہمیں 6 بج گئے، ہمیں موسم کی صورتحال کا علم نہیں تھا کہ صورتحال اتنی خراب ہوجائےگی، بیچ دریا میں پہچتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوگئی اور اس پر ستم یہ کہ پڑوسی ملک نے بھی پانی چھوڑ دیا جس سے منگلاڈیم کا پانی اوور فلو ہوگیا۔

    فضاء علی کا کہنا تھا کہ وہ منظر ہم سب کیلئے انتہائی خطرناک تھا یقین نہیں آرہا تھا کہ ہم دریا کے کنارے پہنچ بھی پائیں گے یا نہیں، کیونکہ موت ہمارے سر پر کھڑی تھی، ہماری کشتی کسی وقت بھی ڈوب سکتی تھی اس میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد موجود تھے جس میں میری اپنی بیٹی بھی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سب تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک اسی طوفان میں پھنسے رہے ساری دعائیں مانگ لی اور کلمے بھی پڑھ لیے تھے، بس اللہ کی رحمت سے زندہ واپس آگئے۔

  • سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں معدوم ہوجانے والے نایاب نسل کے 43 جانور رکھنے والے شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں خصوصی ماحولیاتی فورس نے ریاض ریجن میں ایک مقامی شہری کو پرمٹ کے بغیر 43 جانور رکھنے پر حراست میں لیا ہے۔

    اسپیشل فورس نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ایسے جانوروں کو نجی ملکیت میں رکھنا جن کی نسل معدوم ہو رہی ہو قابل سزا جرم ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس پر 30 ملین ریال تک کا جرمانہ اور 10 سال تک کی قید ہے، دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق سعودی شہری ریاض ریجن میں ایسے 43 جانور اور درندے اپنے یہاں رکھے ہوئے تھا جن کی نسل معدوم ہورہی ہے، اس نے پرمٹ بھی نہیں حاصل کیا تھا جبکہ جانوروں کی نمائش بھی کی جارہی تھی۔

  • بھانجی کی شادی میں شریک ماموں رقص کرتے ہوئے گر کر ہلاک

    بھانجی کی شادی میں شریک ماموں رقص کرتے ہوئے گر کر ہلاک

    بھارت میں ایک درمیانی عمر کا شخص بھانجی کی شادی میں شرکت کے دوران رقص کرتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آیا، مذکورہ شخص کی شناخت دلیپ کے نام سے ہوئی ہے۔

    واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنی بھانجی کی شادی میں شریک ہے، اور دلہا اور دلہن کے ساتھ اسٹیج پر رقص کر رہا ہے۔

    پس منظر میں نہایت بلند آواز میں گانے چل رہے ہیں۔

    ڈانس کرتے ہوئے اچانک وہ شخص رکتا ہے اور بے چینی محسوس کرتے ہوئے نیچے بیٹھتا ہے، اس کے بعد اچانک وہ نیچے گرتا ہے اور بے حس و حرکت ہوجاتا ہے۔

    اہلخانہ کے مطابق اسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے ہارٹ اٹیک سے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے رقص یا سخت ورزش کے دوران دل کی حرکت رک جانے اور موت واقع ہوجانے کے واقعات خاصے بڑھ گئے ہیں اور طبی ماہرین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • دولہے نے شادی کے 2 روز بعد دلہن کو ذبح کردیا

    دولہے نے شادی کے 2 روز بعد دلہن کو ذبح کردیا

    قاہرہ: مصر میں ایک شخص نے اپنی شادی کے دو روز بعد ہی دلہن کو بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں سنگ دل شخص نے شادی کے 48 گھنٹے کے اندر دلہن کو ذبح کر دیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر 4 روزہ تحقیقاتی ریمانڈ حاصل کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کے ازدواجی تعلق سے انکار پر دولہا نے طیش میں آکر اسے قتل کر دیا، مقتولہ کے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 18 سال تھی اور شادی اس کی مرضی سے ہوئی تھی۔ تاہم پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ شادی کے دوسرے روز ہی انہوں نے گھر سے لڑائی جھگڑے کی آوازیں سنیں۔

    مقتولہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دولہا اچھی عادات کا حامل تھا اور بظاہر انہوں نے اس میں کوئی خرابی نہیں پائی۔

  • چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    عمان: اردن میں ایک شہری نے 3 بار چالان کیے جانے پر مشتعل ہو کر گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکا دے دیا اور گاڑی تباہ کردی۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق اردن میں ایک شہری نے مہم جوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی کو پہاڑی کی چوٹی سے گرا کر اس کی ویڈیو بنائی اور اسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    اردنی شہری شادی المداحہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا کیونکہ اسے جنوبی اردن کی الکراک گورنری میں 3 مقامات پرٹریفک خلاف ورزی پر چالان ہوا، اس لیے اس کے پاس اپنی گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکیلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

    اس نے گاڑی کا چالان بھرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی ہی کو تباہ کردیا۔

    مشتعل شہری جعفر المداحدہ نے فیس بک پر لائیو ویڈیو میں اس کی وضاحت کی کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔

