Tag: man

  • دیوالی ڈسکاؤنٹ پر آن لائن لیپ ٹاپ خریدنے والا لٹ گیا

    دیوالی ڈسکاؤنٹ پر آن لائن لیپ ٹاپ خریدنے والا لٹ گیا

    بھارت میں ایک شخص کو آن لائن لیپ ٹاپ منگوانا مہنگا پڑ گیا جب ڈبے میں سے لیپ ٹاپ کی جگہ پتھر اور کچرا نکل آیا، دیوالی کے موقع پر دی جانے والی ڈسکاؤنٹ میں درجنوں شہریوں کے ساتھ ایسے ہی واقعات پیش آئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر منگلور میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے آن لائن اسٹور کمپنی فلپ کارٹ سے لیپ ٹاپ منگوایا۔

    بھارت میں دیوالی کے موقع پر مختلف آؤٹ لیٹس نے بڑی رعایت کا اعلان کیا تھا اور اسی کا فائدہ اٹھا کر اس شخص نے لیپ ٹاپ خریدا تھا۔

    تاہم جب ڈیلیوری گھر پہنچی تو ڈبہ کھولنے کے بعد اس شخص پر حیرت اور صدمے کا پہاڑ ٹوٹ پڑا کیونکہ ڈبے میں لیپ ٹاپ کی جگہ ایک بڑا سا پتھر اور کچھ ناکارہ ای کچرا پڑا ہوا تھا۔

    مذکورہ شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیا اور مختلف صحافیوں، نیوز چینلز اور فلپ کارٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے موصول ہونے والے سامان کی تصاویر پوسٹ کردیں۔

    مذکورہ شخص کے ٹویٹس فوراً ہی وائرل ہوگئے اور لوگوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔

    خوش قسمتی سے جلد ہی فلپ کارٹ نے ان ٹویٹس کا جواب دیا اور مذکورہ شخص سے رابطہ کر کے اسے اس کی رقم واپس بھجوائی جس کے بعد اس کی جان میں جان آئی۔

    آن لائن شاپنگ میں اس طرح دھوکا دہی کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، ایک بار ریاست کرناٹک کے ہی ایک رہائشی کو ڈرون کیمرہ آرڈر کرنے پر آلوؤں سے بھرا ہوا بیگ موصول ہوگیا تھا۔

  • بھارت میں رقص کے دوران نوجوان شخص کی پراسرار موت

    بھارت میں رقص کے دوران نوجوان شخص کی پراسرار موت

    بھارت میں نوجوان افراد کی اچانک پے در پے اموات نے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی، ایک 35 سالہ شخص رقص کرتے ہوئے اچانک گر کر جاں بحق ہوگیا، صدمے سے والد بھی چل بسے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ریاست مہاراشٹر میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، ایک خاندانی تقریب میں گربا رقص کے دوران 35 سالہ شخص رقص کرتے کرتے اچانک گرا اور دم توڑ گیا۔

    تقریب میں بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص بالکل صحیح سلامت رقص کر رہا ہے، اچانک وہ لڑکھڑا کر گرتا ہے جس پر تمام افراد اس کی طرف بھاگتے ہیں۔

    مذکورہ شخص کو فوری طور پر اسپتال لے جایا جاتا ہے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ہارٹ اٹیک کو موت کی وجہ قرار دیا۔

    بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی والد پر غم کا پہاڑ گر پڑا، بے یقینی اور صدمے کی حالت میں وہ خود بھی گرے اور صدمے سے دم توڑ گئے۔

    دونوں لاشوں کو اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

    اس سے قبل ریاست گجرات میں بھی ایک 21 سالہ نوجوان گربا رقص کرتے ہوئے دم توڑ گیا تھا، جبکہ بریلی میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آچکا ہے جس میں درمیانی عمر کا ایک شخص رقص کے دوران گر کر ہلاک ہوگیا۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان افراد کی اچانک اموات کی ممکنہ وجہ رقص کے دوران شدید جسمانی حرکت ہوسکتی ہیں۔

  • پالتو کینگرو نے مالک پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    پالتو کینگرو نے مالک پر حملہ کر کے اسے مار ڈالا

    پالتو جانور یوں تو بہت اچھے ساتھی ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات وہ اپنے مالک پر حملہ آور بھی ہوجاتے ہیں اور کوئی افسوس ناک حادثہ پیش آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ایک 77سالہ بزرگ شہری اپنے ہی پالتو کینگرو کے حملے سے ہلاک ہوگیا۔

