مانچسٹر : کرکٹ کے عالمی کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق دفاعی چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بارعالمی کپ کےسیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگا تار دوسرا سیمی فائنل کھیلے گا۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان پہلا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل چارٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ ودو میں مصروف ہیں، ورلڈ کپ دوہزار انیس کا پہلا سیمی فائنل آج بروز منگل ہونے جارہا ہے، مانچسٹر کے میدان میں نیوزی لینڈ اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان گیارہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور انگلینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے، آئی سی سی کے قانون کے تحت پہلا سیمی فائنل اول اور چوتھی پوزیشن والی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ولیمسن جبکہ بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کی زیر قیادت میدان میں اتریں گے اور دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ان ہی قائدین کے ساتھ گیارہ سال قبل انڈر 19 کا فائنل کھیل ملائیشیا میں کھیل چکی ہیں۔ دونوں کپتانوں کی ایک پرانی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
مانچسٹر : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا, یہاں پر مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لئے ایک اہم اثاثہ ہیں، بیرون ممالک میں مقیم افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔
ان کا مزید کہناتھا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہم سب کو اکٹھا ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، موجودہ حکومت معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، بیرون ملک پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستانیوں کی سرمایہ سے غیرملکیوں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان میں کمزور اور غریب کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
مانچسٹر : جنوبی افریقہ نے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو دس رنز سے شکست دے دی، کینگروز کی پوری ٹیم 325 کے جواب میں آخری اوور کی پانچویں بال پر315رنزبنا سکی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے 45ویں میچ میں جنوبی افریقہ جاتے جاتے آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر دھکیل گیا، جنوبی افریقہ نے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو دس رنز سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ نے پہلےکھیلتے ہوئے50اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر325رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا49.5اوورز میں 10وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بنا سکی۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈی کوک اور مارکرم پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو 79 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔
میچ میں اس بار جنوبی افریقی بلے باز چل گئے انہوں نے کینگروز کی خوب دھلائی کی، ڈوپلیسی نے سنچری اسکور کی، ڈوسن کے پچیانوے اور ڈی کاک کے باون رنز نے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
جواب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان تین رنز پر آؤٹ ہوگئے، اسٹیو اسمتھ بھی سات رنز کے مہمان ثابت ہوئے، خواجہ بھی آخری اوورز میں واپس آکر کچھ نہ کرسکے ڈیوڈ وارنر نے شاندار ایک سو بائیس رنز بنائے، ایلکس کیری کی جارحانہ بیٹنگ بھی ٹیم کو نہ جتواسکی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 3، پھلکوایو اور پریٹوریس نے 2،2 جب کہ عمران طاہر اور مورس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ کا سفر جیت کےساتھ ختم ہوگیا۔
مانچسٹر : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا تاہم بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی جس کی وجہ سے اسکور زیادہ بنا۔
یہ بات انہوں نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ درست تھا.
بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی جس کے باعث بھارتی بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کی۔ بھارت سے شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہم ابتدا میں وکٹیں نہیں لے سکے۔
اب ہمارے کے لئے ٹورنامنٹ مشکل ہوگیا ہے۔ چار میچ باقی ہیں جن میں اچھا سے اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے اور باؤنس بیک کریں گے
یاد رہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 30 گیندوں پرصرف 12رنز بنائے تھے۔
اولڈ ٹریفورڈ: ورلڈ کپ 2019 کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی، روہت شرما کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کی جانب سے دئیے جانے والے 337 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بناسکی، فخر زمان کی نصف سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔
پاکستانی ٹیم کا اسکور 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تھا جب بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا، میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے میچ 40 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، پاکستان کو 301 رنز کا ہدف ملا، پاکستان کو جیت کے لیے 30 گیندوں پر 136 رنز درکار تھے۔
قبل ازیں پاکستان کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب امام الحق 7 رنز بنا کر وجے شنکر کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، محمد حفیظ 9 اور کپتان سرفراز احمد 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک آج پھر ناکام ہوئے انہیں پانڈیا نے صفر پر چلتا کیا۔
عماد وسیم 46 اور شاداب خان 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت کے وجے شنکر، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈکپ 2019 کے سب سے بڑے اور اہم میچ میں بھارت نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور ایل کے راہول کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دے دیا۔
