Tag: Manhole

  • کراچی میں کھلا مین ہول 3 سالہ بچے کی جان نگل گیا

    کراچی میں کھلا مین ہول 3 سالہ بچے کی جان نگل گیا

    کراچی: مین ہولز میں گر کر بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون حسن بروہی گوٹھ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مین ہول میں ڈوب کر تین سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچےکی شناخت 3 سال کے اسداللہ کے نام سے ہوئی ہے،  بچےکی لاش کو ضابطےکی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ متوفی بچہ گھرکے باہر کھیل رہا تھا اچانک سیوریج مین ہول میں گر گیا، بچے کے والد نے مین ہول کی صفائی کیلئے خاکروب کو بلایا ہوا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ بچے کا والد اپنےکام پر چلاگیا، خاکروب بھی صفائی کے بعد روانہ ہوگیا، خاکروب کے جانے کے بعد بچہ کھیلتے ہوئے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا، بچہ 6 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھا، واقعےکی مزید تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب والد کے مطابق میرا بچہ مین ہول میں ڈوب کر جاں بحق ہوا ہے، کئی بار انتظامیہ کو شکایت کی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی ہے۔

  • برطانیہ میں بچے کے ساتھ 8 فٹ گہرے گٹر میں گرنے کا خوفناک واقعہ

    برطانیہ میں بچے کے ساتھ 8 فٹ گہرے گٹر میں گرنے کا خوفناک واقعہ

    لندن: برطانیہ کے ایک ٹاؤن ایلچسٹر میں بچہ اس وقت ایک آٹھ فٹ گہرے گٹر میں گر گیا جب اس کا ڈھکن بوسیدہ ہونے کے باعث ڈھیلا ہو گیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز سمرسیٹ کے ٹاؤن ایلچیسٹر میں ایک 5 سالہ لڑکا گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ مین ہول کا ڈھکن ڈھیلا ہونے کے باعث گہرے گٹر میں جا گرا۔

    بچے کی ماں نٹالی والٹن نے میڈیا کو بتایا کہ خوش قسمتی یہ تھی کہ موسم بھی ٹھیک تھا ورنہ گٹر پانی سے بھرا ہوا ہوتا، اور دوسری بات یہ تھی کہ بچہ نیچے ایک چھجے پر جا گرا تھا، جس کی وجہ سے اسے زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ بچہ اس واقعے کے بعد اتنا ڈر گیا ہے کہ رات کو نیند میں ڈراؤنے خواب دیکھنے لگا ہے۔ والدہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت سڑک کے پار سے ایک پڑوسی نے بچے کو گرتے دیکھ لیا تھا اس لیے اس نے بروقت آ کر بچے کو نالے سے نکالا۔

    والدہ کا کہنا تھا کہ اس کا بچہ تیراکی نہیں جانتا اس لیے نالا اگر پانی سے بھرا ہوتا تو بہت خطرناک ثابت ہوتا۔ انھوں نے انتظامیہ کو ڈھکن کے بارے میں شکایت کی، جس پر اہلکار ایک گھنٹے کے اندر پہنچ گئے تاہم جائزہ لینے کے بعد وہ اگلے دن ہی مرمت کے لیے واپس آئے۔

    اپنے فوجی شوہر اور تین بچوں کے ساتھ رہنے والی نٹالی والٹن نے کہا کہ انتظامیہ نے واقعے کو سنجیدگی سے نہیں لیا، وہ کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں، کیا ایک اور بچہ زخمی ہو جائے؟

  • گٹر لائن سے جھاگ نکالنے کے لیے مین ہول میں اترنے والے 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

    گٹر لائن سے جھاگ نکالنے کے لیے مین ہول میں اترنے والے 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

    کراچی: گٹر لائن سے جھاگ نکالنے کے لیے مین ہول میں اترنے والے 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گگھر پھاٹک کے قریب 2 افراد گٹر کے مین ہول میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں نکالنے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت امجد اور قدیر کے نام سے ہوئی ہے، دونوں افراد آئل مل کی گٹر لائن سے جھاگ نکالنے کے لیے اندر گئے تھے لیکن ڈوب گئے۔

    سولجر بازار میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کی جھلسنے سے موت مشکوک نکلی

    دوسری طرف پنجاب کے شہر چنیوٹ میں موضع سلیمان میں کنویں کی صفائی کے دوران باپ بیٹا ملبے تلے دب گئے ہیں، گزشتہ کئی گھنٹوں سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں تاہم ملبے تلے دبے افراد کو نہ نکالا جا سکا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کرین کی مدد سے بھی کھدائی کی جا رہی ہے۔

  • کراچی میں ایک اور بچی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق

    کراچی میں ایک اور بچی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں کھلے گٹر میں ایک اور بچی کے گر کر جاں بحق ہونے کا سانحہ رونما ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ، مواچھ گوٹھ میں 4 سال کی معصوم بچی گٹر میں گر کر دم جاں بحق ہو گئی، بچی کی شناخت عمرہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی لاش نکا لی اور اسپتال منتقل کی، جہاں سے بچی کے ورثا قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے نعش گھر لے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ کچھ دیر قبل پیش آیا، بچی گلی میں کھیلتے کھیلتے کھلے مین ہول میں گر گئی تھی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہاں موجود بیش تر گٹرز کے ڈھکن موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کے گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں تاہم اس واقعے میں بچی کی موت واقع ہو گئی ہے۔

