Tag: man

  • لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    لینڈنگ کے دوران طیارے کی زد میں آ کر نامعلوم شخص ہلاک، سیکیورٹی میں کھلبلی مچ گئی

    امریکا میں آسٹن ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم شخص جہاز کی لینڈنگ کے دوران سامنے آنے سے ہلاک ہوگیا، سیکیورٹی کو چکمہ دے کر رن وے تک پہنچ جانے والے شخص کی دریافت کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر آسٹن میں پیش آیا جہاں ایئرپورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کی لینڈنگ کے وقت ایک نامعلوم شخص جہاز کے سامنے آگیا اور طیارے کی ٹکر سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ طیارے کے پائلٹ نے مذکورہ شخص کو اس وقت دیکھا جب طیارہ لینڈ کرنے کے لیے زمین پر اتر چکا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق اس وقت کسی بھی شخص کو رن وے پر موجود نہیں ہونا چاہیئے تھا۔

    مذکورہ شخص عملے کے لباس میں نہیں تھا اور انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ کس طرح سیکیورٹی کو چکمہ دے کر ایک غیر متعلقہ شخص رن وے تک پہنچ گیا۔

    لینڈنگ کے بعد طیارے کے مسافروں کو ہنگامی طور پر بحفاظت اتار دیا گیا، واقعے کے بعد مذکورہ رن وے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ کے دیگر رن ویز پر معمول کے مطابق فضائی آپریشنز جاری ہیں۔

  • ریٹائرمنٹ کی رقم وصول کرنے کے لیے بیٹے نے باپ کی لاش 2 سال چھپائے رکھی

    ریٹائرمنٹ کی رقم وصول کرنے کے لیے بیٹے نے باپ کی لاش 2 سال چھپائے رکھی

    امریکا میں ایک شخص نے اپنے باپ کی ریٹائرمنٹ کی رقم حاصل کرنے کے لیے اس کی لاش کو 2 سال تک اپنے گھر میں چھپائے رکھا، پولیس نے لاش دریافت ہونے پر بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

    یہ اندوہناک واقعہ امریکی ریاست انڈیانا میں پیش آیا جہاں 57 سالہ ارون نکولسن جونیئر نے اپنے باپ کی لاش کو گھر میں چھپائے رکھا تھا، پولیس نے فراڈ کے الزام میں نکولسن کو گرفتار کرلیا ہے۔

    بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ اس کے باپ کی موت مئی 2017 میں ہوئی تھی، موت سے ایک روز قبل باپ بیٹے کے درمیان ریٹائرمنٹ ہوم منتقل کرنے کے معاملے پر بحث ہوئی تھی۔

    نکولسن کا کہنا تھا کہ باپ کو موت کے بعد اس نے لاش کو ایک کمبل میں لپیٹا اور گھر میں ہی رکھ دیا، بعد ازاں اس نے لاش سمیت اپنا گھر بھی تبدیل کیا۔

    حکام نے آنجہانی کے سوشل سیکیورٹی ریکارڈز دیکھ کر بتایا کہ مئی 2017 سے اگست 2019 تک 27 ہزار ڈالرز سے زائد رقم بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی اور بیٹا اپنے باپ کے کارڈ کے ذریعے اس میں سے کچھ رقم خرچ کرتا رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہوجانے پر نکولسن جونیئر کو ڈھائی سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    واشنگٹن: امریکی شہر اوکلاہوما سٹی میں ایک شخص نے بس میں داخلے سے منع کرنے پر بس ڈرائیور کو ہتھوڑے سے ڈرایا اور دھمکایا، پولیس مذکورہ شخص کو تلاش کر رہی ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس کے پیش نظر پبلک ٹرانزٹ سسٹم پر مشروط پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور بسوں میں 10 سے زائد افراد کے بیٹھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق اسی پابندی کے پیش نظر جب ایک شخص نے ڈاؤن ٹاؤن کی ایک بس میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے اسے روک دیا کیونکہ بس میں پہلے سے 10 افراد موجود تھے۔

    بس میں داخل ہونے سے روکے جانے پر مذکورہ شخص نے ہتھوڑا نکالا اور بس ڈرائیور کو ڈرایا دھمکایا، ملزم کی اس حرکت سے بس میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے قریبی علاقوں میں ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 5 لاکھ 3 ہزار 177 افراد اس وائرس کا شکار ہیں جبکہ اب تک 18 ہزار 761 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  • امریکا : 34 سالہ امریکی شہری کروناوائرس کے باعث ہلاک

    امریکا : 34 سالہ امریکی شہری کروناوائرس کے باعث ہلاک

    واشنگٹن : 34 سالہ امریکی نوجوان ہلاکت خیز وائرس کرونا کی وبا میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگیا، مذکورہ شخص کینسر کے مرض میں مبتلا تھا،کوویڈ 19 کے باعث ہلاک ہونے والا یہ سب سے کم عمر شخص ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں مہلک ترین کرونا وائرس کی وبا نے پنجے گاڑ دئیے ہیں، امریکا میں وائرس میں مبتلا ہوکر اب تک 217 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 14 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

