Tag: Manzoor wasan

  • اپریل شہادتوں کا مہینہ ہے، سیاست کروٹ لے گی، منظور وسان

    اپریل شہادتوں کا مہینہ ہے، سیاست کروٹ لے گی، منظور وسان

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما اور اپنے خوابوں سے مشہور صوبائی وزیر سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ اپریل شہادتوں کا مہینہ رہا ہے اسی ماہ سیاست کروٹ بدلے گی، متحدہ لندن، پاکستان اور مصطفیٰ کمال الیکشن سے پہلے ایک ہوجائیں گے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ متحدہ پاکستان ہو یا لندن اُن کے پاس رونے کے سوا کچھ نہیں بچا، جیل والوں نے میئر کراچی کو اچھی دال روٹی نہیں کھلائی اس لیے وہ رہائی کے بعد اچھل کود کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اپریل شہادتوں کا مہینہ رہا ہے، اسی ماہ سیاست کا کروٹ بدلے گا اور اپریل کے بعد پی پی اور ن لیگ کا اصل سیاسی میچ شروع ہوگا، بھٹو کا تیر چلے گا تو شیر اور پتنگ کہیں نظر نہیں آئیں گے۔

    منظور وسان نے دعویٰ کیا کہ متحدہ پاکستان، لندن اور مصطفیٰ کمال انتخابات سے قبل ایک ہوجائیں گے مگر کچھ بھی ہوجائے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی واضح برتری حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پی پی نے سیاسی جدوجہد کا آغاز کردیا جس کے بعد میاں صاحب کو رائیونڈ سمیت ملک میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

  • یکم نومبر سے شادی ہال دس بجے بند کردئیے جائیں گے، منظوروسان

    یکم نومبر سے شادی ہال دس بجے بند کردئیے جائیں گے، منظوروسان

    کراچی : شادی ہال یکم نومبر سےرات دس بجے بند ہوجائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے فیصلے میں کسی ردوبدل ہونے کے امکانات کومسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی والےتیار ہوجائیں، شادی ہال رات دس بجے ہی بند ہوں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے صاف صاف کہہ دیا۔

    شادی ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان سے ملاقات کی اور شادی ہال جلد بند کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ْ

    صوبائی وزیر منظوروسان کا شادی ہال ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہنا تھا کہ شادی ہالز دس بجے بند کرنے کا فیصلہ یکم نومبر سے لاگو ہوگا۔

    مزید پڑھیں: کاروباری اوقات 9 تا 7 بجے کرنے تقاریب میں ون ڈش کا فیصلہ

     انہوں نے بتایا کہ عوام کی آگاہی کے لئے اشتہارات دئیے جائیں گے۔ اب وزیر کے بیٹے کی شادی بھی دس بجے تک ہوگی۔ ملاقات میں شادی ہال ایسوسی ایشن نے بھی حکومت کے فیصلہ پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں دکانیں صبح نو بجے کھولنے اور شام سات بجے بند کرنے کے ساتھ شادی ہالوں کو بھی رات دس بجے بند کرنے کے احکامات صادر فرمائے تھے اور شادی کی تقاریب میں کھانا ون ڈش کرنے کے کا حکم بھی جاری کیا گیاتھا، تاہم تاجروں کے احتجاج کے بعد دکانیں سات بجے بند کرنے کا فیصلہ تو نہ ہوسکا البتہ سندھ حکومت شادی ہال رات دس بجے بند کروانے کے فیصلے پر اٹل ہے۔

     

  • اسٹیٹ بینک کے چار شعبوں کی لاہور منتقلی منظور نہیں، منظور وسان

    اسٹیٹ بینک کے چار شعبوں کی لاہور منتقلی منظور نہیں، منظور وسان

    کراچی: وزیر صنعت و تجارت سندھ منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے چار اہم شعبوں کی لاہور منتقلی کراچی کی صنعتوں اور بینکاری نظام کو تباہ کردے گی یوں لگتا ہے کہ پنجاب کو ملک بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔

    اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی کراچی سے منتقلی سازش کا پہلا قدم ہے ،دارالخلافہ اسلام آباد لے جانے کا سلسلہ بھی ایسے ہی شروع کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق کا موقف ہے کہ اسٹیٹ بینک لاہور منتقل ہوگا تو کام اچھا ہوگا میں وفاق سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں ہوتے ہوئے کیا خرابی ہے جو اسٹیٹ بینک لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسٹیٹ بینک کی لاہور منتقلی میں کسی اور ملک کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے پنجاب کو ملک بناکر چھوٹے صوبوں کو اس کی کالونی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔

