Tag: Manpower shortage

  • روزگار کیلئے ملائشیا جانے والے غیرملکیوں کیلئے بڑی خبر

    کوالالمپور : ملائیشیا میں غیرملکیوں کو قانونی شرائط کے پیش نظر ملازمت تلاش کرنے میں شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب حکومت نے آسان سہولیات کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں افرادی قوت کی کمی کے باعث وہاں کی صنعتوں کی پیداواری صلاحیت شدید متاثر ہورہی ہے، جس کی وجہ سے غیرملکیوں کے لیے ملازمت کے وسیع مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا اہم صنعتوں میں مقامی مزدوروں کی کمی کے پیش نظر اب غیرملکی کارکنوں کی بھرتی کا عمل تیز کررہا ہے۔

    اس حوالے سے ملائشیا کے وزیر داخلہ سيف الدين ناسوتيون بن اسماعيل نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا ہے کہ غیرملکی کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے میں تیزی لانے کے لیے صنعتوں کا کوٹہ ختم کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ آجروں کو اب 15ممالک سے غیر ملکی کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے کوٹہ کی حد اور دیگر شرائط پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ عارضی استثناء ایک سال تک محدود رہے گا اور اس کا اطلاق صرف نئی درخواستوں پر ہوگا۔

  • اسپین کی شہریت ملنے کا نیا قانون، غیرملکیوں کیلئے اہم خبر

    اسپین کی شہریت ملنے کا نیا قانون، غیرملکیوں کیلئے اہم خبر

    میڈرڈ : مغربی یورپ کا دوسرا بڑا ملک اسپین جو دنیا کی 14 ویں سب سے بڑی معیشت ہونے کے ساتھ ایک ترقی یافتہ ملک ہے، جہاں دنیا بھر سے لوگ اپنے روزگار کے حصول کیلئے آتے ہیں۔

    اسپین جانے کے خواہشمند افراد کیلئے وہاں کی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تارکین وطن کو بڑی سہولیات کی فراہمی کیلئے نیا قانون بنایا گیا ہے۔

    حکومت کے اس فیصلے سے روزگار کیلئے آنے والے لاکھوں غیرملکیوں کو کافی حد تک مالی فائدہ بھی ہوگا،ذرائع کے مطابق مذکورہ قانون اسپین کے ان افراد کی اولادوں کیلئے بنایا گیا ہے جو ماضی میں ہونے والی خانہ جنگی کے باعث اپنا ملک چھوڑ کر مختلف ممالک چلے گئے تھے۔

    ملک چھوڑ کر جانے والوں کی بڑی تعداد نے مختلف وجوہات کی بنا پر اسپین واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا جس کے باعث آج نوبت اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ اسپین میں افرادی قوت کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    اسپین حکومت کو یہ خطرہ ہے کہ مستقبل قریب میں پینشن لینے والے افراد کی تعداد 60فیصد ہوجائے گی جبکہ کام کرنے والے جوان افراد 40 فیصد رہ جائیں گے جس سے معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

    اس سلسلے میں اسپین حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لوگ جو یہاں سے چلے گئے تھے ان کی اولادوں کو خصوصی اسکیم کے تحت اسپین کی شہریت دی جائے  تاکہ وہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

    اسپین کی متعلقہ وزارت نے ’ایخونیتو‘کے نام سے ایک نیا قانون متعارف کیا ہے جو اپنے پرانے شہریوں اور ان کی اولادوں کو دوبارہ ملکی شہریت کا حامل بنائے گی۔

    نیشنلٹی لینے کے خواہشمند افراد کو اپنی پرانی دستاویز کے ذریعے یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اُن ہی لوگوں کی اولادیں ہیں جو یہاں سے ہجرت کرکے کسی دوسرے ملک چلے گئے تھے۔

    اس حکومتی اعلان کے بعد لوگ لاکھوں کی تعداد میں اسپین کی ایمبیسی میں درخواستیں جمع کرا رہے ہیں اور اب تک بڑی تعداد میں شہریت دینے کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