Tag: Markets Closed

  • لاک ڈاؤن کے اثرات ظاہر ہونے لگے، اندرون سندھ اجناس کے بحران کا خدشہ

    لاک ڈاؤن کے اثرات ظاہر ہونے لگے، اندرون سندھ اجناس کے بحران کا خدشہ

    کراچی : سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے، منڈیوں کی بندش سے اجناس کے بحران کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ میں مزید سختی کردی گئی ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت اندرون سندھ اجناس کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ جمعہ کے روز ہول سیل اجناس مارکیٹ پر بھی کردیا ہے، منڈیوں کے بند ہونے سے صوبے میں اجناس کی سپلائی بھی متاثر ہوگی۔

    چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گارڈن نے کل اجناس منڈی بند رکھنے کا حکم دیا ہے، اس سے پہلے کبھی لاک ڈاؤن میں بھی اجناس منڈی کو بند کرنے کا نہیں کہا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جوڑیا بازار سے ملک بھر کو اجناس اور کوکنگ آئل سپلائی کیا جاتا ہے، جمعہ کی مکمل بندش، ہفتے کو ہاف ڈے اور اتوار کو چھٹی کے باعث شہر میں اجناس کی سپلائی بری طرح متاثر ہوگی۔

    چیئرمین ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کاروباری اوقات 8 سے کم کرکے 6 بجے کرنے سے پہلے ہی ہول سیل کا کاروبار مشکلات کا شکار ہے، اس اقدام سے پونے تین کروڑ آبادی کے شہر کراچی میں اجناس کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔

  • کورونا وائرس : پنجاب میں بڑے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ

    کورونا وائرس : پنجاب میں بڑے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ

    لاہور : پنجاب حکومت نے ایک بار پھر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، فیصلے پر عملدرآمد آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے نتائج سامنے آنے لگے، نہ عوام نے سنی اور نہ ہی تاجروں نے حکومتی احکامات پر عمل کیا، کورونا وائرس کے تناظر میں پنجاب حکومت نے ایک بار پھر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جس پر عملدرآمد آج سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے این سی او سی میں بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں دکاندار اورعوام ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے جس کے باعث کورونا وائرس کے میں پھیلنے میں مزید تیزی آگئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب میں بڑی مارکیٹیں این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں بند کردی جائیں گی، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں چند گھنٹے بعد ایکشن شروع ہوگا۔

    مزید پڑھیں : کورونا کے بڑھتے کیسز، وفاقی حکومت کا لاک ڈاؤن میں سختی کے آپشن پر غور شروع

    ملک میں کورونا کے مریضوں اور اموات میں تشویشناک اضافہ ہوتا جارہا ہے، اس صورتحال میں وفاقی حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی پر غور شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا کہ پہلے عوام کوکورونا سے بچاؤکےضابطہ اخلاق پرعمل کی تلقین کی جائےگی۔