Tag: Markets open

  • سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹیں کھول دیں گے،  سعید غنی

    سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹیں کھول دیں گے، سعید غنی

    کراچی : صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ این سی سی کا فیصلہ تھا، سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹیں کھول دیں گے، کوشش کریں گے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد ہو۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پورا ہفتہ مارکیٹیں کھولنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے پابند ہیں لہٰذا عدالتی حکم کے مطابق ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں کھول دیں گے، شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ این سی سی کا فیصلہ تھا۔

    سعید غنی نے کہا کہ شاپنگ مالز سے متعلق سپریم کورٹ کا آرڈر ابھی دیکھا نہیں ہے، پوری کوشش کریں گے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد ہو،

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کریں گے تو حکومت کو مشکل ہوگی، عوام ہی ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے تو حکومت عملدرآمد نہیں کراسکتی۔

     انہوں نے اپیل کی کہ بازار جانے والوں کو خیال کرنا چاہیے کہ بچوں اور بزرگوں کو ساتھ نہ لے کر جائیں، بازاروں میں جانے والے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ لازمی رکھیں۔

     ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کا حکم، ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند کرانے کا حکومتی حکم کالعدم قرار

    انہوں نے کہا کہ خواتین چند مہینوں کے بچوں کوبھی مارکیٹیں میں لے کر آرہی ہیں جس سے گریز کرنا چاہیے، اس صورتحال میں شہریوں کو بھی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ کورونا ازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کراچی کی تمام مارکیٹس کھولنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس کی کمشنرکراچی کومارکیٹس کھولنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا زینب مارکیٹ میں غریب لوگ آتےہیں، زینب مارکیٹ میں لوگوں کوایس او پیزعمل کرائیں، ایس او پیز پر عمل کرانا ہےآپ نے لوگوں کو مارنایا ڈرانانہیں۔

  • حکومت نے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا

    حکومت نے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ فجر کے بعد سے شام 5بجے تک دکانیں اور مارکیٹیں کھلی رہیں گی، کاروبار ہفتے میں دو دن بند کیے جائیں گے، تعلیمی ادارے نہ کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی سی اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آج قومی رابطہ کمیٹی میں چھ اہم نکات پر اتفاق کر لیا گیا ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ کو کھولنے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں اس پر مزید غور کرنے کا کہاہے ،سب سے پہلے کنسٹرکشن انڈسٹری کو کھول دیا گیا ہے اب دوسرے فیز پر جارہے ہیں جس پر اتفاق ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جتنے فیصلے وزیراعظم کررہے ہیں ان کا مقصد زندگیوں پر اچھا اثر ڈالنا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ انسانی جان زیادہ ضروری ہے یا معیشت؟ اقدامات کا مقصد انسانی زندگی پر کیا اثر پڑتا ہے یہ دیکھنا بھی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بیٹی کے جہیز کے پیسے بھوک سے بچنے کیلئے استعمال کرینگے تو یہ بڑا صدمہ ہے، یہ لا یعنی بحث ہے کہ معیشت زیادہ ضروری ہے یا انسانی جان۔

    دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں ہفتے کے روز سے چھوٹی مارکٹیں کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے ، دیہی علاقوں اور محلوں میں دکانیں کھولی جائیں گی جہاں پر ہجوم اکھٹا ہونے کے امکانات نہیں ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ افطاری کے بعد دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے تاہم اب اتفاق ہوا ہے کہ سحری کے بعد سے شام پانچ بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی ،ہفتے میں دو دن ایسے ہوں گے جب تمام مارکٹیں بند ہوں گی اور اس دوران صرف میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیاء کے کاروبار کی اجازت ہوگی۔

    اسد عمر نے بتایا کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز کو بند گیا تھا تاہم اب انہیں بھی کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے ،اسکولوں کو 31 مئی تک بند کیا گیا تھا تاہم اب انہیں ڈیڑھ ماہ تک نہ کھولنے پر اتفاق ہواہے ۔