Tag: Mardan

  • مردان: 4 سالہ بچی اسما کے قاتل کو کڑی سزا مل گئی

    مردان: 4 سالہ بچی اسما کے قاتل کو کڑی سزا مل گئی

    مردان: چار سال قبل خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل ہونے والی ایک چار سالہ معصوم بچی اسما کے قاتل کو بچوں کے تحفظ کی عدالت نے عمر قید کی سزا دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کے جج اعجاز احمد نے مردان کے مشہور زمانہ 4 سالہ بچی اسما کے اغوااور قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید اور 1 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    متعلقہ کیس پشاور ہائی کورٹ نے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس میں ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کو سزا سنا دی گئی۔

    سرکار کی جانب سے اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر فرمان اللہ خان اور سید عنایت شاہ بادشاہ ایڈوکیٹس نے مقدمے کی پیروی کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم محمد نبی ولد عبیداللہ پر الزام تھا کہ اس نے 2018 میں ایک بچی اسما سکنہ گجر گڑھی مردان کو اغوا کرنے کے بعد اسے زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔

    ملزم کے خلاف صدر مردان پولیس اسٹیشن نے 14 جنوری 2018 کو مختلف دفعات 302,364,376 کے تحت مقدمہ درج کیا، اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ملزم محمد نبی کو جرم ثابت ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزا سنائی تھی، تاہم اس کے خلاف ملزم نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا، اور مؤقف اپنایا کہ متعلقہ عدالت کے پاس یہ اختیار حاصل نہیں کہ اسے سزا دے کیوں کہ جس وقت یہ وقوعہ ہوا اس وقت ملزم کی عمر 16 سال تھی۔

    اس پر ہائی کورٹ نے کیس کے دوبارہ ٹرائل کا حکم دیتے ہوئے اسے چائلڈ کورٹ ریمانڈ کر دیا تھا، آج چائلڈ کورٹ نے کیس میں سماعت مکمل ہونے پر ملزم کو عمر قیداور جرمانے کی سزا سنا دی۔

    واضح رہے کہ جولائی 2018 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسما کے قتل کے ملزم محمد نبی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، عدالت نے مجرم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اسما قتل کیس میں 200 سے زائد بلڈ سیمپلز لیے گئے تھے، جن میں سے ملزم محمد نبی کا ڈی این اے میچ کر گیا تھا۔

  • بھائیوں مری نہ آؤ، پھنس جاؤ گے، دوستوں کی آخری ویڈیو وائرل

    بھائیوں مری نہ آؤ، پھنس جاؤ گے، دوستوں کی آخری ویڈیو وائرل

    مردان: مری کی شدید برفباری میں زندگی کی بازی ہار جانے والے چار دوستوں کے آخری پیغام نے غمگین کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گذشتہ روز مری میں شدید برفباری اور آکسیجن کمی کے باعث بچوں سمیت 22 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں مردان کے چار دوست سہیل ولد فضل رحمان ،اسد ولد زمان شاہ، بلال ولد غفار مردان اور بلال حسین ولد غوث خان شامل تھے۔

    چاروں دوستوں نے مری میں برفباری کے دوران خوب موج مستی کی، حالات خراب ہوئے تو ان کا حوصلہ پست نہ ہوا انہوں نے اپنی کار میں بیٹھ ایک ویڈیو وائرل کی، جو کہ ان کی آخری ویڈیو ثابت ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت کچھ کریں، ‘یہی حال رہا تو ہم مرجائیں گے

    ویڈیو میں نوجوان کار میں بیٹھ کرپشتو گیت گنگناتے ہوئے پیغام دے رہےہیں کہ بھائیوں مری نہ آؤ، پھنس جاؤگے، اپنی گاڑیوں کو دھکےلگانے پڑیں گے،بسترمیں سوجاؤ اور نمازپڑھو۔

    اس سے قبل چاروں نوجوانوں کی برف باری میں لی گئی آخری سیلفی بھی وائرل ہوئی تھی، جاں بحق اسد ،محمد بلال ، سہیل اور بلال حسین کی میتیں بھی آبائی علاقے پہنچائی گئیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا، چاروں دوستوں کی موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

    بلال حسین اور اسد چچا بھتیجا بتائے جاتے ہیں، چاروں دوستوں کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

  • مردان میئر الیکشن: اے این پی دوبارہ گنتی میں بھی بازی لے گئی

    مردان میئر الیکشن: اے این پی دوبارہ گنتی میں بھی بازی لے گئی

    مردان: میئر مردان کے لئے ہونے والی دوبارہ گنتی میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارحمایت اللہ مایار فاتح قرار پائے ہیں۔