    بزرگ شخص کو ایک رشتے دار نے شدید زخمی حالت میں دیکھا تو پیرا میڈیکس کو اطلاع کی گئی، کینگرو طبی عملے کو زخمی شہری کے پاس نہیں آنے دے رہا تھا جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کینگرو کو گولی مار کر ختم کرنا پڑا کیونکہ وہ طبی عملے پر حملہ آور ہوسکتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص نے جنگلی کینگرو کو گھر میں پال رکھا تھا۔

  • مگر مچھ نے تیراکی کرتے شخص کا سر جبڑے میں دبا لیا، پھر کیا ہوا؟

    مگر مچھ نے تیراکی کرتے شخص کا سر جبڑے میں دبا لیا، پھر کیا ہوا؟

    امریکا میں ایک خوش قسمت شخص مگر مچھ کے حملے اور اپنے سر چبائے جانے کے بعد بھی زندہ بچ گیا، ڈاکٹرز نے اس کی زندگی کو معجزہ قرار دیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص فلوریڈا کی ایک جھیل میں سیر و تفریح کے لیے گیا تھا اور وہاں ڈرون کے ذریعے ایک ویڈیو بھی بنا رہا تھا۔

    خوفناک واقعے کو ڈرون کیمرے نے ریکارڈ کرلیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مگر مچھ سیدھا اس شخص کی طرف بڑھا اور اس کا سر اپنے ہولناک جبڑے میں دبا لیا۔

    تاہم اسی وقت اس شخص نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے پھرتی دکھائی اور مگر مچھ کا جبڑا بند ہونے سے پہلے ہی دونوں ہاتھوں سے روک لیا۔

    اس حرکت نے مگر مچھ کو بھی پریشان کردیا، بالآخر وہ شخص کوشش کر کے مگر مچھ سے دور ہوا اور کنارے پر چڑھ آیا۔

    وہاں ایک راہ گیر نے اسے دیکھا اور ایمرجنسی سروس کو کال کی جنہوں نے وہاں پہنچ کر اسے اسپتال پہنچایا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق اس شخص کی کھوپڑی اور جبڑے کو نقصان پہنچا تھا جس کی سرجری کی گئی، اور صحت یابی کے بعد اس شخص کو گھر بھیج دیا گیا۔

  • بغیر دیکھے بیک وقت دونوں ہاتھوں سے مصوری کرنے والا فنکار

    بغیر دیکھے بیک وقت دونوں ہاتھوں سے مصوری کرنے والا فنکار

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک شخص نے بغیر دیکھے دونوں ہاتھوں سے ڈرائنگ کر کے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    46 سیکنڈز کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بلیک بورڈ کے سامنے بیٹھا ہے اور اس کی پشت بلیک بورڈ کی طرف ہے۔

    اس کے بعد وہ دونوں ہاتھوں میں چاک لے پیچھے مڑے بغیر ڈرائنگ کرنا شروع کردیتا ہے، دونوں ہاتوں سے وہ الگ الگ تصاویر بناتا ہے۔

    مذکورہ شخص پوری ڈرائنگ بغیر دیکھے بناتا ہے اور اس کے لیے بیک وقت دونوں ہاتھوں کا استعمال کرتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین اس شخص کی مہارت اور صلاحیت دیکھ کر حیران رہ گئے۔

  • پیک مین گیم کے تمام راؤنڈز مکمل کرنے والا شخص

    پیک مین گیم کے تمام راؤنڈز مکمل کرنے والا شخص

    سنہ 1980 کا میز ایکشن ویڈیو گیم پیک مین ہر اگلے مرحلے میں مشکل ہوتا جاتا ہے، لیکن ایک امریکی شخص نے اس کے تمام راؤنڈز عبور کرلیے اور وہ ایسا کرنے والا گیارہواں شخص بن گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پیک مین، ویڈیو گیم کی دنیا کا مقبول ترین گیم بھی ہے لیکن اس کا خاص سافٹ ویئر کچھ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ گیم ہر اگلے مرحلے پر مشکل سے مشکل تر ہوتا چلاجاتا ہے۔

    اب تک دس افراد ہی اس پر موزوں ترین اسکور کر کے سارے راؤنڈ عبور کر چکے تھے لیکن اب ایک اور امریکی نے یہ اعزاز حاصل کر کے اس فہرست میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔

