Tag: man

  • گھر پہنچنے والا شخص لاپتہ، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری

    گھر پہنچنے والا شخص لاپتہ، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری

    امریکا میں ایک عجیب و غریب واقعے نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا جس میں ایک شخص اپنے گھر میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔

    امریکی شہر سان فرانسسکو میں پیش آنے والے اس واقعے نے پولیس کو حیران کردیا ہے، 50 سالہ کمپیوٹر انجینئر اپنے گھر میں داخل ہونے کے بعد گمشدہ ہوگیا۔

    مذکورہ شخص کے اپارٹمنٹ کے باہر لگے کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری کردی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا لیکن تب سے اب تک 1 ماہ ہوچکا ہے وہ لاپتہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کیمرے میں ایسی کوئی ریکارڈنگ نہیں جس میں اس شخص کو باہر آتے دیکھا جاسکے۔

    لاپتہ شخص مختلف کاموں کے لیے 2 قریبی علاقوں میں آتا جاتا رہا اور پولیس نے دونوں مقامات پر اسے تلاش کیا لیکن اس شخص کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    اس شخص کے اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، بہن کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کا اس طرح بغیر کسی اطلاع کے غائب ہوجانا غیر معمولی ہے اور ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق اس شخص کے اپارٹمنٹ میں کسی قسم کی مداخلت کے آثار نہیں جبکہ اپارٹمنٹ کا دروازہ بھی اندر سے بند تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ اس شخص کے بینک اکاؤنٹس میں بھی کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی۔

  • خاندانی جھگڑے پر برطانوی شہری پیٹرول لے کر رشتے داروں کے گھر پہنچ گیا

    خاندانی جھگڑے پر برطانوی شہری پیٹرول لے کر رشتے داروں کے گھر پہنچ گیا

    برطانیہ میں ایک شخص نے خاندانی جھگڑے پر اپنے کزنز پر پیٹرول چھڑک دیا اور آگ جلانے کی کوشش کی تاہم اس کی یہ کوشش ناکام کردی گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے گرمزبی میں پیش آنے والے اس واقعے نے علاقہ مکینوں کو پریشان کردیا ہے۔

    ایشلے چیسٹر نامی شخص نے ایک خاندانی جھگڑے کے بعد اپنے کزنز کو فون پر دھمکی دی کہ وہ ان کا گھر نذر آتش کردے گا، گھر میں ایک خاتون اپنی بچی کے ساتھ مقیم تھیں جو اس کال کے بعد فوراً اپنے گھر پہنچیں اور گاڑی کا کیمرا آن کردیا۔

    بعد ازاں ایشلے وہاں پہنچا اور اس نے اپنی کزن کی کار پر پیٹرول چھڑک دیا، اس دوران اس کے ہاتھ میں لائٹر بھی موجود تھا، تاہم اسی دوران ایک اور کزن وہاں پہنچ گیا جس کے بعد دونوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔

    یہ معاملہ عدالت تک پہنچا جہاں اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جج کو دکھائی گئیں۔

    کزن کی والدہ نے اس حرکت پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایشلے سے بات کر کے خاندانی غلط فہمیاں دور کرنا چاہتی ہیں۔

    عدالت نے ایشلے کے کیس کا فیصلہ 6 ماہ کے لیے مؤخر کیا ہے جبکہ اس عرصے کے دوران اسے اپنے خاندان کے دیگر افراد سے دور رہنے کا کہا ہے۔

  • امریکی شخص کا ناقابل یقین کرتب، ویڈیو دیکھیں

    امریکی شخص کا ناقابل یقین کرتب، ویڈیو دیکھیں

    امریکا میں ایک شخص نے چھریوں اور سیبوں کے ساتھ عجیب کرتب دکھاتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، مذکورہ شخص اس سے قبل 150 ورلڈ ریکارڈز توڑ چکا ہے۔

    امریکی ریاست اڈاہو کا رہائشی یہ شخص ڈیوڈ رش اس بار ایک نئے کرتب کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ ڈیوڈ نے صرف 30 سیکنڈز میں ہوا میں 3 چاقو گھماتے ہوئے ہوا میں اچھالے گئے متعدد سیب کاٹ دیے جن کی تعداد بعد ازاں 21 نکلی۔

    اس کرتب کے لیے ڈیوڈ 3 چاقو ہوا میں گھماتا رہا، اور اس دوران اس کی جانب 21 سیب پھینکے گئے جنہیں اس نے ہوا میں ہی دو ٹکڑے کردیے۔ اس پورے عمل میں اسے صرف 30 سیکنڈز کا وقت لگا۔

    ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ اس کرتب کے لیے اسے مہینوں تک پریکٹس کرنی پڑی۔

    اپنے اس کرتب کے ساتھ ڈیوڈ نے سابقہ ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا جو ایک جگلر کی جانب سے بنایا گیا تھا جس میں اس نے 17 سیب کاٹے تھے۔

    ڈیوڈ اس سے قبل بھی 150 کے قریب گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑ چکا ہے، اس کا کہنا ہے کہ اس کا حالیہ ریکارڈ سائنسی تعلیم کے فروغ کے لیے تھا۔

  • سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    ریاض: ایک سعودی شہری نے تیراکی نہ جاننے کے باوجود ایک بچے کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو بلا جھجھک پانی میں چھلانگ دی اور بچے کی جان بچا لی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک بپھری ہوئی ندی میں ڈوبتے ہوئے بچے کو بچا لیا جب کہ وہ تیرنا بھی نہیں جانتا تھا۔

    بچہ برساتی ندی کے کنارے پانی میں گر گیا تھا جو پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سنبھل نہیں سکا، ڈوبتے ہوئے بچے کو دیکھ کر اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ندی کے گدلے پانی کی سطح پر موجود ہے جبکہ کچھ لوگ کنارے سے خوفزدہ حالت میں اسے دیکھ رہے ہیں۔

    ایسے میں سعودی شہری عامر الشہری نے تیراکی نہ جانتے ہوئے اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کسی حفاظتی اقدام کے بغیر ندی میں چھلانگ لگا دی۔ شہری نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے بچے کو تیز بہاؤ سے نکال کر اپنی طرف کھینچا اور پانی سے باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر کے شمال مغرب میں احد تھربان کے قریب اس برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ گزشتہ دنوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کافی تیز ہوگیا ہے۔

    حالیہ بارشوں کے باعث اس طرح کے ندی نالے کناروں سے باہر بہہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام نے عوام کو ایسے علاقوں سے دور رہنے کی پرزور اپیل اور تاکید کی ہے۔

    دوسری جانب مذکورہ شہری عامر نے ندی کے قریب رہنے والے تمام افراد کو اپنے بچوں کو ندی کے کنارے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے

    ان کے اس بہادرانہ اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عربی میں ہیش ٹیگ ہیرو عامر الشہری ٹرینڈ کرنے لگا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ہمت کی تعریف کی جبکہ ایک سعودی تاجر نے انہیں 2 ہزار 667 ڈالر انعام بھی دیا۔

  • پستول فروخت کرتے ہوئے تاجر کے ہاتھ سے گولی چل گئی، گاہک ہلاک

    امریکا میں آتشیں اسلحہ فروخت کرنے والے ایک شخص نے خریداری کے لیے آئے فائر مین کو پستول دکھاتے ہوئے گولی چلادی، فائر مین موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد اسلحہ فروخت کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ مقتول اس کا جاننے والا تھا اور اپنی ڈیوٹی ختم کر کے اس کے گھر گن خریدنے کے لیے آیا تھا۔

    63 سالہ ملزم مقتول فائر مین کو گن دکھا رہا تھا کہ اچانک اس کے ہاتھ سے وہ چل گئی اور گولی فائر مین کے پیٹ میں لگی۔

    اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ مقتول گزشتہ 21 سال سے کاؤنٹی کے فائر ریسکیو ڈپارٹمنٹ سے وابستہ تھا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس پر قتل اور اسلحے کی غیر محتاط نمائش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

  • امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا میں ایک لٹیرے نے ہارٹ اٹیک کا شکار جاں بہ لب خاتون کو بھی نہ بخشا اور ان کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر سینٹ لوئیس میں پیش آیا جو سڑک پر لگے سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 64 سالہ خاتون سڑک پر چلتے چلتے اچانک گر جاتی ہیں اور شدید تکلیف کا شکار دکھائی دیتی ہیں۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جو بعد ازاں ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ اس وقت وہاں ان کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب کھڑی سرخ رنگ کی وین سے ایک شخص باہر نکلا اور خاتون کے قریب جا کر انہیں دیکھنے لگا، اس کے بعد اس نے ان کا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔

    مذکورہ شخص نے خاتون کو کوئی مدد فراہم نہیں کی جو بے حس و حرکت تھیں۔ کچھ دیر بعد ایک ایمبولینس آئی اور خاتون کو اسپتال لے گئی جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

    پولیس نے مذکورہ ویڈیو جاری کر کے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اس شخص یا سرخ رنگ کی وین کے بارے میں جانتا ہے تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