    ریٹرننگ آفیسر مجیب الرحمان کے مطابق مردان میئر کے الیکشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی ہے جس میں اے این پی کے حمایت اللہ ماریا کے ووٹوں میں 2 ہزار 26 ووٹوں کا اضافہ ہوا اور ان کے ووٹوں کی تعداد 58 ہزار 484 ہوگئی ہے۔

    آر او نے کہا کہ دوبارہ گنتی میں جے یو آئی کے امیدوار مولانا امانت شاہ کے ووٹوں میں بھی 2 ہزار 28 ووٹوں کا اضافہ ہوا جس ان کے ووٹوں کی تعداد 51 ہزار 966 ہوگئی ہے اور وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔

    آر او کے مطابق 414 پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ گنتی تین دن میں مکمل کی گئی، میئر مردان کے الیکشن میں شکست کھانے والے مولانا امانت شاہ نے دوبارہ گنتی کے نتائج تسلیم کرلیے ہیں۔

    اے این پی کا بھی مقامی تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ

    دوسری جانب بلدیاتی انتخابات میں ناقص کارکردگی پر اےاین پی نے بھی مقامی تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹی فیکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

    اے این پی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے پارٹی پالیسی کیخلاف جانے والوں کی چارج شیٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، مایوس کن کارکردگی دکھانےوالےاضلاع میں سخت ایکشن لئے جانے کا امکان ہے، قوی امکان ہے کہ پارٹی امیدوار کی حمایت نہ کرنیوالےکارکنوں کےخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

  • مردان: پیٹ کے کیڑے مارنے والی گولیاں کھانے سے 22 طلبہ بے ہوش

    مردان: پیٹ کے کیڑے مارنے والی گولیاں کھانے سے 22 طلبہ بے ہوش

    مردان: خیبر پختون خوا کے شہر مردان کے ایک ہائی اسکول میں 22 طلبہ اچانک بے ہوش ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان کے ایک گاؤں ابراہیم خان کلی میں گورنمنٹ ہائی اسکول کے بائیس طلبہ بے ہوش ہو گئے، جس پر اسکول انتظامیہ نے ریسکیو کو طلب کر لیا۔

    رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیم نے فوری ریسپانس دے کر اسکول سے بے ہوش بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے، ریسکیو ٹیم کے مطابق بائیس بچوں کو انھوں نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے گولیاں دی گئی تھیں، اسکول میں انھیں اچانک سر درد اور قے کی شکایت ہونے لگی، اور پھر بچے نڈھال ہو کر بے ہوش ہو گئے۔

    یہ واقعہ گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم خان کلی میں پیش آیا ہے، مقامی اسپتال میں متاثرہ بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

  • مردان سے 2 دہشت گرد گرفتار

    مردان سے 2 دہشت گرد گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں 2 نہایت اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے ڈھیروں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے مردان میں کارروائی کرتے ہوئے 2 اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد نہاد علی 14 اور فرہاد علی 4 مقدمات میں مطلوب ہے، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ملزمان سے ڈھائی کلو بارودی مواد، پرائما کارڈ، سیفٹی فیوز، ڈیٹو نیٹر، 2 دستی بم، پستول اور 6 موبائل فونز برآمد ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت نے نہاد علی کے سر کی قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی جبکہ فرہاد کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

  • پالتو جانور مارنے کا معاملہ، خونی تنازعے میں تبدیل

    پالتو جانور مارنے کا معاملہ، خونی تنازعے میں تبدیل

    مردان: صوبہ کے پی میں عدم برداشت کا بدترین واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں پالتو جانور کے تنازعے پر دو قیمتی زندگیوں کا خاتمہ ہوا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مردان کے علاقے کٹی گڑھے میں پالتو کتا مارنے کے تنازعے پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    پولیس نے جھگڑے کے متعلق بتایا کہ ایک فریق کے پالتو کتے نے دوسرے فریق کے پرندوں کا مار ڈالا تھا، جس پر مخالف طیش میں آگیا اور اس نے کتے کو مار ڈالا۔

    کتے کے مالک کو جب اس واقعے کا علم ہوا تو اس نے پالتو جانور کو مارنے والے افراد کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

     

  • مردان: معمولی تلخ کلامی پر شوہر نے بیوی کو پریشر ککر دے مارا

    مردان: معمولی تلخ کلامی پر شوہر نے بیوی کو پریشر ککر دے مارا

    مردان: صوبہ کے پی کے ضلع مردان میں شوہر نے زبانی تکرار پر بیوی کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دلخراش واقعہ مردان کے علا قے بغدادہ میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، جس پر شوہر نے طیش میں آکر بیوی کے سر پر پریشر ککر دے مارا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

    واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا جبکہ ملزم کی تلاش کے لئے پولیس ٹیم کو روانہ کردیا گیا ہے۔

  • دلہن نے منفرد حق مہر مانگ کر لوگوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    دلہن نے منفرد حق مہر مانگ کر لوگوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    مردان : خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں گذشتہ روز ہونے والی شادی میں دلہن نے انوکھا حق مہر طلب کرکے باراتیوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

    مردان میں پشتو ادب کی پی ایچ ڈی اسکالر دلہن کو پشتو کا پی ایچ ڈی ایک لاکھ کی کتابوں کے عوض بیاہ کر لے آیا، اس منفرد حق مہر کو دولہا دلہن کے عزیز و اقارب اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب سراہا۔

    اے آر وائی نیوز پشاور کی نمائندہ مدیحہ سنبل سے گفتگو کرتے ہوئے دلہن نائلہ شمال صافی نے کہا کہ جب اُن کے سامنے نکاح نامہ رکھا گیا اور کہا گیا کہ حق مہر میں کیا اور کتنا چاہیے تو اُنہوں نے حق مہر میں ایک لاکھ پاکستانی روپے کی کتابیں طلب کیں۔

    دلہن نائلہ نے بتایا کہ پھر مجھے دس پندرہ منٹ وقت دیا گیا کہ مزید سوچ لو اور پھر بتانا کہ کیا چاہیے؟ میں نے پھر سوچا لیکن اس سے اچھا اور کوئی حق مہر ذہن میں نہیں آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسا حق مہر مانگنے کی پہلی اور اصل وجہ یہ ہے کہ ہمیں کتابوں کی قدر کرنی چاہیے اور دوسری وجہ یہ کہ غلط رسومات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔

    نائلہ شمال صافی چارسدہ کے علاقے تنگی جبکہ ان کے شوہر ڈاکٹر سجاد ژوندون مردان کے علاقے بھائی خان کے رہائشی ہیں۔سجاد ژوندون نے پشتو میں پی ایچ ڈی مکمل کی ہے جبکہ نائلہ شمال صافی اس وقت پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر سجاد ژوندون کا کہنا تھا کہ جب اُنہوں نے اپنی منگیتر کے حق مہر کے بارے میں سنا تو اُنہیں خوشی ہوئی کہ اس  عمل سے حق مہر میں مانگی جانے والی زیادہ رقوم کے رواج کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔

    واضح رہے کہ اس نئے جوڑے کے نکاح نامے میں مہر کی رقم کے سامنے خانے میں لکھا گیا ہے کہ” ایک لاکھ روپے پاکستانی رائج الوقت مالیت کی کتب” ایسا کوئی ذکر شاید ہی کسی اور کے نکاح نامے میں ہو۔

  • مردان : کرونا وائرس ٹیسٹ، یوسی منگا سے اچھی خبر آگئی

    مردان : کرونا وائرس ٹیسٹ، یوسی منگا سے اچھی خبر آگئی

    پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ مردان کی یوسی منگا سے لیے گئے تمام 109ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے بہت جلد لاک ڈاؤن میں نرمی لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان کی یوسی منگا میں 109 مشتبہ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ لیے گئے تھے اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ یوسی منگا سے لیے گئے تمام 109افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منگا میں گزشتہ 14دن سے مکمل لاک ڈاؤن ہے اس موقع پر عوام حکومت کے ساتھ بھرپور کررہے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ مردان کی یوسی منگا سے لیے گئے ٹیسٹوں کے نتائج کا اتنی بڑی تعداد میں منفی آنا خوش آئند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں وائرس کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، منگا کے عوام کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بہت جلد لاک ڈاؤن میں نرمی لائی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس، پختونخواہ کی یو سی منگا میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ

    یاد رہے کہ مردان یوسی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہے، 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔

  • کرونا وائرس: پختونخواہ کی یو سی منگا میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ

    کرونا وائرس: پختونخواہ کی یو سی منگا میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ

    مردان: صوبہ خیبر پختونخواہ کی یو سی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہوگئی، 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پختونخواہ کے ضلع مردان کی یو سی منگا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق یو سی منگا میں کرونا وائرس کے 60 کیس سامنے آچکے ہیں۔

    صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ منگا سمیت مردان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔

    یو سی منگا میں 25 مارچ کو کرونا وائرس کے 39 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد علاقے کو لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہاں پر کرونا وائرس سے ایک موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

    25 ہزار آبادی والے اس علاقے کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے اور فوج سمیت سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