    کراچی : ڈپٹی میئر کی یوسی میں بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق

    موچکو پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اگر وہ کوئی قانونی کارروائی کرنا چاہیں تو کارروائی ضرور کی جائے گی، تاہم بچی کے ورثا اس کی نعش سرکاری اسپتال نہیں بلکہ ایک نجی اسپتال لے گئے تھے اور پھر واپس گھر لے گئے ہیں۔

  • لاہور: مین ہول میں گرنے والے 2 افراد چل بسے

    لاہور: مین ہول میں گرنے والے 2 افراد چل بسے

    لاہور: گجو متہ میں صفائی کے دوران مین ہول میں گرنے والے 2 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے گجو متہ کے علاقے میں صفائی کے دوران مین ہول میں 2 افراد  گرگئے، دونوں افراد میں ہول میں گرنے کے باعث دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق امدادی ٹیموں نے مین ہول سے دونوں افراد کی لاشیں نکالی لی، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

    اس سے قبل ہی لاہور کے علاقے غازی روڈ پر صفائی کے غرض سے مین ہول میں اترنے والےت واسا کے 2 اہلکار اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    اُس واقعے پر ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ واسا اہلکارجومین ہولزمیں اتر کر صفائی ستھرائی کا کاکام کرتے ہیں واسا کی جانب سے انہیں کوئی حفاظتی کٹ تک مہیا نہیں کی جاتیں جس کی وجہ سے ایسے افسوسناک حادثات پیش آتے ہیں۔

    عوام کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جب سے شروع ہوا ہے لاہور میں مین ہولز کی صفائی پرزیادہ توجہ نہیں دی جا رہی اس لئے جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں ۔

  • بلدیاتی اداروں کی سنگین غفلت، ننھی طالبہ کھلے مین ہول میں گر گئی (ویڈیو)

    بلدیاتی اداروں کی سنگین غفلت، ننھی طالبہ کھلے مین ہول میں گر گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں بلدیاتی اداروں کی سنگین غفلت کے باعث ایک بچی کو اُس وقت ایک بڑے حادثے کا خدشہ لاحق ہو گیا جب وہ ملیر میں ایک کھلے مین ہول میں گر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی اداروں کی نا اہلی کی وجہ سے ایک سنگین حادثہ پیش آیا ہے، ملیر میں اسکول کی ایک ننھی طالبہ مین ہول میں گر گئی، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    یہ افسوسناک واقعہ ملیر، کالا بورڈ ٹاؤن آفس کے سامنے پیش آیا، بچی کی خوش قسمتی تھی کہ موقع پر موجود ایک شخص کی جانب سے بروقت مدد کی گئی، شہری نے مین ہول کے اندر سے بچی کو نکالا۔

    اسکول یونیفارم پہنے بچی سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی تھی، بچی کو جب نکالا گیا تو وہ شدید خوف زدہ تھی، بچی کے ساتھ موجود دیگر بچیاں بھی اس کی سلامتی کے لیے دعا مانگتی رہیں۔

    ٹاؤن آفس کے سامنے کھلے مین ہول میں بچی گرنا ایک سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

  • خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    خطرناک ٹرینڈ نے بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال دی، ویڈیو وائرل

    سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اکثر اوقات مختلف چیلنجز اور ٹرینڈز جاری رہتے ہیں جس کے مطابق نوجوان ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں، تاہم اب چین میں ایک خطرناک ٹرینڈ نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    چین میں مشہور ہونے والے اس ٹرینڈ کو بچے تیزی سے فالو کر رہے ہیں اور اس کی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

    اس کے لیے بچے کسی مین ہول میں پٹاخہ پھینک دیتے ہیں، اگلے ہی لمحے مین ہول میں زور دار دھماکہ ہوتا ہے اور مین ہول کا ڈھکن اور قریب کھڑا بچہ دھماکے سے فضا میں اڑتے ہیں۔

    اس شرارت میں بچے کو شدید جسمانی نقصان کا خطرہ رہتا ہے جبکہ آس پاس کھڑے دیگر افراد بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

    اس ٹرینڈ کے تحت بنائی جانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو میں 3 بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں، دھماکہ ہونے پر ایک بچہ فضا میں اڑ کر کر نیچے گرتا ہے جبکہ دوسرا بچہ بھی زمین پر گر جاتا ہے۔

    ایک اور ویڈیو میں کچھ بچے مین ہول میں پٹاخہ پھینکتے ہیں جس کے بعد 3 مین ہولز میں دھماکہ ہوتا ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک اس نوعیت کی 5 ویڈیوز منظر عام پر آچکی ہیں، خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔

    ان کے مطابق سیوریج میں موجود میتھین گیس پٹاخے کی چنگاری سے آگ پکڑ لیتی ہے اور اس کا دھماکہ خطرناک ہوسکتا ہے۔

    ان ویڈیوز نے جہاں ایک طرف تو والدین کو پریشان کردیا ہے، تو دوسری جانب دیگر افراد نے بھی اس رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