  • عجیب و غریب ساخت کا ’سر رکھنے والا‘ شخص

    عجیب و غریب ساخت کا ’سر رکھنے والا‘ شخص

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لوگ مختلف انداز میں اپنے منہ کو ڈھانپ رہے ہیں تاہم انگلینڈ کا ایک شہری اپنے منفرد کور کی وجہ سے لوگوں کا توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

    انگلینڈ کے شہر برسٹل کا رہائشی مائیکل شیڈ ورتھ اب سے نہیں بلکہ طویل عرصے سے یہ منی ایچر گارڈن اسٹرکچر اپنے سر پر پہن رہا ہے۔

    برسٹل کے گلی کوچوں میں وہ اسی شیڈ کے ساتھ گھومتے پھرتے ہیں اور اس کی وجہ سے لوگوں اور مقامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔

    مائیکل کو اس شیڈ کی وجہ سے ایک ملازمت کے لیے بھی مسترد کیا جاچکا ہے۔

    اس شیڈ کی وجہ سے ان کی شناخت اب تک چھپی ہوئی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل انہوں نے ایک مقامی چینل کو پہلی بار انٹرویو دیا۔

    اپنے انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شیڈ دراصل ان کا سر ہے، ان کے والدین بھی ایسے ہی تھے۔

    مائیکل کا کہنا تھا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں اسے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں پہنتا بلکہ یہ میرے جسم اور میری زندگی کا حصہ ہے، یہ مجھے خدا کی طرف سے ملا ہے۔

    اس شیڈ سے اکثر موسیقی کی آوازیں بھی آتی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ موسیقی ان کے اندر سے آتی ہیں۔

    مائیکل کا کہنا ہے کہ شاید لوگوں کو اچھا لگتا ہو کہ لوگ ان کے بارے میں باتیں کریں لیکن مجھے یہ بات سخت ناپسند ہے، میں ایک عام زندگی جینا چاہتا ہوں اور لوگوں اور میڈیا کی توجہ سے سخت بیزار ہوں۔

  • کرونا کا خدشہ، شہری نے دوسروں کو بچانے کیلئے بلندی سے چھلانگ لگادی

    کرونا کا خدشہ، شہری نے دوسروں کو بچانے کیلئے بلندی سے چھلانگ لگادی

    بیجنگ : کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر چینی شہری نے دوسروں کو وائرس سے بچانے کےلیے اپنی زندگی داوٗ پر لگادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر چینگزہو میں جمعے کو پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص نے چلتی سے ٹیکسی سے کود کر پل سے چھلانگ لگادی۔

    مذکورہ شہری کو تیز بخار اور کھانسی ہورہی تھی جس پر اس نے خود کو قائل کرلیا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہوگیا ہے، دیگر افراد اس سے رابطے میں آکر کوویڈ 19 کا شکار نہ ہوجائیں، اسی مسٹر لی نے اپنی جان لینے کی کوشش کی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شہری چلتی ٹیکسی سے کودا اور پل سے چھلانگ لگائی ویسے ہی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمبولیس کو فون کردیا تاکہ مذکورہ شخص کو بچایا جاسکے۔

    ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ شخص کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا ہوا ہے تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 27 سالہ شخص کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں اور خون بھی کافی بہہ چکا ہے لیکن اس کے بچنے امیدیں روشن ہیں اور اس کی کرونا رپورٹ بھی منفی ہے۔

  • گھر میں بم بنانے کے دوران خوفناک دھماکہ، ملزم کا ہاتھ اڑ گیا

    گھر میں بم بنانے کے دوران خوفناک دھماکہ، ملزم کا ہاتھ اڑ گیا

    امریکی پولیس نے 23 سالہ شخص کو گھر میں بم بنانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے، پولیس کو ملزم کے گھر سے دھماکہ خیز مواد کلیئر کرنے میں 40 گھنٹے کا وقت لگا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا جہاں 23 سالہ کول کیرینی ایک کلینک گیا، اس کا ہاتھ کٹا ہوا تھا اور گردن شدید زخمی تھی۔ کول نے ڈاکٹر سے کہا کہ وہ گھاس کاٹنے والی مشین سے زخمی ہوا ہے۔

    تاہم اس کے زخموں کی نوعیت نے پولیس کو اس کی طرف متوجہ کرلیا۔ پولیس جب اس کے گھر پہنچی تو اس کے گھر کے لان کی گھاس بڑھی ہوئی تھی اور اس پر مشین استعمال کرنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے تھے۔

