Tag: mangora

  • سوات میں زلزلے کے جھٹکے :  شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی

    سوات میں زلزلے کے جھٹکے : شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی

    سوات : صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں مینگورہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، شہری خوف و ہراس کا شکار ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں مینگورہ اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کھڑی گاڑیوں اور گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقامی افراد کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، آخری اطلاعات تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، مستونگ ، مچھ، سبی ،بولان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    خیبرپختونخواہ میں اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وزیراعظم نوازشریف

    سوات : وزیر اعظم نوا شریف نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں ہم سڑکوں پر آئیں گے، میں کہتا ہوں ہوں اگر تم نے سڑکیں بنائیں ہوتیں تو تم سڑکوں پر آتے، ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکوں پر آتے رہنا یہ اپنا اپنا مقدر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ جس تبدیلی کا خواب مینگورہ اور سوات کے لوگ دیکھ رہے تھے بدقسمتی سے وہ تبدیلی نہیں آئی، وہ تبدیلی اب ہم لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پورے علاقے کا فضائی دورہ کیا مجھے کہیں بھی تبدیلی نظر نہیں آئی، وہی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، وہی اسپتال نظرآئے، یہ مجمع بتا رہا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں کی جانے والی غلطی پر آپ لوگ پچھتا رہے ہیں، سوات والے جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی اب تک آ چکی ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ میں مینگورہ اورسوات کے عوام کوخوشخبری سناتا ہوں اورآپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حقیقی تبدیلی اب آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ میں یہاں کڈنی سینٹر کا افتتاح کرنے آیا تھا یہ کڈنی سینٹر بین الاقوامی طرز کا جدید اسپتال ہے اور یہ جدید اسپتال پنجاب کی جانب سے خیبر پختونخواہ کی عوام کیلئے تحفہ ہے۔

    پشاور کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ انتخابات میں صوبائی حکمران جماعت چوتھے نمبر پر آئی۔ ہم پشاور جیتیں گے نہیں جیت چکے ہیں۔

    وزیراعظم نے مینگورہ میں سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ خواتین کی یونیورسٹی کے سب کیمپس بھی بنائے جائیں گے، انہوں نے انتظامیہ کو چکدرہ کالام روڈ کو ایکسپریس وے بنانے بھی ہدایت کی۔

     

    وزیراعظم نے سوات میں جدید کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا

    اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے سنگھوٹہ میں کڈنی سینٹر کا افتتاح کیا۔ 110 بستروں پر مشتمل اس اسپتال کی تعمیر پر 80 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

    وزیراعظم نے کڈنی ہسپتال کے ساتھ ہی اس میں موجود شہباز شریف آپریشن تھیٹر کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعظم نے افتتاح کے بعد مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی۔

    اسپتال کو پنجاب اسپتال ٹرسٹ نے تعمیر کیا ہے۔ اسپتال میں 14 ڈائیلیسز مشینیں، دو آپریشن تھیٹر، ایک سی ٹی اسکین مشین ، ایکس رے مشین اور دیگر جدید آلات موجود ہیں۔