ورلڈ کپ2019 کے سب سے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پچ اچھی ہے، بھارت کو کم رنزپرروکیں گے، ماضی کو بھول کرپوری توجہ میچ پرہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلےبولنگ کرناچاہتےتھے، جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھے گی وہ جیتے گی۔ پاکستانی ٹیم میں شاہین آفریدی اورآصف علی کی جگہ شاداب خان اورعماد وسیم کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کی دعوت پر بھارت نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کے ایل راہول اور روہت شرما اوپننگ کے لیے میدان میں آئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تمام باؤلرز کو اچھے انداز سے کھیلا، اوپنرز نے پہلی وکٹ میں 136 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد کے ایل راہول وہاب ریاض کی گیند پر نصف سنچری اسکور کر کے آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین ویرات کوہلی تھے جنہوں نے روہت شرما کے ساتھ مل کر محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 234 رنز پہنچایا، دوسری وکٹ میں 98 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور اسی دوران اوپنر نے اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 140 رنز بنا کر 234 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
محمد عامر نے چوالیسویں اور 46ویں اوور میں ہاردک پانڈیا اور کوہلی کو آؤٹ کیا، پانڈیا 285 اور دھونی 298 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعدازاں کوہلی بھی 77 رنز کی اننگز کھیل کر عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یوں 314 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
مقررہ پچاس اوورز میں بھارتی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے، کوہلی الیون کے تین کھلاڑیوں نے 274 رنز بنائے، روہت شرما 140، ویرات کوہلی 77 اور ایل کے راہول 57 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمد عامر پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
محمدعامر نے10اوورزمیں 47رنز دےکر 3وکٹیں، وہاب ریاض نے10اوورزمیں 71 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، اسی طرح حسن علی نے9اوورزمیں84رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، پاکستان کے دونوں اسپینرز عماد وسیم اور شاداب خان خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے، عماد نے 10 اوورز میں 49 رنز دیے جبکہ شاداب نے 9 اوورز میں 61 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔
دنیا بھر کے کروڑوں لوگ براہ راست ٹی وی پر دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیموں کا میچ دیکھیں گے، میچ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔
انگلینڈ میں مقیم تارکین وطن اور دیگر ملکوں سے آنے والے دونوں ٹیموں کے پرستاروں کی تیاریاں مکمل ہیں، میچ ٹکٹس کیلیے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، گراؤنڈ میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔
دنگ ونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب ورلڈ کپ کے منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔ ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس اہلکار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی فتح کے بعد دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔ جو جیتے گا وہی شائقین کے دل بھی جیتے گا۔
بھارت کےخلاف میچ میں پاکستان نے13کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے، شاداب خان اورعماد وسیم تیرہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ آصف علی کی جگہ عماد وسیم ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شاداب خان کی شمولیت کا امکان ہے۔
پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لئے کرس گیل بھی تیار
پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لئے ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل بھی تیار ہوگئے۔ یونیورس بوس کرس گیل نے پاک بھارت میچ کے لئے خصوصی لباس تیار کرالیا۔ سوٹ کے ایک طرف پاکستان کے پرچم کا رنگ اور دوسری جانب بھارت کے پرچم کا رنگ موجود ہے۔
لندن : حکومت نے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد لندن اور مانچسٹر کی مساجد و مسلمانوں کی دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کو تعینات کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعے کی نماز کے دوران مسلح دہشت گردوں نے دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 49 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے مانچسٹر میں بھی مساجد کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے مساجد کے باہر پولیس پیٹرولنگ بڑھا دی۔
برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دہشت گرد ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے، برطانوی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
میئر لندن صادق خان نے لندن میں واقع مساجد کی سیکیورٹی انسداد دہشت گردی یونٹ کے حوالے کرنے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ اقدامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ کوئی لندن میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملہ نہ کرے۔
صادق خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ ’’افسوس ناک خبر سن کر دل اداس ہوگیا کہ نیوزی لینڈ میں بے گناہ افراد کو ان کے ایمان کی وجہ سے قتل کیا گیا‘‘۔
لندن کی عوام کرائسٹ چرچ میں خوفناک دہشت گردانہ حملے کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں، لندن ہمیشہ اپنے اندر کی ہمہ جہتی کو برقرار رکھے گا جسے کچھ لوگ تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں لندن میں مقیم مسلمانوں کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ یہاں تمام مساجد پر انسداد دہشت گردی فورس تعینات ہیں آپ سکون سے عبادت کے لیے جائیں۔
یاد رہے کہ جمعے کی نماز کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلح افراد نے مساجد میں موجود نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جس کی شناخت برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ دہشت گرد خوفناک حملے کی برائے راست ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی نشر کررہا تھا۔
مانچسٹر : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قانون اور میرٹ کے مطابق احتساب سب کا ہونا چاہیے، جو نیب مقدمات چل رہے ہیں وہ سابقہ حکومت کے دورمیں بنے، عام انتخابات وقت پرہی ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر میں اوورسیز پاکستانیوں سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اسد قیصر نے کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے کے قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تو ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق فیصلہ قانون کے مطابق کریں گے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بحیثیت اسپیکر سیاست سے بالاتر ہوکر آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کروں گا۔