    امریکی ریاست پینسلوانیا کے جیک گولڈ برگ نے کلاسیکل آرکیڈ گیم پر اپنی مہارت کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔

    اس میں انہوں ںے 4 گھنٹے اور گیارہ منٹ میں تمام 256 راؤنڈ مکمل کیے ہیں اور 33 لاکھ 33 ہزار 360 اسکور بنایا ہے جو اس گیم پر سب سے زیادہ ممکن اسکور کا ایک ریکارڈ بھی ہے۔

    ویڈیو گیم کے آرکیڈ ورژن پر ریکارڈ رکھنے والی ایک کمپنی ٹوئن گیکسیز نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔

    کمپنی نے جیک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے گیارہویں شخص ہیں جنہوں نے سنہ 1980 کے مشہور آرکیڈ گیم میں آخری حد تک جا کر سب سے زیادہ اسکور کیا ہے اور اس کے سینکڑوں درجے پار کیے ہیں۔

    جیک گولڈ برگ نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت پرامید ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ مشہور آرکیڈ گیم گیلگا میں آخری حد تک جا کر ایک اور ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں اور یہ اعزاز دنیا میں اب تک صرف 16 گیمرز کو ہی حاصل ہوسکا ہے۔

  • ہولی کی خوشی میں رقص کرتے نوجوان نے خود کو خنجر سے مار ڈالا

    ہولی کی خوشی میں رقص کرتے نوجوان نے خود کو خنجر سے مار ڈالا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے رقص کرتے کرتے خود کو خنجر مار کر شدید زخمی کرلیا، بعد ازاں اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اندور میں پیش آیا جب ایک نوجوان نے ہولی کے تہوار کی خوشی میں ڈانس کرتے ہوئے اپنے ہی سینے میں خنجر مار کر خود کو ہلاک کرلیا۔

    38 سالہ نوجوان گوپال سولنکی نے اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے غلطی سے خود کو زخمی کر لیا۔

    پولیس کے مطابق نوجوان نشے کی حالت میں تھا، ڈانس کرتے ہوئے خنجر اس کے ہاتھ میں تھا اور ایک اسٹنٹ کرنے کی کوشش میں اس نے خنجر خود کو مارا۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں یہ سارا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں ایک گانے کی دھن پر گوپال کو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ایک موقع پر وہ اپنے ہی سینے پر خنجر سے چار مرتبہ وار کرتا نظر آتا ہے۔

    پولیس کے مطابق نوجوان کے دوست اور رشتہ دار اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے، لیکن ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

  • دفتر کے کم تنخواہ دینے پر ملازم کا انوکھا احتجاج

    دفتر کے کم تنخواہ دینے پر ملازم کا انوکھا احتجاج

    امریکا میں کم تنخواہ پر ملازم رکھے گئے ایک شخص نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے دفتر کو ہی گھر بنالیا اور اپنا سارا سامان وہاں منتقل کردیا۔

    امریکی شہری سائمن کی گھر سے دفتر منتقلی کی ویڈیو شروع میں ٹک ٹاک پر وائرل ہوئی تھی اور بعد ازاں اس ویڈیو کو دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔

    ویڈیو میں سائمن کو ارد گرد بکھرے اپنے سامان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، سوٹ کیس سے سلیپنگ بیگ تک سائمن نے سارا سامان دفتر میں منتقل کردیا، یہاں تک کہ سائمن نے اپنا کھانا بھی دفتر کے فریج میں ہی محفوظ کر لیا۔

    ویڈیو میں سائمن نے بتایا کہ دفتر اسے کم تنخواہ دے رہا ہے جس میں وہ اپنے اپارٹمنٹ کا کرایہ دینے کا متحمل نہیں ہوسکتا، چنانچہ وہ بطور احتجاج دفتر میں ہی رہ رہا ہے۔

    سائمن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر مختلف تبصرے شروع کردیے۔

    تاہم 4 دن بعد ہی سائمن کو اس کے نئے گھر یعنی دفتر سے بے دخل کر دیا گیا، سائمن نے اس کی ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں اسے اپنی چیزیں پیک کرتے ہوئے اور عمارت سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

    یہ علم نہیں ہوسکا کہ سائمن کی ملازمت برقرار رہی یا گھر کے ساتھ اسے نوکری سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔

  • کیا مصنوعی ذہانت نے انسان کو طبی شعبے میں مات دیدی؟

    کیا مصنوعی ذہانت نے انسان کو طبی شعبے میں مات دیدی؟

    امریکا میں ہونیوالی ایک تحقیق میں تحقیقاتی ٹیم نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈاکٹروں کی نظروں سے اوجھل قلبی امراض دریافت کرلیے ہیں۔

