Tag: marathon race

  • کبوتروں کی میراتھن ریس، جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جائے

    کبوتروں کی میراتھن ریس، جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جائے

    صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں کبوتروں کی ایسی میراتھن ریس منعقد کی جاتی ہے جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے، ساڑھے 5 سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لیے ان کبوتروں کو سخت ٹریننگ دی جاتی ہے۔

    بلوچستان میں مختلف کلبز کے زیر اہتمام ان کبوتروں کی میراتھن منعقد کی جاتی ہےجس کی فنشنگ لائن 560 کلو میٹر دور ہوتی ہے، جس کے بعد کبوتر واپس اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں۔

    یہ فاصلہ 5 سے 6 گھنٹے کے دوران طے ہوتا ہے، حال ہی میں منعقد ہونے والی ریس کا فاتح کبوتر یہ فاصلہ ساڑھے 5 گھنٹے میں طے کر کے واپس لوٹا۔

    ریس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ریس شروع ہونے سے قبل کبوتروں کو نشان لگا کر انہیں کوڈ نمبر دیے جاتے ہیں۔

    ان کبوتروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ کبوتروں کے لیے لاکھوں روپے کی امپورٹڈ ادویات اور خوراک کا انتظام کیا جاتا ہے، ان کی ٹریننگ کے مختلف مرحلے ہیں جس کا آغاز 5 سے 10 کلو میٹر تک اڑانے سے ہوتا ہے، رفتہ رفتہ یہ فاصلہ 100 کلو میٹر تک بڑھایا جاتا ہے۔

  • مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    کرائسٹ چرچ: مسجد النور میں شہید ہونیوالے پچاس افرادکی یاد میں پچاس کلومیٹرپر مشتمل میراتھون ریس کا انعقاد کیا گیا،ریس مسجد النور کے سامنے بنے پارک سے شروع ہوئی جو پچاس کلومیٹر پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق میراتھون ریس کا اہتمام سری چنموئے میراتھون ٹیم نے کیا جو ہر سال ایونٹ منعقد کرواتی ہے لیکن اس مرتبہ انہوں نے یہ ریس النور مسجد کے شہداءکی یاد میں کرائی،ریس میں نیوزی لینڈ کے عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

    کرائسٹ چرچ کے سٹیفن گراہم نے پچاس کلومیٹرکی بجائے 51 کلومیٹر دوڑ کر ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ،سٹیفن کو جب معلوم ہوا کہ شہدا کی تعدادپچاس کی بجائے اکیاون ہوگئی ہے تو انہوں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی اس پر ریس انتظامیہ نے سٹیفن کی اس کوشش کو بے حد سراہا ۔

    سٹیفن نے میڈیا کو بتایاکہ جب ریس شروع ہونے لگی تو مجھے پتہ چلا کہ ریس پچاس کلومیٹر پر مشتمل ہو گی لیکن شہید ہونیوالوں کی تعداد اکیاون تھی تو میں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    نیوزی لینڈ قوانین کے مطابق رائل کمیشن عدالتی تحقیقات کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مساجد پرحملوں کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ رائل کمیشن کے نتائج سے آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کی جانب سے کرائسٹ چرچ واقعے کو ملکی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن فائرنگ کی ویڈیو بناتا رہا اور مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد باہرسڑک پر موجود مسلمانوں کو بھی نشانہ بناتا رہا، واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی۔

  • برازیل:جنگل میں منفرد میراتھن ریس کا انعقاد

    برازیل:جنگل میں منفرد میراتھن ریس کا انعقاد

    ایمیزون :برازیل میں دلچسپ اور منفرد میراتھن ریس نے جنگل میں منگل کا سماں باندھ دیا۔اعصاب شکن مقابلے میں مردوں میں واڈی جارج اور خواتین میں جوسی بینسن میدان مارلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے جنگلات میں انوکھی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سترہ ممالک کے پینسٹھ ایتھلیٹ نے حصہ لیا۔جنہیں دو سو پچھتر کلو میٹر کافاصلہ طے کرناتھا۔رنرز کو منزل مقصود پر پر پہنچنے کے لیے کئی دشوار گزار مراحل،رکاوٹیں اور ندی نالوں سے گزرنا پڑا۔

    اس موقع پر کئی کھلاڑی زخمی بھی ہوئے تو کئی بیچ راستے میں ہی ہمت ہارگئے۔تھکادینے والے اعصاب شکن مقابلے میں صرف چھبیس کھلاڑی مقررہ فاصلہ طے کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

    مردوں میں پہلی پوزیشن گواڈی لوپ کے کھلاڑی واڈی جارج نے حاصل کی،خواتین میں برطانوی ایتھلیٹ جوسی بینسن نے ٹائٹل اپنے نام کیا