    اس نے وضاحت کی کہ وہ کل صبح بیدار ہوا اور ایک کلو لیموں خریدنے گیا، جہاں ایک ٹریفک سارجنٹ نے اسے روکا اور اس کا چالان کیا۔

    اس نے کہا کہ خلاف ورزی ایک شق سے ہونی چاہیئے تھی، بحث بڑھ کر 3 شقوں کی خلاف ورزی بن گئی، جس سے اس شخص نے انکار کر دیا۔ اس کے اس رویے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    دوسری طرف اردنی پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرتاوی نے گاڑی کی ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات بتائی۔

    انہوں نے تصدیق کی کہ گاڑی کے ڈرائیور نے اسے اس طرح روکا جس سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی، ٹریفک سارجنٹ کی جانب سے ایک سے زائد بار پوچھے جانے کے باوجود اس نے تعاون سے انکار کیا۔

  • ملازم 2 دن تک دفتر میں سوتا رہ گیا، دلچسپ ویڈیو

    ملازم 2 دن تک دفتر میں سوتا رہ گیا، دلچسپ ویڈیو

    یکم اپریل یعنی اپریل فول کے دن دنیا بھر میں لوگ آپس میں ایک دوسرے سے مذاق کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے ہی ایک پرینک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو ایک دفتر کی ہے جس میں ایک ملازم کانوں پر ہیڈ فون لگا کر اونگھ گیا ہے اور ڈیسک پر سر رکھے رکھے سو گیا۔

    دوسرے ملازم نے اسے سوتے دیکھا تو سب کو وہاں سے اٹھ کر چھپنے کا کہا اور تمام افراد ایک کونے میں چھپ جاتے ہیں۔

    تھوڑی دیر بعد وہ شخص نیند سے جاگتا ہے تو دفتر کو خالی دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے، وہ اپنا سر کھجاتا ہوا ناسمجھی کے انداز میں ادھر ادھر دیکھتا ہے اور پھر وہاں سے باہر جاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ ایک ساتھی کو فون کرتا ہے کہ تم سب کہاں ہو، ساتھی سرگوشی میں اسے کہتا ہے کہ میں ابھی فلم دیکھ رہا ہوں کیونکہ آج اتوار کا روز ہے، اور میں سینما میں زیادہ اونچی آواز میں بات نہیں کرسکتا۔

    جس پر وہ شخص حیران ہو کر پوچھتا ہے کہ کیا میں دفتر میں 2 روز سے سو رہا ہوں؟

    تھوڑی دیر بعد وہ کمرے سے باہر نکلتا ہے تو چھپے ہوئے ساتھی اپنی اپنی نشستوں پر واپس آ کر بیٹھ جاتے ہیں اور ایسے کام کرنے لگتے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

    سونے والا ملازم کمرے میں واپس آتا ہے تو سب کو دیکھ کر ایک بار پھر حیران رہ جاتا ہے۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کو ہزاروں بار دیکھا گیا، ایک شخص نے کمنٹ کیا کہ یہ مکمل طور پر طے شدہ لگتا ہے کیونکہ اس شخص کو سب سے پہلے اپنے فون میں وقت اور تاریخ دیکھنی چاہیئے تھی اور ہر شخص یہی کرتا ہے۔

  • بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    والدین اپنی اولاد کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر حد سے گزر سکتے ہیں، اور ایسا ہی قدم ایک باپ نے بھی اٹھایا جس میں اس نے اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے کروڑوں کا نقصان کردیا۔

    اسپین میں ایک شخص نے اپنے نشے میں دھت بیٹے کو کار چلانے سے روکنے اور اسے کسی ممکنہ حادثے سے بچانے کے لیے کدال سے اس کی لگژری گاڑی کو سخت نقصان پہنچایا۔

    لوگرونو کے 60 سالہ شخص نے پہلے تو شراب کے نشے میں دھت بیٹے کو ڈرائیونگ سے باز رکھنے کے لیے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے لوہے کی کدال سے بیٹے کی چمچاتی قیمتی بی ایم ڈبلیو کار کے نہ صرف شیشے توڑ ڈالے بلکہ کار کے پہیوں کی ہوا نکالنے کے بعد کار کی باڈی پر بھی کدال چلائے۔

    گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ جب یہ معمر شخص یہ حرکت کر رہا تھا تو مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص عوامی سڑک پر کھڑی گاڑی کو کدال مار کر نقصان پہنچا رہا ہے۔

    پولیس اسکواڈ وہاں پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ ایک سفید وین انہیں دیکھ کر وہاں سے تیزی سے نکلی ہے، تاہم پولیس نے اسے روک لیا اور دیکھا کہ اس کے اندر ایک معمر شخص ایک نشے میں مست نوجوان کے ساتھ بیٹھا ہے۔

    پولیس نے دونوں سے سوالات کیے تو معلوم ہوا کہ یہ دونوں باپ بیٹے ہیں اور معمر شخص نے اپنے 32 سالہ بیٹے کی گاڑی کو نقصان پہنچایا ہے۔

    معمر شخص نے پولیس کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا، پولیس نے بعدازاں اس واقعے کو سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا جس پر یہ وائرل ہوگئی۔