    یہ تحقیق ہوئی لاس اینجلس میں واقع سیڈر سینائی اسمٹ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں، جس میں شریک تھے سائنسدانوں کے ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم بھی۔

    اس ٹیم نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کی مدد سے دل کے امراض کی دو ایسی کیفیات دریافت کرلی ہیں، جو اکثر ڈاکٹروں کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔

    جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی سائنسدانوں اور ڈاکٹروں نے دل کے الٹراساؤنڈ پر تحقیق کے بعد مصنوعی ذہانت کے الگورتھم سے دو ایسے امراض شناخت کیے جو اس سے قبل تشخیص میں بہت مشکل ثابت ہوتے رہے تھے۔

    ان میں ایک مرض ’ہائپرٹروفِک کارڈیومیوپیتھی اور دوسری کیفیت ’کارڈیئک ایمیلوئیوڈوسِس‘ ہے اور یہ دونوں ہی جان لیوا ہوتی ہیں۔

    تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈیوڈ اویانگ کا کہنا ہے کہ ان امراض کے شکار مریضوں میں بیماری کی درست شناخت میں کئی سال بلکہ عشرے بھی لگ جاتے ہیں لیکن اب مصنوعی ذہانت نے یہ مشکل آسان کردی ہے اور اسکی بدولت مرض کے مخصوص پیٹرن دیکھ کر تشخیص کی گئی ہے کیونکہ انسانی آنکھ اسے نہیں دیکھ پارہی تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو مرحلوں پر مشتمل شناختی عمل میں خاص الگورتھم پر دل کے الٹراساؤنڈ کی 34000 ویڈیوز کو آزمایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو اسپتال اور دیگر اداروں سے لی گئی تھیں، اس دوران سافٹ ویئر امراض کی مختلف علامات دیکھ کر تربیت پاتا رہا، ان میں دل کے خانوں کے رقبے، قلبی دیوار کی موٹائی اور دیگر معلومات شامل تھیں، سافٹ ویئر نے بطورِ خاص ان دو کیفیات کو نوٹ کرکے ڈاکٹروں کو بتایا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سافٹ وییئر نے کسی ماہر ترین ڈاکٹر کی طرح کام کیا کیونکہ وہ ان تبدیلیوں کو بھی نوٹ کررہا تھا جو شروع میں بہت معمولی ہونے کی بنا پر ڈاکٹر سے بھی اوجھل رہ جاتی ہیں، پھر کسی ٹیسٹ کے بغیر ہی بہت درستگی سے مرض کی تشخیص کی گئی جو ایک بڑی پیشرفت ہے۔

    ان امراض کی نشاندہی نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ سائنسدان ان تبدیلیوں مثلاً قلبی دیواروں کی موٹائی کو عمر کے ساتھ کی تبدیلیاں کہتے رہے تھے تاہم یہ الگورتھم سافٹ ویئر نارمل اور ابنارمل دل کی بھی شناخت کرسکتا ہے، اس طرح قبل از وقت مرض کی شںاخت سے کئی مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی بدولت بہت درستگی سے امراض کی شناخت ایک خوش آئند بات ہے جس سے بہت سے افراد کی جان بچانا ممکن ہوگا، تاہم ابھی اس کے لئے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

  • ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ایک عام شخص کے لیے پل اپس کرنا یعنی راڈ سے لٹک کر ورزش کرنا مشکل کام ہوسکتا ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دکھائی دیتے شخص کے لیے یہ کام بچوں کا کھیل معلوم ہوتا ہے۔

    آرمینیا سے تعلق رکھنے والے ایک فٹنس ٹرینر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پل اپس کرتا دکھائی دے رہا ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کام وہ ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر پر کر رہا ہے۔

    رومان شردیان نامی یہ شخص ایک ہیلی کاپٹر سے لٹکا ہوا ہے اور اس پر ورزش کر رہا ہے۔

    اس کا یہ اسٹنٹ یوں ہی نہیں ہے، اس اسٹنٹ کے ذریعے دراصل اس ٹرینر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا ہے جو ایک منٹ میں 23 پل اپس کرنے کا ہے۔

    رومان اس سے قبل بھی کئی ورلڈ ریکارڈز بنا چکا ہے جو فٹنس سے متعلق ہی ہیں۔