احتساب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نیب میں جو احتساب کے کیسز چل رہے ہیں وہ سابقہ حکومت کے دور میں بنے، ہم نے کسی پر کیس نہیں بنایا، احتساب سب کا ہونا چاہیے مگر قانون اور میرٹ کے مطابق ہونا چاہیے، ہم باتوں کی حد تک نہیں ہیں بلکہ عملی کام کررہے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہے ہیں، آپ لوگ ملک کے سفیر ہیں، ملک کی عزت ہوگی تو آپ کی عزت ہو گی۔
ملک اس وقت بحران میں ہے،ہم سب نےمل کرکام کرناہے، قومی ادارے اس وقت خسارے میں ہیں جس کی بنیادی وجہ مس مینجمنٹ ہے، پاکستان سےلینےکی بات ہم تب کرسکتےہیں جب ہم پاکستان کوکچھ دیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے ملک کو اوپراُٹھانا ہے، غربت ختم کرنی ہے، سرمایہ کاری لانی ہے اور یہ ہم سب نےمل کر کرنا ہے، ضیا اورمشرف کےدورمیں سب سےزیادہ امدادآئی مگرسب ضائع کی گئی۔
اوورسیزپاکستانی ملک میں آئیں تمام سہولتیں مہیاکریں گے، گوادرمیں جوسرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں وہ اب یورپ میں بھی نہیں۔
لندن : برطانوی پولیس نے وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر شہریوں چاقو کے وار سے شہریوں کو زخمی کرنے والے چاقو بردار شخص کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر مسلح شخص نے شہریوں پر چاقو سے حملہ کردیا تھا، چاقو زنی کی واردات میں پولیس افسر سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر چاقو زنی کی واردات کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا تھا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چاقو کے وار لوگوں کو زخمی کرنے والے 25 سالہ نوجوان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
مانچسٹر پولیس نے حملہ آور کی میڈیکل رپورٹ جاری کرتے ہوئے چاقو بردار شخص کو ذہنی مریض قرار دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والی 50 سالہ خاتون کو چہرے اور معدے میں زخم آئے ہیں جبکہ 50 سالہ شخص کے معدے میں زخم آئے تھے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کی حالت نازک ہے لیکن 30 سالہ پولیس افسر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مانچسٹر ریلوے اسٹیشن پر اس وقت حملہ ہوا تھا جب دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال کیا جارہا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں برطانوی دارالحکومت لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، نارتھ لندن میں چوروں سے مزاحمت پر 98 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔
لندن : برطانوی شہر مانچسٹر میں چاقو کے وار سے پولیس افسر سمیت تین شہری زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر مسلح شخص نے شہریوں پر چاقو سے حملہ کردیا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے متاثرین کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک خاتون اور مرد سمیت پولیس افسر زخمی ہوا ہے، پولیس افسر کو کندھے پر زخم آئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاقو زنی کی واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مانچسٹر حکام نے چاقو بردار شخص کے حملے کے بعد ٹرام سروس معطل کردی ہے اور ٹرام سروس بند کرنے کی اطلاع ٹویٹر پر جاری کردی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
دوسری جانب مانچسٹر سٹی کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر سٹی سینٹر میں سال نو کا جشن جاری ہے، نا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر چاقو زنی کی واردات رات 8 بج کر 50 منٹ پر ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا سلسلہ جاری ہے، سالِ نو کے موقع پر ہر سو خوشیوں کی بہاریں ہیں، برطانیہ میں بھی لاکھوں افراد نئے سال کا جشن منانے کےلیے سڑکوں پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں برطانوی دارالحکومت لندن میں چاقو زنی کی ایک اور واردات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، نارتھ لندن میں چوروں سے مزاحمت پر 98 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔
لندن : برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع مسجد میں بزرگ نمازی کو نامعلوم چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا، جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع مسجد میں ایک 80 سالہ شخص پر گذشتہ روز چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد متاثرہ شخص کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی پولیس کا خیال ہے کہ بزرگ شہری کے ساتھ مدرسہ و مسجد میں پیش آنے والی چاقو زنی کی واردات میں دو نمازی ملوث ہیں۔
برطانوی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے 80 سالہ نمازی پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرنے کے شبے میں 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کرکے واقعے کی تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ہے۔
مانچسٹر پولیس کے سربراہ فاض زمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مذہب کی عبادت گاہ میں حملے کا واقعہ پیش آنا مناسب نہیں ہے اور مسجد کے اندر بزرگ شہری پر چھری سے حملہ کرکے قتل کرنے کی کوشش کرنا انتہائی تشویش ناک اور مانچسٹر میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
پولیس چیف کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو اسپتال منتقل کرنے کے کئی گھنٹے بعد تک سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے علاقے میں مقامی افراد اور عینی شاہدین سے واقعے کے معلومات جمع کرتے رہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کے چیف انسپکٹر کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری پر چاقو زنی کی واردات کے حوالے تفتیش ابتدائی مراحل میں ہیں، تاہم وہیلکے رینج میں پیش آنے والے مذکورہ واقعے کی تحقیقات نفرت انگیز جرم کے طور پر کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل دارالحکومت لندن کے علاقے بیٹرسی میں برطانیہ گوٹ چیلنج کی اسٹار 31 سالہ سیمونی کیرر پر نامعلوم افراد کی جانب سے چاقو کے حملے میں زخمی ہوئی تھی جو اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہلاک ہوگئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