    جلد ہی پولیس نے گھر میں ایک دھماکے کے آثار معلوم کرلیے، کول کے زخم بھی اس بات کو تقویت دے رہے تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے دھماکہ خیز مواد کی بڑی مقدار برآمد کرلی، کول اس سے بارودی سرنگ تیار کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس کے دوران حادثہ پیش آیا۔

    پولیس کو گھر سے دھماکہ خیز مواد کلیئر کرنے میں 40 گھنٹے کا وقت لگا۔ اس دوران اسٹیٹ پولیس اور ایف بی آئی سمیت متعدد سیکیورٹی ادارے وہاں موجود رہے۔

    گھر کو کلیئر کرنے کے دوان سڑک کو بند کردیا گیا، جبکہ قریبی گھروں کو بھی عارضی طور پر خالی کروا دیا گیا۔

    گھر میں داخل ہونے کے بعد پولیس کو ڈرائیو وے میں خون بھی دکھائی دیا جو کول کے کمرے تک جارہا تھا، کول کے کمرے میں مزید خون اور گوشت کے ٹکڑے بھی موجود تھے جو دھماکے کے بعد کول کے جسم کے تھے۔

    ملزم کو سیکیورٹی اداروں نے تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • سر میں گھسی ہوئی لوہے کی سلاخ ڈاکٹرز نے کیسے نکالی؟

    سر میں گھسی ہوئی لوہے کی سلاخ ڈاکٹرز نے کیسے نکالی؟

    اسرائیلی ڈاکٹرز نے ایک نہایت خطرناک اور پیچیدہ سرجری کر کے ایک شخص کی جان بچا لی جس کے سر میں ایک لوہے کی سلاخ اس طرح داخل ہوگئی تھی کہ دوسری طرف سے باہر نکل آئی تھی۔

    اسرائیل کا رہائشی کامل عبدالرحمٰن تعمیراتی کام سے وابستہ تھا اور اس روز بھی وہ ایک تعمیراتی سائٹ کا جائزہ لینے گیا تھا جب اس کی زندگی کا خوفناک ترین حادثہ پیش آیا۔

    پاؤں پھسلنے کی وجہ سے وہ دوسری منزل سے نیچے لوہے کی سلاخ پر اس طرح گرا کہ وہ اس کے سر میں گھس گئی اور دائیں کان کے قریب سے، بائیں آنکھ کے اوپر سے ہوتی ہوئی دوسری طرف نکل گئی۔

    شہری کا دعویٰ ہے اس وقت اسے کوئی تکلیف نہیں ہوئی، وہ مکمل حواسوں میں تھا اور مدد کے لیے چلا رہا تھا جس کے بعد قریب ہی موجود اس کے گھر والوں اور دیگر افراد نے اسے اسپتال پہنچایا۔

    اسپتال میں ڈاکٹرز نے اس کا ایکسرے کیا تو علم ہوا کہ خوش قسمتی سے سلاخ نے ان دو رگوں کو نقصان نہیں پہنچایا جو دماغ کو خون کی ترسیل کر رہی تھیں۔

    تاہم ڈاکٹرز سخت پریشان تھے کہ اس سلاخ کو کیسے نکالا جائے اور لاعلم بھی کہ اسے نکالنے سے کیا نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اگلے کئی گھنٹوں تک ڈاکٹرز مختلف ایکسریز اور ٹیسٹ لیتے رہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے کہ اس سلاخ کو کیسے نکالا جاسکتا ہے، اس دوران ناک اور حلق کے ماہرین ڈاکٹرز کو بھی آن بورڈ لیا گیا۔

    بعد ازاں ڈاکٹرز نے ناک کے ذریعے ایک طویل اور پیچیدہ ترین سرجری انجام دی اور اس کے لیے کیمرے کی مدد لی گئی، یہ سرجری 10 گھنٹے جاری رہی۔

    اس دوران انہوں نے دماغ میں ایک مقام سے بہنے والے سیال مادے کے بہنے کا راستہ بھی بند کیا جو اس رگ کی لیکج کی وجہ سے بہہ رہا تھا، جبکہ مریض کے پیٹ کی چربی سے دماغ کے چند حصوں پر پیوند بھی لگایا۔

    بالآخر سرجری اختتام کو پہنچی لیکن ڈاکٹرز اندھیرے میں تھے کہ مریض کے ہوش میں آنے کے بعد اسے کن تکالیف کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    کئی گھنٹوں بعد مریض ہوش میں آیا تو وہ فٹ تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا تھا، چند روز اسپتال میں رہنے کے بعد مریض صحتیاب ہو کر گھر کو لوٹ گیا، اس کے تمام اعضا بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے جبکہ وہ معمول کی طرح بول اور سن پا رہا تھا۔