    منظور وسان نے کہا کہ وفاق کے رویوں سے سندھ میں پہلے ہی احساس محرومی ہے وفاقی حکومت ایسے اقدام کرکے کیا چاہتی ہے وزیر صنعت کی حیثیت سے اسٹیٹ بینک کو لا ہو ر منتقل نہیں ہونے دوں گا، سندھ کی صنعتوں اور صوبے کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کروں گا۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور سے کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے وفاقی حکومت ماحول کو زیادہ خراب نہ کرے اگر وفاق نے اس فیصلے کو واپس نہ لیا تو سندھ حکومت صنعت کاروں کے ساتھ مل کر احتجاج کرے گی، سی این جی پنجاب میں کھلی ہوئی ہے جبکہ سندھ میں بند کر دیتے ہیں وفاق اپنا قبلہ درست کرے۔

    منظور وسان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 2018 تک عمران خان خود مائنس ون کا شکار ہوجائیں گے کیوں کہ تحریک انصاف میں بھی مائنس ون کی تحریک زور پکڑ رہی ہے ،شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور متبادل قائد بننے کا کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں فلم کا ٹریلر چلے گا جبکہ اہم ترین دن 31 اکتوبر ہے اگر 31 اکتوبر کو بھی کچھ نہ ہوا تو پھر عام انتخابات 2018 میں ہوں گے۔

    منظور حسین وسان نے مزید کہا کہ وزیراعظم بننا عمران خان کے نصیب میں نہیں ہے۔

  • سندھ میں ہماری کارکردگی پر 2018پیپلز پارٹی کا سال ہوگا، منظور وسان

    سندھ میں ہماری کارکردگی پر 2018پیپلز پارٹی کا سال ہوگا، منظور وسان

    کراچی : خوابوں کے سوداگر منظور وسان کا کہنا ہے کہ سندھ میں ہماری کارکردگی پر دو ہزار اٹھارہ پیپلز پارٹی کا سال ہوگا۔
    پاکستان میں ہمارا ووٹ بینک بڑھ رہا ہے۔

    سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیپلز پارٹی کے اقتدار کا خواب دیکھ لیا، کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ پیپلز پارٹی کا سال ہے، پورے ملک سے پیپلز پارٹی کو ریکارڈ ووٹ ملیں گے۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو موقع ملا تو سندھ کی طرح ترقی دلائیں گے۔


     مزید پڑھیں :  اب بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا، صوبائی وزیرمنظوروسان کا خواب


    چوہدری نثار کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ چوہدری صاحب پتہ نہیں کن مقاصد کیلئے ایسا کر رہے ہیں۔

    منظور حسین وسان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی سرگرمیوں نے ملک بھر میں لوگوں کو حیران کردیا ہے، پورے ملک سے انھیں فون آرہے ہیں‌۔

  • اب بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا، صوبائی وزیرمنظوروسان کا خواب

    اب بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا، صوبائی وزیرمنظوروسان کا خواب

    کراچی : صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں پرہاتھ ڈالنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں، پیپلزپارٹی بھی نہیں بچے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خواب دیکھنے کے حوالے سے مشہور سندھ کے صوبائی وزیر منظور وسان نے ایک اورخواب دیکھ لیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اگلے دس دن انتہائی اہم اور خاص طور پر مئی کا مہینہ تو بہت ہی زیادہ اہم ہے، اب بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

    انہوں نے اپنے خواب کو میڈیا سے بھی حسب معمول شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دس دن انتہائی اہم ہیں، سب کو جیلوں میں جانا پڑے گا۔

    منظور وسان کا کہناتھا کہ احتسابی عمل سے پیپلزپارٹی بھی نہیں بچے گی مگر پیپلزپارٹی احتساب کیلئے تیار ہے۔

    منظور وسان نے مزید کہا کہ راحیل شریف کے اقدام کے بعد اب کوئی احتساب سے نہیں بچے گا، ان  کا یہ بھی کہناتھا کہ اس سے پہلے احتساب کا جو بھی نعرہ لگایا گیا تھا وہ ڈھونگ تھا ،اصل احتساب اب ہوگا۔

    خواب دیکھنے والے صوبائی وزیر نے خواب تو بتا دیا لیکن اس کی تعبیر پر لب کشائی نہیں کی۔

     

  • سب سے زیادہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کا شکار ہوئی ہے، منظور وسان

    سب سے زیادہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کا شکار ہوئی ہے، منظور وسان

    خیرپور: صوبائی وزیر منرل مائنز منظور وسان نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے،سب سے زیادہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کا شکار ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو بھی عدالتی دہشت گردی کے شکار ہوئے تھے، صوبائی وزیر منرل مائنز منظور وسان نے خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو رینجرز کو اختیار ہیں وہ ہی استعمال کرے، پر اس کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ پیپلزپارٹی کرپشن یا دہشت گردی کی سپورٹ کررہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتاؤ ،چڑہاؤ آنا ہے کچھ لوگ ہمارے ساتھ ہونگے، کچھ چھوڑ کے چلے جائینگے، منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو گرینڈ الائنس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    ایم کیو ایم عقلمند ہے،جس کا پلڑا بھاری ہوگا ایم کیو ایم اس کے ساتھ ہوگی منظور وسان وسان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری 2016 میں وطن واپس آئینگے،منظور وسان کہنا تھا کہ پہلی جنوری کو بہت بڑا خواب دیکھوں گا۔

  • سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر مچھلی بازار بن گیا، اراکین کی ہلڑ بازی

    سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر مچھلی بازار بن گیا، اراکین کی ہلڑ بازی

    کراچی : سندھ اسمبلی کا اجلاس ہو اور ہنگامہ آرائی نہ ہو۔ یہ روایت سندھ اسمبلی نے آج بھی برقرار رکھی، تلخ جملوں کا تبادلہ۔الزامات کی بوچھاڑ۔ شور شرابا۔چیخ و پکار حسب سابق ہوتی رہی۔

    سندھ اسمبلی کا ایوان  پہلے کی طرح مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا۔ لگتا ہے بات نہ کرنے دینا اورکسی کی ایک نہ سُننا صوبائی اسمبلی کی روایت بن گئی ہے۔

    ہنگا مے کا آغاز اُس وقت ہوا جب منظور وسان نے کرپشن پر بات کرنا چاہی ۔ تو ارکان نے ایوان سر پر اُٹھا لیا ۔قائم مقام  اسپیکر نے ریمارکس دیئے کہ شور مچانے والے عادت سے مجبور ہیں۔

    جس پرہنگامہ آرائی میں مزید شدت آگئی، منظور وسا ن نے لاکھ کوشش کی کہ کرپشن پر تقریر مُکمل کرلیں مگروہ ناکام رہے ۔جس پر دلبرداشتہ ہوکر منظور وسان نےیہ کہہ کر بیٹھ گئے کہ اپوزیشن کا سارا ہنگامہ پریس گیلری کی توجہ کیلئے ہے۔

  • کچھ نئے چہروں کیلئے جیلوں میں صفائی کروارہے ہیں،منظور وسان

    کچھ نئے چہروں کیلئے جیلوں میں صفائی کروارہے ہیں،منظور وسان

    کراچی : سندھ کے وزیربرائے جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا ہے کہ کچھ دنوں میں نئے چہرے بڑے گھر یعنی جیل آرہے ہیں جس کیلئے جیلوں میں صفائی کرارہے ہیں۔

    اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان کاکہنا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کو ایک سمری ارسال کریں گے جس میں نئے چہروں کو بی کلاس دینے کی درخواست کی جائے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی مسلم لیگ میں شمولیت کا مذاق کرنے والے لوگ خود  ایک عرصے سے پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے درخواستیں لیکر کھڑے ہوئے ہیں۔

    منظور وسان کاکہنا تھا کہ دو ہزارپندرہ امن کا سال ہوگا جس میں اپوزیشن کی شدت ختم ہوگی تاہم دو ہزار سولہ میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

    ان کاکہنا تھا کہ  سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، حیدرآباد اورسکھر کی جیلوں کو بم پروف کیا جارہا ہے۔

  • قائم علی شاہ ، منظور وسان کو دیاگیا شوکاز نوٹس واپس

    قائم علی شاہ ، منظور وسان کو دیاگیا شوکاز نوٹس واپس

    کراچی: پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ اوروزیرداخلہ منظور وسان کو دیا گیا شوکاز نوٹس واپس لے لیا ہے ۔

    پیپلز پارٹی کے اعلامیے کے مطابق تھر کی صورتحال پرمنظور وسان کی جانب سے مرتب کردہ تحقیقاتی رپورٹ منظر عام آنے پر بلاول بھٹو زرداری کی جانب وزیراعلیٰ سندھ اورمنظور وسان کو دیا جانےوالا شوکاز نوٹس واپس لے لیا گیا ہے ۔

    ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے پیپلز پارٹی اندرونی طور پر اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری معاملے کی خود نگرانی کریں گے۔

  • تھرمیں جوکچھ دیکھا اس میں بہت کچھ تھا، منظوروسان

    تھرمیں جوکچھ دیکھا اس میں بہت کچھ تھا، منظوروسان

    خیرپور: صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے کہا ہے انہیں کوئی شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا، ان کا کہنا تھا تھر میں انہوں نے بہت کچھ دیکھا ہے ۔

    میڈیا سے گفتگو میں منظور حسین وسان کا کہنا تھا تھر کی صورتحال پر ابھی کوئی رپورٹ آصف زرداری یا بلاول بھٹو زرداری کو نہیں دی اور نہ انہیں شوکاز نوٹس موصول ہوا ہے ان کا کہنا تھا دعا ہے کہ قائم علی شاہ وزیر اعلی سندہ رہیں، مگر جنہیں فیصلے کرنے ہیں فیصلے وہی کریں گے، ایک سوال کے جواب میں منظور وسان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو حکومت میں رہنا ہے اور شایدایم کیوایم نے مرکزی حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