    کینسر میں مبتلا 34 سالہ نوجوان جو کینسر میں مبتلا تھا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے چند روز بعد ہی ہلاک ہوگیا، جیفری غازارین کا تعلق کیلیفورنیا سے تھا جو جمعرات کی صبح اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاکتوں کی شرح اس جیفری کی عمر کے لوگوں میں انتہائی کم ہے لیکن اس کی جان کو اس لیے شدید خطرات لاحق تھے کیونکہ یہ بچپن سے استما اور برونسیٹز نامی مرض میں مبتلا تھا اور 2016 میں کینسر کا شکار ہوگیا تھا۔

    ہلاک شخص کے اہلخانہ نے بتایا کہ جیفری 2 مارچ کو اورلینڈو ایک کانفرنس میں گیا تھا اور کانفرنس ختم ہونے کے بعد کچھ دن اس نے وہیں قیام کیا اور اپنے دوستوں کے ساتھ والٹ ڈزنی ورلڈ اور یونیورسل اسٹوڈیوز کا دورہ کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈزنی لینڈ کو اتوار کے روز بند کردیا گیا ہے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ایک تصویر ڈزنی لینڈ بند ہونے سے قبل کی ہے جس میں سیکڑوں کا ہجوم دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دوسری تصویر میں پارک میں کوئی بھی شخص نظر نہیں آرہا۔

    امریکا میں موت کا راج: کروناوائرس میں مبتلا ایک ہی خاندان کے 4افراد ہلاک

    خیال رہے کہ امریکا میں ہلاکت خیز وائرس میں مبتلا ہوکر ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تین افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں دو کی حالت تشویش ناک اور ایک کی بہتر ہے۔

  • نشئی کی ماں کے ہاتھ سے بچی چھیننے کی کوشش، چچا نے مکا مار کر ناکام بنا دی

    نشئی کی ماں کے ہاتھ سے بچی چھیننے کی کوشش، چچا نے مکا مار کر ناکام بنا دی

    امریکا میں ایک نشئی نے ماں کے ہاتھ سے بچہ چھیننے کی کوشش کی لیکن بچی کے چچا نے اس کی یہ مذموم کوشش ناکام بنا دی۔

    یہ پریشان کن واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جب دو میاں بیوی، ان کی 6 سالہ بچی اور بچی کے چچا تفریح کے لیے ساحل سمندر پر گئے۔ تب ہی ایک خراب حلیے والا شخص ان کے قریب آیا اور بچی کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ وہ اس بچی کو جانتا ہے اور اسے بچانے آیا ہے۔

    مذکورہ خاندان نے اس شخص سے دور جانے میں ہی عافیت سمجھی اور ایک قریبی پیزا شاپ میں جا کر بیٹھ گئے۔

    مذکورہ شخص جس کی شناخت بعد میں نیلسن کے نام سے ہوئی ان کے پیچھے آیا اور بچی کو جو اپنی ماں کی گود میں بیٹھی تھی، اس کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔

    تب ہی بچی کے چچا نے جو ایک سابق آرمی افسر تھا، نیلسن کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا اور زوردار دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔

    اس کے باوجود مذکورہ شخص باز نہ آیا اور دوبارہ بچی کی طرف بڑھا، اس کا اصرار تھا کہ وہ بچی کو جانتا ہے اور اسے بچانے کی کوشش کررہا ہے۔

    تاہم دوسری بار بھی بچی کے انکل نے اسے روکا اور اس بار ان کے درمیان باقاعدہ ہاتھا پائی ہوئی۔ دونوں میں کچھ دیر تک کھینچا تانی ہوتی رہی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نیلسن کو حراست میں لے لیا۔

    بچی کے والد کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل کے دوران وہ مسلسل چیختا رہا کہ وہ بچی کو بچانا چاہتا ہے، ’معلوم نہیں وہ بے گھر ہے یا نہیں تاہم اپنے حلیے سے وہ منشیات کا عادی ضرور لگ رہا تھا‘۔

    پولیس نے نیلسن کو اغوا کی کوشش کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ وہ اس سے قبل بھی لاس ویگاس اور کیلی فورنیا میں مختلف نوعیت کے جرائم کی پاداش میں جیل میں رہ چکا ہے۔

  • بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    نئی دہلی : بھارت شہر لکھنؤ میں شوہر نے چیونگم نہ کھانے پر بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راشد کے خلاف مسلم وومن پروٹیکشن رائٹس آن میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی سول عدالت میں میاں، بیوی موجود تھے، جہاں راشد نے اپنے بیوی سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا،اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ راشد کی اہلیہ سیمی نے سسرالیوں کے خلاف جہیز کے نام پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعت کے لیے دونوں عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ سماعت سے قبل راشد کی اہلیہ اپنے وکیل سے بات کررہی تھی کہ اس دوران راشد نے سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن اس نے قبول کرنے سے انکار کردیا، اہلیہ کے انکار پر راشد کو غصہ آیا اور اس نے سیمی کے وکیل کے سامنے ہی ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق قابل سزا جرم ہے۔

    ایس ایچ او پانڈے نے بتایا کہ سیمی کی راشد سے 2004 میں شادی ہوئی تھی بعدازاں سسرال والوں کی جانب سے جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر سیمی نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راشد کے خلاف مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو بھارت میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر پہلی گرفتاری عمل میں آئی تھی،اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا،بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہے۔

    بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی، جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ کام ضروری ہے لیکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اس کے تحت مسلمان مردوں کو غیر منصفانہ طور پر سزا دی جائے گی۔

  • امریکا میں وال مارٹ کے قریب بلٹ پروف جیکٹ پہنے مسلح شخص گرفتار

    امریکا میں وال مارٹ کے قریب بلٹ پروف جیکٹ پہنے مسلح شخص گرفتار

    واشنگٹن:امریکا کی ریاست میزوری میں پولیس نے پپر سٹور ’وال مارٹ ‘کے قریب سے ایک مشتبہ مسلح شخص کو حراست میں لیا ہے جس سے بلٹ پروف جیکٹ اور پستول برآمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میزوری میں سپرنگ فیلڈ کے وال مارٹ کے قریب سے مشتبہ شخص کی گرفتاری سے متعلق بتایا گیا ہے کہ گرفتار شخص کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے،پولیس نے مسلح شخص کی گرفتاری کے دوران کسی بھی قسم کی فائرنگ ہونے کی تردید کی ہے ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک مسلح شخص ٹرالی چلاتے ہوئے موبائل فون سے اپنی ویڈیو بنا رہا تھا، یہ دیکھ کر سٹور کے مینیجر نے وہاں موجود دیگر افراد کو خبردار کرنے کےلئے گھنٹی بجا ئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ مشتبہ شخص کے عزائم جاننے کیلئے تفتیش کی جائے گی۔

    امریکی اخبار کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ یہ گرفتاری وال مارٹ کے قریب ویسٹ رپبلک روڈ پر مارکیٹ سے کی گئی ہے۔

    سپرنگ فیلڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹیننٹ مائیک لیکوس نے کہا کہ ہے کہ مشتبہ شخص جب سٹور سے باہر آیا تو پولیس کے پہنچنے تک فائر فائٹر عملے نے اسے گن پوائنٹ پر روک کر رکھا۔

    مائیک لیکوس نے کہا کہ مشتبہ شخص کا مقصد افراتفری پھیلانا تھا، جس میں وہ کامیاب رہا۔

  • وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    میڈرڈ : وگ(مصنوعی بالوں) میں کوکین چھپانے والا اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا، جس کا تعلق جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کے اسمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اسپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریباً ایک پاؤنڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کوا سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے اسمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پاؤنڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔

    پولیس نے اسے آپریشن ’ٹوپی ‘یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے، اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا،گرفتار ہونے والے 65 سالہ اسمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپین کے جنوبی امریکا اور خصوصاً کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، اسپین کو یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔اسمگلر کوکین کی اسمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں کو ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین یورپی یونین میں کوکین استعمال کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آتا ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ کا پہلا نمبر ہے اور اس کے بعد ہالینڈ، ڈنمارک، فرانس اور آئر لینڈ آتے ہیں۔

  • نیاگرافال میں‌ چھلانگ لگانے والا شخص‌ معجزاتی طور زندہ بچ گیا

    نیاگرافال میں‌ چھلانگ لگانے والا شخص‌ معجزاتی طور زندہ بچ گیا

    اوٹاوا : کینیڈین پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیاگرافال میں گرنے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے،مذکورہ شخص نیاگرا فال کے امریکی سرحد سے پانی میں کودا تھا۔

    تفیلات کے مطابق امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع مشہور اور انتہائی خطرناک سمجھی جانے والی نیاگرا آبشار میں ایک شخص نے چھلانگ لگا دی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    کینیڈین پولیس نے بتایاکہ نیاگرا فال میں کودنے والے شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اسے کودنے کے بعد دریا کے زیریں حصے میں ایک چٹان پر بیٹھے پایا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیاگرا پارک پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص 57 میٹر بلند حصے ھارس شو فالز کے کنارے پر کھڑا ہے۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو ایک شخص آبشار کے اطراف میں لگی رکاوٹیں عبور کر کے آبشار میں کودنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    پولیس کے روکنے سے قبل ہی اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ بعد زاں پولیس نے آبشار کے نچلے حصے میں کودنے وال شخص کی تلاش شروع کی تو اسے ایک چٹان پر بیٹھے پایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نیاگرا فال میں گرنے کے باعث اسے معمولی زخم آئے، پولیس نے اسے نکال کر اسپتال منتقل کردیا تھا، نیاگرا فال میں گرنے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، یہ شخص نیاگرا فال کے امریکی سرحد سے پانی میں کودا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خطرناک آبشار میں کودنے کے بعد بچ جانے والا یہ چوتھا شخص ہے۔